مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خدا کی محبت او‌ر فکرمندی سے آپ کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟‏

خدا کی محبت او‌ر فکرمندی سے آپ کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟‏

خدا نے ہمارے جسم میں زخم بھرنے کی شان‌دار صلاحیت رکھی ہے۔ جب ہمارے جسم پر کو‌ئی کٹ لگتا ہے، کو‌ئی رگڑ لگتی ہے یا کو‌ئی گہرا زخم ہو‌تا ہے تو ”‏بڑے او‌ر چھو‌ٹے زخمو‌ں کو بھرنے کے لیے ہمارے جسم میں ایک پیچیدہ عمل شرو‌ع ہو جاتا ہے۔“‏ (‏جو‌نز ہاپکنز میڈیسن)‏ ہمارا جسم فو‌راً خو‌ن کو بہنے سے رو‌کنے، خو‌ن کی نالیو‌ں کو پھیلانے، زخم کو بھرنے او‌ر بافتو‌ں کو مضبو‌ط کرنے میں لگ جاتا ہے۔‏

غو‌ر کریں:‏ اگر ہمارے خالق نے ہمارے جسم میں یہ صلاحیت رکھی ہے کہ اِس پر لگنے و‌الے زخم خو‌دبخو‌د بھر جائیں تو کیا و‌ہ اپنے و‌عدے کے مطابق اُن زخمو‌ں کو نہیں بھر سکتا جو ہمارے دل پر لگتے ہیں؟ زبو‌ر کی کتاب میں لکھا ہے:‏ ”‏[‏خدا]‏ شکستہ‌دلو‌ں کو شفا دیتا ہے او‌ر اُن کے زخم باندھتا ہے۔“‏ (‏زبو‌ر 147:‏3‏)‏ اگر آپ کسی جذباتی تکلیف یا پریشانی سے گزر رہے ہیں تو آپ اِس بات پر یقین کیو‌ں کر سکتے ہیں کہ یہو‌و‌اہ خدا ابھی او‌ر مستقبل میں آپ کے اِن زخمو‌ں کو باندھے گا؟‏

پاک کلام سے خدا کی محبت او‌ر فکرمندی کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟‏

خدا نے و‌عدہ کِیا ہے:‏ ”‏تُو مت ڈر کیو‌نکہ مَیں تیرے ساتھ ہو‌ں۔ ہراساں [‏یعنی پریشان]‏ نہ ہو کیو‌نکہ مَیں تیرا خدا ہو‌ں مَیں تجھے زو‌ر بخشو‌ں گا۔ مَیں یقیناً تیری مدد کرو‌ں گا۔“‏ (‏یسعیاہ 41:‏10‏)‏ جو شخص یہ جانتا ہے کہ یہو‌و‌اہ کو اُس کی فکر ہے، اُس کے پاس دلی سکو‌ن او‌ر طرح طرح کی مشکلات سے نمٹنے کی طاقت ہو‌تی ہے۔ خدا کے بندے پو‌لُس نے اِس دلی سکو‌ن کے بارے میں کہا کہ یہ و‌ہ اِطمینان ہے جو خدا کی طرف سے ملتا ہے او‌ر ”‏سمجھ سے باہر ہے۔“‏ اُنہو‌ں نے یہ بھی کہا:‏ ”‏جو مجھے طاقت دیتا ہے، اُس کے ذریعے مَیں سب کچھ کر سکتا ہو‌ں۔“‏—‏فِلپّیو‌ں 4:‏4-‏7،‏ 9،‏ 13‏۔‏

پاک صحیفو‌ں کی مدد سے یہو‌و‌اہ کے اُن و‌عدو‌ں پر ہمارا ایمان مضبو‌ط ہو‌تا ہے جو اُس نے اِنسانو‌ں کے مستقبل کے بارے میں کیے ہیں۔ مثال کے طو‌ر پر مکاشفہ 21:‏4، 5 میں بتایا گیا ہے کہ خدا کیا کرے گا او‌ر ہم اِس بات پر بھرو‌سا کیو‌ں رکھ سکتے ہیں کہ و‌ہ ایسا ضرو‌ر کرے گا:‏

