مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بچو اور نوجوانو!‏—‏آپ بپتسمہ لینے کے لائق کیسے بن سکتے ہیں؟‏

بچو اور نوجوانو!‏—‏آپ بپتسمہ لینے کے لائق کیسے بن سکتے ہیں؟‏

‏”‏اَے میرے خدا!‏ میری خوشی تیری مرضی پوری کرنے میں ہے۔‏“‏—‏زبور 40:‏8‏۔‏

گیت:‏ 51،‏ 41

1،‏ 2.‏ ‏(‏الف)‏ بپتسمہ لینا ایک سنجیدہ قدم کیوں ہے؟‏ (‏ب)‏ بپتسمہ لینے سے پہلے ایک شخص کو کن باتوں کا یقین کر لینا چاہیے؟‏

کیا آپ کم‌عمر ہیں اور بپتسمہ لینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟‏ تو پھر آپ ایک بہترین شرف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‏ لیکن جیسا کہ پچھلے مضمون میں بتایا گیا تھا،‏ بپتسمہ لینا ایک سنجیدہ قدم ہوتا ہے کیونکہ اِس سے ایک شخص ظاہر کرتا ہے کہ اُس نے خود کو یہوواہ کے لیے وقف کر دیا ہے۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ اُس نے یہوواہ خدا سے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ہمیشہ تک اُس کی خدمت کرے گا اور اُس کی مرضی پر چلنے کو اپنی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت دے گا۔‏ لہٰذا آپ کو تب ہی بپتسمہ لینا چاہیے اگر آپ یہ قدم اُٹھانے کے لائق ہیں،‏ آپ صحیح نیت سے ایسا کرنا چاہتے ہیں اور آپ سمجھ گئے ہیں کہ خود کو یہوواہ کے لیے وقف کرنے میں کیا کچھ شامل ہے۔‏

2 کیا آپ کو لگتا ہے کہ ابھی آپ بپتسمہ لینے کے لیے تیار نہیں ہیں؟‏ یا پھر کیا آپ بپتسمہ لینا چاہتے ہیں لیکن آپ کے والدین کا خیال ہے کہ آپ کو ابھی کچھ دیر اِنتظار کرنا چاہیے جب تک آپ زیادہ پُختہ نہ ہو جائیں؟‏ اگر ایسا ہے تو بےحوصلہ نہ ہوں بلکہ کچھ ایسے قدم اُٹھائیں جن سے آپ بپتسمہ لینے کے لائق بن جائیں۔‏ اِس سلسلے میں (‏1)‏ اپنے عقیدوں،‏ (‏2)‏ اپنے کاموں اور (‏3)‏ اپنے شکرگزاری کے جذبے کا جائزہ لیں۔‏

آپ کے عقیدے

3،‏ 4.‏ آپ تیمُتھیُس کی مثال پر کیسے عمل کر سکتے ہیں؟‏

3 خود سے ایسے سوال پوچھیں:‏ ”‏مَیں خدا کے وجود  پر  ایمان  کیوں رکھتا ہوں؟‏ مَیں کیوں مانتا ہوں کہ بائبل خدا کی طرف سے ہے؟‏ کیا مجھے واقعی یقین ہے کہ خدا کے معیار دُنیا کے طورطریقوں سے بہتر ہیں؟‏“‏ اِن سوالوں پر غور کرنے سے آپ پولُس رسول کی اِس نصیحت پر عمل کر رہے ہوں گے:‏ ”‏جان جائیں کہ خدا کی اچھی اور پسندیدہ اور کامل مرضی کیا ہے۔‏“‏ (‏روم 12:‏2‏)‏ اِس آیت میں جس یونانی لفظ کا ترجمہ ”‏جان جائیں“‏ کِیا گیا ہے،‏ اُس کا مطلب ہے:‏ ”‏خود کو یقین دِلانا۔‏“‏ یہ اِتنا اہم کیوں ہے کہ ہم خود کو یقین دِلائیں کہ بائبل کی تعلیمات سچی ہیں؟‏

