مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مطالعے کا مضمون نمبر 34

بائبل کی پیش‌گوئیوں سے سیکھیں

بائبل کی پیش‌گوئیوں سے سیکھیں

‏”‏دانش‌ور سمجھیں گے۔“‏‏—‏دان 12:‏10‏۔‏

گیت نمبر 98‏:‏ خدا کا پاک کلام

مضمون پر ایک نظر a

1.‏ کیا چیز ہماری مدد کر سکتی ہے تاکہ ہمیں بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنے میں مزہ آئے؟‏

 بین نام کے ایک جوان بھائی نے کہا:‏ ”‏مجھے بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔“‏ کیا آپ کو بھی ایسا لگتا ہے؟ یا کیا آپ کو یہ لگتا ہے کہ آپ اِن پیش‌گوئیوں کو کبھی سمجھ نہیں پائیں گے؟ ہو سکتا ہے کہ پیش‌گوئیوں کو پڑھنے اور اِن پر سوچ بچار کرنے میں آپ کو بوریت ہو۔ لیکن جب آپ یہ جان جائیں گے کہ یہوواہ نے اِن پیش‌گوئیوں کو اپنے کلام میں کیوں لکھوایا تو شاید آپ کو بھی اِن پیش‌گوئیوں کو پڑھنے اور اِن پر سوچ بچار کرنے میں مزہ آنے لگے۔‏

2.‏ اِس مضمون میں ہم کس بارے میں بات کریں گے؟‏

2 اِس مضمون میں ہم نہ صرف اِس بارے میں بات کریں گے کہ ہمیں بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کیوں کرنا چاہیے بلکہ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ ہم ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔ پھر ہم دانی‌ایل کی کتاب سے دو پیش‌گوئیوں پر غور کریں گے اور دیکھیں گے کہ اِنہیں اچھی طرح سمجھنے سے ہمیں ابھی کیا فائدہ ہوتا ہے۔‏

ہمیں بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کیوں کرنا چاہیے؟‏

3.‏ اگر ہم بائبل میں لکھی کسی پیش‌گوئی کو اچھی طرح سمجھنا چاہتے ہیں تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟‏

3 بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کو اچھی طرح سمجھنے کے لیے ہمیں کسی سے مدد لینی چاہیے۔ فرض کریں کہ آپ کسی انجان جگہ جا رہے ہیں اور آپ کے ساتھ آپ کا ایک ایسا دوست ہے جو علاقے کو اچھی طرح جانتا ہے۔ اُسے پتہ ہے کہ آپ دونوں کس راستے پر ہیں اور یہ راستہ آپ کو کہاں لے جائے گا۔ بے‌شک آپ بہت خوش ہوں گے کہ آپ کا وہ دوست آپ کے ساتھ ہے۔ یہوواہ بھی ایک ایسے دوست کی طرح ہے اور وہ اچھی طرح جانتا ہے کہ آگے چل کر کیا ہوگا۔ اِس لیے ہمیں بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کو اچھی طرح سمجھنے کے لیے خاکساری سے یہوواہ سے مدد مانگنی چاہیے۔—‏دان 2:‏28؛‏ 2-‏پطر 1:‏19، 20‏۔‏

بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنے سے ہم آنے والے وقت کے لیے خود کو تیار کر سکتے ہیں۔ (‏پیراگراف نمبر 4 کو دیکھیں۔)‏

4.‏ یہوواہ نے اپنے پاک کلام میں پیش‌گوئیاں کیوں لکھوائیں؟ (‏یرمیاہ 29:‏11‏)‏ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

4 والدین کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اُن کے بچوں کا مستقبل اچھا ہو اور یہوواہ بھی چاہتا ہے کہ اُس کے بچوں کا مستقبل خوشیوں بھرا ہو۔ ‏(‏یرمیاہ 29:‏11 کو پڑھیں۔)‏ لیکن یہوواہ یہ بتا سکتا ہے کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ اور اُس کی بتائی باتیں ہمیشہ صحیح ہوتی ہیں۔ اُس نے اپنے کلام میں پیش‌گوئیاں اِس لیے لکھوائیں تاکہ ہمیں پہلے سے پتہ ہو کہ کون سے خاص واقعات ہونے والے ہیں۔ (‏یسع 46:‏10‏)‏ اِس لیے بائبل میں لکھی پیش‌گوئیاں ہمارے آسمانی باپ کی طرف سے نعمت ہیں۔ لیکن آپ اِس بات کا یقین کیوں رکھ سکتے ہیں کہ بائبل میں لکھی پیش‌گوئیاں واقعی پوری ہوں گی؟‏

