شیطان کے ایک خطرناک پھندے سے خود کو بچائیں!
بنیاِسرائیل ملک کنعان میں داخل ہونے کے لیے جلد ہی دریائےاُردن پار کرنے والے تھے۔ اِس دوران کچھ اجنبی عورتیں اِسرائیلی مردوں سے ملنے آئیں۔ یہ عورتیں غیرقوم سے تعلق رکھتی تھیں اور وہ اُنہیں ایک دعوت پر بلانے کے لیے آئی تھیں۔ شاید اِن اِسرائیلی مردوں کو لگا ہو کہ یہ نئے دوست بنانے، ناچنے گانے اور اچھے کھانے کھانے کا شاندار موقع ہے۔ حالانکہ اِن عورتوں کے رسمورواج اور اخلاقی معیار اُن معیاروں سے فرق تھے جو یہوواہ خدا نے بنیاِسرائیل کو دیے تھے لیکن پھر بھی شاید کچھ اِسرائیلی مردوں نے سوچا ہو کہ ”ہم پر اِن کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ ہم محتاط رہیں گے۔“
گن 25:1-3۔
لیکن ہوا کیا؟ بائبل میں بتایا گیا ہے: ”[اِن مردوں] نے موآبی عورتوں کے ساتھ حرامکاری شروع کر دی۔“ اِن عورتوں کا مقصد اِسرائیلی مردوں کو جھوٹے دیوتاؤں کی پرستش کرنے پر راغب کرنا تھا جس میں وہ کامیاب بھی ہو گئیں۔ اِس پر ”[یہوواہ] کا قہر بنیاِسرائیل پر بھڑکا۔“—اِن اِسرائیلیوں نے خدا کے دو قوانین توڑے تھے۔ ایک تو اُنہوں نے بُتوں کو سجدہ کِیا اور دوسرا اُنہوں نے حرامکاری کی۔ اُن کی نافرمانی کی وجہ سے ہزاروں اِسرائیلی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ (خر 20:4، 5، 14؛ اِست 13:6-9) کتنے افسوس کی بات ہے کہ اِتنے نازک موڑ پر آ کر اُنہوں نے یہ احمقانہ قدم اُٹھایا! اگر اِن ہزاروں اِسرائیلیوں نے خدا کی شریعت کی خلافورزی نہ کی ہوتی تو وہ جلد ہی دریائےاُردن پار کر کے وعدہ کیے ہوئے ملک میں داخل ہو جاتے۔—گن 25:5، 9۔
پولُس نے کہا: ”اِن واقعات کی وجہ سے [یہ اِسرائیلی] عبرت کی مثال بن گئے اور یہ باتیں ہماری نصیحت کے لیے لکھی گئیں کیونکہ ہم آخری زمانے میں رہ رہے ہیں۔“ (1-کُر 10:7-11) بِلاشُبہ شیطان کو یہ دیکھ کر بڑی خوشی ملی ہوگی کہ کچھ اِسرائیلی سنگین گُناہ کر بیٹھے ہیں اور یوں ملک کنعان میں جانے کے لائق نہیں ٹھہرے۔ آج شیطان ہمیں نئی دُنیا میں جانے سے روکنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اِس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم بنیاِسرائیل کی مثال سے عبرت حاصل کریں۔
ایک خطرناک پھندا
شیطان آج مسیحیوں کو بھی اپنا شکار بناتا ہے۔ وہ اُنہیں اپنے پھندے میں پھنسانے کے لیے ایسی چالیں چلتا ہے جو بہت سے لوگوں پر کام آئی ہیں۔ جیسا کہ پہلے بتایا گیا، شیطان نے اِسرائیلیوں کو پھنسانے کے لیے حرامکاری کو اِستعمال کِیا۔ اور ہمارے زمانے میں بھی حرامکاری اُس کا ایک خطرناک پھندا ہے۔ اِس پھندے میں پھنسانے کے لیے وہ فحش مواد کو چارے کے طور پر اِستعمال کرتا ہے۔