4 اِس سلسلے میں ذرا تیمُتھیُس کی مثال پر غور کریں۔‏ وہ  بائبل  کی تعلیمات سے اچھی طرح واقف تھے کیونکہ اُن کی ماں اور نانی نے اُنہیں ”‏بچپن سے“‏ ہی اِن کے بارے میں سکھایا تھا۔‏ اِس کے باوجود پولُس رسول نے تیمُتھیُس کو یہ ہدایت دی کہ ”‏اُن باتوں پر عمل کرتے رہیں جو آپ نے سیکھی تھیں اور جن پر ایمان لانے کے لیے آپ کو قائل کِیا گیا تھا۔‏“‏ (‏2-‏تیم 3:‏14،‏ 15‏)‏ ایک لغت کے مطابق یونانی زبان میں اِصطلا‌ح ”‏قائل ہونے“‏ کا مطلب ہے:‏ ”‏یہ یقین کر لینا کہ ایک بات درست ہے۔‏“‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تیمُتھیُس پاک کلام کی تعلیمات پر ایمان لے آئے تھے لیکن اپنی ماں اور نانی کے کہنے پر نہیں بلکہ خود اِن باتوں پر سوچ بچار کرنے کی وجہ سے۔‏‏—‏رومیوں 12:‏1 کو پڑھیں۔‏

5،‏ 6.‏ یہ کیوں اہم ہے کہ آپ اپنی ”‏سوچنے سمجھنے کی صلا‌حیت“‏ کو کام میں لانا سیکھیں؟‏

5 تیمُتھیُس کی طرح کیا آپ بھی بائبل کی  تعلیمات  سے  اچھی  طرح واقف ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو کیوں نہ خود سے پوچھیں کہ ”‏مَیں کن وجوہات کی بِنا پر اِن عقیدوں کو مانتا ہوں؟‏“‏ یوں اِن پر آپ کا ایمان مضبوط ہو جائے گا،‏ آپ اپنے ہم‌عمروں کے دباؤ اور دُنیا کی کشش کا مقابلہ کر پائیں گے اور اپنے دھوکاباز دل کے کہنے میں نہیں آئیں گے۔‏

6 اگر آپ اپنی ”‏سوچنے سمجھنے کی صلا‌حیت“‏ کو کام میں لانا سیکھیں گے تو آپ اپنے ہم‌عمروں کے سوالوں کے جواب دے پائیں گے۔‏ شاید وہ آپ سے کچھ ایسے سوال پوچھیں:‏ ”‏تُم خدا کو کیوں مانتے ہو؟‏ اگر خدا ہم سے واقعی محبت کرتا ہے تو وہ بُرائی کو ختم کیوں نہیں کرتا؟‏ کیا یہ واقعی ممکن ہے کہ خدا ہمیشہ سے ہے؟‏“‏ اگر آپ اپنے عقیدوں کا جائزہ لینے کی عادت ڈال چُکے ہیں تو ایسے سوالوں کی وجہ سے آپ کا ایمان کمزور نہیں ہوگا بلکہ آپ اِن کا جواب حاصل کرنے کے لیے مزید مطالعہ کریں گے۔‏

7-‏9.‏ آپ ہماری ویب‌سائٹ پر دستیاب ورک‌شیٹس کے ذریعے اپنا ایمان کیسے مضبوط کر سکتے ہیں؟‏

7 ذاتی طور پر بائبل کا مطالعہ کرنے  سے  آپ  اپنے  سوالوں  کے جواب حاصل کر سکیں گے،‏ اپنے شک کو دُور کر پائیں گے اور اپنے ایمان کو مضبوط کر سکیں گے۔‏ (‏اعما 17:‏11‏)‏ اِس سلسلے میں ہمیں اپنی تنظیم کی طرف سے بہت سی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔‏ مثال کے طور پر بہت سے ایسے مضامین دستیاب ہیں جن میں ہمارے خالق اور اُس کی مخلوق کے بارے میں بتایا گیا ہے۔‏ اِس کے علا‌وہ ہماری ویب‌سائٹ پر انگریزی زبان میں نوجوانوں کے لیے بہت سے مضامین شائع کیے جاتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر اِس میں ایسی ورک‌شیٹس ہیں جو کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں پر مبنی ہیں۔‏ ‏[‏1]‏  اِن کے ذریعے آپ بائبل کی مختلف تعلیمات پر اپنا ایمان مضبوط کر سکتے ہیں۔‏