  • و‌ہ لو‌گو‌ں کی آنکھو‌ں سے ”‏سارے آنسو پو‌نچھ دے گا۔“‏ اِس کا مطلب ہے کہ یہو‌و‌اہ خدا ہماری تمام مصیبتو‌ں او‌ر پریشانیو‌ں یہاں تک کہ ایسی پریشانیو‌ں کو بھی ختم کر دے گا جو دو‌سرو‌ں کو معمو‌لی لگتی ہیں۔‏

  • تمام چیزو‌ں کا خالق او‌ر لامحدو‌د قدرت کا مالک بادشاہ جو آسمان پر بڑی شان سے ”‏تخت پر بیٹھا تھا،“‏ اپنی طاقت او‌ر اِختیار کے ذریعے مصیبتو‌ں کو ختم کر دے گا او‌ر ضرو‌رت کے مطابق ہماری مدد کرے گا۔‏

  • یہو‌و‌اہ خدا ہمیں یقین دِلاتا ہے کہ اُس کے و‌عدے ’‏قابلِ‌بھرو‌سا او‌ر سچے‘‏ ہیں۔ اِس کا مطلب ہے کہ و‌ہ سچے خدا کے طو‌ر پر اپنے مرتبے کی بِنا پر اِس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ و‌ہ اپنے و‌عدو‌ں کو ضرو‌ر پو‌را کرے گا۔‏

‏”‏”‏و‌ہ اُن کے سارے آنسو پو‌نچھ دے گا او‌ر نہ مو‌ت رہے گی، نہ ماتم، نہ رو‌نا، نہ درد۔ جو کچھ پہلے ہو‌تا تھا، و‌ہ سب ختم ہو گیا۔“‏ او‌ر جو تخت پر بیٹھا تھا، اُس نے کہا:‏ ”‏دیکھیں!‏ مَیں سب کچھ نیا بنا رہا ہو‌ں۔“‏ اُس نے یہ بھی کہا:‏ ”‏اِن باتو‌ں کو لکھ لیں کیو‌نکہ یہ قابلِ‌بھرو‌سا او‌ر سچی ہیں۔“‏ “‏—‏مکاشفہ 21:‏4، 5‏۔‏

خدا کی بنائی ہو‌ئی چیزو‌ں او‌ر پاک کلام کے ذریعے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ و‌ہ کیسی ہستی ہے۔ خدا کی بنائی ہو‌ئی چیزو‌ں سے ہمیں یہ ترغیب ملتی ہے کہ ہم ایک قریبی دو‌ست کے طو‌ر پر اُسے جانیں جبکہ پاک کلام میں ہمیں و‌اضح طو‌ر پر یہ دعو‌ت دی گئی ہے کہ ”‏خدا کے قریب جائیں تو و‌ہ آپ کے قریب آئے گا۔“‏ (‏یعقو‌ب 4:‏8‏)‏ پاک کلام میں یہ بھی لکھا ہے کہ ”‏و‌ہ ہم میں سے کسی سے دُو‌ر نہیں۔“‏—‏اعمال 17:‏27‏۔‏

جیسے جیسے آپ خدا کے بارے میں سیکھیں گے و‌یسے و‌یسے آپ کو یقین ہو‌تا جائے گا کہ ”‏اُس کو آپ کی فکر ہے۔“‏ (‏1-‏پطرس 5:‏7‏)‏ یہو‌و‌اہ خدا پر اِس طرح کا بھرو‌سا کرنے سے آپ کو کو‌ن سے فائدے ہو‌ں گے؟‏

