مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

قارئین کے سوال

قارئین کے سوال

یسوع کی اِبتدائی زندگی کے بارے میں متی اور لُوقا کے بیانات ایک دوسرے سے فرق کیوں ہیں؟‏

یسوع کی اِبتدائی زندگی کے بارے میں متی اور لُوقا کے بیانات اِس لیے ایک دوسرے سے فرق ہیں کیونکہ اِن دونوں اناجیل کے لکھنے والوں نے واقعات کو فرق فرق زاویوں سے لکھا ہے۔‏

متی کی اِنجیل میں خاص طور پر اُن واقعات کا ذکر کِیا گیا ہے جو یوسف کے ساتھ پیش آئے۔‏ اِس میں بتایا گیا ہے کہ جب یوسف کو پتہ چلا کہ مریم حاملہ ہیں تو اُنہوں نے کیسا ردِعمل ظاہر کِیا؛‏ ایک فرشتے نے خواب میں یوسف کو ساری صورتحال کیسے سمجھائی اور یوسف نے فرشتے کی ہدایات پر کیسے عمل کِیا۔‏ (‏متی 1:‏19-‏25‏)‏ متی کی اِنجیل میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک فرشتے نے خواب میں اُنہیں اپنے خاندان کے ساتھ مصر بھاگ جانے کو کہا اور یوسف نے فرشتے کی ہدایات پر عمل کِیا۔‏ اِس کے بعد متی نے بتایا کہ یوسف نے ایک اَور خواب دیکھا جس میں ایک فرشتے نے اُنہیں ملک اِسرائیل واپس جانے کو کہا اور یوسف نے اپنے خاندان کے ساتھ ناصرت میں رہنے کا فیصلہ کِیا۔‏—‏متی 2:‏13،‏ 14،‏ 19-‏23‏۔‏

لیکن لُوقا کی اِنجیل میں مریم کے ساتھ پیش آنے والے واقعات درج ہیں۔‏ اِس میں بتایا گیا ہے کہ جبرائیل فرشتہ مریم کے پاس آیا؛‏ مریم اپنی رشتےدار الیشبع سے ملنے گئیں اور مریم نے خدا کی حمد کی۔‏ (‏لُوقا 1:‏26-‏56‏)‏ اِس میں اِس بات کا بھی ذکر کِیا گیا ہے کہ شمعون نے مریم کو بتایا کہ مستقبل میں یسوع کو تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‏ اِس کے بعد لُوقا نے اُس واقعے کو بیان کِیا جب یسوع 12 سال کی عمر میں اپنے گھر والوں کے ساتھ ہیکل میں گئے تھے۔‏ اِس واقعے میں بھی لُوقا نے یوسف کے نہیں بلکہ مریم کے الفاظ کا ذکر کِیا اور یہ بتایا کہ مریم پر اِن سارے واقعات کا کتنا اثر ہوا۔‏ (‏لُوقا 2:‏19،‏ 34،‏ 35،‏ 48،‏ 51‏)‏ لہٰذا متی نے بتایا کہ یوسف کے ذہن میں کیا کچھ چل رہا تھا اور اُنہوں نے کیا کیا کِیا جبکہ لُوقا نے بتایا کہ مریم کیا سوچتی تھیں اور اُن کے ساتھ کون سے واقعات پیش آئے۔‏

متی اور لُوقا میں درج یسوع کے نسب‌ناموں میں بھی فرق ہے۔‏ متی کی اِنجیل میں یسوع کا جو نسب‌نامہ درج ہے،‏ اُس میں یوسف کے باپ‌دادا کے بارے میں بتایا گیا ہے۔‏ اِس نسب‌نامے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع،‏ یوسف کے بیٹے ہونے کے ناتے داؤد کے تخت پر بیٹھنے کا قانونی حق رکھتے تھے کیونکہ یوسف،‏ داؤد کے بیٹے سلیمان کی نسل سے تھے۔‏ (‏متی 1:‏6،‏ 16‏)‏ لیکن لُوقا کی اِنجیل میں یسوع کا جو نسب‌نامہ درج ہے،‏ اُس میں مریم کے باپ‌دادا کے بارے میں بتایا گیا ہے۔‏ اِس نسب‌نامے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع ”‏جسم کے اِعتبار سے“‏ داؤد کے تخت پر بیٹھنے کا حق رکھتے تھے۔‏ (‏رومیوں 1:‏3‏،‏ اُردو ریوائزڈ ورشن‏)‏ لیکن کیسے؟‏ اصل میں مریم داؤد کے بیٹے ناتن کی نسل سے تھیں۔‏ (‏لُوقا 3:‏31‏)‏ لیکن لُوقا نے مریم کا ذکر عیلی کی بیٹی کے طور پر کیوں نہیں کِیا؟‏ کیونکہ نسب‌ناموں میں عموماً صرف مردوں کے نام لکھے جاتے تھے۔‏ لہٰذا جب لُوقا نے یوسف کا ذکر عیلی کے بیٹے کے طور پر کِیا تو لوگ یہ سمجھ جاتے ہوں گے کہ یوسف عیلی کے داماد تھے۔‏—‏لُوقا 3:‏23‏۔‏

متی اور لُوقا کی اِنجیلوں میں درج یسوع کے نسب‌ناموں سے ثابت ہوتا ہے کہ یسوع ہی وہ مسیح تھے جن کے آنے کا خدا نے وعدہ کِیا تھا۔‏ یسوع مسیح کے زمانے میں یہ بات بالکل واضح تھی کہ یسوع،‏ داؤد کی نسل سے تھے،‏ یہاں تک کہ شریعت کے عالم اور فریسی بھی اِس بات کو جھٹلا نہیں سکتے تھے۔‏ جب ہم متی اور لُوقا کی اِنجیلوں میں یسوع کے نسب‌ناموں پر غور کرتے ہیں تو ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے اور اِس بات پر ہمارا بھروسا بڑھتا ہے کہ خدا آئندہ بھی اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گا۔‏