5.‏ نوجوان بھائی میکس سے کیا سیکھ سکتے ہیں؟‏

5 نوجوان سکول میں ایسے لوگوں سے گِھرے ہوتے ہیں جو بائبل کا یا تو بس تھوڑا بہت احترام کرتے ہیں یا بالکل بھی احترام نہیں کرتے۔ کبھی کبھار اُن کی باتوں یا کاموں کی وجہ سے شاید کسی یہوواہ کے گواہ کے دل میں اپنے عقیدوں کو لے کر شک پیدا ہونے لگے۔ ذرا غور کریں کہ بھائی میکس کے ساتھ کیا ہوا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جب مَیں نوجوان تھا تو مجھے اِس بات پر شک ہونے لگا کہ کیا میرے امی ابو واقعی مجھے سچے مذہب کی تعلیم دے رہے ہیں اور کیا بائبل سچ میں خدا کی طرف سے ہے۔“‏ اُن کے امی ابو نے کیا کِیا؟ بھائی نے کہا:‏ ”‏وہ بہت پُرسکون رہے۔ لیکن مَیں جانتا تھا کہ اُنہیں میری کتنی فکر ہو رہی ہے۔“‏ بھائی میکس کے امی ابو نے بائبل سے اُن کے سوالوں کے جواب دیے۔ لیکن بھائی میکس نے بھی کچھ کِیا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں نے خود بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کو پڑھا اور اِن پر سوچ بچار کیا۔ اور جو کچھ مَیں نے سیکھا تھا، وہ مَیں نے دوسرے نوجوانوں کو بھی بتایا۔“‏ اِس کا کیا فائدہ ہوا؟ بھائی میکس نے کہا:‏ ”‏اِس سب کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ بائبل واقعی خدا کی طرف سے ہے۔“‏

6.‏ اگر اپنے عقیدوں کو لے کر آپ کے دل میں بھی شک پیدا ہوئے ہیں تو آپ کو کیا کرنا چاہیے اور کیوں؟‏

6 اگر بھائی میکس کی طرح آپ کے دل میں اِس بات کو لے کر شک پیدا ہو رہا ہے کہ کیا بائبل میں لکھی باتیں سچ ہیں تو آپ کو شرمندہ نہیں ہونا چاہیے۔ لیکن آپ کو جلدی کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ شک زنگ کی طرح ہوتا ہے۔ اگر اِسے نظرانداز کر دیا جائے تو یہ بہت قیمتی چیزوں کو خراب کر سکتا ہے۔ اپنے ایمان پر لگے زنگ کو ہٹانے کے لیے خود سے پوچھیں:‏ ”‏بائبل میں مستقبل کے حوالے سے جو کچھ بتایا گیا ہے، کیا مجھے اُس پر یقین ہے؟“‏ اگر آپ کو ایسا نہیں لگتا تو بائبل میں لکھی اُن پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کریں جو پوری ہو چُکی ہیں۔ آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟‏

ہمیں بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟‏

دانی‌ایل کی طرح یہوواہ پر اپنے بھروسے کو بڑھانے کے لیے ہمیں خاکساری سے، گہرائی سے اور صحیح مقصد سے بائبل کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ (‏پیراگراف نمبر 7 کو دیکھیں۔)‏

7.‏ دانی‌ایل نے پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنے کے حوالے سے کیسی مثال قائم کی؟ (‏دانی‌ایل 12:‏10‏)‏ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

