تواریخ کی دوسری کتاب 27‏:1‏-‏9

  • یہوداہ کے بادشاہ یوتام ‏(‏1-‏9‏)‏

27  جب یوتام بادشاہ بنے تو وہ 25 سال کے تھے اور اُنہوں نے 16 سال یروشلم میں حکمرانی کی۔ اُن کی والدہ کا نام یروساہ تھا جو صدوق کی بیٹی تھیں۔ 2  وہ اپنے والد عُزّیاہ کی طرح ایسے کام کرتے رہے جو یہوواہ کی نظر میں صحیح تھے۔ لیکن وہ اپنے والد کی طرح زبردستی یہوواہ کی ہیکل میں نہیں گُھسے۔ مگر لوگ اب بھی بُرے کام کر رہے تھے۔ 3  یوتام نے یہوواہ کے گھر کا اُوپر والا دروازہ بنوایا اور عوفلِ کی دیوار پر بہت سا تعمیراتی کام کرایا۔ 4  اُنہوں نے یہوداہ کے پہاڑی علاقے میں شہر بھی بنوائے اور جنگلوں میں فصیل‌دار جگہیں اور بُرج بنوائے۔ 5  اُنہوں نے عمونیوں کے بادشاہ کے خلاف جنگ لڑی اور آخرکار اُسے ہرا دیا۔ اِس لیے عمونیوں نے اُس سال اُنہیں 100 قِنطار*‏ چاندی، 10 ہزار کور*‏ گندم اور 10 ہزار کور*‏ جَو دیا۔ عمونیوں نے اُنہیں یہ سب چیزیں دوسرے اور تیسرے سال بھی دیں۔ 6  اِس طرح یوتام کی طاقت بڑھتی گئی کیونکہ اُنہوں نے اپنے خدا یہوواہ کی راہوں پر چلنے کی ٹھانی ہوئی تھی۔‏* 7  یوتام کی باقی کہانی اور اُن کی ساری جنگوں اور کاموں کے بارے میں تفصیل اِسرائیل اور یہوداہ کے بادشاہوں کی کتاب میں لکھی ہے۔ 8  جب وہ بادشاہ بنے تو وہ 25 سال کے تھے اور اُنہوں نے 16 سال یروشلم میں حکمرانی کی۔ 9  پھر یوتام اپنے باپ‌دادا کی طرح فوت ہو گئے*‏ اور اُنہیں داؤد کے شہر میں دفنایا گیا اور اُن کا بیٹا آخز اُن کی جگہ بادشاہ بنا۔‏

فٹ‌ نوٹس

ایک قِنطار 2.‏34 کلوگرام (‏1101 اونس)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
‏ 16 لاکھ کلوگرام؛ 22 لاکھ لیٹر۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
‏ 13 لاکھ کلوگرام؛ 22 لاکھ لیٹر۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
یا ”‏کے سامنے اپنی راہوں کو تیار کِیا تھا۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کے ساتھ لیٹ گئے“‏