تواریخ کی دوسری کتاب 3‏:1‏-‏17

  • سلیمان ہیکل بنانا شروع کرتے ہیں ‏(‏1-‏7‏)‏

  • مُقدس‌ترین خانہ ‏(‏8-‏14‏)‏

  • تانبے کے دو ستون ‏(‏15-‏17‏)‏

3  اِس کے بعد سلیمان نے کوہِ‌موریاہ پر یروشلم میں یہوواہ کا گھر بنانا شروع کِیا جہاں یہوواہ اُن کے والد داؤد پر ظاہر ہوا تھا۔ یہ وہی جگہ تھی جو داؤد نے اُرنان یبوسی کے کھلیان*‏ میں تیار کی تھی۔  سلیمان نے اِس گھر کو اپنی حکمرانی کے چوتھے سال میں دوسرے مہینے کے دوسرے دن بنانا شروع کِیا۔  اُنہوں نے سچے خدا کے گھر کی تعمیر کے لیے جو بنیاد ڈالی، وہ پُرانی پیمائش*‏ کے مطابق 60 ہاتھ لمبی اور 20 ہاتھ چوڑی تھی۔  سامنے والی ڈیوڑھی کی لمبائی 20 ہاتھ تھی جو کہ گھر کی چوڑائی کے برابر تھی۔ اُس کی اُونچائی 20 ہاتھ*‏ تھی اور اُس میں اندر کی طرف خالص سونے کی پرت لگائی گئی تھی۔  اُنہوں نے بڑے کمرے*‏ میں صنوبر کی لکڑی کے تختے لگوائے، اُس میں خالص سونے کی پرت لگوائی اور پھر اُسے کھجور کے درختوں کے نقش‌ونگار اور زنجیروں سے سجایا۔  اِس کے علاوہ اُنہوں نے گھر میں خوب‌صورت قیمتی پتھر لگوائے۔ اُنہوں نے جو سونا اِستعمال کِیا، وہ پروائم کا تھا۔  اُنہوں نے گھر، شہتیروں، دہلیزوں، دیواروں اور دروازوں پر سونا لگوایا اور دیواروں پر کروبی کندہ کرائے۔‏  پھر اُنہوں نے مُقدس‌ترین خانہ*‏ بنوایا جس کی لمبائی گھر کی چوڑائی کے برابر یعنی 20 ہاتھ تھی اور اُس کی چوڑائی بھی 20 ہاتھ تھی۔ اُنہوں نے اُس پر 600 قِنطار*‏ خالص سونا لگوایا۔  کیلوں کے لیے 50 مِثقال*‏ سونا اِستعمال کِیا گیا۔ اُنہوں نے چھت پر موجود کمروں میں سونے کی پرتیں لگوائیں۔‏ 10  اِس کے بعد اُنہوں نے مُقدس‌ترین خانے*‏ میں کروبیوں کے دو مجسّمے بنوائے اور اُن پر سونا لگوایا۔ 11  کروبیوں کے پَروں کی کُل لمبائی 20 ہاتھ تھی۔ ایک کروبی کے ایک پَر کی لمبائی پانچ ہاتھ تھی اور وہ گھر کی دیوار کو چُھو رہا تھا۔ اُس کا دوسرا پَر پانچ ہاتھ لمبا تھا جو دوسرے کروبی کے ایک پَر کو چُھو رہا تھا۔ 12  دوسرے کروبی کا ایک پَر پانچ ہاتھ لمبا تھا اور وہ گھر کی دوسری دیوار کو چُھو رہا تھا اور اُس کے دوسرے پَر کی لمبائی پانچ ہاتھ تھی جو پہلے کروبی کے ایک پَر کو چُھو رہا تھا۔ 13  اُن کروبیوں کے پَر 20 ہاتھ تک پھیلے ہوئے تھے۔ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے تھے اور اُن کا رُخ اندر کی طرف*‏ تھا۔‏ 14  سلیمان نے نیلے دھاگے، جامنی اُون، گہرے سُرخ دھاگے اور نفیس کپڑے کا پردہ بھی بنوایا اور اُس پر کروبی بنوائے۔‏ 15  پھر اُنہوں نے گھر کے سامنے دو ستون بنوائے جن کی لمبائی 35 ہاتھ تھی اور ہر ستون کے اُوپر موجود تاج پانچ ہاتھ کا تھا۔ 16  اُنہوں نے ہار جیسی زنجیریں بنوائیں اور اُنہیں ستونوں کے اُوپر والے حصے پر لگوایا۔ اُنہوں نے 100 انار بنوائے اور اُنہیں زنجیروں پر لگوایا۔ 17  اُنہوں نے ہیکل کے سامنے ستون کھڑے کرائے۔ ایک ستون دائیں*‏ طرف تھا اور ایک بائیں*‏ طرف۔ اُنہوں نے دائیں طرف والے ستون کا نام یاکن*‏ رکھا اور بائیں طرف والے ستون کا نام بوعز*‏ رکھا۔‏

فٹ‌ نوٹس

‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
عموماً ایک ہاتھ 5.‏44 سینٹی‌میٹر (‏5.‏17 اِنچ)‏ کا تھا۔ لیکن کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ”‏پُرانی پیمائش“‏ کے مطابق ایک ہاتھ 8.‏51 سینٹی‌میٹر (‏4.‏20 اِنچ)‏ کا تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
کچھ قدیم نسخوں میں یہاں ”‏120“‏ لکھا ہے جبکہ دوسرے نسخوں اور کچھ ترجموں میں یہاں ”‏20 ہاتھ“‏ لکھا ہے۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بڑے گھر“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏گھر“‏
ایک قِنطار 2.‏34 کلوگرام (‏1101 اونس)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
ایک مِثقال 4.‏11 گرام (‏367.‏0 اونس)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏گھر“‏
یعنی مُقدس خانے کی طرف
یا ”‏جنوبی“‏
یا ”‏شمالی“‏
معنی:‏ ”‏وہ [‏یعنی یہوواہ]‏ مضبوطی سے قائم کرے۔“‏
شاید اِس کا معنی ہے:‏ ”‏طاقت سے۔“‏