مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏’‏اپنی روشنی چمکائیں‘‏ تاکہ یہوواہ کی بڑائی ہو

‏’‏اپنی روشنی چمکائیں‘‏ تاکہ یہوواہ کی بڑائی ہو

‏”‏اپنی روشنی سب لوگوں پر چمکائیں تاکہ وہ .‏ .‏ .‏ آپ کے آسمانی باپ کی بڑائی کریں۔‏“‏‏—‏متی 5:‏16‏۔‏

گیت:‏ 47،‏  9

1.‏ ہمارے پاس خوش ہونے کی کون سی خاص وجہ ہے؟‏

یہ جان کر ہمارے دل باغ باغ ہو جاتے ہیں کہ خدا کے بندے اپنی روشنی چمکا رہے ہیں۔‏ پچھلے سال یہوواہ کے گواہوں نے 1 کروڑ سے زیادہ بائبل کورس کرائے۔‏ اِس کے علاوہ ہمارے پیغام میں دلچسپی لینے والے لاکھوں لوگ یادگاری تقریب میں آئے اور یہ سیکھ پائے کہ یہوواہ نے فدیے کا بندوبست کر کے ہمارے لیے بےاِنتہا محبت ظاہر کی ہے۔‏—‏1-‏یوحنا 4:‏9‏۔‏

2،‏ 3.‏ ‏(‏الف)‏ کون سی بات ہمیں ”‏روشن چراغوں کی طرح“‏ چمکنے سے نہیں روک پاتی؟‏ (‏ب)‏ اِس مضمون میں ہم کیا سیکھیں گے؟‏

2 پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہ فرق فرق زبانیں بولتے ہیں۔‏ اِس کے باوجود ہم ایک متحد خاندان کے طور پر یہوواہ کی بڑائی کرتے ہیں۔‏ (‏مکاشفہ 7:‏9‏)‏ چاہے ہم کوئی بھی زبان بولتے ہوں یا کہیں بھی رہتے ہوں،‏ ہم ”‏اِس دُنیا میں روشن چراغوں کی طرح“‏ چمک سکتے ہیں۔‏—‏فِلپّیوں 2:‏15‏۔‏

3 ہمارے مُنادی کے کام سے،‏ ہمارے مسیحی اِتحاد سے اور ہمارے چوکس رہنے سے یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے اور لوگوں کو سچائی سیکھنے کی ترغیب ملتی ہے۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ ایسا کیسے ہوتا ہے۔‏‏—‏متی 5:‏14-‏16 کو پڑھیں۔‏

سچائی کی طرف آنے میں دوسروں کی مدد کریں

4،‏ 5.‏ ‏(‏الف)‏ مُنادی کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ ہم اَور کیسے اپنی روشنی چمکا سکتے ہیں؟‏ (‏ب)‏ جب ہم دوسروں کے ساتھ اچھی طرح سے بات کرتے ہیں تو اِس کا کیا نتیجہ نکلتا ہے؟‏ (‏اِس مضمون کی پہلی تصویر کو دیکھیں۔‏)‏

4 اپنی روشنی کو چمکانے کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ ہم مُنادی کریں اور شاگرد بنائیں۔‏ (‏متی 28:‏19،‏ 20‏)‏ ‏”‏واچ‌ٹاور،‏“‏ 1 جون 1925ء کے مضمون ”‏تاریکی میں روشنی“‏ میں بتایا گیا تھا:‏ ”‏اِن آخری دنوں میں .‏ .‏ .‏ کوئی بھی شخص اُس وقت تک وفاداری اور خلوص سے مالک کی خدمت نہیں کر سکتا جب تک وہ اپنی روشنی نہیں چمکاتا۔‏“‏ اِس کے بعد اُس مضمون میں لکھا تھا:‏ ”‏ایسا کرنے کے لیے اُسے سب قوموں کے لوگوں کو خوش‌خبری سنانی ہوگی اور خدا کے معیاروں کے مطابق چلنا ہوگا۔‏“‏ مُنادی کے کام کے ساتھ ساتھ ہمارے چال‌چلن سے بھی یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے۔‏ مُنادی کے دوران بہت سے لوگ ہمیں دیکھتے ہیں۔‏ جب ہم صاحبِ‌خانہ اور آنے جانے والے لوگوں کو مسکرا کر دیکھتے ہیں اور اچھے طریقے سے اُن سے سلام دُعا کرتے ہیں تو ہمارے خدا کی ستائش ہوتی ہے اور لوگ ہمارے بارے میں اچھی رائے قائم کرتے ہیں۔‏

