مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سچائی کی تعلیم دیں

سچائی کی تعلیم دیں

‏”‏اَے [‏یہوواہ]‏!‏ .‏ .‏ .‏ تیرے کلام کا خلاصہ سچائی ہے۔‏“‏‏—‏زبور 119:‏159،‏ 160‏۔‏

گیت:‏ 34،‏  45

1،‏ 2.‏ ‏(‏الف)‏ یسوع مسیح نے زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت کس کام کو دی اور کیوں؟‏ (‏ب)‏ اگر ہم اچھی طرح ”‏خدا کے ساتھ کام“‏ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟‏

جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے ایک بڑھئی اور بعد میں ایک اُستاد کے طور پر کام کِیا۔‏ (‏مرقس 6:‏3؛‏ یوحنا 13:‏13‏)‏ یسوع اِن دونوں کاموں میں مکمل مہارت رکھتے تھے۔‏ ایک بڑھئی کے طور پر اُنہوں نے یہ سیکھا کہ وہ اپنے اوزاروں کو اِستعمال کر کے لکڑی کی فرق فرق چیزیں کیسے بنا سکتے ہیں۔‏ اور ایک اُستاد کے طور پر اُنہوں نے صحیفوں کے اپنے گہرے علم کو اِستعمال کرتے ہوئے لوگوں کو پاک کلام کی سچائیاں سکھائیں۔‏ (‏متی 7:‏28؛‏ لُوقا 24:‏32،‏ 45‏)‏ جب یسوع 30 سال کے تھے تو اُنہوں نے بڑھئی کا کام چھوڑ دیا اور لوگوں کو تعلیم دینے لگے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ کام سب سے اہم ہے۔‏ اُنہوں نے واضح کِیا کہ خدا نے اُنہیں جس مقصد سے زمین پر بھیجا ہے،‏ اُس میں یہ شامل ہے کہ وہ لوگوں کو بادشاہت کی خوش‌خبری سنائیں۔‏ (‏متی 20:‏28؛‏ لُوقا 3:‏23؛‏ 4:‏43‏)‏ یسوع مسیح کا پورا دھیان مُنادی کے کام پر تھا اور وہ چاہتے تھے کہ دوسرے لوگ بھی اِس کام میں اُن کا ساتھ دیں۔‏—‏متی 9:‏35-‏38‏۔‏

2 ہم میں سے زیادہ‌تر بڑھئی تو نہیں ہیں لیکن ہم سب دوسروں کو بائبل کی تعلیم ضرور دیتے ہیں۔‏ یہ کام اِتنا اہم ہے کہ خدا بھی اِس میں شامل ہے۔‏ یہی وجہ ہے کہ مُنادی کرنے سے ہم ”‏خدا کے ساتھ کام“‏ کرنے والے بن جاتے ہیں۔‏ (‏1-‏کُرنتھیوں 3:‏9؛‏ 2-‏کُرنتھیوں 6:‏4‏)‏ زبورنویس کی طرح ہم بھی یہ مانتے ہیں کہ ”‏[‏یہوواہ کے]‏ کلام کا خلاصہ سچائی ہے۔‏“‏ (‏زبور 119:‏159،‏ 160‏)‏ اِسی لیے ہم اِس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہم ”‏سچائی کے کلام کو صحیح طور پر اِستعمال“‏ کریں۔‏ ‏(‏2-‏تیمُتھیُس 2:‏15 کو پڑھیں۔‏)‏ لہٰذا ہم بائبل کو اِستعمال کرنے کے حوالے سے اپنی مہارتوں کو نکھارتے رہتے ہیں کیونکہ بائبل وہ سب سے اہم اوزار ہے جس کے ذریعے ہم لوگوں کو یہوواہ خدا،‏ یسوع مسیح اور خدا کی بادشاہت کے بارے میں تعلیم دیتے ہیں۔‏ خدا کی تنظیم زیادہ بہتر طریقے سے مُنادی کا کام انجام دینے میں ہماری مدد کرنا چاہتی ہے۔‏ اِس لیے تنظیم نے ہمیں اَور بھی بنیادی اوزار دیے ہیں اور ہمیں اِن اوزاروں کو بھی اچھی طرح اِستعمال کرنا سیکھنا چاہیے۔‏ یہ اوزار ہمارے تعلیم دینے کے اوزار کہلاتے ہیں۔‏

