تواریخ کی دوسری کتاب 23‏:1‏-‏21

  • یہویدع قدم اُٹھاتے ہیں؛ یہوآس کو بادشاہ بناتے ہیں ‏(‏1-‏11‏)‏

  • عتلیاہ کو مار ڈالا جاتا ہے ‏(‏12-‏15‏)‏

  • حالات کو سدھارنے کے لیے یہویدع کی کوششیں ‏(‏16-‏21‏)‏

23  ساتویں سال میں یہویدع نے دلیری سے کام لیتے ہوئے سو سو محافظوں کے سربراہوں سے ایک معاہدہ*‏ کِیا۔ وہ سربراہ یہ تھے:‏ یروحام کے بیٹے عزریاہ، یہوحنان کے بیٹے اِسماعیل، عوبید کے بیٹے عزریاہ، عدایاہ کے بیٹے معسیاہ اور زِکری کے بیٹے اِلی‌سافط۔  پھر وہ لوگ سارے یہوداہ میں گئے اور یہوداہ کے سب شہروں سے لاویوں اور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سربراہوں کو اِکٹھا کِیا۔ جب وہ یروشلم آئے  تو ساری جماعت نے سچے خدا کے گھر میں بادشاہ سے ایک عہد باندھا جس کے بعد یہویدع نے لوگوں سے کہا:‏ ‏”‏دیکھیں!‏ اب بادشاہ کا بیٹا حکمرانی کرے گا جیسے کہ یہوواہ نے داؤد کے بیٹوں کے حوالے سے وعدہ کِیا تھا۔  آپ کو یہ کرنا ہوگا:‏ جو کاہن اور لاوی سبت کے دن کام پر آئیں گے، اُن میں سے ایک تہائی دربانوں کے طور پر ذمے‌داری نبھائیں گے؛  ایک تہائی بادشاہ کے محل پر تعینات ہوں گے اور باقی ایک تہائی بنیاد دروازے پر ہوں گے جبکہ باقی سب لوگ یہوواہ کے گھر کے صحنوں میں ہوں گے۔  کاہنوں اور لاویوں کے طور پر خدمت کرنے والوں کے علاوہ کسی کو یہوواہ کے گھر میں داخل نہ ہونے دینا۔ صرف کاہن اور لاوی اندر جا سکتے ہیں کیونکہ وہ ایک پاک گروہ ہیں۔ سب لوگ یہوواہ کے حوالے سے اپنا فرض نبھائیں گے۔  لاویوں کو اپنے ہاتھوں میں ہتھیار لیے ہر طرف سے بادشاہ کے گِرد گھیرا بنانا ہوگا۔ جو بھی گھر کے اندر آنے کی کوشش کرے گا، اُسے مار ڈالا جائے گا۔ بادشاہ جہاں بھی جائے،‏*‏ آپ کو اُس کے ساتھ ساتھ رہنا ہوگا۔“‏  لاویوں اور سارے یہوداہ نے بالکل ویسا ہی کِیا جیسا کاہن یہویدع نے کہا تھا۔ اُن میں سے ہر ایک نے اپنے اُن آدمیوں کو ساتھ لیا جو سبت کے دن کام پر تھے اور اُن آدمیوں کو بھی جو سبت کے دن کام پر نہیں تھے کیونکہ کاہن یہویدع نے کسی بھی گروہ کو کام سے چھٹی نہیں دی تھی۔  کاہن یہویدع نے سو سو محافظوں کے سربراہوں کو وہ نیزے، چھوٹی ڈھالیں*‏ اور گول ڈھالیں دیں جو بادشاہ داؤد کی تھیں اور سچے خدا کے گھر میں پڑی تھیں۔ 10  پھر اُنہوں نے سب لوگوں کو جن میں سے ہر ایک کے ہاتھ میں اپنا ہتھیار تھا، گھر کی دائیں طرف سے لے کر گھر کی بائیں طرف تک قربان‌گاہ کے پاس اور گھر کے پاس بادشاہ کی چاروں طرف تعینات کِیا۔ 11  پھر وہ لوگ بادشاہ کے بیٹے کو باہر لائے اور اُس کے سر پر تاج اور گواہی‌نامہ*‏ رکھا اور اُسے بادشاہ بنایا اور یہویدع اور اُن کے بیٹوں نے اُسے مسح*‏ کِیا۔ پھر اُنہوں نے کہا:‏ ”‏بادشاہ زندہ‌باد!