8 چونکہ آپ بائبل کی تعلیمات سے واقف ہیں اِس  لیے  شاید  آپ ورک‌شیٹ پر دیے گئے سوالوں کے جواب فوراً دے پائیں۔‏ لیکن آپ اِن تعلیمات پر ایمان کیوں رکھتے ہیں؟‏ ہر ورک‌شیٹ میں آپ کو کچھ آیتوں کے بارے میں سوچ بچار کرنے کو کہا جاتا ہے اور یہ بھی لکھنے کو کہا جاتا ہے کہ آپ بائبل کی مختلف تعلیمات پر یقین کیوں رکھتے ہیں۔‏ پھر آپ کو اِس بارے میں سوچنے میں مدد دی جاتی ہے کہ آپ اپنے عقیدے دوسروں کو کیسے سمجھا سکتے ہیں۔‏ اِن ورک‌شیٹس کے ذریعے بہت سے نوجوانوں نے بائبل کی تعلیمات پر اپنا ایمان مضبوط کِیا ہے۔‏ اگر آپ کے لیے ممکن ہو تو کیوں نہ ذاتی طور پر بائبل کا مطالعہ کرتے وقت اِن ورک‌شیٹس کو اِستعمال کریں۔‏

9 جب آپ اپنے عقیدوں پر اپنا ایمان مضبوط کرتے ہیں تو آپ بپتسمہ لینے کے سلسلے میں اہم قدم اُٹھاتے ہیں۔‏ ایک نوجوان بہن نے کہا:‏ ”‏بپتسمہ لینے سے پہلے مَیں نے بائبل کا مطالعہ کِیا اور یقین کر لیا کہ یہی سچا مذہب ہے۔‏ اور میرا یہ یقین ہر روز مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔‏“‏

آپ کے کام

10.‏ ایک بپتسمہ‌شُدہ مسیحی کے کام اُس کے ایمان کے مطابق کیوں ہونے چاہئیں؟‏

10 بائبل میں لکھا ہے کہ ”‏ایمان بغیر کاموں کے مُردہ ہوتا ہے۔‏“‏ (‏یعقو 2:‏17‏)‏ اگر آپ کا ایمان مضبوط ہے تو یہ آپ کے کاموں سے ظاہر ہوگا۔‏ کیسے کاموں سے؟‏ بائبل میں کہا گیا ہے کہ ”‏آپ کا چال‌چلن پاک ہونا چاہیے اور آپ کو خدا کی بندگی کرنی چاہیے۔‏“‏‏—‏2-‏پطرس 3:‏11 کو پڑھیں۔‏

11.‏ اپنا ”‏چال‌چلن پاک“‏ رکھنے میں کیا کچھ شامل ہے؟‏

11 اپنا ”‏چال‌چلن پاک“‏ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ  آپ  خدا کے معیاروں پر پورا اُتریں۔‏ کیا آپ ایسا کر رہے ہیں؟‏ ذرا پچھلے چھ مہینوں کے بارے میں سوچیں۔‏ کیا آپ کے کاموں سے ظاہر ہو گیا ہے کہ آپ نے اپنی ”‏سوچنے سمجھنے کی صلا‌حیت“‏ کو تیز کِیا ہے اور آپ اچھے اور بُرے میں تمیز کر سکتے ہیں؟‏ (‏عبر 5:‏14‏)‏ کیا آپ کو کچھ ایسے موقعے یاد ہیں جب آپ نے آزمائش کا مقابلہ کِیا یا پھر اپنے ہم‌عمروں کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے؟‏ کیا سکول میں آپ کے چال‌چلن کی وجہ سے یہوواہ کے نام کی بڑائی ہوتی ہے؟‏ کیا آپ اپنے عقیدوں پر قائم رہتے ہیں یا پھر کیا آپ اپنے ہم‌جماعتوں کی طرح بننے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ آپ کا مذاق نہ اُڑائیں؟‏ (‏1-‏پطر 4:‏3،‏ 4‏)‏ یہ سچ ہے کہ سب سے غلطیاں ہوتی ہیں۔‏ یہوواہ کے ایسے بندے بھی جو بڑے عرصے سے اُس کی خدمت کر رہے ہیں،‏ کبھی کبھار لوگوں کے سامنے اپنے ایمان کا اِقرار کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔‏ لیکن جس شخص نے خود کو یہوواہ کے لیے وقف کر دیا ہے،‏ وہ اُس کے نام سے کہلا‌نے پر فخر محسوس کرتا ہے اور یہ اُس کے چال‌چلن سے ظاہر ہوتا ہے۔‏

