مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

قارئین کے سوال

قارئین کے سوال

کسی کو بھی یہوواہ کے گواہوں کی مطبوعات کو کسی دوسری ویب‌سائٹ یا سوشل میڈیا پر ڈالنے کی اِجازت کیوں نہیں ہے؟‏

چونکہ ہم لوگوں کو اپنی مطبوعات مُفت فراہم کرتے ہیں اِس لیے کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ وہ اِن مطبوعات کی نقل بنا سکتے ہیں یا اِنہیں دوسری ویب‌سائٹس یا سوشل میڈیا پر ڈال سکتے ہیں۔‏ لیکن اِس کی وجہ سے سنگین مسئلے کھڑے ہو سکتے ہیں اور ایسا کرنے سے ایک شخص ہماری ویب‌سائٹ کے اِستعمال کی شرائط * کی خلاف‌ورزی کرتا ہے۔‏ اِن شرائط میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ کسی کو بھی ”‏اِس ویب‌سائٹ سے تصویریں،‏ الیکٹرانک مطبوعات،‏ ٹریڈمارکس،‏ موسیقی،‏ ویڈیوز یا مضامین کو اِنٹرنیٹ (‏یعنی کسی بھی ویب‌سائٹ،‏ کسی بھی ایسی سائٹ جہاں مواد کو شیئر کِیا جاتا ہے یا کسی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ)‏ پر“‏ ڈالنے کی اِجازت نہیں ہے۔‏ یہ شرائط کیوں ضروری ہیں؟‏

ہماری ویب‌سائٹس پر موجود ہر چیز کاپی‌رائٹ کے تحت ہوتی ہے جس کا مطلب ہے کہ اِس کی قانونی طور پر حفاظت کی جاتی ہے۔‏ یہ بہت ضروری ہے کیونکہ اِس طرح ہمارے شائع‌کردہ مواد کو غلط طریقے سے اِستعمال ہونے سے روکا جاتا ہے۔‏ برگشتہ اشخاص اور دیگر لوگ جو ہمارے کام میں رُکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں،‏ کبھی کبھار ہماری مطبوعات اپنی ویب‌سائٹس پر ڈال دیتے ہیں تاکہ یہوواہ کے گواہوں اور دیگر لوگوں کی توجہ حاصل کر سکیں۔‏ لیکن اِن سائٹس پر وہ ایسا مواد بھی پوسٹ کرتے ہیں جو لوگوں کے ذہن میں ہمارے بارے میں شک پیدا کرتا ہے۔‏ (‏زبور 5:‏6؛‏ امثال 22:‏5‏)‏ کچھ لوگ ہماری ویب‌سائٹس پر موجود مواد یا jw.org کے لوگو کو اِشتہاروں،‏ موبائل ایپس یا دیگر چیزوں کے ساتھ اِستعمال کرتے ہیں جنہیں وہ بیچتے ہیں۔‏ مگر چونکہ ہماری ویب‌سائٹس پر پایا جانے والا مواد کاپی‌رائٹ کے تحت ہوتا ہے اِس لیے ہم ایسے لوگوں کے خلاف عدالت میں جا سکتے ہیں اور اُنہیں ایسا کرنے سے روک سکتے ہیں۔‏ (‏امثال 27:‏12‏)‏ لیکن اگر ہم کچھ لوگوں،‏ یہاں تک کہ اپنے بہن بھائیوں کو بھی ہماری مطبوعات دوسری ویب‌سائٹس پر ڈالنے یا اپنی چیزیں بیچنے کے لیے ہمارے لوگو کو اِستعمال کرنے دیتے ہیں تو اِس سے ایک مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔‏ مسئلہ یہ ہے کہ شاید عدالتیں اُس وقت ہماری کوئی مدد نہ کریں جب ہم مخالفین یا کمپنیوں کے خلاف ہمارے مواد کو غلط طریقے سے اِستعمال کرنے کا مُقدمہ دائر کریں۔‏