7 دانی‌ایل نبی نے پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنے کے حوالے سے بہت اچھی مثال قائم کی۔ اُنہوں نے صحیح مقصد سے ایسا کِیا۔ اور وہ مقصد یہ تھا کہ وہ سچائی جاننا چاہتے تھے۔ وہ بہت خاکسار بھی تھے۔ وہ جانتے تھے کہ اگر وہ یہوواہ کے قریب رہیں گے اور اُس کی بات مانیں گے تو وہ پیش‌گوئیوں کو سمجھنے میں اُن کی مدد کرے گا۔ (‏دان 2:‏27، 28؛‏ دانی‌ایل 12:‏10 کو پڑھیں۔)‏ اُنہوں نے یہوواہ پر بھروسا کرنے سے ثابت کِیا کہ وہ خاکسار ہیں۔ (‏دان 2:‏18‏)‏ دانی‌ایل پیش‌گوئیوں کا گہرائی سے مطالعہ بھی کرتے تھے۔ اُن کے پاس اُس وقت جو صحیفے موجود تھے، اُنہوں نے اُن پر تحقیق کی۔ (‏یرم 25:‏11، 12؛‏ دان 9:‏2‏)‏ آپ دانی‌ایل کی مثال پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟‏

8.‏ کچھ لوگ یہ کیوں نہیں مانتے کہ بائبل کی پیش‌گوئیاں پوری ہوں گی لیکن ہمیں کیا کرنا چاہیے؟‏

8 دیکھیں کہ آپ بائبل کی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کس مقصد سے کر رہے ہیں۔‏ کیا آپ ایسا اِس لیے کر رہے ہیں کیونکہ آپ سچائی جاننے کی شدید خواہش رکھتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو یہوواہ آپ کی مدد کرے گا۔ (‏یوح 4:‏23، 24؛‏ 14:‏16، 17‏)‏ لیکن کچھ لوگ بائبل کی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کیوں کرتے ہیں؟ کچھ لوگ شاید ایسا اِس لیے کرتے ہیں کیونکہ وہ اِس بات کے ثبوت ڈھونڈنا چاہتے ہیں کہ بائبل خدا کی طرف سے نہیں ہے۔ اُنہیں لگتا ہے کہ اگر اُنہیں ایسے ثبوت مل جائیں گے تو وہ صحیح غلط کے حوالے سے اپنے معیاروں کے مطابق زندگی گزارنے کا جواز دے پائیں گے۔ لیکن ہمیں بائبل کی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ صحیح مقصد سے کرنا چاہیے۔ اِس کے علاوہ بائبل کی پیش‌گوئیوں کو سمجھنے کے لیے ایک خاص خوبی بھی ہونا ضروری ہے۔‏

9.‏ بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کو سمجھنے کے لیے کون سی خوبی ہونا ضروری ہے؟ وضاحت کریں۔‏

9 خاکسار ہوں۔‏ یہوواہ نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ اُن لوگوں کی مدد کرے گا جو خاکسار ہوں گے۔ (‏یعقو 4:‏6‏)‏ اِس لیے بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کو سمجھنے کے لیے ہمیں دُعا میں یہوواہ سے مدد مانگنی چاہیے۔ اگر ہم خاکسار ہوں گے تو ہم وفادار اور سمجھ‌دار غلام کی طرف سے ملنے والی مدد کو قبول کریں گے جسے یہوواہ نے یہ ذمے‌داری دی ہے کہ وہ صحیح وقت پر ہمیں روحانی کھانا دے۔ (‏لُو 12:‏42‏)‏ یہوواہ منظم خدا ہے اِس لیے ظاہری سی بات ہے کہ وہ اپنے کلام میں لکھی سچائیوں کو سمجھنے میں ہماری مدد کرنے کے لیے ایک ہی ذریعہ اِستعمال کرے گا۔—‏1-‏کُر 14:‏33؛‏ اِفس 4:‏4-‏6‏۔‏