3.‏ ہمیں کس خاص مقصد سے مُنادی کا کام کرنا چاہیے اور اِس حوالے سے اعمال 13:‏48 ہماری کیا مدد کرتی ہے؟‏

3 شاید آپ سوچیں کہ اِن اوزاروں کو ہمارے تعلیم دینے کے اوزار کیوں کہا جاتا ہے،‏ مُنادی کے اوزار کیوں نہیں۔‏ ”‏مُنادی“‏ کرنے کا مطلب کسی پیغام کا اِعلان کرنا ہوتا ہے۔‏ لیکن ”‏تعلیم“‏ دینے سے مُراد اُس پیغام کو دوسرے شخص کے دل‌ودماغ تک پہنچانا ہے تاکہ وہ جو کچھ سیکھے،‏ اُس پر عمل کرنے کی ترغیب پائے۔‏ اِس دُنیا کے خاتمے سے پہلے جو تھوڑا سا وقت رہ گیا ہے،‏ اُس میں ہمیں بائبل کورس شروع کرانے اور لوگوں کو سچائی کی تعلیم دینے پر خاص دھیان دینا چاہیے تاکہ وہ مسیح کے شاگرد بن سکیں۔‏ ایسا کرنے کے لیے ہمیں پوری لگن سے اُن لوگوں کو تلاش کرنا ہوگا ”‏جو ہمیشہ کی زندگی کی راہ پر چلنے کی طرف مائل“‏ ہیں اور پھر ہمیں یہوواہ کے خادم بننے میں اُن لوگوں کی مدد کرنی ہوگی۔‏‏—‏اعمال 13:‏44-‏48 کو پڑھیں۔‏

4.‏ ہم اُن لوگوں کو کیسے تلاش کر سکتے ہیں ”‏جو ہمیشہ کی زندگی کی راہ پر چلنے کی طرف مائل“‏ ہیں؟‏

4 ہم اُن لوگوں کو کیسے تلاش کر سکتے ہیں ”‏جو ہمیشہ کی زندگی کی راہ پر چلنے کی طرف مائل“‏ ہیں؟‏ جیسے کہ پہلی صدی عیسوی میں تھا،‏ آج بھی اِن لوگوں کو تلاش کرنے کا طریقہ مُنادی کا کام کرنا ہے۔‏ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا:‏ ”‏جب آپ کسی شہر یا گاؤں میں داخل ہوں تو دیکھیں کہ کون آپ کو اور آپ کے پیغام کو قبول کرتا ہے۔‏“‏ (‏متی 10:‏11‏)‏ بِلاشُبہ ہم یہ توقع نہیں کرتے کہ ایسے لوگ ہمارے پیغام کو قبول کریں جو مغرور ہیں اور خدا کے بارے میں سیکھنے کا کوئی شوق نہیں رکھتے۔‏ ہم تو ایسے لوگوں کو ڈھونڈتے ہیں جو خاکسار ہیں اور سچائی سیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔‏ ایسے لوگوں کی تلاش کو اُس کام سے تشبیہ دی جا سکتی ہے جو یسوع مسیح ایک بڑھئی کے طور پر کرتے تھے۔‏ یسوع کو کوئی بھی چیز،‏ مثلاً دروازہ یا جُوا بنانے سے پہلے صحیح لکڑی ڈھونڈنی ہوتی تھی۔‏ اِس کے بعد ہی وہ اپنے اوزاروں اور ہنر کو اِستعمال کر کے وہ چیز بنا سکتے تھے۔‏ اِسی طرح آج ہمیں پہلے اُن لوگوں کو تلاش کرنا ہوتا ہے جو خلوصِ‌دل سے خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں اور پھر ہمیں اپنے اوزاروں اور مہارتوں کو اِستعمال کر کے یسوع کے شاگرد بننے میں اُن کی مدد کرنی ہوتی ہے۔‏—‏متی 28:‏19،‏ 20‏۔‏

5.‏ ہمیں اپنے تعلیم دینے کے اوزاروں کے بارے میں کیا جاننے کی ضرورت ہے؟‏ مثال دیں۔‏ (‏اِس مضمون کی پہلی تصویر کو دیکھیں۔‏)‏