اگر ہم jw.org کے علاوہ کہیں اَور سے اپنی مطبوعات ڈاؤن‌لوڈ کرتے ہیں تو یہ خطرناک ہو سکتا ہے۔‏ یہوواہ صرف ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کے ذریعے ہمیں روحانی کھانا فراہم کرتا ہے۔‏ (‏متی 24:‏45‏)‏ اور یہ ”‏غلام“‏ ہم تک روحانی کھانا پہنچانے کے لیے صرف اپنی باضابطہ ویب‌سائٹس یعنی www.pr418.com‏, tv.pr418.com اور wol.pr418.com کو اِستعمال کرتا ہے۔‏ اِس کے علاوہ موبائل فون اور ٹیبلٹ وغیرہ کے لیے ہماری صرف تین باضابطہ ایپس ہیں یعنی ®JW Language‏،‏ ®JW Library اور ®JW Library Sign Language‏۔‏ اِن ویب‌سائٹس یا ایپس پر کوئی اِشتہار یا شیطان کی دُنیا کی طرف سے کوئی چیز نہیں دِکھائی جاتی۔‏ لیکن اگر ہم اپنی مطبوعات کسی دوسری ویب‌سائٹ سے ڈاؤن‌لوڈ کرتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ اِن میں ردوبدل کر دیا گیا ہو۔‏—‏زبور 18:‏26؛‏ 19:‏8‏۔‏

ایک اَور بات یہ ہے کہ اگر ہم اپنی مطبوعات ایسی ویب‌سائٹس پر ڈالتے ہیں جہاں لوگ تبصرے کر سکتے ہیں تو برگشتہ اشخاص اور دیگر لوگوں کو یہوواہ کی تنظیم پر تنقید کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔‏ ہمارے کچھ بہن بھائی ایسے لوگوں کے ساتھ بحث میں اُلجھ جاتے ہیں اور یوں یہوواہ کے نام کی اَور توہین ہوتی ہے۔‏ اِنٹرنیٹ پر ایسی بحث‌وتکرار میں پڑنا ”‏سرکش لوگوں کو نرمی سے“‏ سکھانے کا مناسب طریقہ نہیں ہے۔‏ (‏1-‏تیمُتھیُس 6:‏3-‏5؛‏ 2-‏تیمُتھیُس 2:‏23-‏25‏)‏ اِس کے علاوہ کچھ لوگ ایسی ویب‌سائٹس یا سوشل میڈیا پر ایسے اکاؤنٹس بناتے ہیں جو ہماری تنظیم یا گورننگ باڈی کے بھائیوں کی طرف سے لگتے ہیں۔‏ لیکن یہ سب جعلی ہیں۔‏ گورننگ باڈی کے کسی بھی رُکن کا نہ تو کوئی ذاتی ویب‌پیج ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ۔‏

جب ہم لوگوں کی توجہ jw.org کی طرف دِلاتے ہیں تو ہم ”‏خوش‌خبری کی مُنادی“‏ کے کام کی حمایت کرتے ہیں۔‏ ‏(‏متی 24:‏14‏)‏ ہماری ویب‌سائٹس اور ایپس میں بہتری آتی جا رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر کوئی اِن سے فائدہ حاصل کرے۔‏ اِس لیے ہمیں یہ اِجازت ہے کہ ہم اپنی مطبوعات دوسروں کو ای‌میل کر سکتے ہیں یا اُنہیں اپنی ویب‌سائٹ سے کوئی لنک بھیج سکتے ہیں۔‏ یوں ہم لوگوں کی توجہ ”‏وفادار اور سمجھ‌دار غلام“‏ کی طرف دِلائیں گے جو وہ واحد ذریعہ ہے جسے اِستعمال کر کے یہوواہ ہم تک روحانی کھانا پہنچاتا ہے۔‏

^ پیراگراف 3 اِستعمال کی شرائط کا لنک ہماری ویب‌سائٹ jw.org کے صفحۂ‌اوّل کے آخر پر پایا جاتا ہے۔‏ یہ شرائط ہماری ویب‌سائٹس پر موجود ہر چیز پر لاگو ہوتی ہیں۔‏