10.‏ آپ نے بہن آستر سے کیا سیکھا ہے؟‏

10 گہرائی سے مطالعہ کریں۔‏ کوئی ایسی پیش‌گوئی چُنیں جو آپ کو بہت پسند ہے اور اُس پر تحقیق کریں۔ ایسا ہی کچھ آستر نام کی ایک بہن نے کِیا۔ اُنہیں وہ پیش‌گوئیاں بہت پسند تھیں جن میں مسیح کے آنے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جب مَیں 15 سال کی تھی تو مَیں ایسے ثبوت ڈھونڈنے لگی جن سے یہ ثابت ہو کہ یہ پیش‌گوئیاں یسوع کے زمانے سے پہلے لکھی گئیں۔“‏ اُنہوں نے بحیرۂ‌مُردار کے طوماروں کے بارے میں جو کچھ پڑھا، اُس سے اُنہیں بہت فائدہ ہوا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اِن میں سے کچھ یسوع کے زمانے سے بھی پہلے لکھے گئے۔ اِس لیے اِن میں جو پیش‌گوئیاں لکھی ہیں، وہ خدا کی طرف سے تھیں۔“‏ بہن آستر نے یہ بھی کہا:‏ ”‏مجھے کچھ باتوں کو سمجھنے کے لیے اِنہیں کئی بار پڑھنا پڑا۔“‏ لیکن بہن آستر بہت خوش تھیں کہ اُنہوں نے ایسا کِیا۔ گہرائی سے کچھ پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کرنے کے بعد اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اب مَیں صاف طور پر دیکھ سکتی تھی کہ بائبل میں لکھی باتیں واقعی سچ ہیں۔“‏

11.‏ خود کو اِس بات پر قائل کرنے سے کہ بائبل میں لکھی باتیں واقعی سچ ہیں، ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟‏

11 جب ہم دیکھتے ہیں کہ خدا کے کلام میں لکھی کچھ پیش‌گوئیاں کیسے پوری ہوئیں تو یہوواہ اور اُس کی ہدایتوں پر ہمارا بھروسا بڑھتا ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ بائبل میں لکھی پیش‌گوئیاں ہماری مدد کرتی ہیں تاکہ ہم مشکلوں کے باوجود بھی اپنا دھیان اُس اچھے مستقبل پر رکھیں جس کے بارے میں بائبل میں بتایا گیا ہے۔ آئیے، کچھ دیر کے لیے دو ایسی پیش‌گوئیوں پر بات کرتے ہیں جو دانی‌ایل نبی نے لکھیں اور جو آج پوری ہو رہی ہیں۔ اِن پیش‌گوئیوں کو اچھی طرح سمجھنے سے ہم اچھے فیصلے لے پائیں گے۔‏

آپ کو لوہے اور مٹی کے پاؤں والی پیش‌گوئی کے بارے میں کیوں جاننا چاہیے؟‏

12.‏ لوہے اور مٹی سے بنے پاؤں کس کی طرف اِشارہ کرتے ہیں؟ (‏دانی‌ایل 2:‏41-‏43‏)‏

12 دانی‌ایل 2:‏41-‏43 کو پڑھیں۔‏ دانی‌ایل نبی نے بادشاہ نبوکدنضر کے جس خواب کا مطلب بتایا، اُس میں بادشاہ نے ایک مورت دیکھی تھی جس کے پاؤں لوہے اور مٹی سے مل کر بنے تھے۔ جب ہم اِس پیش‌گوئی کا موازنہ دانی‌ایل کی کتاب اور مکاشفہ کی کتاب کی دوسری پیش‌گوئیوں سے کرتے ہیں تو ہم یہ سمجھ جاتے ہیں کہ یہ پاؤں امریکہ اور برطانیہ کی حکومت کے اِتحاد کی طرف اِشارہ کرتے ہیں جو کہ آج عالمی طاقت ہے۔ اِس عالمی طاقت کے بارے میں دانی‌ایل نبی نے کہا کہ ”‏سلطنت کچھ قوی اور کچھ ضعیف ہوگی۔“‏ لیکن یہ ضعیف یعنی کمزور کیوں ہے؟ کیونکہ اِس حکومت کی عوام جو نرم مٹی کی طرف اِشارہ کرتی ہے، اِس حکومت کی لوہے جیسی مضبوطی کو کمزور کر دیتی ہے۔‏ b