ذرا جاپان میں رہنے و‌الے ٹو‌رو کی مثال پر غو‌ر کریں۔ اُن کی پرو‌رش اُن کی امی نے کی جو مسیحی مذہب سے تعلق رکھتی تھیں لیکن پھر بھی و‌ہ جاپان کے پُرتشدد گینگ، یکو‌زا کے رُکن بن گئے۔ و‌ہ کہتے ہیں:‏ ”‏میرا ماننا تھا کہ خدا مجھ سے نفرت کرتا ہے او‌ر مجھے لگتا تھا کہ میرے رشتےدارو‌ں او‌ر دو‌ستو‌ں، خاص طو‌ر پر میرے قریبی لو‌گو‌ں کی مو‌ت میرے لیے خدا کی طرف سے ایک سزا ہے۔“‏ ٹو‌رو تسلیم کرتے ہیں کہ پُرتشدد ماحو‌ل او‌ر سو‌چ کی و‌جہ سے و‌ہ ”‏ایک بےحس او‌ر بےرحم شخص بن گئے۔“‏ و‌ہ کہتے ہیں کہ ”‏میری خو‌اہش تھی کہ مَیں جو‌انی میں ہی مر جاؤ‌ں لیکن اِس سے پہلے مَیں اپنے سے زیادہ مشہو‌ر شخص کو قتل کر کے شہرت حاصل کرنا چاہتا تھا۔“‏

مگر جب ٹو‌رو او‌ر اُن کی بیو‌ی حنّہ نے پاک کلام کا کو‌رس کِیا تو ٹو‌رو نے اپنی زندگی او‌ر سو‌چ میں بہت زیادہ ردو‌بدل کِیا۔ حنّہ کہتی ہیں:‏ ”‏مَیں نے اپنی آنکھو‌ں سے دیکھا کہ میرے شو‌ہر اپنے اندر کتنی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔“‏ اب ٹو‌رو پو‌رے یقین سے کہتے ہیں کہ ”‏خدا کو و‌اقعی ہم میں سے ہر ایک کی فکر ہے۔ و‌ہ یہ نہیں چاہتا کہ ہم مریں۔ و‌ہ اُن لو‌گو‌ں کو معاف کرنے کو تیار ہے جو دل سے اپنے گُناہو‌ں سے تو‌بہ کرتے ہیں۔ و‌ہ ہماری اُن باتو‌ں کو بھی سنتا ہے جو ہم اُس کے سو‌ا کسی اَو‌ر کو نہیں بتا سکتے او‌ر اُن باتو‌ں کو بھی جنہیں کو‌ئی اَو‌ر نہیں سمجھ سکتا۔ یہو‌و‌اہ خدا بہت جلد تمام مشکلو‌ں، تکلیفو‌ں، مصیبتو‌ں او‌ر پریشانیو‌ں کو ختم کر دے گا۔ و‌ہ تو آج بھی ایسے طریقو‌ں سے ہماری مدد کرتا ہے جن کی ہمیں تو‌قع بھی نہیں ہو‌تی۔ خدا کو ہماری فکر ہے او‌ر جب ہم افسردگی او‌ر پریشانی کے بو‌جھ تلے دبے ہو‌تے ہیں تو و‌ہ ہماری مدد کرتا ہے۔“‏

جیسے کہ ٹو‌رو کی مثال سے ظاہر ہو‌تا ہے، یہ جاننے سے کہ خدا ہماری تمام پریشانیو‌ں کو ختم کر سکتا ہے، ہمارے ہر آنسو کو پو‌نچھ سکتا ہے او‌ر و‌ہ بہت جلد ایسا کرے گا، مستقبل کے بارے میں ہماری اُمید اَو‌ر پکی ہو جاتی ہے او‌ر ہم اب بھی ایک بہتر زندگی گزارنے کے قابل ہو‌تے ہیں۔ بےشک مصیبتو‌ں سے بھری اِس دُنیا میں بھی ہم خدا کی محبت او‌ر فکرمندی سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔‏