تجربہ
ہر طرح کے لوگوں کے لیے ہمدردی دِکھائیں
ایک دن نیو زیلینڈ میں رہنے والی ہماری ایک بہن نے jw.org پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں بتایا گیا تھا کہ یہوواہ لوگوں کے لیے ہمدردی صرف محسوس ہی نہیں کرتا بلکہ اپنے کاموں سے اِسے ظاہر بھی کرتا ہے۔ (یسع 63:7-9) اُس نے سوچا کہ اُس نے اِس ویڈیو سے جو کچھ سیکھا ہے، وہ اُس پر عمل کرے گی اور دوسروں کے لیے کچھ کرے گی۔ اُسی دن بعد میں جب وہ گھر کا راشن وغیرہ لینے ایک دُکان پر گئی تو اُسے وہاں ایک عورت نظر آئی جو بےگھر تھی۔ بہن نے اُس عورت سے پوچھا کہ کیا وہ اُسے کھانے کے لیے کچھ خرید کر دے۔ وہ عورت مان گئی۔ جب بہن کھانا لے کر واپس آئی تو اُس نے اُس عورت کو بائبل کا پیغام دیا اور اُسے پرچہ ”کیا ہمیں کبھی مصیبتوں سے چھٹکارا ملے گا؟“ دِکھایا۔
وہ عورت رونے لگی۔ اُس نے بہن کو بتایا کہ اُس کے امی ابو نے اُسے یہوواہ کے بارے میں سکھایا تھا لیکن کئی سال پہلے اُس نے یہوواہ کو چھوڑ دیا۔ مگر کچھ وقت سے وہ یہوواہ سے دُعا کر رہی تھی کہ وہ اُس کی مدد کرے تاکہ وہ اُس کی طرف لوٹ سکے۔اِس لیے بہن نے اُس عورت کو بائبل دی اور وہ بائبل کورس کرنے کے لیے تیار ہو گئی۔ a
ہم بھی یہوواہ کی طرح دوسروں کے لیے ہمدردی دِکھا سکتے ہیں، اپنے رشتےداروں اور کلیسیا کے بہن بھائیوں کے لیے بھی۔ دوسروں کے لیے ہمدردی دِکھانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ہم اُنہیں یہوواہ کے بارے میں بتائیں۔
a یہ جاننے کے لیے کہ آپ اُن لوگوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں جو یہوواہ سے دُور ہو گئے ہیں، ”مینارِنگہبانی،“ جون 2020ء میں مضمون ”میرے پاس واپس آؤ!“ کو دیکھیں۔