مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خوشی کی راہ

اِس راہ کی تلاش

اِس راہ کی تلاش

کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ خوش ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو آپ کی خوشی کی وجہ کیا ہے؟‏ آپ کے گھر والے،‏ آپ کی ملازمت یا آپ کا مذہب؟‏ ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے کسی ایسے منصوبے یا خواہش کے پورے ہونے کا اِنتظار کر رہے ہوں جس سے آپ کو خوشی ملے جیسے کہ پڑھائی مکمل ہونے،‏ اچھی ملازمت ملنے یا نئی گاڑی خریدنے کا۔‏

بہت سے لوگ اُس وقت بڑے خوش ہوتے ہیں جب اُن کا کوئی منصوبہ یا خواہش پوری ہوتی ہے۔‏ لیکن اُن کی یہ خوشی کتنی دیر تک رہتی ہے؟‏ عموماً ایسی خوشی صرف وقتی ہوتی ہے اور یہ بات مایوسی کا باعث بن سکتی ہے۔‏

ایک لغت میں خوشی کو ایک ایسی کیفیت کے طور پر بیان کِیا گیا ہے جس میں ایک شخص خوش‌حال اور صحت‌مند زندگی گزار رہا ہوتا ہے،‏ اُس کا دل مطمئن اور شادمان ہوتا ہے اور اُس کی فطری خواہش ہوتی ہے کہ یہ کیفیت برقرار رہے۔‏

ہمیشہ برقرار رہنے والی کیفیت کے طور پر خوشی کی تعریف یوں بھی کی گئی ہے کہ یہ کسی منزل یا مقصد کو پانے کا نام نہیں بلکہ ایک سفر کا نام ہے۔‏ لہٰذا اگر کوئی شخص کہتا ہے کہ ”‏مجھے اُس وقت خوشی ملے گی جب .‏ .‏ .‏ “‏ تو دراصل وہ اپنی خوشی کو کسی اَور وقت کے لیے ٹال رہا ہوتا ہے۔‏

خوشی کا موازنہ اچھی صحت سے کِیا جا سکتا ہے۔‏ ایک شخص کی صحت اچھی کیسے ہوتی ہے؟‏ کھانے پینے،‏ ورزش کرنے اور طرزِزندگی کے سلسلے میں صحیح معمول برقرار رکھنے سے۔‏ اِسی طرح ایک شخص اُسی صورت میں خوشی حاصل کر سکتا ہے اگر وہ صحیح راہ کا اِنتخاب کرتا ہے یعنی صحیح اصولوں کے مطابق زندگی گزارتا ہے۔‏

مگر ایک شخص کن اصولوں یا خوبیوں کی بِنا پر خوشی کی راہ پر چل سکتا ہے؟‏ اِس سلسلے میں نیچے دی گئی فہرست پر غور کریں۔‏ اگرچہ اِن میں سے چند باتیں دوسروں سے زیادہ اہم ہیں لیکن پھر بھی یہ سب خوشی کی راہ پر چلنے کے لیے ضروری ہیں۔‏

  • قناعت‌پسند اور فراخ‌دل ہوں

  • صحت کا خیال رکھیں اور ہمت پیدا کریں

  • دوسروں سے محبت کریں

  • معاف کریں

  • زندگی کا مقصد جانیں

  • اُمید رکھیں

پاک کلام میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏مبارک [‏یعنی خوش]‏ ہیں وہ .‏ .‏ .‏ جو [‏یہوواہ]‏ کی شریعت پر عمل کرتے ہیں۔‏“‏ (‏زبور 119:‏1‏)‏ آئیں،‏ خدا کے کلام سے کچھ ایسی باتوں پر غور کریں جن پر عمل کر کے ہم خوشی کی راہ پر چل سکتے ہیں۔‏