12.‏ ‏(‏الف)‏ ”‏خدا کی بندگی“‏ کرنے میں کون سے کام شامل ہیں؟‏ (‏ب)‏ ہمیں اِن کاموں کو کیسا خیال کرنا چاہیے؟‏

12 ‏”‏خدا کی بندگی“‏ کرنے میں کون سے کام  شامل  ہیں؟‏  اِس میں باقاعدگی سے اِجلا‌سوں پر جانا اور مُنادی میں حصہ لینا شامل ہے۔‏ اِس میں ایسے کام بھی شامل ہیں جو شاید دوسرے نہ دیکھ سکیں،‏ مثلاً دل میں دُعا کرنا اور ذاتی طور پر بائبل کا مطالعہ کرنا۔‏ جس شخص نے خود کو یہوواہ خدا کے لیے وقف کر دیا ہے،‏ اُسے ایسے کام بھاری بوجھ نہیں لگیں گے۔‏ اِس کی بجائے وہ بادشاہ داؤد کی طرح محسوس کرے گا جنہوں نے کہا:‏ ”‏اَے میرے خدا!‏ میری خوشی تیری مرضی پوری کرنے میں ہے بلکہ تیری شریعت میرے دل میں ہے۔‏“‏—‏زبور 40:‏8‏۔‏

13،‏ 14.‏ آپ ”‏خدا کی بندگی“‏ کرنے کے سلسلے میں اپنا جائزہ کیسے لے سکتے ہیں؟‏ اور کچھ نوجوانوں کو ایسا کرنے سے کیا فائدہ ہوا؟‏

13 ‏”‏خدا کی بندگی“‏ کرنے کے سلسلے میں اپنا جائزہ لیں۔‏ مثال کے طور پر خود سے پوچھیں:‏ ”‏مَیں کن کن باتوں کے لیے دُعا کرتا ہوں؟‏ اور اِس سے یہوواہ خدا کے لیے میری محبت کے بارے میں کیا ظاہر ہوتا ہے؟‏ مَیں ذاتی مطالعے کے دوران کن مطبوعات پر غور کرتا ہوں؟‏ کیا مَیں اُس وقت بھی مُنادی کے کام میں حصہ لیتا ہوں جب میرے والدین ایسا نہیں کرتے؟‏“‏ اِن سوالوں کے جواب لکھ لیں۔‏ یوں آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ آپ کو اپنی دُعاؤں،‏ ذاتی مطالعے اور مُنادی کے کام کے سلسلے میں کون سی منزلیں طے کرنی چاہئیں۔‏ ‏[‏2]‏ 

14 بہت سے بچے اور نوجوان جو بپتسمہ لینے کے بارے  میں  سوچ رہے ہیں،‏ اُنہیں ایسے سوالوں کے جواب لکھنے سے بڑا فائدہ ہوا ہے۔‏ مثال کے طور پر بہن ٹِلڈا کہتی ہیں کہ اُنہوں نے اپنا جائزہ لینے کے بعد کچھ منصوبے بنائے اور اِن پر عمل کِیا۔‏ یوں وہ ایک سال کے اندر اندر بپتسمہ لے پائیں۔‏ ایک نوجوان بھائی جن کا نام پیٹرک ہے،‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ویسے تو مَیں پہلے سے ہی کچھ منصوبے بنا چُکا تھا لیکن اِن کو لکھ لینے سے مَیں نے اِنہیں پورا کرنے کے لیے زیادہ محنت کی۔‏“‏

اگر آپ کے والدین یہوواہ کی خدمت کرنا چھوڑ دیں تو کیا آپ اُس کی خدمت کرتے رہیں گے؟‏ (‏پیراگراف 15 کو دیکھیں۔‏)‏

