مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

روحانی سونے کی تلا‌ش

روحانی سونے کی تلا‌ش

کیا آپ کو کبھی سونے کی ایک ڈلی ملی؟‏ ایسا کم ہی لوگوں کے ساتھ ہوا ہے۔‏ لیکن لاکھوں لوگوں کو اِس سے کہیں زیادہ قیمتی چیز ملی ہے یعنی خدا کے کلام کی سچائیاں جنہیں ”‏خالص سونے سے خریدا نہیں جا سکتا۔‏“‏—‏ایو 28:‏12،‏ 15‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

جو لوگ خلوصِ‌دل سے بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں،‏ وہ ایسے لوگوں کی طرح ہوتے ہیں جو سونے کی تلا‌ش کرتے ہیں کیونکہ وہ بائبل سے نئی باتیں سیکھنے کے لیے سخت محنت کرنے کو تیار ہیں۔‏ آئیں،‏ سونے کو تلا‌ش کرنے کے تین طریقوں پر غور کریں اور دیکھیں کہ یہ بائبل سے نئی باتوں کو تلا‌ش کرنے سے کیسے ملتے جلتے ہیں۔‏

آپ کو سونے کی پہلی ڈلی ملی

تصور کریں کہ آپ پہاڑی علا‌قے میں ایک ندی کے کنارے سیر کر رہے ہیں۔‏ اچانک آپ کو زمین پر کچھ چمکتا دِکھائی دیتا ہے۔‏ جب آپ اِسے اُٹھاتے ہیں تو یہ سونے کی ڈلی ہوتی ہے۔‏ یہ ماچس کی تیلی کے سر سے بھی چھوٹی ہے مگر ایک قیمتی ہیرے سے بھی نایاب ہے۔‏ آپ بہت ہی خوش ہوتے ہیں اور یہ دیکھنے کے لیے فوراً زمین پر نظریں دوڑانے لگتے ہیں کہ کہیں اَور بھی ڈلیاں تو نہیں۔‏

اِسی طرح آپ کو وہ دن ضرور یاد ہوگا جب یہوواہ کے ایک  خادم  نے  آپ کو پہلی بار بائبل سے خوش‌خبری سنائی تھی۔‏ شاید آپ کو وہ لمحہ بھی یاد ہو جب آپ کو روحانی معنوں میں سونے کی پہلی ڈلی ملی تھی۔‏ ہو سکتا ہے کہ اُس وقت آپ نے پہلی بار بائبل میں دیکھا کہ خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏ (‏زبور 83:‏18‏)‏ اور شاید اُسی وقت آپ کو یہ بھی پتہ چلا کہ آپ یہوواہ خدا کے دوست بن سکتے ہیں۔‏ (‏یعقو 2:‏23‏)‏ یہ سُن کر آپ کو فوراً احساس ہوا کہ آپ کو ایک ایسی چیز ملی ہے جو سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔‏ یقیناً آپ کے دل میں اَور بھی نئی باتیں سیکھنے کا شوق پیدا ہوا ہوگا۔‏

آپ کو سونے کے ذخائر ملے

کچھ دریاؤں اور ندیوں کی تہہ میں سونے کے ذرّوں کے ذخائر جمع ہو جاتے ہیں۔‏ لوگ ندی کی تہہ میں موجود ریت اور کنکروں کو تھالی میں چھان چھان کر سونا حاصل کرتے ہیں۔‏ اِس طرح سخت محنت‌مشقت کر کے کبھی کبھی تو وہ سال میں کئی کلوگرام سونا جمع کر لیتے ہیں جس کی قیمت ہزاروں ڈالر کے برابر ہوتی ہے۔‏

جب آپ نے یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کورس شروع کِیا تھا تو شاید آپ کو لگا کہ آپ کو ایک ایسی ندی ملی ہے جس میں بڑی مقدار میں سونے کے ذخائر موجود ہیں۔‏ جوں جوں آپ نے اُن سچائیوں پر سوچ بچار کِیا جو آپ سیکھ رہے تھے،‏ آپ بائبل کے علم سے مالامال ہوتے گئے۔‏ آپ جان گئے کہ آپ یہوواہ خدا کی قربت کیسے حاصل کر سکتے ہیں اور اُس کی محبت میں کیسے قائم رہ سکتے ہیں تاکہ آپ کو ہمیشہ کی زندگی کا انمول اجر مل سکے۔‏—‏یعقو 4:‏8؛‏ یہوداہ 20،‏ 21‏۔‏