ایک زمانہ تھا جب ایک شخص کو فحش مواد حاصل کرنے کے لیے ایسی کتابوں کی دُکانوں پر جانا پڑتا تھا جہاں فحش رسالے فروخت کیے جاتے تھے۔ لیکن بہت سے لوگ ایسا کرنے سے ہچکچاتے تھے کیونکہ اُنہیں اِس بات کا ڈر ہوتا تھا کہ کہیں کوئی اُنہیں ایسا مواد خریدتے ہوئے دیکھ نہ لے۔ لیکن آج ایک شخص دوسروں کو خبر ہوئے بِنا ہی فحش مواد دیکھ سکتا ہے۔ اب تو کچھ لوگ جن کو اِنٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے، وہ اپنے کام کی جگہ پر، یہاں تک کہ اپنی گاڑی میں بھی فحش مواد دیکھتے ہیں۔ بہت سے ملکوں میں تو ایک آدمی یا عورت اپنے گھر میں بیٹھے ہی فحش مواد دیکھ سکتا ہے۔
اِتنا ہی نہیں آجکل موبائل فون یا ٹیبلٹ کی وجہ سے لوگوں کے لیے فحش مواد دیکھنا اَور بھی آسان ہو گیا ہے۔ مثال کے طور پر وہ سڑک پر چلتے چلتے، بس یا ٹرین میں سفر کرتے وقت فحش تصویریں دیکھ سکتے ہیں۔
چونکہ لوگوں کے لیے فحش مواد دیکھنا اور اِس حقیقت کو دوسروں سے چھپانا زیادہ آسان ہو گیا ہے اِس لیے اب پہلے سے زیادہ لوگ اِس کے نقصاندہ اثرات جھیل رہے ہیں۔ فحش مواد دیکھنے والے لاتعداد لوگوں کی شادیشُدہ زندگی میں دراڑ آ جاتی ہے، وہ اپنی عزتِنفس کھو دیتے ہیں اور اُن کا ضمیر ناپاک ہو جاتا ہے۔ سب سے بڑا نقصان تو اُنہیں یہ ہوتا ہے کہ وہ خدا کے ساتھ اپنی دوستی داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ لہٰذا اِس میں کوئی شک نہیں کہ فحش مواد دیکھنے والوں کو بہت نقصان اُٹھانا پڑتا ہے۔ بہت سے لوگوں کو تو بڑے گہرے جذباتی گھاؤ لگتے ہیں۔ یہ گھاؤ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بھر تو جاتے ہیں لیکن اپنے نشان چھوڑ جاتے ہیں۔
ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ یہوواہ ہمیں شیطان کے اِس پھندے سے بچانا چاہتا ہے۔ لیکن اگر ہم یہوواہ کا تحفظ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ”پوری طرح [اُس کی] فرمانبرداری“ کرنی ہوگی جو بنیاِسرائیل کرنے میں ناکام رہے۔ (خر 19:5، نیو اُردو بائبل ورشن) ہمیں اِس بات کو اچھی طرح سے سمجھ لینے کی ضرورت ہے کہ یہوواہ خدا فحش مواد سے سخت گھن کھاتا ہے۔ آئیں، دیکھیں کہ ایسا کیوں ہے۔
یہوواہ کی طرح فحش مواد سے گھن کھائیں
خدا نے بنیاِسرائیل کو جو شریعت دی، اُس میں اور باقی قوموں کی شریعت میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ یہ شریعت ایک دیوار کی طرح تھی جس نے بنیاِسرائیل کو اِردگِرد کی قوموں کے گھٹیا کاموں سے الگ رکھا۔ اِست 4:6-8) شریعت میں درج قوانین سے یہ اہم سچائی واضح ہوئی کہ یہوواہ کو حرامکاری سے بےاِنتہا نفرت ہے۔
(یہوواہ خدا نے اِردگِرد کی قوموں کے بےہودہ کاموں کا ذکر کرتے ہوئے بنیاِسرائیل سے کہا: ”ملکِکنعاؔن کے سے کام . . . جہاں مَیں تمہیں لئے جاتا ہوں نہ کرنا . . . اُن کا ملک بھی آلودہ ہو گیا ہے۔ اِس لئے مَیں اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دیتا ہوں۔“ کنعانیوں کا طرزِزندگی اِس قدر غلیظ تھا کہ بنیاِسرائیل کے پاک خدا کی نظر میں اُن کا پورا ملک آلودہ ہو گیا تھا۔—احبا 18:3، 25۔
