قارئین کے سوال
مسحشُدہ مسیحیوں کو کس بات کی ”ضمانت“ دی جاتی ہے اور اُن پر کیسی ”مُہر“ لگائی جاتی ہے؟—2-کُر 1:21، 22؛ فٹنوٹ۔
ضمانت: ایک لغت کے مطابق 2-کُرنتھیوں 1:22 میں جس یونانی اِصطلاح کا ترجمہ ”ضمانت“ کِیا گیا ہے، ”یہ قانونی اور کاروباری معاملوں میں اِستعمال ہوتی تھی۔ اِس اِصطلاح کا مطلب ہے: پہلی قسط، بیعانہ، پیشگی رقم۔ یہ رقم کسی چیز کی پوری قیمت کا ایک حصہ تھی جو اُس چیز کو حاصل کرنے سے کچھ وقت پہلے ادا کی جاتی تھی۔ اِس رقم کے ذریعے وہ چیز قانونی طور پر خریدنے والے کی ملکیت ہو جاتی تھی یا ایک معاہدہ قانونی حیثیت اِختیار کر لیتا تھا۔“ 2-کُرنتھیوں 5:1-5 میں بتایا گیا ہے کہ مسحشُدہ مسیحیوں کے سلسلے میں پوری رقم اُس وقت ادا ہوتی ہے جب وہ آسمان پر اِنعام پاتے ہیں یعنی غیرفانی جسم کے ساتھ زندہ ہوتے ہیں۔ اِس اِنعام کو پانے کے بعد وہ کبھی نہیں مریں گے۔—1-کُر 15:48-54۔
جس یونانی اِصطلاح کا ترجمہ ”ضمانت“ کِیا گیا ہے، جدید یونانی زبان میں اُس کا تعلق اِصطلاح ”منگنی کی انگوٹھی“ سے ہے۔ اور مسحشُدہ مسیحیوں کے سلسلے میں اِصطلاح ”منگنی کی انگوٹھی“ موزوں بھی ہے کیونکہ اُنہیں ایک گروہ کے طور پر مسیح کی دُلہن کہا گیا ہے۔—2-کُر 11:2؛ مکا 21:2، 9۔
مُہر: پُرانے زمانے میں مُہر ملکیت ظاہر کرنے، معاہدہ طے کرنے اور یہ ظاہر کرنے کے لیے لگائی جاتی تھی کہ ایک چیز خالص یا اصلی ہے۔ مسحشُدہ مسیحیوں پر پاک روح کے ذریعے مُہر لگائی گئی ہے اور یوں وہ خدا کی ملکیت بن گئے ہیں۔ (اِفس 1:13، 14) شروع میں یہ مُہر حتمی نہیں ہوتی۔ دراصل یہ ایک وفادار مسحشُدہ مسیحی کی موت سے کچھ وقت پہلے یا پھر بڑی مصیبت کے شروع ہونے سے کچھ وقت پہلے حتمی مُہر بن جاتی ہے۔—اِفس 4:30؛ مکا 7:2-4۔