ہمارے مُنادی کے کام اور ہمارے چال‌چلن سے یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے۔‏

5 یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں سے کہا:‏ ”‏جب آپ کسی گھر میں داخل ہوں تو گھر والوں کے لیے سلامتی چاہیں۔‏“‏ (‏متی 10:‏12‏)‏ یسوع اور اُن کے رسول جس علاقے میں اکثر مُنادی کرتے تھے،‏ وہاں لوگوں کا اجنبیوں کو اپنے گھر کے اندر بلا لینا عام سی بات تھی۔‏ لیکن آج‌کل دُنیا کے زیادہ‌تر حصوں میں ایسا نہیں ہے۔‏ جب لوگ کسی اجنبی کو اپنے دروازے پر دیکھتے ہیں تو وہ اکثر پریشان ہو جاتے ہیں یا بُرا مان جاتے ہیں۔‏ لیکن اگر ہم دوستانہ انداز میں اور نرمی کے ساتھ لوگوں سے بات کرتے ہیں تو وہ ایسا کم ہی محسوس کرتے ہیں۔‏ آپ نے ضرور دیکھا ہوگا کہ جب آپ کتابوں کی ٹرالی لگا کر گواہی دیتے وقت لوگوں کی طرف مسکرا کر دیکھتے ہیں اور دوستانہ طریقے سے اُن سے بات کرتے ہیں تو وہ بِلاجھجک آپ کے پاس آتے ہیں اور آپ سے کتابیں وغیرہ لے کر جاتے ہیں۔‏ کبھی کبھار تو وہ آپ کے ساتھ بات‌چیت کرنا بھی شروع کر دیتے ہیں۔‏

6.‏ ایک عمررسیدہ جوڑے نے کیا کِیا تاکہ وہ مُنادی کے کام میں مسلسل حصہ لے سکے؟‏

6 اِنگلینڈ میں رہنے والے ایک عمررسیدہ میاں بیوی خراب صحت کی وجہ سے گھر گھر مُنادی کے کام میں پہلے جتنا حصہ نہیں لے سکتے۔‏ اِس لیے وہ اپنے گھر کے باہر ایک میز پر کچھ مطبوعات رکھ دیتے ہیں۔‏ چونکہ وہ ایک سکول کے قریب رہتے ہیں اور بہت سے والدین چھٹی کے وقت اپنے بچوں کو سکول سے لینے آتے ہیں اِس لیے وہ میز پر ایسی کتابیں اور رسالے رکھتے ہیں جن میں والدین کو دلچسپی ہو سکتی ہے۔‏ کچھ والدین نے اُن سے مطبوعات لی ہیں جن میں کتاب ‏”‏کویسچنز ینگ پیپل آسک—‏آنسرز دیٹ ورک“‏ کی جِلد 1 اور 2 شامل ہے۔‏ اُس جوڑے کی کلیسیا سے ایک پہل‌کار بہن اکثر اِس کام میں اُن کا ساتھ دیتی ہے۔‏ اُس بہن کے دوستانہ رویے اور اُس جوڑے کی مخلصانہ کوششوں سے متاثر ہو کر ایک والد نے تو بائبل کورس بھی شروع کر دیا ہے۔‏

7.‏ آپ اپنے علاقے میں رہنے والے پناہ‌گزینوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏

7 حالیہ سالوں میں بہت سے لوگوں کو اپنا ملک چھوڑنا پڑا ہے اور اب وہ دوسرے ملکوں میں پناہ‌گزینوں کے طور پر رہ رہے ہیں۔‏ آپ اپنے علاقے میں رہنے والے پناہ‌گزینوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں تاکہ وہ یہوواہ کے بارے میں سیکھ سکیں؟‏ سب سے پہلے تو آپ اُن کی زبان میں سلام دُعا کرنا سیکھ سکتے ہیں۔‏ ہماری تنظیم نے ایک ایپ تیار کی ہے جس کی مدد سے دوسری زبانیں سیکھی جا سکتی ہیں۔‏ اِس ایپ کے ذریعے آپ اپنے علاقے میں رہنے والے پناہ‌گزینوں کی زبان کے کچھ جملے سیکھ سکتے ہیں تاکہ وہ آپ کی طرف متوجہ ہوں اور آپ سے بات‌چیت کر سکیں۔‏ پھر آپ jw.org سے اُنہیں اُن کی زبان میں ویڈیوز اور مطبوعات دِکھا سکتے ہیں۔‏—‏اِستثنا 10:‏19‏۔‏

8،‏ 9.‏ ‏(‏الف)‏ زندگی اور خدمت والے اِجلاس سے ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے؟‏ (‏ب)‏ والدین اپنے بچوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں تاکہ وہ اِجلاس کے دوران اچھے جواب دے سکیں؟‏

8 یہوواہ نے ہمیں ہر وہ چیز فراہم کی ہے جس کی مدد سے ہم مؤثر طریقے سے مُنادی کا کام کر سکتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر زندگی اور خدمت والے اِجلاس کے ذریعے ہم زیادہ اِعتماد سے واپسی ملاقاتیں کرنا اور بائبل کورس کرانا سیکھ سکتے ہیں۔‏

9 جب لوگ ہمارے اِجلاسوں میں آتے ہیں تو وہ اکثر ہمارے بچوں کے جوابوں کو سُن کر بڑے متاثر ہوتے ہیں۔‏ لہٰذا والدین،‏ اپنے بچوں کی مدد کریں تاکہ وہ اِجلاس کے دوران اپنے الفاظ میں جواب دے سکیں۔‏ بچوں کو دل سے اپنے ایمان کا اِظہار کرتے دیکھ کر کچھ لوگوں کو تو سچائی قبول کرنے کی ترغیب بھی ملی ہے۔‏—‏1-‏کُرنتھیوں 14:‏25‏۔‏

اپنے اِتحاد کو مضبوط کریں

10.‏ خاندانی عبادت کرنے سے خاندان کا اِتحاد کیسے مضبوط ہوتا ہے؟‏

10 اپنی روشنی چمکانے کا ایک اَور طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے خاندان اور کلیسیا میں اِتحاد کو فروغ دیں۔‏ مثال کے طور پر والدین اپنے خاندان کو متحد رکھنے کے لیے اپنے بچوں کے ساتھ باقاعدگی سے خاندانی عبادت کر سکتے ہیں۔‏ بہت سے خاندانوں میں سب افراد مل کر جےڈبلیو براڈکاسٹنگ کا ماہانہ پروگرام دیکھتے ہیں اور پھر بات کرتے ہیں کہ وہ اُن نکتوں پر کیسے عمل کر سکتے ہیں جو اُنہوں نے سیکھے ہیں۔‏ والدین،‏ یاد رکھیں کہ ایک بچے کو فرق معاملوں میں رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے اور ایک نوجوان کو فرق معاملوں میں۔‏ لہٰذا پوری کوشش کریں کہ آپ کے خاندان کا ہر فرد خاندانی عبادت سے بھرپور فائدہ حاصل کرے۔‏—‏زبور 148:‏12،‏ 13‏۔‏

بوڑھے بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزارنے سے ہمیں بہت فائدہ ہوگا۔‏ (‏پیراگراف 11 کو دیکھیں۔‏)‏