خدا نے کنعانیوں کو اُن کی بدکاری کی سزا دی لیکن بعد میں بھی لوگوں نے بےحیائی کے کام کرنا نہیں چھوڑے۔ تقریباً 1500 سال بعد پولُس رسول نے اُن قوموں کے بارے میں جن کے بیچ مسیحی رہ رہے تھے، یہ لکھا: ”اُنہوں نے شرموحیا کی حد پار کر لی ہے، وہ ہٹدھرمی سے غلط کام کرنے میں مگن ہیں اور بڑے شوق سے ناپاک کام کرتے رہتے ہیں۔“ (اِفس 4:17-19) آج بھی بہت سے لوگ ہٹدھرمی سے بےحیائی کے کام کرتے ہیں۔ لیکن جہاں تک سچے مسیحیوں کا تعلق ہے، اُنہیں فحش مواد سے گریز کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
فحش مواد سے خدا کی توہین ہوتی ہے۔ اُس نے اِنسانوں کو اپنی صورت پر بنایا ہے اور اُنہیں اچھائی اور بُرائی میں فرق کرنے کا شعور دیا ہے۔ یہوواہ نے جنسی تعلقات کے حوالے سے جو معیار قائم کیے ہیں، اُن سے اُس کی دانشمندی کا ثبوت ملتا ہے۔ یہوواہ چاہتا ہے کہ ازدواجی بندھن میں میاں بیوی جنسی تعلقات سے خوشی حاصل کریں۔ (پید 1:26-28؛ امثا 5:18، 19) لیکن اُن لوگوں کے بارے میں کیا کہا جا سکتا ہے جو فحش مواد بناتے، پھیلاتے اور دوسروں کو اِسے دیکھنے پر اُکساتے ہیں؟ وہ خدا کے معیاروں کو پیروں تلے روند دیتے ہیں، یہاں تک کہ وہ خدا کی بےحُرمتی کرتے ہیں۔ خدا اِن لوگوں کو سزا ضرور دے گا۔—روم 1:24-27۔
لیکن اُن لوگوں کے سلسلے میں کیا کہا جا سکتا ہے جو جان بُوجھ کر فحش مواد دیکھتے یا پڑھتے ہیں؟ وہ شاید یہ سوچتے ہیں کہ ایسا کرنے کا کوئی نقصان نہیں، یہ محض تفریح ہے۔ لیکن دراصل فحش مواد دیکھنے والے اُن لوگوں کا ساتھ دے رہے ہوتے ہیں جو یہوواہ کے معیاروں کی توہین کرتے ہیں۔ غالباً جب اُنہوں نے ایسا مواد دیکھنا شروع کِیا تو اُن کا اِرادہ خدا کے معیاروں کی توہین کرنا نہیں تھا۔ لیکن پاک کلام سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کے سچے پرستاروں کو فحش مواد سے سخت گھن کھانی چاہیے۔ بائبل میں لکھا زبور 97:10۔
ہے: ”اَے [یہوواہ] سے محبت رکھنے والو! بدی سے نفرت کرو۔“—لیکن اُن لوگوں کے لیے بھی فحش مواد سے بچنا مشکل ہو سکتا ہے جو اُسے دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ ایسا کیوں ہے؟ کیونکہ ہم عیبدار ہیں اور ہمیں غلط جنسی خواہشوں سے لڑنا پڑتا ہے۔ اِس کے علاوہ ہمارا دغاباز دل بھی شاید ہم سے کہے کہ ”فحش مواد دیکھنے میں کوئی حرج نہیں۔“ (یرم 17:9) لیکن مسیحی بننے والے بہت سے لوگوں نے فحش مواد دیکھنے کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ اگر آپ اِس بُری عادت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تو آپ اِن لوگوں کی مثال سے حوصلہ پا سکتے ہیں۔ آئیں، غور کریں کہ خدا کا کلام فحش مواد کے پھندے سے بچنے میں ہماری مدد کیسے کر سکتا ہے۔
غلط خواہشات کو جڑ نہ پکڑنے دیں