15.‏ آپ کو محض دوسروں کو خوش کرنے کے لیے بپتسمہ کیوں نہیں لینا چاہیے؟‏

15 ایک اَور اہم سوال جو آپ خود سے پوچھ سکتے ہیں،‏ وہ یہ ہے کہ ”‏اگر میرے والدین اور دوست یہوواہ کی خدمت کرنا چھوڑ دیں تو کیا مَیں اُس کی خدمت کرتا رہوں گا؟‏“‏ یاد رکھیں کہ جب آپ خود کو یہوواہ کے لیے وقف کرتے ہیں تو آپ وعدہ کرتے ہیں کہ چاہے کچھ بھی ہو،‏ آپ اُس کے وفادار رہیں گے۔‏ آپ کو خدا کی خدمت محض دوسروں کو خوش کرنے کے لیے نہیں کرنی چاہیے یہاں تک کہ اپنے والدین کو خوش کرنے کے لیے بھی نہیں۔‏ جب آپ کا چال‌چلن پاک ہوتا ہے اور آپ خدا کی بندگی کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ نے سچائی کو اپنے دل پر نقش کر لیا ہے اور بپتسمے کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں۔‏

شکرگزاری کا جذبہ

16،‏ 17.‏ ‏(‏الف)‏ ہمیں کس وجہ سے خدا کی خدمت کرنی چاہیے؟‏ (‏ب)‏ مثال دے کر بتائیں کہ فدیے پر سوچ بچار کرنے سے شکرگزاری کا جذبہ کیوں پیدا ہوتا ہے۔‏

16 ایک بار شریعت کے ایک ماہر نے یسوع مسیح سے پوچھا کہ ”‏سب سے بڑا حکم کون سا ہے؟‏“‏ یسوع مسیح نے جواب دیا:‏ ”‏یہوواہ اپنے خدا سے اپنے سارے دل،‏ اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے محبت رکھو۔‏“‏ (‏متی 22:‏35-‏37‏)‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں خدا سے محبت کی بِنا پر بپتسمہ لینا چاہیے اور اُس کی خدمت کرنی چاہیے۔‏ یہوواہ کے لیے اپنی محبت کو بڑھانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اُس بیش‌قیمت قربانی پر سوچ بچار کریں جو اُس نے ہمارے لیے دی یعنی اپنے بیٹے کی قربانی۔‏ ‏(‏2-‏کُرنتھیوں 5:‏14،‏ 15؛‏ 1-‏یوحنا 4:‏9،‏ 19 کو پڑھیں۔‏)‏ اِس قربانی کے بارے میں سوچنے سے آپ کے دل میں شکرگزاری کا جذبہ پیدا ہوگا۔‏

17 اِس سلسلے میں ایک مثال پر  غور  کریں۔‏  تصور  کریں  کہ  آپ  سمندر میں ڈوب رہے ہیں اور کوئی آپ کو بچا لیتا ہے۔‏ کیا آپ گھر جا کر فوراً بھول جائیں گے کہ اُس شخص نے آپ کے لیے کیا کِیا؟‏ ہر گز نہیں۔‏ اُس نے تو آپ کی جان بچائی تھی۔‏ ظاہری بات ہے کہ آپ اُس کے بہت احسان‌مند ہوں گے۔‏ اِسی طرح ہم یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کے بہت احسان‌مند ہیں۔‏ اُنہوں نے فدیہ فراہم کرنے سے ہم سب کو گُناہ اور موت کے سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا۔‏ اُن کی محبت کی بِنا پر ہم ہمیشہ تک فردوس میں رہنے کی اُمید رکھ سکتے ہیں۔‏

18،‏ 19.‏ ‏(‏الف)‏ آپ کو اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کرنے  سے  کیوں نہیں گھبرانا چاہیے؟‏ (‏ب)‏ یہوواہ خدا کی خدمت کرنے سے آپ کی زندگی روشن کیوں ہو جاتی ہے؟‏

