کیا آپ کو معلوم ہے؟
جب فِلپّس ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر کے پاس آئے تو اُس وقت وہ کس طرح کے رتھ پر سوار تھا؟
بائبل کے ”ترجمہ نئی دُنیا“ میں جس لفظ کا ترجمہ ”رتھ“ کِیا گیا ہے، اصل زبان میں اُس کا اِشارہ فرق فرق طرح کے رتھوں کی طرف ہو سکتا ہے۔ (اعما 8:28، 29، 38) لیکن ایسا لگتا ہے کہ ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر جس رتھ پر سوار تھا، وہ اُن رتھوں سے بڑا تھا جو جنگوں یا ریس میں اِستعمال ہوتے تھے۔ ذرا غور کریں کہ ایسا کہنے کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں۔
وہ ایتھیوپیائی شخص ایک اعلیٰ افسر تھا جو ایک لمبا سفر طے کر کے آیا تھا۔ ”وہ ایتھیوپیوں کی ملکہ یعنی کنداکے کا ایک اعلیٰ افسر تھا اور اُس کے سارے خزانے کا مختار تھا۔“ (اعما 8:27) قدیم ایتھوپیا میں نئے زمانے کا سوڈان اور مصر کا جنوبی حصہ شامل تھا۔ ہو سکتا ہے کہ اُس اعلیٰ افسر نے پورا سفر اِس رتھ پر نہ کِیا ہو۔ لیکن اِس لمبے سفر کو طے کرنے کے لیے اُس کے پاس کافی سامان ہوگا۔ پہلی صدی عیسوی میں لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے چار پہیوں والے رتھ میں سفر کرتے تھے۔ اعمال کی کتاب پر تبصرہ کرنے والی ایک کتاب میں یہ بتایا گیا ہے: ”ایسے رتھوں میں آپ زیادہ سامان رکھ سکتے تھے، اِس میں سفر کرنا آرامدہ ہوتا تھا اور اِس وجہ سے لوگ زیادہ لمبے سفر کر پاتے تھے۔“—کتاب ”ایکٹس—این ایکسجیٹیکل کمنٹری۔“
جب فِلپّس ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر کے پاس آئے تو وہ کتاب پڑھ رہا تھا۔ اعمال کی کتاب میں لکھے واقعے میں یہ بتایا گیا ہے: ”فِلپّس بھاگ کر اُس کے پاس گئے۔ اُنہوں نے سنا کہ خواجہسرا یسعیاہ نبی کی کتاب کو پڑھ رہا ہے۔“ (اعما 8:30) سفر کرنے کے لیے اِستعمال ہونے والا رتھ آہستہ آہستہ آگے بڑھتا تھا۔ اِس وجہ سے ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر آرام سے یسعیاہ نبی کی کتاب پڑھ رہا تھا اور فِلپّس پیدل اُس تک پہنچ گئے تھے۔
ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر نے ”اِصرار کِیا کہ فِلپّس رتھ پر اُس کے ساتھ بیٹھ جائیں۔“ (اعما 8:31) جو رتھ ریس میں اِستعمال ہوتے تھے، اُن پر سوار لوگ کھڑے ہوتے تھے۔ لیکن سفر کے لیے اِستعمال ہونے والے رتھوں میں شاید اِتنی جگہ ہوتی تھی کہ ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر اور فِلپّس دونوں بیٹھ سکتے تھے۔
اعمال 8 باب میں لکھے واقعے اور قدیم زمانے کے بارے میں ملنے والی معلومات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اب ہماری کتابوں اور ویڈیوز میں ایتھیوپیائی اعلیٰ افسر کو اُن رتھوں سے بڑے رتھ پر سفر کرتے ہوئے دِکھایا جاتا ہے جو جنگوں یا ریس میں اِستعمال ہوتے تھے۔