کیا آپ بائبل سے نئی نئی باتیں تلا‌ش کرنے کی اُتنی ہی کوشش کرتے ہیں جتنی کہ لوگ سونے کو تلا‌ش کرنے کے لیے کرتے ہیں؟‏

بِلا‌شُبہ آپ نے بھی اُسی لگن سے بائبل میں روحانی ذخائر تلا‌ش کیے ہوں گے جیسے ایک شخص ندیوں میں سونے کے ذخائر تلا‌ش کرتا ہے۔‏ پھر یہوواہ خدا کے کلام کی بنیادی تعلیمات کو سیکھنے کے بعد آپ نے اپنی زندگی اُس کے لیے وقف کر لی اور بپتسمہ لے لیا۔‏—‏متی 28:‏19،‏ 20‏۔‏

تلا‌ش جاری رکھیں

کچھ لوگ چٹانوں میں سونا تلا‌ش کرتے ہیں۔‏ وہ کان کھود کر پتھر نکا‌لتے ہیں اور اِنہیں توڑ کر اِن میں موجود سونے کو الگ کر لیتے ہیں۔‏ اِن پتھروں میں سونا بہت ہی کم مقدار میں ہوتا ہے۔‏ عموماً سونے کی کان سے نکا‌لے جانے والے ایک ٹن پتھروں میں سے صرف 10 گرام سونا نکلتا ہے۔‏ لیکن کان کھودنے والوں کے نزدیک یہ محنت فضول نہیں ہوتی۔‏

اِسی طرح ”‏مسیح کے متعلق اِبتدائی تعلیمات“‏ حاصل کرنے کے بعد ایک شخص کو اَور زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے تاکہ وہ بائبل کا مطالعہ کرتے وقت نئی باتیں اور سبق تلا‌ش کر سکے۔‏ (‏عبر 6:‏1،‏ 2‏)‏ لہٰذا آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ بپتسمہ لینے کے سالوں بعد بھی آپ کو بائبل کا مطالعہ کرنے سے فائدہ ہوتا رہے؟‏

سیکھنے کے شوق کو ماند نہ پڑنے دیں۔‏ بائبل میں بتائی گئی باتوں کی ایک ایک تفصیل پر غور کریں۔‏ خدا کے کلام سے دانش‌مند باتیں اور علم کی ڈلیاں تلا‌ش کرتے رہیں۔‏ (‏روم 11:‏33‏)‏ اپنی زبان میں اُن تمام سہولتوں سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں جو ہماری تنظیم نے بائبل کا مطالعہ کرنے کے لیے فراہم کی ہیں۔‏ اگر آپ کو کسی معاملے کے بارے میں رہنمائی کی ضرورت ہے یا آپ کے ذہن میں بائبل کی تعلیمات کے بارے میں کوئی سوال ہے تو صبر سے تحقیق کریں۔‏ دوسروں سے پوچھیں کہ اُنہیں کن آیتوں اور مضامین سے فائدہ ہوا۔‏ جب آپ بائبل کا مطالعہ کرتے وقت کوئی دلچسپ بات دریافت کرتے ہیں تو دوسروں کو بھی اِس کے بارے میں بتائیں۔‏

ظاہری بات ہے کہ آپ یہ سب کچھ بس اپنے علم کو  بڑھانے  کے  لیے  نہیں کریں گے۔‏ پولُس رسول نے لکھا:‏ ”‏علم غرور پیدا کرتا ہے۔‏“‏ (‏1-‏کُر 8:‏1‏)‏ اِس لیے خاکسار رہنے اور اپنے ایمان کو مضبوط بنانے کی بھرپور کوشش کریں۔‏ اگر آپ باقاعدگی سے خاندانی عبادت اور ذاتی طور پر بائبل کا مطالعہ کریں گے تو آپ کا چال‌چلن یہوواہ خدا کے معیاروں کے مطابق ہوگا اور آپ دوسروں کے لیے بھی اچھی مثال قائم کر سکیں گے۔‏ سب سے بڑھ کر آپ کو خوشی حاصل ہوگی کیونکہ آپ کو سونے سے کہیں زیادہ قیمتی چیز ملی ہے۔‏—‏امثا 3:‏13،‏ 14‏۔‏