مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ‌بیتی

‏”‏یہوواہ مجھے کبھی نہیں بھولا“‏

‏”‏یہوواہ مجھے کبھی نہیں بھولا“‏

میرا گھر جنوبی امریکہ کے ملک گیانا کے ایک دُوردراز گاؤں میں ہے جہاں تقریباً 2000 لوگ رہتے ہیں۔‏ اِس گاؤں میں ایک چھوٹے ہوائی جہاز یا کشتی کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔‏

مَیں 1983ء میں پیدا ہوا۔‏ شروع شروع میں مَیں دوسرے بچوں کی طرح بالکل ٹھیک ٹھاک تھا۔‏ لیکن جب مَیں دس سال کا ہوا تو میرے پورے جسم میں شدید درد رہنے لگا۔‏ اور پھر اِس کے تقریباً دو سال بعد جب ایک صبح مَیں سو کر اُٹھا تو مَیں نے محسوس کِیا کہ میری ٹانگوں میں بالکل جان نہیں ہے۔‏ مَیں نے اِنہیں ہلانے کی بڑی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔‏ اُس دن کے بعد سے مَیں پھر کبھی نہیں چل سکا۔‏ میری بیماری کی وجہ سے میرا قد بڑھنا بھی رُک گیا۔‏ اِس لیے آج بھی میرا قد ایک بچے جتنا ہے۔‏

مجھے معذور ہوئے چند مہینے گزرے تھے جب یہوواہ کی دو گواہ ہمارے گھر آئیں۔‏ عموماً جب کوئی ہمارے ہاں آتا تھا تو مَیں چھپنے کی کوشش کرتا تھا۔‏لیکن اُس دن مَیں نے اُن گواہوں سے بات کی۔‏ جب وہ مجھے فردوس کے بارے میں بتا رہی تھیں تو مجھے وہ باتیں یاد آئیں جو مَیں نے اُس وقت سنی تھیں جب مَیں پانچ سال کا تھا۔‏ اُس وقت جےتھرو نامی مشنری جو سُرینام میں رہتے تھے،‏ مہینے میں ایک بار ہمارے گاؤں آتے تھے اور میرے ابو کو بائبل کورس کرایا کرتے تھے۔‏ جےتھرو میرے ساتھ بڑے پیار سے پیش آتے تھے۔‏ وہ مجھے بہت اچھے لگتے تھے۔‏ اِس کے علاوہ میرے دادا دادی مجھے گواہوں کے اِجلاسوں پر کبھی کبھی اپنے ساتھ لے جاتے تھے جو ہمارے گاؤں میں ہوا کرتے تھے۔‏ لہٰذا جب اُس دن اُن دو گواہوں میں سے ایک نے جس کا نام فلورنس تھا،‏ مجھ سے پوچھا کہ کیا مَیں اَور زیادہ سیکھنا چاہتا ہوں تو مَیں نے اُن سے کہا:‏ جی ضرور۔‏

اگلی بار فلورنس اپنے شوہر کے ساتھ آئیں جن کا نام جسٹس تھا۔‏ مَیں اُن دونوں کے ساتھ بائبل کورس کرنے لگا۔‏ جب اُنہوں نے دیکھا کہ مَیں پڑھ نہیں سکتا تو اُنہوں نے مجھے پڑھنا سکھایا۔‏ کچھ عرصے بعد مَیں پڑھنا سیکھ گیا۔‏ ایک دن اُنہوں نے مجھے بتایا کہ اُنہیں سُرینام خدمت کرنے کو کہا گیا ہے۔‏ افسوس کہ اُس وقت میرے گاؤں میں کوئی اَور گواہ نہیں تھا جس کے ساتھ مَیں اپنا کورس جاری رکھ پاتا۔‏ لیکن مَیں اِس بات پر بہت خوش ہوں کہ یہوواہ مجھے کبھی نہیں بھولا۔‏

