باقاعدگی سے بائبل کا مطالعہ کرنے کے لیے مدد
کیا آپ کو ہر ہفتے بائبل کا مطالعہ کرنا مشکل لگتا ہے؟ کیا کبھی کبھار آپ کو اِسے کرنے سے بوریت ہوتی ہے؟ ہم سب ہی کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے۔ لیکن ذرا اُن باتوں کے بارے میں سوچیں جو ہم باقاعدگی سے کرتے ہیں جیسے کہ نہانا دھونا۔ خود کو صاف ستھرا رکھنے میں وقت لگتا ہے اور اِس کے لیے ہمیں کوشش کرنی پڑتی ہے۔ لیکن کیا یہ سچ نہیں کہ اِس کے بعد ہم کتنا تازہدم اور اچھا محسوس کرتے ہیں؟ بائبل کا مطالعہ کرنا بھی ایسے ہی ہے جیسے ہم خود کو ”خدا کے کلام کے پانی سے دھو کر پاک صاف“ کر رہے ہوں۔ (اِفِس 5:26) آئیے کچھ ایسے مشوروں پر غور کریں جو باقاعدگی سے بائبل کا مطالعہ کرنے میں آپ کے کام آ سکتے ہیں۔
ایک وقت طے کریں۔ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنا اُن ’اہم باتوں‘ میں سے ایک ہے جسے مسیحیوں کو بالکل بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ (فِل 1:10) یہ یاد رکھنے کے لیے کہ آپ نے کس دن بائبل کا مطالعہ کرنا ہے، ایک کاغذ پر وہ دن اور وقت لکھ لیں اور پھر اِسے ایسی جگہ لگا دیں جہاں آپ اِسے آسانی سے دیکھ سکیں جیسے کہ نوٹس بورڈ یا فریج پر۔ یا پھر آپ اپنے فون یا ٹیبلٹ پر الارم لگا سکتے ہیں۔
وہ طریقہ اپنائیں جو آپ کے لیے ٹھیک رہے گا۔ سوچیں کہ آپ کے لیے کیا کرنا زیادہ آسان ہے، ہفتے میں ایک دن زیادہ دیر تک بائبل کا مطالعہ کرنا یا پھر ایک دن سے زیادہ بار کرنا مگر تھوڑی دیر کے لیے؟ آپ کے لیے جو بھی آسان ہے، اُسے ذہن میں رکھ کر ہی اپنا شیڈول بنائیں۔ اگر آپ کا دل اُس وقت بائبل کا مطالعہ کرنے کو نہیں چاہتا جب آپ نے ایسا کرنے کا وقت ٹھہرایا ہے تو کیوں نہ صرف دس منٹ کے لیے ہی ایسا کریں؟ صرف دس منٹ تک ہی ایسا کرنا، مطالعہ نہ کرنے سے بہتر ہے۔ اِن دس منٹ میں ہی آپ بہت سی باتیں سیکھ سکتے ہیں۔ اور پھر شاید دس منٹ کے بعد آپ کو مطالعہ کرنے میں اِتنا مزہ آنے لگے کہ آپ اِسے کرتے ہی جائیں۔—فِل 2:13۔
پہلے سے ایک موضوع چُنیں۔ اگر آپ مطالعہ کرنے کے لیے بیٹھیں گے اور اُس وقت سوچیں گے کہ آپ کس موضوع کا مطالعہ کریں گے تو آپ ”اپنے وقت کا بہترین اِستعمال“ نہیں کر رہے ہوں گے۔ (اِفِس 5:16) کیوں نہ پہلے سے اُن مضامین یا موضوعات کی ایک لسٹ بنا لیں جن کا آپ مطالعہ کرنا چاہتے ہیں؟ اور جب بھی آپ کے ذہن میں کوئی ایسا سوال آئے جس کے بارے میں آپ تحقیق کرنا چاہتے ہیں تو اُسے اُس لسٹ میں لکھ لیں۔ ہر بار ذاتی مطالعے کے آخر میں آپ اُس لسٹ میں کچھ اَور بھی ایسی باتیں لکھ سکتے ہیں جن کا آپ مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔
ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کریں۔ یاد رکھیں کہ اہم بات یہ نہیں کہ آپ کب، کتنی دیر اور کس موضوع کا مطالعہ کریں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ ہر ہفتے بائبل کا مطالعہ کریں۔ اور ایسا کرنے کے لیے اگر ضرورت پڑے تو دن اور وقت میں ردوبدل کر لیں۔
ہر ہفتے بائبل کا مطالعہ کرنے سے ہمیں بہت فائدہ ہوگا۔ ہم یہوواہ کے اَور قریب ہو جائیں گے، سمجھداری سے کام لینا سیکھیں گے اور اپنے ایمان کو مضبوط کر پائیں گے۔—یشو 1:8۔