تواریخ کی دوسری کتاب 17‏:1‏-‏19

  • یہوداہ کے بادشاہ یہوسفط ‏(‏1-‏6‏)‏

  • تعلیم دینے کی مہم ‏(‏7-‏9‏)‏

  • یہوسفط کی فوجی طاقت ‏(‏10-‏19‏)‏

17  پھر آسا کے بیٹے یہوسفط اُن کی جگہ بادشاہ بنے اور اُنہوں نے اِسرائیل پر اپنا اِختیار مضبوط کِیا۔  اُنہوں نے یہوداہ کے سب فصیل‌دار شہروں میں سپاہی تعینات کیے اور یہوداہ کے علاقے اور اِفرائیم کے اُن شہروں میں چوکیاں بنوائیں جن پر اُن کے والد آسا نے قبضہ کِیا تھا۔  یہوواہ یہوسفط کے ساتھ رہا کیونکہ وہ اُسی راہ پر چلے جس پر پُرانے زمانے میں اُن کے بڑے بزرگ داؤد چلے تھے اور بعل دیوتاؤں کے پیچھے نہیں گئے۔  اِس کی بجائے اُنہوں نے اپنے والد کے خدا کی تلاش کی اور اُس کے حکموں پر چلے نہ کہ اِسرائیل کے طورطریقوں پر۔  یہوواہ نے سلطنت پر اُن کی پکڑ مضبوط رکھی اور سارا یہوداہ اُن کے لیے تحفے لاتا تھا اور اُنہیں بڑی دولت اور عزت ملی۔  وہ یہوواہ کی راہوں پر چلنے کے لیے دلیری سے کام لیتے رہے، یہاں تک کہ اُنہوں نے یہوداہ میں موجود اُونچی جگہوں اور مُقدس بَلّیوں*‏ کو ڈھا دیا۔‏  یہوسفط نے اپنی حکمرانی کے تیسرے سال میں اپنے حاکموں بِن‌خیل، عبدیاہ، زکریاہ، نِتنی‌ایل اور میکایاہ کو بُلایا تاکہ یہوداہ کے شہروں میں تعلیم دی جا سکے۔  اُن کے ساتھ یہ لاوی بھی تھے:‏ سِمعیاہ، نِتنیاہ، زِبدیاہ، عساہیل، شِمیراموت، یہونتن، ادونیاہ، طوبیاہ اور طوب‌ادونیاہ۔ اِس کے علاوہ اُن کے ساتھ کاہن اِلی‌سِمع اور کاہن یہورام بھی تھے۔  وہ یہوواہ کی شریعت کی کتاب ساتھ لے کر گئے اور یہوداہ میں تعلیم دینے لگے۔ وہ یہوداہ کے سب شہروں میں گئے اور لوگوں کو تعلیم دی۔‏ 10  یہوداہ کے آس‌پاس کے علاقوں کی سب سلطنتوں پر یہوواہ کا خوف چھا گیا اور اُنہوں نے یہوسفط کے خلاف جنگ نہیں چھیڑی۔ 11  فِلسطینی یہوسفط کے لیے خراج کے طور پر تحفے اور پیسے لاتے تھے اور عربی اُن کے لیے اپنے گلّوں سے 7700 مینڈھے اور 7700 بکرے لاتے تھے۔‏ 12  وقت کے ساتھ ساتھ یہوسفط کی طاقت بڑھتی گئی۔ وہ یہوداہ میں فصیل‌دار جگہیں اور گوداموں والے شہر بناتے رہے۔ 13  اُنہوں نے یہوداہ کے شہروں میں بڑے بڑے کام کرائے اور یروشلم میں اُن کے پاس سپاہی تھے جو طاقت‌ور جنگجو تھے۔ 14  اُن سپاہیوں کو اُن کے آبائی خاندانوں کے حساب سے گروہوں میں تقسیم کِیا گیا تھا۔ یہوداہ میں سے ہزار ہزار کے دستوں کے سربراہ یہ تھے:‏ عدنہ سربراہ تھے اور اُن کے ساتھ 3 لاکھ طاقت‌ور جنگجو تھے؛ 15  اُن کے تحت یہوحنان سربراہ تھے اور اُن کے ساتھ 2 لاکھ 80 ہزار سپاہی تھے؛ 16  اُن کے تحت زِکری کے بیٹے عمسیاہ بھی تھے جنہوں نے اپنی خوشی سے خود کو یہوواہ کی خدمت کے لیے پیش کِیا تھا اور اُن کے ساتھ 2 لاکھ طاقت‌ور جنگجو تھے۔ 17  بِنیامین میں سے اِلیدع ایک طاقت‌ور جنگجو تھے اور اُن کے ساتھ 2 لاکھ آدمی تھے جو کمانوں اور ڈھالوں سے لیس رہتے تھے۔ 18  اُن کے تحت یہوزبد تھے جن کے ساتھ 1 لاکھ 80 ہزار آدمی تھے جو جنگ کے لیے تیار رہتے تھے۔ 19  یہ لوگ بادشاہ کی خدمت کرتے تھے۔ یہ اُن کے علاوہ تھے جنہیں بادشاہ نے سارے یہوداہ کے فصیل‌دار شہروں میں تعینات کِیا تھا۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت“‏ میں ”‏مُقدس بَلّی“‏ کو دیکھیں۔‏