تواریخ کی دوسری کتاب 8‏:1‏-‏18

  • سلیمان کے دوسرے تعمیراتی کام ‏(‏1-‏11‏)‏

  • ہیکل میں عبادت کا بندوبست ‏(‏12-‏16‏)‏

  • سلیمان کے جہازوں کا بیڑا ‏(‏17، 18‏)‏

8  سلیمان کو یہوواہ کا گھر اور اپنا محل بنانے میں 20 سال لگے۔ 2  اِس کے بعد سلیمان نے اُن شہروں کو دوبارہ بنایا جو حِیرام نے اُنہیں دیے تھے اور وہاں بنی‌اِسرائیل کو بسایا۔ 3  اِس کے علاوہ سلیمان حمات‌ضوباہ گئے اور اُس پر قبضہ کر لیا۔ 4  پھر اُنہوں نے ویرانے میں تدمور اور گوداموں والے اُن تمام شہروں کو مضبوط کِیا*‏ جو اُنہوں نے حمات میں بنوائے تھے۔ 5  سلیمان نے بالائی بیت‌حورون اور نشیبی بیت‌حورون بھی بنوائے جنہیں دیواروں، دروازوں اور کُنڈوں سے مضبوط کِیا گیا۔ 6  اُنہوں نے بعلات، سلیمان کے گوداموں والے سب شہر، رتھوں والے سب شہر اور گُھڑسواروں کے لیے شہر بھی بنوائے۔ اُنہوں نے یروشلم، لبنان اور اپنی سلطنت کے سارے علاقوں میں وہ سب کچھ بنوایا جو وہ بنوانا چاہتے تھے۔‏ 7  جہاں تک حِتّیوں، اموریوں، فِرِزّیوں، حِویوں اور یبوسیوں کے سب بچے ہوئے لوگوں کی بات ہے جو بنی‌اِسرائیل کا حصہ نہیں تھے 8  اور جنہیں اِسرائیلیوں نے ہلاک نہیں کِیا تھا تو ملک میں اُن کی بچی ہوئی اولاد کو سلیمان کی خدمت کرنے کے لیے بُلایا گیا اور وہ آج تک ایسا کرتے ہیں۔ 9  لیکن سلیمان نے کسی بھی اِسرائیلی کو اپنے کام کے لیے غلام نہیں بنایا کیونکہ وہ اُن کے جنگجو، فوجی افسروں کے سربراہ اور رتھ‌بانوں اور گُھڑسواروں کے سربراہ تھے۔ 10  سلیمان نے نگرانوں پر 250 سربراہ مقرر کیے جو کام کرنے والوں کی نگرانی کرتے تھے۔‏ 11  سلیمان فِرعون کی بیٹی کو بھی داؤد کے شہر سے اُس محل میں لے آئے جو اُنہوں نے اُس کے لیے بنوایا تھا کیونکہ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏چاہے وہ میری بیوی ہے لیکن پھر بھی اُسے اِسرائیل کے بادشاہ داؤد کے محل میں نہیں رہنا چاہیے کیونکہ جن جگہوں پر یہوواہ کا صندوق آیا ہے، وہ پاک ہیں۔“‏ 12  پھر سلیمان نے یہوواہ کی اُس قربان‌گاہ پر یہوواہ کے حضور بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کیں جو اُنہوں نے ڈیوڑھی کے سامنے بنائی تھی۔ 13  وہ موسیٰ کے حکم کے مطابق ہر روز، سبتوں، نئے چاند اور سال میں تین بار مقررہ عیدوں پر یعنی بے‌خمیری روٹی کی عید، ہفتوں کی عید اور جھونپڑیوں*‏ کی عید پر قربانیاں پیش کرتے تھے۔ 14  اِس کے علاوہ اُنہوں نے اپنے والد داؤد کے قانون کے مطابق کاہنوں کے گروہوں کو مقرر کِیا تاکہ وہ اپنی ذمے‌داریاں انجام دیں۔ اُنہوں نے لاویوں کو اُن کی ذمے‌داریاں سونپیں تاکہ وہ روز کے معمول کے مطابق کاہنوں کے سامنے خدا کی بڑائی اور خدمت کریں۔ اُنہوں نے دربانوں کے گروہوں کو بھی فرق فرق دروازوں پر تعینات کِیا۔ اُنہوں نے سچے خدا کے بندے داؤد کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ایسا کِیا۔ 15  کاہنوں اور لاویوں کو گوداموں اور دوسرے سب معاملوں کے حوالے سے بادشاہ کی طرف سے جو حکم دیا گیا تھا، وہ اُسے ماننے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ 16  اِس لیے یہوواہ کے گھر کی بنیاد ڈالے جانے کے دن سے لے کر اِس کے مکمل ہونے تک سلیمان کا کام اِنتہائی منظم تھا۔ اِس طرح یہوواہ کا گھر مکمل ہو گیا۔‏ 17  اُس وقت سلیمان ادوم کے علاقے میں ساحل پر عِصیون‌جابر اور اِیلوت گئے۔ 18  حِیرام نے اپنے خادموں کے ذریعے اُنہیں جہاز اور ماہر ملاح بھیجے۔ وہ سلیمان کے خادموں کے ساتھ اوفیر گئے اور وہاں سے 450 قِنطار*‏ سونا بادشاہ سلیمان کے پاس لائے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏دوبارہ بنایا“‏
یا ”‏عارضی پناہ‌گاہوں“‏
ایک قِنطار 2.‏34 کلوگرام (‏1101 اونس)‏ کے برابر تھا۔ ”‏اِضافی مواد“‏ میں حصہ 14.‏2 کو دیکھیں۔‏