مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ کوئی غیرملکی زبان سیکھنا چاہتے ہیں؟‏

کیا آپ کوئی غیرملکی زبان سیکھنا چاہتے ہیں؟‏

کیا آپ کوئی غیرملکی زبان سیکھنا چاہتے ہیں؟‏

برطانیہ میں ”‏جاگو!‏“‏ کے مراسلہ‌نگار سے

‏”‏کہنا آسان ہے مگر کرنا مشکل!‏“‏ بیشتر لوگ خاص طور پر غیرملکی زبان سیکھنے کی حتی‌المقدور کوشش کرنے کے بعد یہی کہتے ہیں۔‏ سچ ہے کہ دوسری زبان سیکھنا ایک چیلنج‌خیز کام ہے۔‏ تاہم جو لوگ اس میں کامیاب ہوئے ہیں اُنکا کہنا ہے کہ اس کے لئے کوشش کرنے کی اپنی ہی افادیت ہے.‏

ایک نئی زبان سیکھنے کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ انڈریو نے اپنی چھٹیاں فرانس میں گزارنے کا منصوبہ بنایا اور وہ چاہتا تھا کہ مقامی لوگوں کیساتھ اُنکی زبان میں گفتگو کرنے کے قابل ہو جائے۔‏ گویڈو انگلینڈ میں پیدا ہوا تھا مگر اُسکے خاندان کا تعلق اٹلی سے تھا۔‏ وہ کہتا ہے،‏ ”‏مَیں صرف وہاں کی بولی جانتا تھا لہٰذا مَیں صحیح طور پر اطالوی زبان میں گفتگو کرنا سیکھنا چاہتا تھا۔‏“‏ جوناتھن کے چھوٹے بھائی نے حال ہی میں کسی دوسرے ملک نقل‌مکانی کرنے کے بعد ایک ہسپانوی لڑکی سے شادی کر لی تھی۔‏ جوناتھن کہتا ہے کہ ”‏جب مَیں اپنے بھائی سے ملنے کیلئے گیا تو مَیں اپنے نئے رشتےداروں سے اُنکی مقامی زبان میں گفتگو کرنا چاہتا تھا۔‏“‏

تاہم ایک غیرملکی زبان سیکھنے کے دیگر فوائد بھی ہو سکتے ہیں۔‏ ”‏اس نے مجھے قدرشناسی کرنا بھی سکھایا ہے،‏“‏ لوئز کہتی ہے۔‏ ”‏اب مَیں سمجھ گئی ہوں کہ غیرملکی لوگ کسی ایسے ملک میں آکر کیسا محسوس کرتے ہیں جہاں پر بولی جانے والی زبان اُنکی زبان سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔‏“‏ اس کے فوائد نے پامیلا کو ذاتی طور پر متاثر کِیا تھا۔‏ انگلینڈ میں پرورش پانے کی وجہ سے،‏ اُسے اپنی خاندانی چینی زبان بہت ہی کم آتی تھی۔‏ نتیجتاً،‏ پامیلا اور اُسکی ماں ایک دوسرے سے دُور ہوتی گئیں۔‏ ”‏ہمارے درمیان زیادہ رابطہ نہیں تھا،‏“‏ پامیلا تسلیم کرتی ہے۔‏ ”‏تاہم اب جبکہ مَیں نے چینی زبان سیکھ لی ہے ہم دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئی ہیں اور ہمارا رشتہ بھی پہلے سے بہتر ہو گیا ہے۔‏“‏

کامیابی کیلئے امدادی چیزیں

ایک غیرملکی زبان سیکھنے میں کامیاب ہونے کیلئے آپکو کیا کرنے کی ضرورت ہے؟‏ ایسا کرنے والے بہتیرے لوگ ذیل میں درج چیزوں کو ضروری قرار دیتے ہیں۔‏

محرک۔‏ آپ کو ایک محرک—‏اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی ایک معقول وجہ—‏کی ضرورت ہے۔‏ عموماً زیادہ محرک کیساتھ کوشش کرنے والے طالبعلم بہترین نتائج حاصل کرتے ہیں۔‏

فروتنی۔‏ خود سے بہت زیادہ توقع نہ کریں،‏ غلطیاں—‏بالخصوص شروع شروع میں،‏ ناگزیر ہیں۔‏ ”‏لوگ مذاق اُڑائیں گے،‏“‏ ایلی‌سن کہتی ہے،‏ ”‏لہٰذا اپنی مزاح کی حس کو قائم رکھیں!‏“‏ ویلری اس سے اتفاق کرتی ہے:‏ ”‏آپ اُس بچے کی مانند ہیں جو ابھی چلنا سیکھ رہا ہے۔‏ اکثر آپ لڑکھڑا جاتے ہیں مگر پھر بھی آپکو سنبھل کر دوبارہ سے کوشش کرنی پڑتی ہے۔‏“‏

تحمل۔‏ ‏”‏میرے لئے پہلے دو سال مشکل تھے اور کبھی‌کبھار تو مَیں بالکل مایوس ہو جاتا تھا،‏“‏ ڈیوڈ تسلیم کرتا ہے۔‏ اس کے باوجود،‏ وہ کہتا ہے:‏ ”‏یہ آسان ہو جاتا ہے!‏“‏ جل بھی ایسا ہی محسوس کرتی ہے۔‏ وہ کہتی ہے،‏ ”‏جب تک آپ پلٹ کر ماضی پر نگاہ نہیں ڈالتے آپکو اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ آپ نے کیا کچھ سیکھ لیا ہے۔‏“‏

