مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یادوں کے ذخیرے سے

‏”‏ہمارا اگلا اِجتماع کب ہوگا؟‏“‏

‏”‏ہمارا اگلا اِجتماع کب ہوگا؟‏“‏

یہ نومبر 1932ء کے آخر کی بات ہے۔‏ 10 لاکھ کی آبادی والے شہر میکسیکو سٹی میں صرف ایک ہفتہ پہلے ہی پہلی دفعہ ٹریفک لائٹیں لگائی گئی ہیں۔‏ لیکن اب وہاں کے لوگوں کی دلچسپی ٹریفک لائٹوں کی بجائے کسی اَور چیز میں ہے۔‏ وہ ایک خاص مہمان کا اِنتظار کر رہے ہیں۔‏ ریلوے سٹیشن پر صحافی کیمرے لیے اِسی مہمان کے آنے کے منتظر ہیں۔‏ لیکن یہ مہمان ہے کون؟‏ یہ واچ‌ٹاور سوسائٹی کے صدر جوزف رتھرفورڈ ہیں۔‏ میکسیکو سٹی کے مقامی بہن بھائی بھی بھائی رتھرفورڈ کا خیرمقدم کرنے کے لیے کھڑے ہیں جو اُن کے شہر میں تین روزہ اِجتماع میں شرکت کرنے آئے ہیں۔‏

رسالے ‏”‏دی گولڈن ایج“‏ میں بتایا گیا:‏ ”‏بِلاشُبہ اِس اِجتماع کو میکسیکو میں سچائی پھیلانے کے حوالے سے تاریخ میں ایک خاص اہمیت حاصل ہوگی۔‏“‏ لیکن یہ تو ایک چھوٹا سا اِجتماع تھا جس میں صرف 150 لوگ حاضر ہوئے۔‏ تو پھر یہ اِتنا خاص کیوں تھا؟‏

اِس اِجتماع سے پہلے میکسیکو میں بہت سے لوگ سچائی سے واقف نہیں تھے۔‏ 1919ء سے وہاں چھوٹے چھوٹے اِجتماع منعقد ہو رہے تھے لیکن اِس کے بعد کلیسیاؤں کی تعداد کم ہو گئی تھی۔‏ جب 1929ء میں وہاں برانچ کھولی گئی تو ایسا لگ رہا تھا کہ اب صورتحال بہتر ہو جائے گی۔‏ لیکن اِس کے بعد بھی کچھ مسائل اُٹھ کھڑے ہوئے۔‏ تنظیم نے پہل‌کاروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ مُنادی کے دوران کاروبار نہ کریں۔‏ اِس وجہ سے ایک پہل‌کار اِتنا ناراض ہو گیا کہ اُس نے سچائی کو چھوڑ دیا اور اپنا ایک مذہبی گروپ بنا لیا۔‏ اِسی دوران برانچ کے نگہبان کو بھی تبدیل کِیا گیا کیونکہ اُس کا چال‌چلن ٹھیک نہیں تھا۔‏ ایسے حالات میں میکسیکو کے اُن بہن بھائیوں کو حوصلہ‌افزائی کی ضرورت تھی جو وفاداری سے خدا کی خدمت کر رہے تھے۔‏

میکسیکو کے دورے کے دوران بھائی رتھرفورڈ نے اِجتماع پر دو تقریروں اور ریڈیو پر پانچ لیکچروں کے ذریعے بہن بھائیوں کی حوصلہ‌افزائی کی۔‏ اُس وقت میکسیکو میں بھائیوں نے پہلی دفعہ ریڈیو کے ذریعے خوش‌خبری پھیلائی۔‏ اِجتماع کے بعد برانچ کا نیا نگہبان مقرر کِیا گیا۔‏ بھائی رتھرفورڈ کے دورے کی وجہ سے وہاں کے بہن بھائی جوش سے بھر گئے اور یہوواہ کی برکت کی بدولت اُنہیں مُنادی کا کام جاری رکھنے کی ہمت ملی۔‏

سن 1941ء میں میکسیکو سٹی میں منعقد ہونے والا اِجتماع

اگلے سال یعنی 1933ء میں میکسیکو میں دو اِجتماع منعقد ہوئے؛‏ ایک ریاست ویراکروز میں اور ایک میکسیکو سٹی میں۔‏ بہن بھائی بڑی محنت سے مُنادی کا کام کر رہے تھے اور اُنہیں اِس کے بہت اچھے نتیجے مل رہے تھے۔‏ مثال کے طور پر 1931ء میں میکسیکو میں 82 مبشر تھے۔‏ لیکن 1941ء تک مبشروں کی تعداد 10 گُنا بڑھ چُکی تھی۔‏ اِسی سال میکسیکو سٹی میں منعقد ہونے والے اِجتماع میں 1000 لوگ حاضر ہوئے۔‏

‏”‏گلیوں میں اِشتہاروں کا سیلاب“‏

سن 1943ء میں یہوواہ کے گواہوں نے اِجتماع ”‏آزاد قوم“‏ کا پرچار کرنا شروع کِیا۔‏ یہ اِجتماع میکسیکو کے 12 شہروں میں منعقد ہونا تھا۔‏ * اِس سلسلے میں گواہوں نے خاص قسم کے اِشتہار اِستعمال کیے۔‏ یہ اِشتہار دو بڑے اِشتہاروں کو جوڑ کر بنائے جاتے تھے اور اِنہیں اِس طرح پہنا جاتا تھا کہ ایک اِشتہار سینے پر نظر آتا تھا اور دوسرا کمر پر۔‏ یہوواہ کے گواہ اپنے اِجتماعوں کا پرچار کرنے کے لیے 1936ء سے ایسے اِشتہار اِستعمال کر رہے تھے۔‏