تھوڑے عرصے بعد ایک پہل‌کار جن کا نام فلوئیڈ تھا،‏ ہمارے گاؤں آئے۔‏ فلوئیڈ کی ملاقات مجھ سے اُس وقت ہوئی جب وہ گھر گھر مُنادی کر رہے تھے۔‏ جب اُنہوں نے مجھے بائبل کورس کی پیشکش کی تو مَیں مسکرا دیا۔‏ اُنہوں نے مجھ سے پوچھا:‏ ”‏آپ مسکرا کیوں رہے ہیں؟‏“‏ مَیں نے اُنہیں بتایا کہ مَیں بروشر ‏”‏خدا ہم سے کیا تقاضا کرتا ہے؟‏“‏ سے بائبل کورس کر چُکا ہوں اور مَیں نے کتاب ‏”‏علم جو ہمیشہ کی زندگی کا باعث ہے“‏ * سے مطالعہ شروع کِیا تھا۔‏ پھر مَیں نے اُنہیں بتایا کہ میرا کورس بیچ میں کیوں رُک گیا۔‏ فلوئیڈ نے مجھے کتاب کے باقی ابواب سے کورس کرایا لیکن پھر اُنہیں بھی کہیں اَور خدمت کرنے کے لیے بھیج دیا گیا۔‏ ایک بار پھر مَیں اُستاد سے محروم ہو گیا۔‏

لیکن 2004ء میں گرین‌ویل اور جوشوا نامی دو خصوصی پہل‌کاروں کو ہمارے گاؤں میں خدمت کرنے کے لیے بھیجا گیا۔‏ اُن کی ملاقات بھی مجھ سے اُس وقت ہوئی جب وہ گھر گھر مُنادی کر رہے تھے۔‏ جب اُنہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا مَیں بائبل کورس کرنا چاہتا ہوں تو مَیں مسکرا دیا۔‏ مَیں نے اُن سے کہا کہ وہ مجھے شروع سے ‏”‏علم“‏ کی کتاب سے بائبل کورس کرائیں۔‏ مَیں یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ کیا وہ بھی مجھے وہی باتیں سکھائیں گے جو پہلے بائبل کورس کرانے والوں نے مجھے سکھائی تھیں۔‏ گرین‌ویل نے مجھے میرے گاؤں میں ہونے والے اِجلاسوں کے بارے میں بتایا۔‏ حالانکہ مَیں دس سال سے گھر سے باہر نہیں نکلا تھا لیکن اِن اِجلاسوں پر مَیں جانا چاہتا تھا۔‏ اِس لیے گرین‌ویل میرے گھر مجھے لینے آتے،‏ مجھے ویل‌چیئر پر بٹھاتے اور کنگڈم ہال لے جاتے۔‏

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گرین‌ویل نے میرا حوصلہ بڑھایا کہ مَیں مسیحی خدمتی سکول میں اپنا نام لکھواؤں۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏آپ چل پھر نہیں سکتے تو کیا ہوا،‏ آپ بول تو سکتے ہیں۔‏ یقین مانیں،‏ ایک دن آپ عوامی تقریر دیں گے۔‏“‏ اُن کی باتوں سے میری ہمت بڑھی۔‏

مَیں گرین‌ویل کے ساتھ مُنادی کے کام میں حصہ لینے لگا۔‏ لیکن گاؤں کی بہت سی گلیاں کچی تھیں اور راستے اُونچے نیچے تھے جن پر ویل‌چیئر کو چلانا بڑا مشکل ہوتا تھا۔‏ اِس لیے مَیں نے گرین‌ویل سے کہا کہ وہ مجھے ہاتھ گاڑی میں بٹھا کر مُنادی کرنے کے لیے لے جایا کریں۔‏ یہ طریقہ ہم دونوں کو خوب بھایا۔‏ اپریل 2005ء میں مَیں نے بپتسمہ لیا۔‏ اِس کے تھوڑے عرصے بعد بھائیوں نے مجھے کلیسیا میں کتابوں کی دیکھ‌بھال کرنے اور کنگڈم ہال میں ساؤنڈ سسٹم کو اِستعمال کرنے کی تربیت دی۔‏

