تواریخ کی دوسری کتاب 2:1-18
-
ہیکل بنانے کے لیے تیاریاں (1-18)
2 سلیمان نے یہوواہ کے نام کی بڑائی کے لیے ایک گھر اور اپنے لیے ایک شاہی محل بنانے کا حکم دیا۔
2 اُنہوں نے 70 ہزار عام* مزدور اور 80 ہزار ایسے مزدور چُنے جو پہاڑوں میں پتھر کاٹیں اور اُن پر 3600 نگران مقرر کیے۔
3 اِس کے علاوہ سلیمان نے صُور کے بادشاہ حِیرام کے پاس یہ پیغام بھیجا: ”جیسے آپ نے میرے والد داؤد کے لیے کِیا اور اُنہیں اپنا محل بنانے کے لیے دیودار کی لکڑی بھیجی ویسے ہی میرے لیے بھی کریں۔
4 مَیں اپنے خدا یہوواہ کے نام کی بڑائی کے لیے ایک گھر بنانے لگا ہوں تاکہ اِسے اُس کے لیے مخصوص کِیا جائے، اِس میں اُس کے حضور خوشبودار بخور جلایا جائے، باقاعدگی سے تہہدرتہہ روٹیاں* رکھی جائیں اور صبح شام، سبت پر، نئے چاند پر اور ہمارے خدا یہوواہ کی عیدوں پر بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کی جائیں۔ یہ ہمیشہ کے لیے اِسرائیل پر فرض ہوگا۔
5 مَیں جو گھر بنانے لگا ہوں، وہ عظیم ہوگا کیونکہ ہمارا خدا باقی سب خداؤں سے عظیم ہے۔
6 لیکن کون اِس لائق ہے کہ اُس کے لیے گھر بنا سکے کیونکہ وہ تو آسمان بلکہ آسمانوں کے آسمان میں بھی نہیں سما سکتا؟ اِس لیے میری کیا حیثیت ہے کہ مَیں اُس کے لیے گھر بنا سکوں؟ مَیں تو بس ایک ایسی جگہ بنا سکتا ہوں جہاں اُس کے حضور قربانیاں پیش کی جا سکیں تاکہ اُن کا دُھواں اُٹھے۔
7 میرے پاس کسی ایسے کاریگر کو بھیج دیں جو سونے، چاندی، تانبے، لوہے، جامنی اُون، گہرے سُرخ دھاگے اور نیلے دھاگے کے کام میں ماہر ہو اور نقشکاری جانتا ہو۔ وہ یہوداہ اور یروشلم میں میرے ماہر کاریگروں کے ساتھ کام کرے گا جنہیں میرے والد داؤد نے مقرر کِیا تھا۔
8 مجھے لبنان سے دیودار، صنوبر اور صندل کی لکڑی بھیج دیں کیونکہ مَیں اچھی طرح جانتا ہوں کہ آپ کے خادم لبنان کے درخت کاٹنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ میرے خادم آپ کے خادموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے
9 تاکہ وہ میرے لیے بڑی تعداد میں لکڑی تیار کریں کیونکہ جو گھر مَیں بنانے والا ہوں، وہ اِنتہائی عالیشان ہوگا۔
10 مَیں آپ کے خادموں یعنی لکڑہاروں کو 20 ہزار کور* گندم، 20 ہزار کور* جَو، 20 ہزار بت* مے اور 20 ہزار بت تیل خوراک کے لیے دوں گا۔“
11 اِس پر صُور کے بادشاہ حِیرام نے بادشاہ سلیمان کو یہ پیغام بھیجا جو تحریری شکل میں تھا: ”یہوواہ اپنے بندوں سے پیار کرتا ہے اِس لیے اُس نے آپ کو بادشاہ بنایا ہے۔“
12 پھر حِیرام نے کہا: ”اِسرائیل کے خدا یہوواہ کی بڑائی ہو جس نے آسمان اور زمین کو بنایا کیونکہ اُس نے بادشاہ داؤد کو ایک دانشمند بیٹا دیا جسے سمجھداری اور عقلمندی سے نوازا گیا ہے۔ وہ یہوواہ کے لیے ایک گھر اور اپنے لیے شاہی محل بنائے گا۔
13 اب مَیں آپ کے پاس ایک ماہر اور سمجھدار کاریگر حِیرامابی کو بھیج رہا ہوں۔
14 وہ دان کے قبیلے کی ایک عورت کا بیٹا ہے اور اُس کا والد صُور سے تھا۔ وہ سونے، چاندی، تانبے، لوہے، پتھر، لکڑی، جامنی اُون، نیلے دھاگے، نفیس کپڑے اور گہرے سُرخ دھاگے کے کام میں تجربہ رکھتا ہے۔ وہ ہر طرح کی نقشکاری کر سکتا ہے اور اُسے جو بھی نمونہ دیا جائے، اُس کے مطابق کچھ بھی بنا سکتا ہے۔ وہ آپ کے ماہر کاریگروں اور آپ کے والد یعنی میرے مالک داؤد کے ماہر کاریگروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
15 اب میرے مالک! وہ گندم، جَو، تیل اور مے بھیج دیں جس کا آپ نے اپنے خادموں سے وعدہ کِیا ہے۔
16 ہم لبنان سے اُتنے درخت کاٹیں گے جتنے آپ چاہیں گے اور ہم اُنہیں لٹھوں کی شکل میں سمندر کے راستے یافا تک لائیں گے اور پھر آپ اُنہیں یروشلم لے جانا۔“
17 اِس کے بعد سلیمان نے اُن سب آدمیوں کو گنا جو اِسرائیل میں پردیسی تھے جیسے اُن کے والد داؤد نے کِیا تھا۔ اُن آدمیوں کی تعداد 1 لاکھ 53 ہزار 600 تھی۔
18 سلیمان نے اُن میں سے 70 ہزار عام* مزدور اور 80 ہزار ایسے مزدور چُنے جو پہاڑوں میں پتھر کاٹیں اور 3600 نگران مقرر کیے تاکہ وہ لوگوں سے کام کروائیں۔
فٹ نوٹس
^ یا ”وزن اُٹھانے والے“
^ یعنی نذرانے کی روٹیاں
^ 32 لاکھ کلوگرام؛ 44 لاکھ لیٹر۔ ”اِضافی مواد“ میں حصہ 14.2 کو دیکھیں۔
^ 26 لاکھ کلوگرام؛ 44 لاکھ لیٹر۔ ”اِضافی مواد“ میں حصہ 14.2 کو دیکھیں۔
^ ایک بت 22 لیٹر (18.5 گیلن) کے برابر تھا۔ ”اِضافی مواد“ میں حصہ 14.2 کو دیکھیں۔
^ یا ”وزن اُٹھانے والے“