13.‏ اِس پیش‌گوئی سے ہم کون سی خاص سچائیاں سیکھ جاتے ہیں؟‏

13 دانی‌ایل نے بادشاہ نبوکدنضر کے خواب میں نظر آنے والی مورت اور خاص طور پر اُس کے پاؤں کے بارے میں جو کچھ بتایا، اُس سے ہم بہت سی خاص سچائیاں سیکھ جاتے ہیں۔ پہلی بات یہ کہ امریکہ اور برطانیہ کے اِتحاد نے کچھ معاملوں میں یہ ثابت کِیا ہے کہ یہ بہت مضبوط عالمی طاقت ہے۔ مثال کے طور پر اِس عالمی طاقت نے پہلی اور دوسری عالمی جنگ جیتنے میں بہت اہم کردار ادا کِیا۔ لیکن چونکہ اِس عالمی طاقت کے شہری ایک دوسرے سے اور حکومت کے خلاف لڑتے ہیں اِس لیے یہ کمزور ہے اور کمزور ہوتی جائے گی۔ دوسری بات یہ کہ امریکہ اور برطانیہ کا اِتحاد وہ آخری عالمی طاقت ہے جس کی حکمرانی کے دوران ہی خدا کی بادشاہت ساری اِنسانی حکومتوں کو ختم کر دے گی۔ چاہے دوسری قومیں اِس عالمی طاقت کے خلاف کھڑی ہوتی رہیں، وہ اِس کی جگہ نہیں لے پائیں گی۔ ہم ایسا اِس لیے کہہ سکتے ہیں کیونکہ ”‏پتھر“‏ خدا کی بادشاہت کی طرف اِشارہ کرتا ہے جو مورت کے پاؤں یعنی اُس حصے کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا جو امریکہ اور برطانیہ کی عالمی طاقت کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔—‏دان 2:‏34، 35،‏ 44، 45‏۔‏

14.‏ لوہے اور مٹی کے پاؤں والی پیش‌گوئی کو اچھی طرح سمجھنے سے ہم اچھے فیصلے کیوں لے پائیں گے؟‏

14 کیا آپ کو اِس بات پر یقین ہے کہ لوہے اور مٹی کے پاؤں کے بارے میں دانی‌ایل کی پیش‌گوئی سچی ہے؟ اگر ایسا ہے تو اِس کا اِس بات پر بہت اثر پڑے گا کہ آپ اپنی زندگی کس طرح گزارتے ہیں۔ آپ اِس دُنیا میں چیزیں اور پیسے جمع کرنے کی کوشش میں نہیں لگے رہیں گے کیونکہ آپ یہ یاد رکھیں گے کہ یہ دُنیا بہت جلد ختم ہونے والی ہے۔ (‏لُو 12:‏16-‏21؛‏ 1-‏یوح 2:‏15-‏17‏)‏ اِس پیش‌گوئی کو اچھی طرح سمجھنے سے آپ مُنادی کرنے اور تعلیم دینے کے کام کی اہمیت کو بھی اچھی طرح سمجھ جائیں گے۔ (‏متی 6:‏33؛‏ 28:‏18-‏20‏)‏ اِس پیش‌گوئی کا مطالعہ کرنے کے بعد خود سے پوچھیں:‏ ”‏کیا میرے فیصلوں سے پتہ چلتا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ خدا کی بادشاہت جلد ہی تمام اِنسانی حکومتوں کو ختم کر دے گی؟“‏

آپ کو شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب والی پیش‌گوئی کے بارے میں کیوں جاننا چاہیے؟‏

15.‏ آج ہمارے زمانے میں شاہِ‌شمال اور شاہِ‌جنوب کون ہیں؟ (‏دانی‌ایل 11:‏40‏)‏

15 دانی‌ایل 11:‏40 کو پڑھیں۔‏ دانی‌ایل 11 باب میں دو بادشاہوں یا سیاسی طاقتوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔ اِس پیش‌گوئی کا موازنہ بائبل کی دوسری پیش‌گوئیوں کے ساتھ کرنے سے ہم جان جاتے ہیں کہ شاہِ‌شمال روس اور اُس کے اِتحادی ہیں اور شاہِ‌جنوب امریکہ اور برطانیہ کی عالمی طاقت ہے۔‏ c

اگر ہم یہ سمجھ جائیں گے کہ ”‏شاہِ‌شمال“‏ اور ”‏شاہِ‌جنوب“‏ کی طرف سے ڈھائی جانے والی اذیت کی وجہ سے بائبل کی پیش‌گوئی پوری ہو رہی ہے تو ہمارا ایمان مضبوط ہوگا اور ہم حد سے زیادہ پریشان نہیں ہوں گے۔ (‏پیراگراف نمبر 16-‏18 کو دیکھیں۔)‏

16.‏ خدا کے جو بندے ”‏شاہِ‌شمال“‏ کی حکمرانی کے تحت رہ رہے ہیں، اُنہیں کون سی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے؟‏