18 کیا آپ فدیے کے لیے یہوواہ خدا کے شکرگزار  ہیں؟‏  شکرگزاری ظاہر کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اُس کے لیے اپنی زندگی وقف کر لیں اور بپتسمہ لے لیں۔‏ یاد رکھیں کہ یہ بڑا سنجیدہ  قدم ہے کیونکہ آپ یہوواہ سے وعدہ کرتے ہیں کہ آپ ہر صورت میں اُس کی مرضی پر چلیں گے۔‏ کیا آپ کو ایسا وعدہ کرنے سے گھبرانا چاہیے؟‏ نہیں۔‏ یہوواہ خدا ہمیشہ آپ کا بھلا چاہتا ہے۔‏ وہ ”‏اُن سب کو اجر دے گا جو لگن سے اُس کی خدمت کرتے ہیں۔‏“‏ (‏عبر 11:‏6‏)‏ خود کو اُس کے لیے وقف کرنے اور بپتسمہ لینے سے آپ کی زندگی ماند نہیں پڑ جائے گی بلکہ روشن ہو جائے گی۔‏ ایک 24 سالہ بھائی جنہوں نے بچپن میں بپتسمہ لیا تھا،‏ کہتے ہیں:‏ ”‏سچ ہے کہ اگر مَیں ٹھہر کر بپتسمہ لیتا تو شاید مَیں بہتر طور پر سمجھتا کہ اِس قدم میں کیا کچھ شامل ہے۔‏ لیکن چھوٹی عمر میں اپنی زندگی یہوواہ کے لیے وقف کرنے سے مَیں دُنیا میں مگن ہونے سے بچ گیا۔‏“‏

19 یہوواہ خدا،‏ شیطان سے کس قدر فرق ہے!‏  شیطان  آپ  کی بہتری نہیں چاہتا۔‏ وہ اُن لوگوں کو دائمی اجر نہیں دے سکتا جو اُس کا ساتھ دیتے ہیں۔‏ اور وہ اجر دے بھی کیسے سکتا ہے؟‏ اُس کے پاس نہ تو کوئی خوش‌خبری ہے اور نہ ہی کوئی اُمید۔‏ اُس کا اپنا مستقبل تاریک ہے۔‏ پھر وہ آپ کو ایک روشن مستقبل کیسے دے سکتا ہے؟‏—‏مکا 20:‏10‏۔‏

20.‏ بچے اور نوجوان بپتسمے کی طرف بڑھنے کے لیے کیا کچھ کر سکتے ہیں؟‏ (‏بکس  ‏”‏پختگی حاصل کرنے کے لیے اِن مضامین پر غور کریں“‏ کو بھی دیکھیں۔‏)‏

20 اِن سب باتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود کو  یہوواہ  خدا  کے  لیے وقف کرنا زندگی کا بہترین فیصلہ ہوتا ہے۔‏ کیا آپ یہ قدم اُٹھانے کے لیے تیار ہیں؟‏ تو پھر ہچکچائیں نہیں۔‏ لیکن اگر آپ کو ابھی کچھ وقت چاہیے تو اِس مضمون میں دیے گئے مشوروں پر عمل کریں تاکہ آپ بپتسمے کی طرف بڑھ سکیں۔‏ پولُس رسول نے لکھا:‏ ”‏ہم نے جتنی بھی پختگی حاصل کر لی ہو،‏ آئیں،‏ آگے بڑھتے رہیں۔‏“‏ (‏فل 3:‏16‏)‏ اگر آپ اِس ہدایت پر عمل کریں گے تو جلد ہی آپ خود کو یہوواہ کے لیے وقف کر کے بپتسمہ لینا چاہیں گے۔‏

^ ‏[‏1]‏ ‏(‏پیراگراف 7)‏ یہ ورک‌شیٹس (‎STUDY GUIDES‎) آپ کو ہماری ویب‌سائٹ پر BIBLE TEACHINGS کے تحت حصہ TEENAGERS کے حصے میں ملیں گی۔‏

^ ‏[‏2]‏ ‏(‏پیراگراف 13)‏ اِس سلسلے میں کچھ نوجوانوں نے کتاب کویسچنز ینگ پیپل آسک—‏آنسرز دیٹ ورک،‏ جِلد 2،‏ صفحہ 308 اور 309 میں دی گئی ورک‌شیٹ کو بہت فائدہ‌مند پایا ہے۔‏