مشق۔‏ نئی زبان کا باقاعدہ استعمال آپکو روانی سے گفتگو کرنے میں مدد دیگا۔‏ روزانہ،‏ خواہ چند لمحوں کیلئے مشق کرنے کی کوشش کریں۔‏ جیسے کہ ایک درسی کتاب بیان کرتی ہے،‏ ”‏باقاعدہ طور پر تھوڑی مشق،‏ کبھی‌کبھار کی زیادہ مشق سے بہتر ہے۔‏“‏

کارآمد آلات

کیا آپ ایک غیرملکی زبان سیکھنے کا چیلنج قبول کرنے کیلئے تیار ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو ذیل میں درج آلات آپکی ترقی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔‏

فلیش کارڈز۔‏ ان میں سے ہر ایک پر ایک طرف لفظ یا جزوِجملہ ہوتا ہے اور دوسری طرف ترجمہ ہوتا ہے۔‏ جہاں آپ رہتے ہیں اگر وہاں یہ دستیاب نہیں ہیں تو آپ کارڈز کی فائل مرتب کرتے ہوئے اپنا ذاتی سیٹ تیار کر سکتے ہیں۔‏

تعلیمی آڈیو اور ویڈیو کیسٹس۔‏ یہ آپکو زبان کے صحیح تلفظ کو سننے میں مدد دینگی۔‏ مثال کے طور پر،‏ اپنی گاڑی میں سفر کے دوران،‏ ڈیوڈ نے جاپانی زبان کے ابتدائی اصول ایک ٹورسٹ کہاوتی کتاب کی آڈیوکیسٹ کو سننے سے سیکھے تھے۔‏

متعامِل کمپیوٹر پروگرامز۔‏ ان میں سے بعض میں آپ اپنی آواز ریکارڈ کر سکتے ہیں اور یوں آپ مقامی زبان بولنے والے کے تلفظ کیساتھ اپنے تلفظ کا موازنہ کر سکتے ہیں۔‏

ریڈیو اور ٹیلی‌ویژن۔‏ اگر آپ کے علاقے میں ریڈیو یا ٹیلی‌ویژن پر ایسے پروگرام نشر کئے جاتے ہیں جو وہی زبان استعمال کرتے ہیں جو آپ سیکھ رہے ہیں تو کیوں نہ ایسے پروگرام سننے سے اس بات کا اندازہ لگایا جائے کہ آپ کو کتنی سمجھ آتی ہے؟‏

رسائل اور کُتب۔‏ اس بات کا یقین کرتے ہوئے کہ آپکی سمجھنے کی دماغی صلاحیت کا معیار نہ تو بہت زیادہ اور نہ ہی بہت کم ہے،‏ نئی زبان میں مطبوعہ مواد کو پڑھنے کی کوشش کریں۔‏ *

زبان میں مہارت حاصل کرنا

بِلاشُبہ،‏ جلد یا بدیر آپکو اُن لوگوں کیساتھ گفتگو کرنی پڑیگی جو یہ زبان بولتے ہیں۔‏ اسکا یہ مطلب نہیں کہ آپکو کسی دُوردراز ملک کا سفر کرنا ہوگا۔‏ اس کے بجائے،‏ شاید آپ اپنے ہی ملک میں دوسری زبان استعمال کرنے والی یہوواہ کے گواہوں کی کسی کلیسیا میں جا سکتے ہیں۔‏

بہرصورت،‏ آپکا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ اپنی مادری زبان کے الفاظ اور جزوِجملہ کا محض ترجمہ کرنے کی بجائے آپ نئی زبان میں سوچ سکیں۔‏ جو لوگ آپکی نئی زبان بولتے ہیں غالباً اُنکی روایات اور عادات کی بابت کچھ جاننے کی کوشش کرنا بھی معاون ثابت ہوگا۔‏ ”‏کسی بھی زبان کو درحقیقت اُس وقت تک نہیں سیکھا جا سکتا جبتک اُس خطے کی ثقافت،‏ اُسکے طورطریقوں اور قدروں کو نہ سمجھا جائے جس کا یہ زبان حصہ ہے،‏“‏ ماہرِلسانیات رابرٹ لاڈو کہتا ہے۔‏

آخری مشورہ:‏ جب آپکو ترقی کی رفتار سُست دکھائی دے تو بےحوصلہ نہ ہوں۔‏ نئی زبان سیکھنا ایک جاری رہنے والا عمل ہے۔‏ جل جس نے ۲۰ سال پہلے اشاروں کی زبان سیکھی تھی کہتی ہے،‏ ”‏مَیں نے کبھی بھی سیکھنا ترک نہیں کِیا۔‏“‏ ”‏زبان ہمیشہ ارتقا کے عمل سے گزرتی رہتی ہے۔‏“‏

پس،‏ کیا آپ کوئی غیرملکی زبان سیکھنا چاہتے ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو ایک نہایت چیلنج‌خیز—‏مگر نہایت بااجر—‏کوشش کرنے کیلئے تیار رہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 18 جاگو!‏ اس وقت ۸۳ زبانوں میں دستیاب ہے اور اسکا ساتھی رسالہ مینارِنگہبانی،‏ ۱۳۲ زبانوں میں شائع ہوتا ہے۔‏ بیشتر لوگوں نے ان جرائد کی صاف اور واضح تحریر کو نئی زبان سیکھنے کے سلسلے میں مددگار پایا ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۲،‏ ۱۳ پر تصویریں]‏

آپ اپنی مقامی زبان کا اُس زبان کیساتھ موازنہ کرنے سے .‏ .‏ .‏

‏.‏ .‏ .‏ اپنے ذخیرہِ‌الفاظ میں اضافہ کر سکتے ہیں جو آپ سیکھ رہے ہیں