کیا آپ کو یاد ہے؟
بِلاشُبہ آپ نے ”مینارِنگہبانی“ کے پچھلے شماروں کو دھیان سے پڑھا ہوگا۔ کیا آپ اِن سوالوں کے جواب دے سکتے ہیں؟
متی 18:15-17 میں دی گئی ہدایت کس قسم کے گُناہوں پر لاگو ہوتی ہے؟
اِن آیتوں میں ایک ایسے گُناہ یعنی معاملے کے بارے میں بات ہو رہی ہے جسے دو مسیحی آپس میں سلجھا سکتے ہیں لیکن اِس کے ساتھ ساتھ یہ معاملہ اِتنا سنگین ہے کہ اگر گُناہ کرنے والا مسیحی اِسے سلجھانے کو تیار نہیں ہے تو اُسے کلیسیا سے خارج بھی کِیا جا سکتا ہے۔ ایسے گُناہوں میں کسی کو دھوکا دے کر اُسے مالی نقصان پہنچانا یا پھر جھوٹ بول کر کسی کو بدنام کرنا شامل ہے۔—م16.05 ص. 7
آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ کو بائبل پڑھتے وقت زیادہ فائدہ ہو؟
نئی نئی باتیں سیکھنے کے لیے تیار رہیں، ایسی باتوں کی تلاش میں رہیں جن پر آپ عمل کر سکتے ہیں، خود سے پوچھیں کہ ”مَیں اِس معلومات کو دوسروں کی مدد کرنے کے لیے کیسے اِستعمال کر سکتا ہوں؟“ اور جو کچھ آپ پڑھتے ہیں، اُس پر تحقیق کرنے کے لیے اُن سہولتوں کو اِستعمال کریں جو یہوواہ کی تنظیم نے ہمیں فراہم کی ہیں۔—م16.05 ص. 24-26
کیا ایک مسیحی کے لیے اپنے کسی عزیز کی موت پر ماتم کرنا غلط ہے؟
ہم اِس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ مُردے زندہ ہوں گے لیکن اِس سے کسی عزیز کی موت کا دُکھ پوری طرح سے ختم نہیں ہو جاتا۔ جب ابراہام کی بیوی سارہ فوت ہو گئیں تو ابراہام نے بھی بڑا ماتم کِیا۔ (پید 23:2) البتہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دُکھ کم ہو جاتا ہے۔—مع16.3 ص. 4
حِزقیایل نبی کی رُویا میں جس آدمی کے ہاتھ میں دوات تھی اور جن چھ آدمیوں کے ہاتھ میں ہتھیار تھے، وہ کس کی طرف اِشارہ کرتے ہیں؟
ہتھیار والے چھ آدمی یسوع مسیح کی آسمانی فوجوں کی طرف اِشارہ کرتے ہیں جنہوں نے یروشلیم کی تباہی میں حصہ لیا اور جو ہرمجِدّون میں شیطان کی دُنیا کو تباہ کرنے میں بھی حصہ لیں گے۔ ہمارے زمانے میں دوات والا آدمی یسوع مسیح کی طرف اِشارہ کرتا ہے جو یہ فیصلہ کریں گے کہ کون لوگ نجات پائیں گے۔—م16.06 ص. 16، 17
ایک مسیحی اپنے طرزِزندگی کو سادہ بنانے کے لیے کون سے اِقدام اُٹھا سکتا ہے؟
اپنی بنیادی ضروریات کی فہرست بنائیں؛ غیرضروری اخراجات کو ختم کریں؛ اچھا بجٹ بنائیں؛ جو چیزیں آپ اِستعمال نہیں کرتے، اِنہیں پھینک دیں، بیچ دیں یا کسی کو دے دیں؛ قرضے جلد سے جلد اُتاریں؛ کم گھنٹوں کی ملازمت تلاش کریں اور خدا کی خدمت میں زیادہ وقت صرف کرنے کا منصوبہ بنائیں۔—م16.07 ص. 10
بائبل میں کس چیز کو سونے اور چاندی سے بھی زیادہ بیشقیمت کہا گیا ہے؟
ایوب 28:12، 15 سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک کلام کی سچائیاں سونے اور چاندی سے زیادہ قیمتی ہیں۔ اِن سچائیوں کو تلاش کرتے وقت خاکسار رہنے اور اپنے ایمان کو مضبوط بنانے کی بھرپور کوشش کریں۔—م16.08 ص. 18، 19
کیا بھائیوں کے لیے داڑھی رکھنا مناسب ہے؟
کچھ ملکوں میں داڑھی رکھنے کا رواج ہے اور اِسے بُرا خیال نہیں کِیا جاتا۔ لہٰذا اگر ایک بھائی اپنی داڑھی کی تراش خراش کا خیال رکھتا ہے تو لوگوں کی توجہ بادشاہت کے پیغام سے نہیں ہٹے گی۔ ایسے ملکوں میں کچھ بھائی داڑھی رکھتے ہیں اور کچھ نہیں رکھتے۔ (1-کُر 8:9) مگر جن ملکوں میں داڑھی رکھنے کا رواج نہیں ہے، وہاں یہ مناسب نہیں سمجھا جاتا کہ ایک یہوواہ کا گواہ داڑھی رکھے۔—م16.09 ص. 21
دانشمندی کیا ہے؟
دانشمندی صرف ایک معاملے کے بارے میں علم رکھنا اور اِسے سمجھنا ہی نہیں ہے۔ پہلے تو ہم کسی معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں اور پھر یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اِن معلومات کا آپس میں کیا تعلق ہے۔ لیکن ہم تب ہی دانشمندی ظاہر کرتے ہیں جب ہم سیکھی ہوئی باتوں پر عمل بھی کرتے ہیں۔—م16.10 ص. 18