11-‏13.‏ ہم کلیسیا کے اِتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟‏

11 اگر آپ نوجوان ہیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ کلیسیا کا اِتحاد بڑھے اور دوسروں کو اپنی روشنی چمکانے کی ترغیب ملے؟‏ ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ بوڑھے بہن بھائیوں کے ساتھ دوستی کریں۔‏ آپ اُن سے پوچھ سکتے ہیں کہ کس چیز نے اُن کی مدد کی کہ وہ اِتنے سال تک وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کر سکے۔‏ اُن کی باتوں سے آپ کو بہت سے اہم سبق سیکھنے کو مل سکتے ہیں۔‏ اِس طرح آپ کی بھی حوصلہ‌افزائی ہوگی اور اُن کا بھی حوصلہ بڑھے گا۔‏ اِس کے علاوہ چاہے ہم نوجوان ہوں یا بوڑھے،‏ ہم سب ہمارے اِجلاسوں میں آنے والے لوگوں کا اچھے طریقے سے خیرمقدم کر سکتے ہیں۔‏ ہم خوش‌مزاجی سے اُن سے مل سکتے ہیں،‏ سیٹ ڈھونڈنے میں اُن کی مدد کر سکتے ہیں اور اُنہیں دوسروں سے ملوا سکتے ہیں۔‏ اِس طرح وہ خود کو اجنبی محسوس نہیں کریں گے بلکہ اُنہیں اپنائیت کا احساس ہوگا۔‏

12 اگر آپ کو مُنادی کے اِجلاس کی پیشوائی کرنے کی ذمےداری دی جاتی ہے تو یہ کوشش کریں کہ عمررسیدہ بہن بھائی آسانی سے مُنادی کا کام کر سکیں۔‏ اُنہیں ایسے علاقے میں بھیجیں جہاں اُنہیں زیادہ مشکل پیش نہ آئے۔‏ آپ کسی نوجوان کو اُن کے ساتھ بھیج سکتے ہیں تاکہ وہ اُن کا خیال رکھ سکے۔‏ جو بہن بھائی عمررسیدہ ہیں یا صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں،‏ وہ اکثر اِس بات سے بےحوصلہ ہو جاتے ہیں کہ وہ مُنادی کے کام میں پہلے جتنا حصہ نہیں لے سکتے۔‏ لیکن اُنہیں یہ دیکھ کر بہت اچھا لگے گا کہ آپ کو اُن کی فکر ہے اور آپ اُن کی صورتحال کو سمجھتے ہیں۔‏ چاہے کوئی بہن بھائی نوجوان ہو یا بوڑھا؛‏ نیا نیا سچائی میں آیا ہو یا کئی سال سے یہوواہ کا گواہ ہو،‏ آپ کی فکرمندی اور احساس کو دیکھ کر اُسے لگن سے خدا کی خدمت کرتے رہنے کی ترغیب ملے گی۔‏—‏احبار 19:‏32‏۔‏

کیا آپ بہن بھائیوں کے لیے ’‏اپنے دل میں زیادہ جگہ‘‏ بنا سکتے ہیں؟‏

13 بنی‌اِسرائیل کو مل کر یہوواہ کی عبادت کرنے سے بہت خوشی ملتی تھی۔‏ زبورنویس نے لکھا:‏ ”‏کیسی اچھی اور خوشی کی بات ہے کہ بھائی باہم مل کر رہیں۔‏“‏ ‏(‏زبور 133:‏1،‏ 2 کو پڑھیں۔‏)‏ اُس نے خدا کے بندوں کے اِتحاد کو مسح کرنے کے تیل سے تشبیہ دی جو خوشبودار ہوتا ہے اور جِلد کو تروتازہ رکھتا ہے۔‏ ہم بھی اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ شفقت اور مہربانی سے پیش آنے سے اُنہیں تازہ‌دم کر سکتے ہیں اور کلیسیا کے اِتحاد کو مضبوط کر سکتے ہیں۔‏ اگر آپ پہلے سے ہی ایسا کر رہے ہیں تو یہ قابلِ‌تعریف بات ہے۔‏ لیکن کیا آپ بہن بھائیوں کے لیے ’‏اپنے دل میں زیادہ جگہ‘‏ بنا سکتے ہیں؟‏—‏2-‏کُرنتھیوں 6:‏11-‏13‏۔‏