5 کسی بھی کاریگر کے پاس جو اوزار ہوتے ہیں،‏ اُن میں سے ہر اوزار کا ایک خاص مقصد ہوتا ہے۔‏ مثال کے طور پر ذرا اُن اوزاروں کے بارے میں سوچیں جو یسوع ایک بڑھئی کے طور پر اِستعمال کرتے تھے۔‏ اُنہیں لکڑی کو ماپنے،‏ اِس پر نشان لگانے،‏ اِسے کاٹنے،‏ اِس میں سوراخ کرنے،‏ اِسے خاص شکل دینے،‏ ہموار بنانے اور اِس کے حصوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے فرق فرق اوزاروں کی ضرورت ہوتی تھی۔‏ اِسی طرح ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں شامل ہر اوزار کا ایک خاص مقصد ہے۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ ہم اِن اہم اوزاروں کو کیسے اِستعمال کر سکتے ہیں۔‏

وہ اوزار جو ہمارا تعارف کرواتے ہیں

6،‏ 7.‏ ‏(‏الف)‏ آپ نے رابطے کے کارڈز کو کیسے اِستعمال کِیا ہے؟‏ (‏ب)‏ اِجلاس کے دعوت‌نامے سے کون سے دو فائدے ہوتے ہیں؟‏

6 رابطے کے کارڈز۔‏ یہ چھوٹے مگر بہت مؤثر اوزار ہیں۔‏ اِن کے ذریعے لوگ اِس بات سے واقف ہوتے ہیں کہ ہم کون ہیں اور اُنہیں ہماری ویب‌سائٹ jw.org کے بارے میں پتہ چلتا ہے۔‏ ہماری ویب‌سائٹ پر وہ ہمارے متعلق مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور بائبل کورس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔‏ اب تک 4 لاکھ سے زیادہ لوگ jw.org پر بائبل کورس کے لیے درخواست دے چُکے ہیں اور ہر روز سینکڑوں اَور درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔‏ آپ اپنے ساتھ رابطے کے کچھ کارڈز رکھ سکتے ہیں اور اِنہیں ایسے لوگوں سے بات کرتے وقت اِستعمال کر سکتے ہیں جو روزمرہ کاموں کے دوران آپ سے ملتے ہیں۔‏

7 دعوت‌نامے۔‏ ہمارے اِجلاس کے دعوت‌نامے پر لکھا ہے:‏ ”‏یہوواہ کے گواہوں سے پاک کلام کی تعلیم حاصل کریں۔‏“‏ اِس کے بعد اِس دعوت‌نامے میں ایسا کرنے کے یہ دو طریقے بتائے گئے ہیں:‏ ”‏ہمارے اِجلاسوں میں آئیں“‏ یا ”‏یہوواہ کے ایک گواہ کے ساتھ بائبل کورس کریں۔‏“‏ اِس طرح اِس دعوت‌نامے میں ہمارا تعارف بھی کروایا گیا ہے اور ”‏جن کو احساس ہے کہ اُنہیں خدا کی رہنمائی کی ضرورت ہے،‏“‏ اُن کو بائبل کورس کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔‏ (‏متی 5:‏3‏)‏ چاہے لوگ ہم سے بائبل کورس کرنا چاہیں یا نہ چاہیں،‏ وہ کبھی بھی ہمارے اِجلاسوں میں آ سکتے ہیں۔‏ جب وہ ایسا کریں گے تو وہ یہ دیکھ پائیں گے کہ ہمارے اِجلاسوں کے ذریعے وہ بائبل سے کتنا کچھ سیکھ سکتے ہیں۔‏

8.‏ ہمیں لوگوں کو یہ دعوت کیوں دیتے رہنا چاہیے کہ وہ کم‌ازکم ایک بار ہمارے اِجلاسوں میں ضرور آئیں؟‏ مثال دیں۔‏