سن 2007ء میں میرے ابو کشتی کے حادثے میں مارے گئے۔‏ میرے گھر والے صدمے میں ڈوب گئے۔‏ گرین‌ویل نے ہمارے ساتھ مل کر دُعا کی اور ہمیں بائبل سے تسلی‌بخش آیتیں پڑھ کر سنائیں۔‏ پھر دو سال بعد ہم پر ایک بار پھر سے غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔‏ گرین‌ویل بھی کشتی کے حادثے میں فوت ہو گئے۔‏

گرین‌ویل ہماری چھوٹی سی کلیسیا کی آنکھوں میں آنسو چھوڑ گئے۔‏ اب ہماری کلیسیا میں صرف ایک خادم تھا اور کوئی بزرگ نہیں رہا۔‏ گرین‌ویل مجھے بہت عزیز تھے۔‏ مجھے اُن کی موت کا بےحد دُکھ تھا۔‏ اُنہوں نے نہ صرف یہوواہ کے قریب جانے میں بلکہ کئی اَور طریقوں سے بھی میری بہت مدد کی۔‏ اُن کی موت کے بعد جو اگلا اِجلاس ہوا،‏ اُس میں مجھے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کی پڑھائی کرنے کو کہا گیا۔‏ مَیں نے ابھی پہلے دو پیراگراف ہی پڑھے تھے کہ مَیں رونے لگا۔‏ میری آنکھوں سے آنسو رُکنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے اِس لیے مجھے پلیٹ‌فارم سے جانا پڑا۔‏

کچھ عرصے بعد میری زندگی میں پھر سے خوشی کے موقعے آئے۔‏ پہلے تو دوسری کلیسیا کے کچھ بھائی ہمارے گاؤں ہماری مدد کرنے آئے جن کے آنے سے مَیں کھل اُٹھا۔‏ اِس کے بعد برانچ نے ایک بھائی کو خصوصی پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنے کے لیے ہماری کلیسیا میں بھیجا جس کا نام کوجو تھا۔‏ اور میری خوشی کی تو اُس وقت اِنتہا ہی نہیں رہی جب میری امی اور چھوٹے بھائی نے بائبل کورس شروع کِیا اور آخرکار بپتسمہ لیا۔‏ پھر مارچ 2015ء میں مجھے خادم کے طور پر مقرر کِیا گیا۔‏ کچھ عرصے بعد مَیں نے پہلی بار عوامی تقریر کی۔‏ اُس دن گرین‌ویل کی وہ بات یاد کر کے میری آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے جو اُنہوں نے مجھ سے کہے تھے:‏ ”‏یقین مانیں،‏ ایک دن آپ عوامی تقریر دیں گے۔‏“‏

جےڈبلیو براڈکاسٹنگ® پر مَیں نے ایسے بہن بھائیوں کے تجربے سنے جو میری جیسی صورتحال سے گزر رہے ہیں۔‏ لیکن اپنی معذوریوں کے باوجود وہ خوش‌باش زندگی گزار رہے ہیں اور خدا کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔‏ مَیں ابھی بھی تھوڑے بہت کام کر سکتا ہوں۔‏ میری خواہش ہے کہ مَیں یہوواہ کی خدمت میں جتنی طاقت لگا سکتا ہوں،‏ لگاؤں۔‏ اِس لیے مَیں نے پہل‌کار کے طور پر خدمت کرنی شروع کر دی۔‏ ستمبر 2019ء میں مجھے ایک ایسی خوش‌خبری ملی جسے سُن کر مَیں ہکا بکا رہ گیا۔‏ مجھے پتہ چلا کہ مجھے اپنی کلیسیا میں جس میں تقریباً 40 مبشر ہیں،‏ ایک بزرگ کے طور پر مقرر کِیا گیا ہے۔‏

مَیں اپنے اُن بہن بھائیوں کا دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے بائبل کورس کرایا اور میری مدد کی تاکہ مَیں یہوواہ کی خدمت کر سکوں۔‏ سب سے بڑھ کر مَیں یہوواہ کا شکرگزار ہوں جو مجھے کبھی نہیں بھولا۔‏

^ پیراگراف 8 یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی۔‏ لیکن اب یہ دستیاب نہیں ہے۔‏