16 خدا کے جو بندے شاہِ‌شمال کی حکمرانی کے تحت رہ رہے ہیں، اُنہیں اُس کی طرف سے اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شاہِ‌شمال کی حکمرانی میں رہنے والے یہوواہ کے کچھ گواہوں کو اُن کے ایمان کی وجہ سے مارا پیٹا جاتا ہے اور جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ لیکن وہ اِس سب کی وجہ سے ڈرتے نہیں ہیں۔ ”‏شاہِ‌شمال“‏ کی طرف سے ڈھائی جانے والی اذیت کی وجہ سے اُن کا یہوواہ اور اُس کے کلام پر ایمان اَور مضبوط ہو گیا ہے۔ لیکن کیوں؟ کیونکہ ہمارے یہ بہن بھائی جانتے ہیں کہ یہوواہ کے بندوں پر جو اذیت ڈھائی جا رہی ہے، اُس کی وجہ سے وہ پیش‌گوئی پوری ہو رہی ہے جو دانی‌ایل کی کتاب میں لکھی ہے۔‏ d (‏دان 11:‏41‏)‏ یہ سب جان لینے سے ہمیں بھی مدد ملتی ہے کہ ہم اپنی اُمید کو تھامے رکھیں اور یہوواہ کے وفادار رہنے کے اپنے عزم پر ڈٹے رہیں۔‏

17.‏ خدا کے جو بندے ”‏شاہِ‌جنوب“‏ کی حکومت کے تحت رہ رہے ہیں، اُنہیں کون سی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے؟‏

17 ماضی میں ”‏شاہِ‌جنوب“‏ نے بھی صاف طور پر دِکھایا کہ وہ خدا کے بندوں کے خلاف ہے۔ مثال کے طور پر 20ویں صدی کے شروع میں اُس نے ہمارے بہت سے بھائیوں کو اِس وجہ سے جیل میں ڈال دیا کیونکہ اُنہوں نے کسی اِنسان کی طرف‌داری نہیں کی تھی۔ اور اِسی وجہ سے ہمارے بہت سے بہن بھائیوں کے بچوں کو سکول سے نکال دیا گیا۔ لیکن پچھلے کئی سالوں میں اِس بادشاہ نے اپنی حکمرانی کے تحت رہنے والے خدا کے بہت سے بندوں کے لیے فرق طرح کی مشکل کھڑی کی ہے۔ اُس نے بڑی چالاکی سے یہوواہ کے لیے اُن کی وفاداری کو توڑنے کی کوشش کی ہے۔ مثال کے طور پر الیکشن کے دوران شاید خدا کا ایک بندہ کسی سیاسی پارٹی یا کسی سیاسی رہنما کی طرف‌داری کرنے کی آزمائش میں پڑ جائے۔ شاید وہ ووٹ تو ڈالنے نہ جائے لیکن وہ دل ہی دل میں کسی کی حمایت کرنے لگے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے کاموں سے کسی کی طرف‌داری نہ کریں۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ بھی بہت اہم ہے کہ ہم کسی کی طرف‌داری کرنے کی سوچ کو بھی اپنے ذہن میں نہ آنے دیں۔—‏یوح 15:‏18، 19؛‏ 18:‏36‏۔‏

18.‏ ”‏شاہِ‌شمال“‏ اور ”‏شاہِ‌جنوب“‏ کے بیچ دُشمنی دیکھ کر ہم پر کیا اثر ہوتا ہے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

18 جو لوگ بائبل کی پیش‌گوئیوں پر ایمان نہیں رکھتے، شاید وہ ”‏شاہِ‌جنوب“‏ اور ”‏شاہِ‌شمال“‏ کا مقابلہ دیکھ کر پریشان ہو جائیں۔ (‏دان 11:‏40‏)‏ اِن دونوں ہی بادشاہوں کے پاس اِتنے ہتھیار ہیں کہ وہ پوری زمین کو تباہ کر سکتے ہیں۔ لیکن ہم جانتے ہیں یہوواہ ایسا نہیں ہونے دے گا۔ (‏یسع 45:‏18‏)‏ اِس لیے ہم مستقبل کے حوالے سے پریشان نہیں ہوتے۔ ”‏شاہِ‌شمال“‏ اور ”‏شاہِ‌جنوب“‏ کے بیچ دُشمنی دیکھ کر ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے کیونکہ اُن کی دُشمنی سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ شیطان کی اِس دُنیا کا خاتمہ بہت نزدیک ہے۔‏