‏“‏ 12  جب عتلیاہ نے لوگوں کے بھاگنے کی آواز اور بادشاہ کے لیے لگنے والے نعرے سنے تو وہ فوراً یہوواہ کے گھر میں لوگوں کے پاس آئی۔ 13  پھر اُس نے بادشاہ کو دہلیز پر اپنے ستون کے پاس کھڑے دیکھا۔ حاکم اور نرسنگے بجانے والے بادشاہ کے ساتھ کھڑے تھے اور ملک کے سب لوگ خوشی منا رہے تھے اور نرسنگے بجا رہے تھے اور گلوکار سازوں کے ساتھ ستائشی گیتوں میں پیشوائی کر رہے تھے۔ یہ دیکھ کر عتلیاہ نے اپنے کپڑے پھاڑے اور چلّانے لگی:‏ ”‏یہ سازش ہے!‏ سازش!‏“‏ 14  لیکن کاہن یہویدع سو سو محافظوں کے سربراہوں کو جو فوج کے نگران تھے، باہر لائے اور اُن سے کہا:‏ ”‏اِسے سپاہیوں کے بیچ سے باہر لے جاؤ اور اگر کوئی اِس کے پیچھے جائے تو اُسے تلوار سے مار ڈالو!‏“‏ اصل میں کاہن یہویدع نے کہا تھا:‏ ”‏اِسے یہوواہ کے گھر میں موت کے گھاٹ نہ اُتارا جائے۔“‏ 15  اِس لیے اُنہوں نے اُسے پکڑ لیا اور جب وہ بادشاہ کے محل کے گھوڑا دروازے کی دہلیز پر پہنچی تو اُنہوں نے فوراً اُسے مار ڈالا۔‏ 16  پھر یہویدع نے اپنے اور بادشاہ اور سب لوگوں کے بیچ یہ عہد باندھا کہ وہ یہوواہ کی قوم رہیں گے۔ 17  اِس کے بعد سب لوگ بعل کے مندر*‏ میں گئے اور اُسے ڈھا دیا اور بعل کی قربان‌گاہوں اور بُتوں کو چکناچُور کر دیا۔ اُنہوں نے بعل کے پجاری متان کو قربان‌گاہوں کے سامنے مار ڈالا۔ 18  پھر یہویدع نے یہوواہ کے گھر کی نگرانی کاہنوں اور لاویوں کے ہاتھ میں دی جنہیں داؤد نے گروہوں میں تقسیم کر کے یہوواہ کے گھر کی ذمے‌داری سونپی تھی تاکہ وہ داؤد کی ہدایت کے مطابق خوشی مناتے اور گیت گاتے ہوئے یہوواہ کے حضور بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کریں جیسے کہ موسیٰ کی شریعت میں لکھا ہے۔ 19  یہویدع نے یہوواہ کے گھر کے دروازوں پر دربان بھی تعینات کیے تاکہ کوئی ایسا شخص اندر داخل نہ ہو سکے جو کسی بھی لحاظ سے ناپاک ہو۔ 20  اُنہوں نے بادشاہ کو یہوواہ کے گھر سے لے جانے کے لیے سو سو محافظوں کے سربراہوں، نوابوں، لوگوں کے حاکموں اور ملک کے سب لوگوں کو ساتھ لیا۔ پھر وہ سب اُوپر والے دروازے سے بادشاہ کے محل میں داخل ہوئے اور بادشاہ کو شاہی تخت پر بٹھایا۔ 21  اِس لیے ملک کے سب لوگوں نے خوشی منائی اور شہر میں سکون تھا کیونکہ عتلیاہ کو تلوار سے مار ڈالا گیا تھا۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏عہد“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏جب بادشاہ باہر جائے اور اندر آئے،“‏
یہ ایسی ڈھالیں تھیں جو اکثر تیرانداز اُٹھاتے تھے۔‏
شاید یہاں ایک طُومار کی بات ہو رہی ہے جس پر خدا کی شریعت لکھی تھی۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏مسح کرنا“‏ کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏گھر“‏