کیا آپ کو معلوم ہے؟
بادشاہ داؤد کی فوج میں کچھ غیراِسرائیلی آدمی کیوں تھے؟
بادشاہ داؤد کی فوج میں کچھ آدمی ایسے تھے جو اِسرائیلی نہیں تھے۔ مثال کے طور پر صلق عمونی، اُوریاہ حتی اور یتمہ موآبی۔ a (1-توا 11:39، 41، 46) بادشاہ داؤد کی فوج میں ”کِرِیتی اور فلیتی اور . . . جاتی“ بھی شامل تھے۔ (2-سمو 15:18) کِرِیتیوں اور فلیتوں کے بارے میں عام طور پر خیال کِیا جاتا ہے کہ یہ فِلسطینی تھے۔ (حِز 25:16) جاتی فِلسطین کے شہر جات کے باشندے تھے۔—یشو 13:2، 3؛ 1-سمو 6:17، 18۔
لیکن داؤد نے اپنی فوج میں اِن غیراِسرائیلی آدمیوں کو کیوں رکھا؟ کیونکہ داؤد کو پکا یقین تھا کہ یہ آدمی اُن کے وفادار ہیں اور اُن سے بھی بڑھ کر یہوواہ خدا کے۔ مثال کے طور پر کِرِیتیوں اور فلیتیوں کے بارے میں بائبل کی ایک لغت میں لکھا ہے: ”یہ لوگ داؤد کی حکمرانی کے سب سے مشکل وقت میں اُن کے وفادار رہے۔“ اِنہوں نے داؤد کے لیے اپنی وفاداری کیسے ثابت کی؟ جب ’اِسرائیل کے سارے آدمیوں‘ نے سبع کی ”جو بڑا فسادی تھا،“ پیروی کی اور داؤد کو چھوڑ دیا تو کِرِیتی اور فلیتی داؤد سے جُڑے رہے۔ اُنہوں نے اُس بغاوت کو روکنے میں بھی داؤد کا ساتھ دیا جو سبع نے شروع کی تھی۔ (2-سمو 20:1، 2، 7) ایک اَور موقعے پر جب داؤد کے بیٹے ادونیاہ نے اُن کے تخت پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو کِرِیتی اور فلیتی داؤد کے وفادار رہے اور اُنہوں نے سلیمان کو بادشاہ بنانے میں داؤد کی مدد کی جنہیں یہوواہ نے داؤد کے بعد بادشاہ بننے کے لیے چُنا تھا۔—1-سلا 1:24-27، 38، 39۔
ایک اَور غیراِسرائیلی آدمی جس نے بڑی دلیری سے داؤد کا ساتھ دیا، وہ اِتّیجاتی تھا۔ اِتّی اور اُن کے 600 فوجیوں نے اُس وقت داؤد کی مدد کی جب داؤد کے بیٹے ابیسلوم نے اُن سے بغاوت کی اور اِسرائیل کے آدمیوں کو داؤد کے خلاف کر کے اُن کے دل اپنی طرف کر لیے۔ شروع شروع میں داؤد نے اِتّی سے کہا کہ وہ اُن کے لیے نہ لڑیں کیونکہ اِتّی ایک پردیسی ہیں۔ لیکن اِتّی نے داؤد سے کہا: ”زندہ خدا یہوواہ کی قسم اور میرے مالک بادشاہ سلامت کی قسم، جہاں کہیں میرے مالک بادشاہ سلامت جائیں گے، آپ کا خادم بھی وہیں جائے گا پھر چاہے مجھے اپنی جان ہی کیوں نہ قربان کرنی پڑے۔“—2-سمو 15:6، 18-21۔
حالانکہ کِرِیتی، فلیتی اور جاتی غیراِسرائیلی تھے لیکن وہ یہوواہ کو سچا خدا مانتے تھے اور یہ تسلیم کرتے تھے کہ یہوواہ نے داؤد کو بادشاہ کے طور پر چُنا ہے۔ ذرا سوچیں کہ ایسے وفادار آدمیوں کو اپنے ساتھ کھڑا دیکھ کر داؤد یہوواہ کے کتنے شکرگزار ہوئے ہوں گے!
a اِستثنا 23:3-6 میں یہوواہ نے حکم دیا تھا کہ کوئی عمونی یا موآبی بنیاِسرائیل کی جماعت میں داخل نہ ہو۔ لگتا ہے کہ اِس حکم کا اِشارہ اِس بات کی طرف تھا کہ اِن پردیسوں کو وہ تمام قانونی حقوق حاصل نہیں تھے جو بنیاِسرائیل قوم کو ملے ہوئے تھے۔ اِس حکم میں اُنہیں خدا کے بندوں سے میل جول رکھنے یا اُن کے بیچ رہنے سے منع نہیں کِیا گیا تھا۔