سموئیل کی دوسری کتاب 20‏:1‏-‏26

  • سبع کی بغاوت؛ عماسا کا قتل ‏(‏1-‏13‏)‏

  • سبع کا سر قلم ‏(‏14-‏22‏)‏

  • داؤد کی اِنتظامیہ ‏(‏23-‏26‏)‏

20  ایک بِنیامینی آدمی تھا جو بڑا فسادی تھا۔ اُس کا نام سبع تھا اور وہ بِکری کا بیٹا تھا۔ اُس نے نرسنگا*‏ بجایا اور کہا:‏ ”‏ہم داؤد کے ساتھ حصے‌دار نہیں ہیں اور نہ ہی یسی کے بیٹے کی وراثت میں ہمارا کوئی حصہ ہے۔ اِسرائیلیو!‏ ہر کوئی اپنے اپنے خدا*‏ کی طرف لوٹ جائے۔“‏  اِس پر اِسرائیل کے سارے آدمی داؤد کو چھوڑ کر بِکری کے بیٹے سبع کے پیچھے لگ گئے۔ لیکن اُردن*‏ سے لے کر یروشلم تک یہوداہ کے آدمی اپنے بادشاہ کے وفادار رہے۔‏  جب بادشاہ داؤد یروشلم میں اپنے محل واپس آئے تو اُنہوں نے اُن دس حرموں کو جنہیں وہ محل کی دیکھ‌بھال کے لیے پیچھے چھوڑ گئے تھے، ایک گھر میں رکھوا دیا اور اُس گھر پر پہرا لگوا دیا۔ داؤد اُنہیں کھانے پینے کی چیزیں مہیا کرتے رہے لیکن اُن کے ساتھ جنسی تعلق قائم نہیں کِیا۔ وہ حرمیں اپنی موت تک اُسی گھر میں بند رہیں اور بیواؤں جیسی زندگی گزارتی رہیں حالانکہ اُن کا شوہر زندہ تھا۔‏  پھر بادشاہ نے عماسا سے کہا:‏ ”‏یہوداہ کے آدمیوں کو تین دن کے اندر اندر میرے پاس اِکٹھا کرو اور آپ بھی یہاں موجود ہو۔“‏  اِس لیے عماسا یہوداہ کے آدمیوں کو اِکٹھا کرنے گئے لیکن وہ اُس وقت کے بعد واپس آئے جو بادشاہ نے اُن کے لیے طے کِیا تھا۔  پھر داؤد نے ابیشے سے کہا:‏ ”‏بِکری کا بیٹا سبع ہمیں ابی‌سلوم سے زیادہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اِس لیے اپنے مالک کے خادموں کو لو اور اُس کے پیچھے جاؤ تاکہ وہ کسی فصیل‌دار شہر میں چھپ کر ہمارے ہاتھوں سے بچ نہ جائے۔“‏  پھر یوآب کے آدمی، کِرِیتی، فلیتی اور سارے زورآور آدمی اُس کے پیچھے گئے۔ وہ سب بِکری کے بیٹے سبع کا پیچھا کرنے کے لیے یروشلم سے نکلے۔  جب وہ جِبعون میں بڑے پتھر کے پاس پہنچے تو عماسا اُن سے ملنے آئے۔ یوآب نے اپنا جنگی لباس پہنا ہوا تھا اور اُن کی تلوار اُن کی میان میں تھی جو اُن کی کمر سے بندھی ہوئی تھی۔ جب وہ آگے بڑھے تو تلوار گِر گئی۔‏  یوآب نے عماسا سے کہا:‏ ”‏کیسے ہو میرے بھائی؟“‏ پھر اُنہوں نے اپنے دائیں ہاتھ سے عماسا کی داڑھی ایسے پکڑی جیسے وہ اُنہیں چُومنے لگے ہوں۔ 10  عماسا نے دھیان نہیں دیا کہ یوآب کے ہاتھ میں تلوار ہے۔ یوآب نے تلوار اُن کے پیٹ میں گھونپ دی اور اُن کی آنتیں نکل کر زمین پر گِر گئیں۔ یوآب کو اُن پر دوبارہ وار کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ عماسا ایک ہی وار میں مارے گئے۔ پھر یوآب اور اُن کے بھائی ابیشے بِکری کے بیٹے سبع کے پیچھے گئے۔‏ 11  یوآب کا ایک جوان اُن کے پاس کھڑا ہو گیا اور کہنے لگا:‏ ”‏جو کوئی یوآب کی طرف ہے اور داؤد کے ساتھ ہے، وہ یوآب کے پیچھے آ جائے!‏“‏ 12  اِس دوران عماسا راستے کے بیچ خون میں لت‌پت تڑپ رہے تھے۔ جب اُس آدمی نے دیکھا کہ سب لوگ رُک رہے ہیں تو وہ عماسا کو راستے سے ہٹا کر میدان میں لے گیا۔ پھر اُس نے اُن کے اُوپر ایک کپڑا ڈال دیا کیونکہ اُس نے دیکھا تھا کہ وہاں سے گزرنے والا ہر شخص اُن کے پاس آ کر رُک جاتا تھا۔ 