14.‏ آپ اپنے آس‌پڑوس میں اپنی روشنی کیسے چمکا سکتے ہیں؟‏

14 آپ اپنے آس‌پڑوس میں بھی اپنی روشنی چمکا سکتے ہیں۔‏ اگر آپ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مہربانی سے پیش آتے ہیں تو اُن کے دل میں یہوواہ کے بارے میں سیکھنے کی خواہش پیدا ہو سکتی ہے۔‏ خود سے پوچھیں:‏ ”‏میرے پڑوسیوں کی میرے بارے میں کیا رائے ہے؟‏ کیا مَیں اپنے گھر اور آس‌پاس کی جگہ کو صاف ستھرا رکھتا ہوں؟‏ کیا مَیں ضرورت کے وقت اپنے پڑوسیوں کی مدد کرتا ہوں؟‏“‏ دوسرے بہن بھائیوں سے بات‌چیت کرتے وقت اُن سے پوچھیں کہ جب اُنہوں نے اپنے رشتےداروں،‏ پڑوسیوں،‏ اپنے ساتھ ملازمت کرنے والوں یا اپنے ہم‌جماعتوں کے لیے مہربانی ظاہر کی اور اچھے چال‌چلن کا مظاہرہ کِیا تو اِس کا اُن پر کیا اثر ہوا۔‏—‏اِفسیوں 5:‏9‏۔‏

چوکس رہیں

15.‏ ہمیں چوکس کیوں رہنا چاہیے؟‏

15 اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری روشنی آب‌وتاب سے چمکتی رہے تو ہمیں اِس آخری زمانے میں رہتے ہوئے وقت کی نزاکت کو سمجھنا ہوگا۔‏ یسوع نے کئی بار اپنے شاگردوں سے کہا:‏ ”‏چوکس رہیں۔‏“‏ (‏متی 24:‏42؛‏ 25:‏13؛‏ 26:‏41‏)‏ اگر ہم یہ سوچنے لگ جائیں گے کہ ”‏بڑی مصیبت“‏ بہت دُور ہے تو ہم دوسروں کو یہوواہ کے بارے میں سکھانے کے ہر موقعے سے فائدہ نہیں اُٹھائیں گے۔‏ (‏متی 24:‏21‏)‏ پھر ہماری روشنی آب‌وتاب سے چمکنے کی بجائے مدھم ہوتی جائے گی اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ روشنی ختم ہو جائے۔‏

16،‏ 17.‏ ہم چوکس رہنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟‏

16 اِس دُنیا کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں اِس لیے ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔‏ ہم جانتے ہیں کہ خاتمہ عین اُسی وقت آئے گا جو یہوواہ نے ٹھہرایا ہوا ہے۔‏ (‏متی 24:‏42-‏44‏)‏ البتہ تب تک ہمیں صبر سے کام لینا ہوگا اور مستقبل پر دھیان دینا ہوگا۔‏ لہٰذا روزانہ بائبل پڑھیں اور دُعا کرنا کبھی نہ چھوڑیں۔‏ (‏1-‏پطرس 4:‏7‏)‏ اُن بہن بھائیوں کی زندگی سے سیکھیں جنہوں نے سالوں تک وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کی ہے۔‏ اِس حوالے سے آپ ہماری مطبوعات میں بہن بھائیوں کی آپ‌بیتیاں بھی پڑھ سکتے ہیں۔‏

17 یہوواہ کی خدمت میں مشغول رہیں۔‏ دوسروں کی بھلائی کے لیے کام کریں اور بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزاریں۔‏ ایسا کرنے سے آپ کو خوشی ملے گی اور وقت گزرنے کا پتہ بھی نہیں چلے گا۔‏ (‏اِفسیوں 5:‏16‏)‏ یہوواہ کے بندوں نے پچھلے 100 سال میں بہت سی کامرانیاں حاصل کی ہیں۔‏ اور اب وہ پہلے سے بھی زیادہ مصروف ہیں۔‏ یہوواہ کا کام اِتنے وسیع پیمانے پر ہو رہا ہے کہ ہم نے اِس کا تصور بھی نہیں کِیا تھا۔‏ ہماری روشنی واقعی بڑے زبردست طریقے سے چمک رہی ہے!‏

جب بزرگ ہمارے پاس آ کر بائبل سے ہماری حوصلہ‌افزائی کرتے ہیں تو ہمیں اُن کی مدد سے بہت فائدہ ہو سکتا ہے۔‏ (‏پیراگراف 18،‏ 19 کو دیکھیں۔‏)‏

