تواریخ کی دوسری کتاب 19:1-11
19 پھر یہوداہ کے بادشاہ یہوسفط صحیح سلامت یروشلم میں اپنے محل لوٹ گئے۔
2 رُویات دیکھنے والے حنانی کے بیٹے یاہُو، بادشاہ یہوسفط سے ملنے آئے اور اُن سے کہا: ”کیا آپ کو بُرے لوگوں کی مدد کرنی چاہیے اور ایسے لوگوں سے محبت کرنی چاہیے جن سے یہوواہ نفرت کرتا ہے؟ آپ کی اِس حرکت کی وجہ سے یہوواہ کو آپ پر بہت غصہ ہے۔
3 لیکن آپ میں کچھ اچھائیاں بھی دیکھنے کو ملی ہیں کیونکہ آپ نے ملک کو مُقدس بَلّیوں* سے پاک کِیا اور اپنے دل کو تیار کِیا* تاکہ آپ سچے خدا کی تلاش کر سکیں۔“
4 یہوسفط یروشلم میں ہی رہے۔ وہ بِیرسبع سے لے کر اِفرائیم کے پہاڑی علاقے تک پھر سے لوگوں کے پاس گئے تاکہ اُنہیں اُن کے باپدادا کے خدا یہوواہ کی طرف واپس لائیں۔
5 اُنہوں نے یہوداہ کے سارے علاقے کے سب فصیلدار شہروں میں قاضی بھی مقرر کیے۔
6 اُنہوں نے قاضیوں سے کہا: ”آپ کو سوچ سمجھ کر کام کرنا ہوگا کیونکہ آپ کسی اِنسان کی طرف سے نہیں بلکہ یہوواہ کی طرف سے فیصلے سنائیں گے اور جب آپ فیصلے سنائیں گے تو وہ آپ کے ساتھ ہوگا۔
7 ہمیشہ یہوواہ کا خوف رکھیں۔ احتیاط سے اپنا کام کریں کیونکہ ہمارا خدا یہوواہ کبھی نااِنصافی نہیں کرتا، کبھی طرفداری نہیں کرتا اور نہ ہی کبھی رشوت لیتا ہے۔“
8 یہوسفط نے یروشلم میں بھی کچھ لاویوں اور کاہنوں اور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے کچھ سربراہوں کو مقرر کِیا تاکہ وہ یہوواہ کی طرف سے قاضیوں کے طور پر خدمت کریں اور یروشلم میں رہنے والوں کے قانونی معاملے حل کریں۔
9 یہوسفط نے اُنہیں حکم دیا: ”آپ کو یہوواہ کا خوف رکھتے ہوئے وفاداری اور پورے دل سے یہ کرنا ہوگا:
10 جب بھی آپ کے بھائی اپنے اپنے شہروں سے کوئی ایسا قانونی مُقدمہ لائیں جس میں کسی کا خون بہایا گیا ہو یا کوئی ایسا سوال لائیں جس کا تعلق کسی قانون، حکم، معیار یا فیصلے سے ہو تو آپ اُنہیں آگاہ کرنا تاکہ وہ یہوواہ کے حضور قصوروار نہ بن جائیں ورنہ آپ پر اور آپ کے بھائیوں پر اُس کا غصہ بھڑکے گا۔ آپ ایسا ہی کرنا تاکہ آپ قصوروار نہ ٹھہریں۔
11 دیکھیں، کاہنِاعظم امریاہ یہوواہ کی عبادت سے تعلق رکھنے والے سب معاملوں میں آپ کی پیشوائی کریں گے۔ اِسماعیل کے بیٹے زِبدیاہ بادشاہ سے تعلق رکھنے والے سب معاملوں میں یہوداہ کے گھرانے کی پیشوائی کریں گے۔ لاوی اعلیٰ عہدےداروں کے طور پر آپ کی مدد کریں گے۔ مضبوط بنیں اور کام میں لگ جائیں۔ یہوواہ اُن کے ساتھ رہے جو اچھے کام کرتے ہیں۔“*
فٹ نوٹس
^ ”الفاظ کی وضاحت“ میں ”مُقدس بَلّی“ کو دیکھیں۔
^ یا ”اپنے دل میں عزم کِیا“
^ یا ”یہوواہ اچھائی کے ساتھ رہے۔“