جیسے کہ پہلے بتایا گیا کہ بہت سے اِسرائیلیوں نے اپنی غلط خواہشوں کو خود پر حاوی ہونے دیا جس کی وجہ سے اُنہیں بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔ آج بھی خدا کے بندوں کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے۔ یسوع کے سوتیلے بھائی یعقوب نے اِس خطرے کے بارے میں لکھا: ”ہر شخص اپنی ہی خواہشوں کی وجہ سے آزمایا اور اُکسایا جاتا ہے۔ جب یہ خواہشیں دل میں بڑھتے بڑھتے پک جاتی ہیں تو گُناہ پیدا ہوتا ہے۔“ (یعقو 1:14، 15) جب غلط خواہش کسی شخص کے دل میں جڑ پکڑ لیتی ہے تو سنگین گُناہ کرنے کا اِمکان بڑھ جاتا ہے۔ لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ ہم گندی باتوں کے بارے میں سوچنے کی بجائے اِنہیں اپنے ذہن سے فوراً نکال دیں۔
اگر آپ کے ذہن میں گندے خیالات آئیں تو اِنہیں رد کرنے کے لیے فوراً قدم اُٹھائیں۔ یسوع مسیح نے کہا: ”اگر آپ کا ہاتھ یا پاؤں آپ کو گمراہ کر رہا ہے تو اِسے کاٹ کر پھینک دیں۔ . . . اور اگر آپ کی آنکھ آپ کو گمراہ کر رہی ہے تو اِسے نکال کر پھینک دیں۔“ (متی 18:8، 9) یسوع یہ نہیں کہہ رہے تھے کہ ہم سچمچ اپنے اعضا کو کاٹ پھینکیں۔ وہ اِس مثال سے یہ سکھا رہے تھے کہ ہمیں بھانپ لینا چاہیے کہ کون سی چیز ہمیں غلط سوچ کی طرف مائل کر رہی ہے اور پھر ہمیں اُس سے بچنے کے لیے فوراً کارروائی کرنی چاہیے۔ یہ ہدایت فحش مواد پر کیسے لاگو ہوتی ہے؟
اگر آپ کی نظر فحش مواد پر پڑتی ہے تو یہ نہ سوچیں کہ ”مجھ پر اِس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔“ فوراً اپنی نظریں پھیر لیں؛ فوراً ٹیوی، موبائل یا کمپیوٹر بند کر دیں۔ اور اپنا دھیان کسی پاک بات پر لگائیں۔ یوں آپ اپنی سوچ کو قابو میں رکھ پائیں گے۔
ذہن میں اُبھرنے والے گندے خیالات کا مقابلہ کریں
اگر آپ نے فحش مواد دیکھنے کی عادت پر قابو پا لیا ہے لیکن پھر بھی کبھی کبھار ماضی میں دیکھے فحش مناظر یا تصویریں آپ کے ذہن میں آ جاتی ہیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟ گندے مناظر یا تصاویر ایک شخص کے دماغ میں سالوں تک رہ سکتی ہیں اور اچانک اُس کے ذہن میں اُبھر سکتی ہیں۔ اگر ایسا ہو تو شاید ایک شخص کا دل کوئی غلط کام کرنے کو چاہے جیسے کہ مشتزنی۔ لہٰذا یاد رکھیں کہ ایسے خیالات کبھی بھی آپ کے ذہن میں آ سکتے ہیں اور اُن سے لڑنے کے لیے تیار رہیں۔
اپنے اِس عزم کو مضبوط کریں کہ آپ اپنی سوچ اور خیالات کو خدا کی مرضی کے ماتحت کریں گے۔ پولُس کی طرح بنیں جنہوں نے ’اپنے جسم کو دبا کر رکھا اور اِسے غلام بنایا۔‘ (1-کُر 9:27) غلط خواہشوں کو یہ اِجازت نہ دیں کہ وہ آپ کو اپنا غلام بنا لیں۔ اِس کی بجائے ”اپنی سوچ کا رُخ موڑ کر خود کو مکمل طور پر بدل لیں تاکہ آپ جان جائیں کہ خدا کی اچھی اور پسندیدہ اور کامل مرضی کیا ہے۔“ (روم 12:2) یاد رکھیں کہ خدا کی مرضی پر چلنے سے جو خوشی ملتی ہے، وہ پَل بھر کی غلط خواہشوں کو پورا کرنے سے کبھی نہیں ملتی۔