18،‏ 19.‏ بزرگ ہماری مدد کیسے کرتے ہیں تاکہ ہم لگن سے یہوواہ کی خدمت کر سکیں؟‏ مثال دیں۔‏

18 حالانکہ ہم بہت سی غلطیاں کرتے ہیں لیکن اِس کے باوجود یہوواہ ہمیں اپنی خدمت کرنے سے نہیں روکتا۔‏ اُس نے ہماری مدد کے لیے ہمیں ”‏آدمیوں کے رُوپ میں نعمتیں“‏ یعنی بزرگ دیے ہیں۔‏ ‏(‏اِفسیوں 4:‏8،‏ 11،‏ 12 کو پڑھیں۔‏)‏ لہٰذا جب بزرگ آپ سے ملنے آتے ہیں تو اُن کی رہنمائی سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور اُن مشوروں پر عمل کریں جو وہ بائبل سے آپ کو دیتے ہیں۔‏

19 اِس حوالے سے اِنگلینڈ میں رہنے والے ایک جوڑے کی مثال پر غور کریں۔‏ اُنہیں اپنی ازدواجی زندگی میں کچھ مسئلوں کا سامنا تھا۔‏ لہٰذا اُنہوں نے بزرگوں سے مدد لی۔‏ بیوی کو لگتا تھا کہ اُس کا شوہر خدا کی خدمت کے حوالے سے اپنے خاندان کی پیشوائی نہیں کر رہا۔‏ شوہر کا خیال تھا کہ وہ اچھی طرح سے تعلیم نہیں دے سکتا۔‏ اُس نے تسلیم کِیا کہ وہ باقاعدگی سے خاندانی عبادت نہیں کرا رہا۔‏ بزرگوں نے اُس جوڑے کی توجہ یسوع مسیح کی مثال پر دِلائی۔‏ اُنہوں نے شوہر سے کہا کہ وہ اپنے گھرانے کا ویسے ہی خیال رکھے جیسے یسوع نے اپنے شاگردوں کا رکھا۔‏ اُنہوں نے بیوی کی حوصلہ‌افزائی کی کہ وہ یسوع مسیح کی طرح صبر سے کام لے۔‏ اِس کے علاوہ اُنہوں نے اُس جوڑے کو اپنے دونوں بچوں کے ساتھ خاندانی عبادت کرنے کے سلسلے میں کچھ مشورے بھی دیے۔‏ (‏اِفسیوں 5:‏21-‏29‏)‏ شوہر نے بزرگوں کی طرف سے مدد ملنے کے بعد خاندان کے سربراہ کے طور پر اپنی ذمےداری کو نبھانے کی سخت کوشش کی۔‏ بزرگوں نے اُس کا حوصلہ بڑھایا کہ وہ کوشش جاری رکھے اور اِس بات پر بھروسا رکھے کہ یہوواہ اپنی پاک روح کے ذریعے اُس کی مدد کرتا رہے گا۔‏ بزرگوں کی محبت اور مدد سے اُس خاندان کو بہت فائدہ ہوا۔‏

20.‏ جب ہم اپنی روشنی چمکائیں گے تو اِس کا کیا نتیجہ نکلے گا؟‏

20 ‏”‏مبارک ہے ہر ایک جو [‏یہوواہ]‏ سے ڈرتا اور اُس کی راہوں پر چلتا ہے۔‏“‏ (‏زبور 128:‏1‏)‏ آپ بھی اُس وقت مبارک یعنی خوش ہوں گے جب آپ اپنی روشنی چمکائیں گے۔‏ لہٰذا دوسروں کو یہوواہ کے بارے میں سکھائیں،‏ اپنے خاندان اور کلیسیا میں اِتحاد برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں اور چوکس رہیں۔‏ آپ کی اچھی مثال کا دوسروں پر گہرا اثر ہوگا اور بہت سے لوگوں کو یہوواہ کی بڑائی کرنے کی ترغیب ملے گی۔‏—‏متی 5:‏16‏۔‏