پیش‌گوئیوں پر دھیان دیتے رہیں

19.‏ بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کے حوالے سے ہمیں کیا بات یاد رکھنی چاہیے؟‏

19 ہم نہیں جانتے کہ بائبل میں لکھی کچھ پیش‌گوئیاں کیسے پوری ہوں گی۔ دانی‌ایل بھی اُن باتوں کو پوری طرح نہیں سمجھ پائے تھے جو اُنہوں نے لکھی تھیں۔ (‏دان 12:‏8، 9‏)‏ لیکن اگر ہم یہ نہیں سمجھ پاتے کہ بائبل کی کوئی پیش‌گوئی کیسے پوری ہوگی تو اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ پیش‌گوئی سچی نہیں ہے۔ بے‌شک ہم اِس بات کا یقین رکھ سکتے ہیں کہ یہوواہ صحیح وقت پر ہمیں وہ سب کچھ بتائے گا جو اُس وقت ہمارے لیے جاننا ضروری ہوگا، بالکل جیسا اُس نے پہلے کِیا۔—‏عامو 3:‏7‏۔‏

20.‏ جلد ہی بائبل میں لکھی کون سی پیش‌گوئیاں پوری ہوں گی اور ہمیں کیا کرتے رہنا چاہیے؟‏

20 بہت جلد قومیں ”‏امن اور سلامتی“‏ کا اِعلان کریں گی۔ (‏1-‏تھس 5:‏3‏)‏ پھر دُنیا کی سیاسی طاقتیں جھوٹے مذہب پر حملہ کریں گی اور اِسے تباہ کر دیں گی۔ (‏مکا 17:‏16، 17‏)‏ پھر وہ خدا کے بندوں پر حملہ کریں گی۔ (‏حِز 38:‏18، 19‏)‏ اِن واقعات کی وجہ سے ہرمجِدّون کی جنگ شروع ہوگی۔ (‏مکا 16:‏14،‏ 16‏)‏ ہم اِس بات کا یقین رکھ سکتے ہیں کہ یہ سب کچھ بہت جلد ہونے والا ہے۔ لیکن تب تک آئیے، ہم بائبل کی پیش‌گوئیوں پر دھیان دیتے رہیں اور دوسروں کی بھی ایسا کرنے میں مدد کریں۔ اور اِس طرح یہ ثابت کرتے رہیں کہ ہم اپنے آسمانی باپ کے بہت شکرگزار ہیں۔‏

گیت نمبر 95‏:‏ سچائی کی روشنی بڑھتی جا رہی ہے

a چاہے دُنیا کے حالات جتنے بھی بگڑ جائیں، ہم اِس بات پر یقین رکھ سکتے ہیں کہ جلد ہی چیزیں بہتر ہو جائیں گی۔ اپنے اِس یقین کو بڑھانے کے لیے ہم بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعے کر سکتے ہیں۔ اِس مضمون میں بتایا جائے گا کہ ہمیں بائبل میں لکھی پیش‌گوئیوں کا مطالعہ کیوں کرنا چاہیے۔ ہم دو ایسی پیش‌گوئیوں پر بھی بات کریں گے جو دانی‌ایل نے لکھی تھیں اور دیکھیں گے کہ اِن پیش‌گوئیوں کو اچھی طرح سمجھنے سے ہمیں کیسے فائدہ ہوتا ہے۔‏

b ‏”‏مینارِنگہبانی،“‏ 1 جون 2012ء میں مضمون ”‏یہوواہ خدا وہ باتیں ظاہر کرتا ہے ”‏جن کا جلد ہونا ضرور ہے“‏“‏ کے پیراگراف نمبر 7-‏9 کو دیکھیں۔‏

c ‏”‏مینارِنگہبانی،“‏ مئی 2020ء میں مضمون ”‏آج کا شاہِ‌شمال کون ہے؟“‏ کے پیراگراف نمبر 3-‏4 کو دیکھیں۔‏

d ‏”‏مینارِنگہبانی،“‏ مئی 2020ء میں مضمون ”‏آج کا شاہِ‌شمال کون ہے؟“‏ کے پیراگراف نمبر 7-‏9 کو دیکھیں۔‏