8 ہمیں لوگوں کو یہ دعوت دیتے رہنا چاہیے کہ وہ کم‌ازکم ایک بار ہمارے اِجلاسوں میں ضرور آئیں۔‏ لیکن کیوں؟‏ جب لوگ ہمارے اِجلاسوں میں حاضر ہوتے ہیں تو اُنہیں یہ دیکھنے کا موقع ملتا ہے کہ یہوواہ کے گواہ جھوٹے مذاہب کے برعکس لوگوں کو بائبل سے سچائی سکھاتے ہیں اور خدا کی قُربت حاصل کرنے میں اُن کی مدد کرتے ہیں۔‏ (‏یسعیاہ 65:‏13‏)‏ امریکہ میں رہنے والے ایک میاں بیوی رَے اور لنڈا نے بھی کچھ سال پہلے اِس واضح فرق کو دیکھا۔‏ وہ خدا پر ایمان رکھتے تھے اور اُسے قریب سے جاننا چاہتے تھے۔‏ اِس لیے اُنہوں نے اپنے شہر کے تمام چرچوں میں جانے کا فیصلہ کِیا۔‏ اُنہوں نے طے کِیا کہ وہ اِن دو صورتوں میں ہی کسی چرچ کے رُکن بنیں گے:‏ پہلی یہ کہ اُنہیں اُس چرچ کی عبادت کے دوران کچھ سیکھنے کو ملے اور دوسری یہ کہ اُس چرچ کے ارکان کو دیکھ کر پتہ چلے کہ وہ خدا کی عبادت کرنے والے لوگ ہیں۔‏ چونکہ اُن کے شہر میں کافی سارے چرچ تھے اِس لیے اُنہیں اِن سب چرچوں کو پرکھنے میں کچھ سال لگ گئے۔‏ لیکن اُن کے ہاتھ مایوسی کے سوا کچھ نہ لگا۔‏ اُنہیں نہ تو کچھ سیکھنے کو ملا اور نہ ہی چرچ کے لوگوں کا لباس عبادت کے لحاظ سے موزوں تھا۔‏ جب وہ دونوں اپنے شہر کے آخری چرچ سے نکلے تو لنڈا کام پر چلی گئیں جبکہ رَے گھر کے لیے نکل پڑے۔‏ راستے میں رَے نے ایک کنگڈم ہال دیکھا۔‏ اُنہوں نے سوچا:‏ ”‏مَیں ذرا اندر جا کر دیکھتا ہوں کہ یہاں کیا ہوتا ہے۔‏“‏ یہ جگہ اُن تمام چرچوں سے فرق تھی جہاں وہ اب تک جا چُکے تھے۔‏ کنگڈم ہال میں سبھی اُن کے ساتھ پیار اور دوستانہ انداز سے پیش آئے اور وہاں ہر ایک نے مہذب لباس پہنا ہوا تھا۔‏ رَے سب سے آگے والی قطار میں بیٹھ گئے۔‏ اُنہوں نے عبادت کے دوران جو کچھ سیکھا،‏ اُس نے اُن کے دل کو چُھو لیا۔‏ اُن کی صورتحال ایسے شخص جیسی تھی جس کے بارے میں پولُس رسول نے لکھا کہ وہ پہلی دفعہ مسیحی اِجلاسوں میں آتا ہے اور کہتا ہے:‏ ”‏خدا واقعی آپ کے درمیان ہے!‏“‏ (‏1-‏کُرنتھیوں 14:‏23-‏25‏)‏ اِس کے بعد رَے نے ہر اِتوار اِجلاس میں جانا شروع کر دیا۔‏ پھر وہ ہفتے کے دوران ہونے والے اِجلاس میں بھی باقاعدگی سے جانے لگے۔‏ لنڈا بھی اِجلاسوں میں حاضر ہونے لگیں۔‏ حالانکہ اُن دونوں کی عمر 70 سال سے زیادہ تھی پھر بھی اُنہوں نے بائبل کورس کِیا اور بپتسمہ لے لیا۔‏

وہ اوزار جن سے بات‌چیت کی بنیاد ڈلتی ہے

9،‏ 10.‏ ‏(‏الف)‏ پرچوں کے ذریعے بات کرنا آسان کیوں ہے؟‏ (‏ب)‏ بتائیں کہ پرچہ ‏”‏خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏“‏ کو کیسے اِستعمال کِیا جا سکتا ہے۔‏

9 پرچے۔‏ ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں آٹھ پرچے شامل ہیں۔‏ اِن پرچوں کو اِستعمال کرنا اور اِن کے ذریعے بات‌چیت شروع کرنا بڑا آسان ہے۔‏ 2013ء میں اِن میں سے پہلا پرچہ شائع ہوا اور تب سے اب تک اِن پرچوں کی 5 ارب کاپیاں چھپ چُکی ہیں۔‏ اِن تمام پرچوں کو ایک ہی طرز پر تیار کِیا گیا ہے۔‏ اِس لیے اگر آپ ایک پرچے کو اِستعمال کرنا سیکھ لیتے ہیں تو آپ کو سبھی پرچے اِستعمال کرنے آ جائیں گے۔‏ آپ مُنادی کے دوران کسی پرچے کے ذریعے بات‌چیت کیسے شروع کر سکتے ہیں؟‏

