قدیم صراحی پر ایک دلچسپ نام
سن 2012ء میں ماہرِآثارِقدیمہ کو مٹی کی ایک صراحی کے ٹکڑے ملے جو 3000 سال پُرانے تھے۔ تحقیقدان اِس دریافت سے بہت خوش تھے کیونکہ اِس صراحی پر ایک دلچسپ تحریر کندہ تھی۔
جب ماہرِآثارِقدیمہ نے صراحی کے ٹکڑوں کو جوڑا تو اِس پر کنعانی لکھائی میں یہ عبارت لکھی تھی: ”اِشبعل، بیدا کا بیٹا۔“ یہ پہلی بار تھا کہ ماہرِآثارِقدیمہ کو کسی قدیم چیز پر اِشبعل کا نام لکھا ہوا ملا۔
بائبل میں بھی اِشبعل نامی ایک شخص کا ذکر آتا ہے لیکن یہ بادشاہ ساؤل کا بیٹا تھا۔ (1-تواریخ 8:33؛ 9:39) اِس صراحی کو دریافت کرنے والے ماہرِآثارِقدیمہ میں سے ایک نے کہا: ”یہ بڑی دلچسپی کی بات ہے کہ بائبل میں اور آثارِقدیمہ میں نام اِشبعل صرف بادشاہ داؤد کے دَورِحکومت میں آتا ہے۔“ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ نام صرف اُسی زمانے میں اِستعمال ہوا۔ لہٰذا آثارِقدیمہ کے ذریعے ایک ایسی بات کی تصدیق ہو گئی جو ابھی تک صرف بائبل سے پتہ چلتی تھی۔
بائبل کی دوسری آیتوں میں ساؤل کے بیٹے اِشبعل کو اِشبوست کہا گیا ہے۔ (2-سموئیل 2:10) لیکن اِس نام کا آخری حصہ ”بعل“ سے ”بوست“ میں کیوں بدل دیا گیا؟ تحقیقدانوں کا کہنا ہے کہ ”2-سموئیل کو لکھنے والا شخص شاید یہ نام اِس لیے اِستعمال کرنے سے کترایا کیونکہ اِس سے لوگوں کے ذہن میں بعل دیوتا آتا تھا جس کو کنعانی لوگ پوجتے تھے۔ . . . لیکن 1-تواریخ کی کتاب میں اصلی نام یعنی اِشبعل ہی اِستعمال ہوا ہے۔“