تواریخ کی دوسری کتاب 22‏:1‏-‏12

  • یہوداہ کا بادشاہ اخزیاہ ‏(‏1-‏9‏)‏

  • عتلیاہ تخت پر قبضہ کر لیتی ہے ‏(‏10-‏12‏)‏

22  پھر یروشلم کے رہنے والوں نے یہورام کے سب سے چھوٹے بیٹے اخزیاہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا کیونکہ عربیوں کے ساتھ خیمہ‌گاہ میں لُٹیروں کا جو گروہ آیا تھا، اُس نے اُس کے سب بڑے بیٹوں کو مار ڈالا تھا۔ اِس لیے یہورام کا بیٹا اخزیاہ یہوداہ کے بادشاہ کے طور پر حکمرانی کرنے لگا۔ 2  جب اخزیاہ بادشاہ بنا تو وہ 22 سال کا تھا اور اُس نے ایک سال یروشلم میں حکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام عتلیاہ تھا جو عمری کی پوتی*‏ تھی۔‏ 3  وہ بھی اُن راہوں پر چلا جن پر اخی‌اب کا گھرانہ چلا تھا کیونکہ اُس کی ماں اُسے بُرے کاموں کے حوالے سے مشورے دیتی تھی۔ 4  وہ اخی‌اب کے گھرانے کی طرح ایسے کام کرتا رہا جو یہوواہ کی نظر میں بُرے تھے کیونکہ اُس کے باپ کی موت کے بعد اخی‌اب کا گھرانہ اُس کا مُشیر بن گیا تھا اور یہ اُس کی تباہی کی وجہ بنا۔ 5  اُس نے اُن لوگوں کے مشورے پر عمل کِیا اور اِسرائیل کے بادشاہ اخی‌اب کے بیٹے یہورام کے ساتھ سُوریہ کے بادشاہ حزائیل سے جنگ لڑنے رامات‌جِلعاد گیا جہاں تیراندازوں نے یہورام کو زخمی کر دیا۔ 6  اِس لیے یہورام واپس یزرعیل گیا تاکہ اُس کے وہ زخم بھر جائیں جو اُسے اُس وقت لگے تھے جب وہ رامہ میں سُوریہ کے بادشاہ حزائیل سے جنگ لڑ رہا تھا۔‏ یہوداہ کے بادشاہ یہورام کا بیٹا اخزیاہ*‏ اخی‌اب کے بیٹے یہورام کو دیکھنے نیچے یزرعیل گیا کیونکہ وہ زخمی*‏ تھا۔ 7  لیکن اخزیاہ کا یہورام کے پاس جانا اُس کی تباہی کی وجہ بنا اور یہ خدا کی طرف سے ہوا۔ جب وہ وہاں گیا تو وہ یہورام کے ساتھ نِمسی کے پوتے*‏ یاہُو سے ملنے گیا جنہیں یہوواہ نے اخی‌اب کے گھرانے کو مٹانے*‏ کے لیے مسح*‏ کِیا تھا۔ 8  جب یاہُو نے اخی‌اب کے گھرانے کو سزا دینی شروع کی تو اُنہیں یہوداہ کے حاکم اور اخزیاہ کے بھائیوں کے بیٹے ملے جو اخزیاہ کے خادم تھے۔ یاہُو نے اُنہیں قتل کر دیا۔ 9  پھر یاہُو اخزیاہ کو ڈھونڈنے لگے۔ اُن کے خادموں نے اُسے سامریہ میں اُس جگہ سے پکڑ لیا جہاں وہ چھپا ہوا تھا اور اُسے یاہُو کے پاس لا کر مار ڈالا۔ اُنہوں نے اُسے دفنا دیا کیونکہ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏وہ یہوسفط کا پوتا ہے جنہوں نے پورے دل سے یہوواہ کی تلاش کی تھی۔“‏ اخزیاہ کے گھرانے میں کوئی ایسا شخص نہیں تھا جو بادشاہت سنبھالنے کے لائق ہو۔‏ 10  جب اخزیاہ کی ماں عتلیاہ نے دیکھا کہ اُس کا بیٹا مر گیا ہے تو اُس نے یہوداہ کے گھرانے کی ساری شاہی نسل*‏ کو مٹانے کی کوشش کی۔ 11  لیکن بادشاہ کی بیٹی یہوسبعت اخزیاہ کے بیٹے یہوآس کو چپکے سے بادشاہ کے اُن بیٹوں میں سے لے گئیں جنہیں قتل کِیا جانا تھا۔ اُنہوں نے یہوآس اور اُن کی آیا کو اندر والے ایک کمرے میں چھپا دیا۔ بادشاہ یہورام کی بیٹی یہوسبعت نے (‏جو کاہن یہویدع کی بیوی اور اخزیاہ کی بہن تھیں)‏ کسی نہ کسی طرح یہوآس کو عتلیاہ سے چھپائے رکھا تاکہ وہ اُسے مار نہ ڈالے۔ 12  یہوآس چھ سال تک اُن کے ساتھ رہے۔ اُنہیں سچے خدا کے گھر میں چھپا کر رکھا گیا اور اِس دوران عتلیاہ ملک پر حکمرانی کرتی رہی۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹی“‏
کچھ عبرانی نسخوں میں یہاں ”‏عزریاہ“‏ لکھا ہے۔‏
یا ”‏بیمار“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کاٹ ڈالنے“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏مسح کرنا“‏ کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بادشاہت کے سارے بیج“‏