10 فرض کریں کہ آپ کسی شخص کے ساتھ پرچہ ‏”‏خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏‏“‏ پر بات کرنا چاہتے ہیں۔‏ سب سے پہلے اُس شخص کو پرچے کے شروع میں دیا گیا سوال دِکھائیں اور اُس سے پوچھیں:‏ ”‏کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ خدا کی بادشاہت کیا ہے؟‏ آپ کے خیال میں کیا یہ .‏ .‏ .‏ ؟‏“‏ پھر اُس سے پوچھیں کہ وہ اُن تین جوابوں میں سے کون سا جواب چُنے گا جو پرچے پر دیے گئے ہیں۔‏ اُس کے جواب کو صحیح یا غلط کہنے کی بجائے پرچہ کھولیں اور حصہ ”‏پاک کلام کا جواب‏“‏ میں دی گئی آیتوں یعنی دانی‌ایل 2:‏44 اور یسعیاہ 9:‏6 کو پڑھیں۔‏ بات‌چیت کے آخر میں پرچے کے پیچھے حصہ ”‏کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ .‏ .‏ .‏ ‏“‏ میں دیا گیا یہ سوال پوچھیں:‏ ”‏خدا کی بادشاہت کے تحت زندگی کیسی ہوگی؟‏“‏ آپ اِس سوال کا جواب اگلی ملاقات پر دے سکتے ہیں۔‏ جب آپ اُس شخص سے دوبارہ ملتے ہیں تو آپ اُس کے ساتھ بروشر ‏”‏خدا کی طرف سے خوشخبری“‏ کے باب نمبر 7 پر بات کر سکتے ہیں۔‏ بروشر ‏”‏خوشخبری“‏ ہمارے اُن اوزاروں میں شامل ہے جن سے ہم لوگوں کو بائبل کورس شروع کراتے ہیں۔‏

وہ اوزار جو بائبل میں دلچسپی بڑھاتے ہیں

11.‏ ہمارے رسالے کس مقصد کے لیے تیار کیے جاتے ہیں اور ہمیں اِن کے بارے میں کیا جاننے کی ضرورت ہے؟‏

11 رسالے۔‏ ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ اور ‏”‏جاگو!‏“‏ پوری دُنیا میں سب سے زیادہ شائع اور ترجمہ ہونے والے رسالے ہیں۔‏ چونکہ اِن رسالوں کو بہت سے ملکوں میں پڑھا جاتا ہے اِس لیے اِن کے سرِورق کا موضوع ایسا رکھا جاتا ہے جو ہر جگہ لوگوں کی توجہ کھینچ سکے۔‏ ہمیں اِن رسالوں کے ذریعے لوگوں کا دھیان اُن باتوں کی طرف دِلانا چاہیے جو زندگی میں اہم ہیں۔‏ لیکن ایسا کرنے سے پہلے ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ‏”‏جاگو!‏“‏ کس طرح کے لوگوں کے لیے شائع کِیا جاتا ہے اور ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کس طرح کے لوگوں کے لیے۔‏

12.‏ ‏(‏الف)‏ ‏”‏جاگو!‏“‏ کن لوگوں کے لیے تیار کِیا جاتا ہے اور اِس کا کیا مقصد ہے؟‏ (‏ب)‏ آپ کو حال ہی میں ‏”‏جاگو!‏“‏ کو پیش کرنے کے حوالے سے کون سے اچھے تجربے ہوئے ہیں؟‏

12 ‏”‏جاگو!‏“‏ ایسے لوگوں کو ذہن میں رکھ کر تیار کِیا جاتا ہے جو بائبل کا بہت کم یا بالکل بھی علم نہیں رکھتے۔‏ یہ ایسے لوگ ہو سکتے ہیں جو مسیحی تعلیمات سے ناواقف ہیں،‏ مذہب پر اِعتماد نہیں کرتے یا یہ نہیں جانتے کہ بائبل میں دیے گئے مشورے ایک اچھی زندگی گزارنے میں اُن کے کام آ سکتے ہیں۔‏ ‏”‏جاگو!‏“‏ کا ایک اہم مقصد لوگوں کو خالق کے وجود پر قائل کرنا ہے۔‏ (‏رومیوں 1:‏20؛‏ عبرانیوں 11:‏6‏)‏ اِس کا ایک اَور مقصد اِس بات پر لوگوں کا ایمان بڑھانا ہے کہ بائبل ”‏واقعی خدا کا کلام ہے۔‏“‏ (‏1-‏تھسلُنیکیوں 2:‏13‏)‏ 2018ء میں ‏”‏جاگو!‏“‏ کے تین شمارے اِن موضوعات کے تحت شائع ہوئے ہیں:‏ ”‏خوشی کی راہ‏،‏“‏ ”‏12 طریقے اپنائیں؛‏ گھریلو زندگی کو خوش‌گوار بنائیں‏“‏ اور ”‏سوگواروں کے لیے غم سے نکلنے کا راستہ۔‏‏“‏