سن 1944ء کے ایک رسالے میں شائع ہونے والی تصویر میں دِکھایا گیا کہ میکسیکو سٹی میں بھائیوں نے اِشتہار پہنے ہوئے ہیں۔‏

میکسیکو سٹی میں اِن اِشتہاروں کے ذریعے اِجتماع کا پرچار کرنے کا کام بہت کامیاب رہا۔‏ اِس حوالے سے اُس وقت کے مشہور رسالے ‏”‏لا ناسیون“‏ میں اِجتماع پر آنے والے گواہوں کے بارے میں لکھا گیا:‏ ”‏پہلے دن اُنہیں کہا گیا کہ وہ اَور لوگوں کو اِجتماع پر آنے کی دعوت دیں۔‏ دوسرے دن اِتنے لوگ آئے کہ اُن کے بیٹھنے کے لیے جگہ کم پڑ گئی۔‏“‏ مگر کیتھولک چرچ کو گواہوں کی یہ کامیابی ایک آنکھ نہ بھائی اور اُنہوں نے گواہوں کی مخالفت شروع کر دی۔‏ لیکن بہن بھائی اِس مخالفت کی وجہ سے خوف‌زدہ نہیں ہوئے بلکہ اُنہوں نے اِجتماع کا پرچار کرنا جاری رکھا۔‏ رسالے ‏”‏لا ناسیون“‏ کے ایک اَور مضمون میں بتایا گیا کہ پورے شہر نے دیکھا کہ گواہ اِشتہار پہنے لوگوں کو اِجتماع پر آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔‏ اِس مضمون میں میکسیکو سٹی کی گلیوں میں موجود بھائیوں کی ایک تصویر شائع کی گئی جس کے نیچے یہ عبارت لکھی تھی:‏ ”‏گلیوں میں اِشتہاروں کا سیلاب۔‏“‏

‏”‏سیمنٹ کے فرش سے زیادہ نرم اور گرم“‏ بستر

اُس زمانے میں زیادہ‌تر گواہوں کو میکسیکو میں منعقد ہونے والے اِجتماعوں میں جانے کے لیے بڑی قربانیاں دینی پڑتی تھیں۔‏ بہت سے بہن بھائی دُور دراز دیہاتوں سے آتے تھے جن کے قریب کوئی سڑک یا ریلوے لائن نہیں تھی۔‏ ایک کلیسیا نے لکھا:‏ ”‏ہمارے علاقے کے قریب سے صرف ایک ہی لائن گزرتی ہے اور وہ ہے ٹیلی‌گراف کی لائن۔‏“‏ لہٰذا بہن بھائی کئی دنوں تک پیدل یا خچروں پر سفر کر کے ٹرین تک پہنچتے اور پھر یہ ٹرین اُنہیں اُس شہر میں لے جاتی جہاں اِجتماع ہونا تھا۔‏

زیادہ‌تر بہن بھائی غریب تھے اور اُن کے لیے اِجتماع پر آنے کا خرچہ اُٹھانا بہت مشکل تھا۔‏ جب وہ اِجتماع کی جگہ پر پہنچتے تو اُن میں سے زیادہ‌تر بہن بھائی مقامی گواہوں کے ساتھ ٹھہرتے جو اُن کے لیے محبت دِکھاتے اور اُن کی مہمان‌نوازی کرتے۔‏ کچھ بہن بھائی کنگڈم ہالوں میں سوتے۔‏ ایک مرتبہ تقریباً 90 بھائی برانچ میں رُکے جہاں وہ کتابوں کے ڈبوں پر سوئے۔‏ سالانہ کتاب میں بتایا گیا کہ وہ بھائی بہت شکرگزار تھے کیونکہ وہ ڈبے ”‏سیمنٹ کے فرش سے زیادہ نرم اور گرم تھے۔‏“‏

وہ گواہ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ جمع ہونے پر اِتنے خوش تھے کہ اُن کی نظر میں وہ قربانیاں کچھ بھی نہیں تھیں جو اُنہوں نے دی تھیں۔‏ آج میکسیکو میں رہنے والے 8 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ یہوواہ کے گواہ بھی ایسی ہی خوشی محسوس کرتے ہیں۔‏ * 1949ء کی سالانہ کتاب میں بتایا گیا کہ بہن بھائیوں نے جو قربانیاں دیں،‏ اُن کی وجہ سے یہوواہ خدا کی عبادت کے لیے اُن کا جوش ٹھنڈا نہیں پڑا۔‏ ہر اِجتماع کے بعد ”‏وہ کافی عرصے تک اُسی اِجتماع کے بارے میں بات‌چیت کرتے رہتے تھے۔‏“‏ وہ بار بار یہی سوال پوچھتے تھے:‏ ”‏ہمارا اگلا اِجتماع کب ہوگا؟‏“‏‏—‏وسطی امریکہ میں ہماری برانچ کی طرف سے۔‏

^ پیراگراف 9 سن 1944ء کی سالانہ کتاب کے مطابق اِس اِجتماع کی وجہ سے یہوواہ کے گواہ میکسیکو میں مشہور ہو گئے۔‏

^ پیراگراف 14 سن 2016ء میں میکسیکو میں 22 لاکھ 62 ہزار 646 لوگ یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب میں حاضر ہوئے۔‏