تواریخ کی دوسری کتاب 4‏:1‏-‏22

  • قربان‌گاہ، بڑا حوض اور چھوٹے حوض ‏(‏1-‏6‏)‏

  • شمع‌دان، میزیں اور صحن ‏(‏7-‏11‏)‏

  • ہیکل کی چیزیں بنانے کا کام مکمل ‏(‏11-‏22‏)‏

4  پھر سلیمان نے تانبے کی قربان‌گاہ بنائی جس کی لمبائی 20 ہاتھ، چوڑائی 20 ہاتھ اور اُونچائی 10 ہاتھ تھی۔‏  اُنہوں نے دھات کو ڈھال کر ایک بڑا سا حوض*‏ بنایا جو گول تھا۔ اُس کے مُنہ کی چوڑائی ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک 10 ہاتھ تھی۔ اُس کی اُونچائی 5 ہاتھ تھی اور گھیرا 30 ہاتھ تھا۔‏*  اُس کے نیچے ہر طرف سجاوٹ کے لیے کدو بنائے گئے تھے۔ حوض کے گِرد ایک ایک ہاتھ کی جگہ پر دس دس کدوؤں کی دو قطاریں بنائی گئی تھیں جنہیں حوض کے ساتھ ہی ڈھال کر بنایا گیا تھا۔  اُس حوض کو 12 بیلوں پر رکھا گیا تھا جن میں سے 3 کا رُخ شمال کی طرف تھا، 3 کا مغرب کی طرف، 3 کا جنوب کی طرف اور 3 کا مشرق کی طرف۔ سبھی بیلوں کے پچھلے حصوں کا رُخ اندر کی طرف تھا اور حوض کو اِن بیلوں پر ٹکایا گیا تھا۔  حوض کی موٹائی چار اُنگل*‏ تھی۔ اُس کا مُنہ پیالے کے مُنہ کی طرح بنایا گیا تھا جو سوسن کے کِھلے ہوئے پھول کی طرح دِکھتا تھا۔ اُس حوض میں 3000 بت*‏ پانی آ سکتا تھا۔‏  اُنہوں نے دس چھوٹے حوض بھی بنائے جن میں سے پانچ دائیں طرف رکھے گئے اور پانچ بائیں طرف۔ اُن حوضوں میں وہ چیزیں دھوئی جاتی تھیں جو بھسم ہونے والی قربانی کے لیے اِستعمال ہوتی تھیں۔ لیکن بڑا حوض کاہنوں کے ہاتھ پاؤں دھونے کے لیے تھا۔‏  پھر اُنہوں نے ہدایت کے مطابق سونے کے دس شمع‌دان بنائے اور اُنہیں ہیکل میں رکھا، پانچ دائیں طرف اور پانچ بائیں طرف۔‏  اُنہوں نے دس میزیں بھی بنائیں اور اُنہیں ہیکل میں رکھا، پانچ دائیں طرف اور پانچ بائیں طرف۔ اُنہوں نے سونے کے 100کٹورے بھی بنائے۔‏  اِس کے بعد اُنہوں نے کاہنوں کا صحن، بڑا صحن اور اُس کے دروازے بنائے اور دروازوں پر تانبے کی پرت لگوائی۔ 10  اُنہوں نے بڑے حوض کو دائیں طرف جنوب مشرق میں رکھا۔‏ 11  حِیرام نے راکھ‌دان، بیلچے اور کٹورے بھی بنائے۔‏ اِس طرح حِیرام نے سچے خدا کے گھر کے حوالے سے بادشاہ سلیمان کا کام مکمل کِیا۔ اُنہوں نے یہ چیزیں بنائیں:‏ 12  دو ستون، دو ستونوں کے اُوپر دو کٹورانما تاج، ستونوں کے اُوپر دو کٹورانما تاجوں کو ڈھکنے کے لیے دو جالیاں؛ 13  دو جالیوں کے لیے 400 انار یعنی ہر جالی کے لیے اناروں کی دو قطاریں تاکہ ستونوں کے دو کٹورانما تاجوں کو ڈھکا جا سکے؛ 14  دس ہتھ‌گاڑیاں*‏ اور اُن پر رکھنے کے لیے دس چھوٹے حوض؛ 15  بڑا حوض اور اُس کے نیچے 12 بیل؛ 16  راکھ‌دان، بیلچے، کانٹے اور باقی سب چیزیں جو حِیرام‌ابیو نے بادشاہ سلیمان کے کہنے پر یہوواہ کے گھر کے لیے چمکتے ہوئے تانبے سے بنائیں۔ 17  بادشاہ نے یہ چیزیں اُردن*‏ کے علاقے میں سُکات اور صریدہ کے بیچ مٹی کے سانچوں میں ڈھلوائیں۔ 18  سلیمان نے یہ سب چیزیں بڑی تعداد میں بنوائیں۔ اِس لیے جو تانبا اِستعمال ہوا تھا، اُس کا وزن معلوم نہیں ہو سکا۔‏ 19  سلیمان نے سچے خدا کے گھر کے لیے یہ سب چیزیں بنوائیں:‏ سونے کی قربان‌گاہ؛ وہ میزیں جن پر نذرانے کی روٹی رکھی جاتی تھی؛ 20  خالص سونے کے شمع‌دان اور اُن کے چراغ تاکہ اُنہیں قاعدے کے مطابق سب سے اندر والے کمرے کے سامنے روشن کِیا جا سکے؛ 21  سونے بلکہ خالص سونے کے کِھلے ہوئے پھول، چراغ اور چمٹیاں؛ 22  بتی کاٹنے والی قینچیاں جو خالص سونے کی تھیں؛ خالص سونے کے کٹورے، پیالے اور کوئلہ‌دان اور گھر کا داخلی دروازہ، مُقدس‌ترین خانے کے اندرونی دروازے اور مُقدس خانے*‏ کے دروازے جو سونے کے تھے۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏ایک سمندر“‏
یا ”‏اور اُس کا گھیرا ناپنے کے لیے 30 ہاتھ لمبی ڈوری لگتی تھی۔“‏
تقریباً 4.‏7 سینٹی‌میٹر (‏9.‏2 اِنچ)‏۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
ایک بت 22 لیٹر (‏18.‏5 گیلن)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏
یا ”‏پانی والی گاڑیاں“‏
یا ”‏یردن“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏ہیکل کے گھر“‏