13.‏ ‏(‏الف)‏ ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا عوامی ایڈیشن کن لوگوں کے لیے تیار کِیا جاتا ہے؟‏ (‏ب)‏ آپ کو حال ہی میں ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کے عوامی ایڈیشن کو پیش کرنے کے حوالے سے کون سے اچھے تجربے ہوئے ہیں؟‏

13 ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کے عوامی ایڈیشن کو شائع کرنے کا سب سے اہم مقصد اُن لوگوں کو بائبل کی سچائیاں سمجھانا ہے جو خدا اور اُس کے کلام کا احترام کرتے ہیں۔‏ ہو سکتا ہے کہ ایسے لوگوں کے پاس بائبل کا تھوڑا بہت علم ہو لیکن وہ اِس کی تعلیمات کو صحیح طرح نہیں سمجھتے۔‏ (‏رومیوں 10:‏2؛‏ 1-‏تیمُتھیُس 2:‏3،‏ 4‏)‏ 2018ء میں اُردو میں شائع ہونے والے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کے عوامی ایڈیشن کا موضوع یہ ہے:‏ ”‏کیا خدا کو آپ کی فکر ہے؟‏‏“‏

وہ اوزار جو لوگوں کو سوچنے کی ترغیب دیتے ہیں

14.‏ ‏(‏الف)‏ ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں جو چار ویڈیوز شامل ہیں،‏ اُن کا کیا مقصد ہے؟‏ (‏ب)‏ آپ کو یہ ویڈیوز دِکھانے کے حوالے سے کون سے اچھے تجربے ہوئے ہیں؟‏

14 ویڈیوز۔‏ یسوع مسیح کے زمانے میں ایک بڑھئی کے پاس صرف ایسے اوزار ہوتے تھے جو ہاتھ سے چلائے جاتے تھے۔‏ مگر آج بڑھیوں کے پاس ایسے اوزار بھی ہوتے ہیں جو بجلی سے چلتے ہیں،‏ مثلاً آرا اور ڈرِل وغیرہ۔‏ اِسی طرح آج ہمارے پاس چھپی ہوئی مطبوعات کے ساتھ ساتھ دلکش ویڈیوز بھی ہیں۔‏ اِن میں سے یہ چار ویڈیوز ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں شامل ہیں:‏ ‏”‏بائبل میں دلچسپی کیوں لیں؟‏‏“‏،‏ ”‏ہم بائبل کورس کیسے کراتے ہیں؟‏‏“‏،‏ ”‏ہماری عبادت‌گاہوں میں کیا ہوتا ہے؟‏‏“‏ اور ‏”‏یہوواہ کے گواہ—‏ہم کون ہیں؟‏‏“‏ جو ویڈیوز دو منٹ سے کم کی ہیں،‏ اُنہیں پہلی ملاقات پر دِکھایا جا سکتا ہے جبکہ جن ویڈیوز کا دورانیہ زیادہ ہے،‏ وہ ایسے لوگوں کو دِکھائی جا سکتی ہیں جن سے ہم واپسی ملاقات کرتے ہیں یا جن کے پاس زیادہ وقت ہوتا ہے۔‏ یہ ویڈیوز بہت شان‌دار اوزار ہیں کیونکہ اِن کے ذریعے لوگوں کو بائبل کورس کرنے اور ہمارے اِجلاسوں میں آنے کی ترغیب مل سکتی ہے۔‏

15.‏ جب لوگ اپنی زبان میں ہماری کوئی ویڈیو دیکھتے ہیں تو اِس کا اُن پر کیا اثر ہوتا ہے؟‏ مثالیں دیں۔‏