خدا کی مرضی پر چلنے سے جو خوشی ملتی ہے، وہ پَل بھر کی غلط خواہشوں کو پورا کرنے سے کبھی نہیں ملتی۔
کیوں نہ بائبل کی کچھ آیتوں کو زبانی یاد کرنے کی کوشش کریں۔ پھر جب بھی ذہن میں گندے خیالات آئیں تو اِن آیتوں کے بارے میں سوچیں۔ اِن آیتوں جیسے کہ زبور 119:37؛ یسعیاہ 52:11؛ متی 5:28؛ اِفسیوں 5:3؛ کُلسّیوں 3:5 اور 1-تھسلُنیکیوں 4:4-8 کی مدد سے آپ فحش مواد کے متعلق یہوواہ کا نظریہ اپنا سکیں گے اور جان جائیں گے کہ یہوواہ آپ سے کیا توقع کرتا ہے۔
شاید کبھی کبھار آپ کی غلط خواہشیں اِتنی عروج پر پہنچ جائیں کہ آپ کو اِن پر قابو پانا بہت مشکل لگے۔ ایسی صورت میں آپ کیا کر سکتے ہیں؟ یسوع کے نقشِقدم پر چلیں۔ (1-پطر 2:21) اُن کے بپتسمہ لینے کے بعد شیطان نے اُنہیں بار بار آزمایا۔ اِس پر یسوع نے کیا کِیا؟ وہ ڈٹ کر اُس کا مقابلہ کرتے رہے۔ اُنہوں نے ہر آزمائش کا مقابلہ کرتے وقت صحیفوں کو اِستعمال کِیا۔ آخرکار یسوع نے کہا: ”چلے جاؤ، شیطان!“ اور شیطان اُن کے پاس سے چلا گیا۔ جیسے یسوع نے شیطان کا مقابلہ کرنے میں ہمت نہیں ہاری ویسے ہی آپ بھی ہمت نہ ہاریں۔ (متی 4:1-11) شیطان اور اُس کی دُنیا ہمارے ذہن میں گندے خیالات بھرنے کی کوشش کرتے رہیں گے لیکن اُن کے آگے ہتھیار نہ ڈالیں۔ آپ فحش مواد کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں! یہوواہ کی مدد سے آپ اپنے دُشمن کو مات دے سکتے ہیں۔
یہوواہ سے دُعا کریں
دُعا میں یہوواہ سے مدد مانگتے رہیں۔ پولُس رسول نے کہا: ”اپنی درخواستیں خدا کے سامنے پیش کریں۔ پھر خدا آپ کو وہ اِطمینان دے گا جو سمجھ سے باہر ہے اور یہ اِطمینان مسیح یسوع کے ذریعے آپ کے دل اور سوچ کو محفوظ رکھے گا۔“ (فل 4:6، 7) خدا کی طرف سے ملنے والا اِطمینان غلط سوچ اور خواہش پر قابو پانے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ اگر آپ یہوواہ کے قریب جائیں گے تو ”وہ آپ کے قریب آئے گا۔“—یعقو 4:8۔
بھلا شیطان کے پھندے سے بچنے کا اِس سے بہترین طریقہ اَور کیا ہو سکتا ہے کہ ہم کائنات کے حاکم یہوواہ کے قریب رہیں۔ یسوع نے کہا: ”دُنیا کا حاکم [یعنی شیطان] آ رہا ہے لیکن مَیں اُس کی گِرفت سے باہر ہوں۔“ (یوح 14:30) یسوع یہ بات اِتنے یقین سے کیوں کہہ سکتے تھے؟ ایک موقعے پر اُنہوں نے کہا: ”جس نے مجھے بھیجا ہے، وہ میرے ساتھ ہے۔ اُس نے مجھے اکیلا نہیں چھوڑا کیونکہ مَیں ہمیشہ وہی کام کرتا ہوں جو اُس کو پسند ہے۔“ (یوح 8:29) اگر آپ بھی ایسے کام کریں گے جن سے یہوواہ خوش ہوتا ہے تو وہ آپ کو بھی کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔ لہٰذا یہ عزم کریں کہ آپ فحش مواد کے پھندے میں کبھی نہیں پھنسیں گے اور یوں شیطان کی گِرفت سے باہر رہیں گے۔