13  جب عماسا کو راستے سے ہٹا دیا گیا تو سارے آدمی یوآب کے ساتھ بِکری کے بیٹے سبع کے پیچھے گئے۔‏ 14  سبع اِسرائیل کے سب قبیلوں سے ہوتا ہوا بیت‌معکہ کے شہر ہابل گیا۔ بِکری لوگ بھی اِکٹھے ہوئے اور اُس کے پیچھے پیچھے وہاں گئے۔‏ 15  یوآب اور اُن کے آدمیوں*‏ نے آ کر بیت‌معکہ کے شہر ہابل کا محاصرہ کر لیا اور اِس تک پہنچنے کے لیے ایک ڈھلان بنائی کیونکہ یہ شہر ایک پُشتے*‏ کے اندر واقع تھا۔ پھر یوآب کے تمام آدمی دیوار کو کمزور کرنے لگے تاکہ اِسے گِرایا جا سکے۔ 16  ایک دانش‌مند عورت نے شہر سے پکار کر کہا:‏ ”‏بھائیو!‏ میری بات سنیں!‏ مہربانی سے یوآب سے کہیں کہ ”‏یہاں آئیں تاکہ مَیں اُن سے کچھ بات کر سکوں۔“‏“‏ 17  اِس پر یوآب اُس عورت کے پاس گئے۔ اُس عورت نے پوچھا:‏ ”‏کیا آپ یوآب ہیں؟“‏ اُنہوں نے جواب دیا:‏ ”‏ہاں۔“‏ اِس پر اُس عورت نے اُن سے کہا:‏ ”‏اپنی اِس خادمہ کی بات سنیں۔“‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏سُن رہا ہوں۔“‏ 18  اُس عورت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا:‏ ”‏پُرانے زمانے میں کہا جاتا تھا:‏ ”‏ہابل جا کر مشورہ لو“‏ اور اِس طرح مسئلہ حل ہو جاتا تھا۔ 19  مَیں اِسرائیل کے صلح‌پسند اور وفادار لوگوں کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ آپ ایک ایسے شہر کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اِسرائیل کے لیے ایک ماں کی طرح ہے۔ آپ یہوواہ کی وراثت کو ختم کرنے*‏ کی کوشش کیوں کر رہے ہیں؟“‏ 20  یوآب نے جواب دیا:‏ ”‏مَیں اِس شہر کو مٹانے اور اِسے تباہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ 21  ایسا ہرگز نہیں ہے۔ اصل میں اِفرائیم کے پہاڑی علاقے کا ایک آدمی ہے جس نے بادشاہ داؤد کے خلاف بغاوت کی ہے۔‏*‏ اُس کا نام سبع ہے اور وہ بِکری کا بیٹا ہے۔ اگر آپ اُس آدمی کو میرے حوالے کر دیں تو مَیں شہر سے چلا جاؤں گا۔“‏ اِس پر اُس عورت نے یوآب سے کہا:‏ ”‏اُس کا سر دیوار سے آپ کی طرف پھینک دیا جائے گا۔“‏ 22  وہ دانش‌مند عورت فوراً سب لوگوں کے پاس اندر گئی اور اُنہوں نے بِکری کے بیٹے سبع کا سر کاٹ کر یوآب کی طرف پھینک دیا۔ اِس پر یوآب نے نرسنگا بجایا اور اُن کے سب آدمی شہر چھوڑ کر اپنے اپنے گھر چلے گئے اور یوآب یروشلم میں بادشاہ کے پاس گئے۔‏ 23  یوآب اِسرائیل کی ساری فوج کے سربراہ تھے۔ یہویدع کے بیٹے بِنایاہ کِرِیتیوں اور فلیتیوں کے سربراہ تھے۔ 24  ادورام اُن کے سربراہ تھے جنہیں بادشاہ کی خدمت کرنے کا حکم دیا جاتا تھا اور اخی‌لُود کے بیٹے یہوسفط شاہی تاریخ‌نویس تھے۔ 25  شِوا مُنشی تھے اور صدوق اور ابی‌آتر کاہن تھے۔ 26  اور عیرا یائیری بھی داؤد کے اعلیٰ وزیر بن گئے۔‏*

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏سینگ“‏
یا شاید ”‏خیمے“‏
یا ”‏یردن“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُن لوگوں“‏
پُشتہ فصیل کے ساتھ حفاظت کے لیے بنائی جانے والی دیوار تھی۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏نگلنے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کے خلاف ہاتھ اُٹھایا ہے۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏داؤد کے کاہن بن گئے۔“‏