15 ہماری ویڈیوز کے حوالے سے ایک مثال پر غور کریں۔‏ ایک بہن ایک عورت سے ملی جو مائکرونیشیا کے جزیرے سے تعلق رکھتی تھی اور یاپیز زبان بولتی تھی۔‏ بہن نے اُسے اُس کی زبان میں ویڈیو ‏”‏بائبل میں دلچسپی کیوں لیں؟‏‏“‏ دِکھائی۔‏ جیسے ہی ویڈیو چلی،‏ وہ عورت حیرت کے مارے بول اُٹھی:‏ ”‏یہ تو میری زبان ہے!‏ مجھے یقین ہی نہیں آ رہا!‏ اِس آدمی کے لہجے سے پتہ چل رہا ہے کہ یہ میرے جزیرے کا رہنے والا ہے۔‏“‏ اِس کے بعد اُس عورت نے کہا کہ jw.org پر جو کچھ بھی اُس کی زبان میں دستیاب ہے،‏ وہ اُسے پڑھے اور دیکھے گی۔‏ (‏اعمال 2:‏8،‏ 11 پر غور کریں۔‏)‏ ایک اَور مثال پر غور کریں۔‏ امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک بہن نے اپنے بھتیجے کو جو کہ کسی دوسرے ملک میں رہتا ہے،‏ اُس کی زبان میں اِسی ویڈیو کا لنک بھیجا۔‏ اُس نے ویڈیو دیکھی اور پھر بہن کو ای‌میل کی:‏ ”‏مجھے خاص طور پر وہ حصہ دلچسپ لگا جس میں بتایا گیا ہے کہ دُنیا شیطان کے قبضے میں ہے۔‏ مَیں نے بائبل کورس کے لیے درخواست دے دی ہے۔‏“‏ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ وہ شخص ایک ایسے ملک میں رہتا ہے جہاں ہمارے کام پر پابندی ہے۔‏

وہ اوزار جو سچائی سکھانے کے لیے اِستعمال ہوتے ہیں

16.‏ اِن بروشرز کو تیار کرنے کا مقصد بتائیں:‏ (‏الف)‏ ‏”‏خدا کی سنیں اور ہمیشہ کی زندگی پائیں۔‏“‏ ‏(‏ب)‏ ‏”‏خدا کی طرف سے خوشخبری۔‏“‏ ‏(‏ج)‏ ‏”‏کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟‏“‏

16 بروشرز۔‏ آپ کسی ایسے شخص کو سچائی کیسے سکھا سکتے ہیں جو بہت کم پڑھ سکتا ہے یا جس کی زبان میں بائبل پر مبنی مطبوعات دستیاب نہیں ہیں؟‏ اِس کے لیے ہم بروشر ‏”‏خدا کی سنیں اور ہمیشہ کی زندگی پائیں‏“‏ اِستعمال کر سکتے ہیں۔‏ * بائبل کورس شروع کرانے کے لیے ایک عمدہ اوزار بروشر ‏”‏خدا کی طرف سے خوشخبری‏“‏ ہے۔‏ آپ صاحبِ‌خانہ کو اِس بروشر کے آخر پر دیے گئے 14 موضوعات دِکھا سکتے ہیں اور اُس سے پوچھ سکتے ہیں کہ وہ کس موضوع پر بات کرنا چاہے گا۔‏ پھر آپ اُس باب سے بائبل کورس شروع کر سکتے ہیں۔‏ کیا آپ نے واپسی ملاقات پر اِس طریقے کو آزمایا ہے؟‏ ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں تیسرا بروشر ‏”‏کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟‏‏“‏ ہے۔‏ یہ بروشر لوگوں کو ہماری تنظیم کے بارے میں معلومات دینے کے لیے تیار کِیا گیا ہے۔‏ بائبل کورس کے دوران اِس بروشر کو اِستعمال کرنے کا طریقہ جاننے کے لیے مارچ 2017ء کا ‏”‏مسیحی زندگی اور خدمت—‏اِجلاس کا قاعدہ‏“‏ دیکھیں۔‏

17.‏ ‏(‏الف)‏ جن کتابوں سے ہم لوگوں کو بائبل کورس کراتے ہیں،‏ اُن کا کیا کیا مقصد ہے؟‏ (‏ب)‏ جو لوگ بپتسمہ لے لیتے ہیں،‏ اُنہیں کیا کرنے کی ضرورت ہے اور کیوں؟‏

17 کتابیں۔‏ جب آپ ایک شخص کو کسی بروشر سے بائبل کورس شروع کراتے ہیں تو آپ جب مناسب سمجھیں،‏ اُس بروشر کی جگہ کتاب ‏”‏پاک کلام کی تعلیم حاصل کریں‏“‏ کو اِستعمال کرنا شروع کر سکتے ہیں۔‏ اِس اوزار کے ذریعے لوگ بائبل کی بنیادی تعلیمات کے بارے میں زیادہ سیکھ سکتے ہیں۔‏ اگر بائبل کورس کرنے والا شخص روحانی لحاظ سے ترقی کرتا ہے اور کتاب ‏”‏پاک کلام کی تعلیم“‏ کو ختم کر لیتا ہے تو اُسے کتاب ‏”‏خدا کی محبت میں قائم رہیں‏“‏ سے بائبل کورس کرائیں۔‏ * اِس اوزار کی مدد سے وہ شخص یہ سیکھ پائے گا کہ وہ روزمرہ زندگی میں بائبل کے اصولوں پر کیسے چل سکتا ہے۔‏ یاد رکھیں کہ اگر کوئی شخص بپتسمہ لے لیتا ہے تو پھر بھی اُسے تب تک بائبل کورس کرنا چاہیے جب تک وہ اِن دونوں کتابوں کو ختم نہیں کر لیتا۔‏ یوں وہ یہوواہ خدا پر اپنے ایمان کو مضبوط کر پائے گا اور اُس کا وفادار رہ پائے گا۔‏‏—‏کُلسّیوں 2:‏6،‏ 7 کو پڑھیں۔‏

18.‏ ‏(‏الف)‏ 1-‏تیمُتھیُس 4:‏16 میں ہماری کیا حوصلہ‌افزائی کی گئی ہے اور اِس ہدایت پر عمل کرنے کا کیا فائدہ ہے؟‏ (‏ب)‏ ہم اپنے تعلیم دینے کے اوزاروں کو کس مقصد کے لیے اِستعمال کرتے ہیں؟‏

18 یہوواہ کے گواہوں کے طور پر ہماری یہ ذمےداری ہے کہ ہم لوگوں کو ”‏سچائی کے پیغام“‏ کی تعلیم دیں جس کے ذریعے اُنہیں ہمیشہ کی زندگی مل سکتی ہے۔‏ (‏کُلسّیوں 1:‏5؛‏ 1-‏تیمُتھیُس 4:‏16 کو پڑھیں۔‏‏)‏ اِسی مقصد کے لیے ہمیں تعلیم دینے کے اوزار دیے گئے ہیں۔‏ اِن اوزاروں میں ہر وہ چیز شامل ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔‏ (‏بکس ”‏ تعلیم دینے کے اوزار‏“‏ کو دیکھیں۔‏)‏ آئیں،‏ اِن اوزاروں کا بہترین اِستعمال کریں۔‏ ہم میں سے ہر ایک خود یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ وہ کب کس اوزار کو اِستعمال کرے گا۔‏ لیکن یاد رکھیں کہ ہمارا مقصد اپنی مطبوعات بانٹنا نہیں ہے اور نہ ہی ہم ایسے لوگوں کو یہ مطبوعات دیتے ہیں جو ہمارے پیغام میں دلچسپی نہیں رکھتے۔‏ ہمارا مقصد تو اُن لوگوں کو یسوع کے شاگرد بنانا ہے جو خاکسار ہیں،‏ خلوصِ‌دل سے خدا کے بارے میں سیکھنا چاہتے ہیں اور ”‏ہمیشہ کی زندگی کی راہ پر چلنے کی طرف مائل“‏ ہیں۔‏—‏اعمال 13:‏48؛‏ متی 28:‏19،‏ 20‏۔‏

^ پیراگراف 16 اگر وہ شخص پڑھ نہیں سکتا تو آپ اُسے بروشر ‏”‏خدا کی سنیں“‏ دے سکتے ہیں۔‏ اِس بروشر میں زیادہ‌تر تصویریں ہیں جنہیں وہ شخص کورس کے دوران آپ کے ساتھ ساتھ دیکھ سکتا ہے۔‏

^ پیراگراف 17 جب کتاب ‏”‏خدا کی محبت“‏ کا آسان ایڈیشن ‏”‏ہاؤ ٹو ریمین اِن گاڈز لَو“‏ اُردو میں دستیاب ہوگا تو اِسے اِستعمال کریں۔‏