حادثے کے دوران زندہ ایمان
حادثے کے دوران زندہ ایمان
تقریباً ۶۰ سال پہلے، مینا ایش کو اپنے شوہر پیٹر کی طرف سے ایک پوسٹکارڈ وصول ہؤا۔ دستی پیغام نہایت مختصر اور غیرواضح تھا۔ تاہم، وہ اسے پا کر خوش اور مطمئن تھی۔ مینا کا شوہر بوخنوالٹ مرکزِاسیران میں قید تھا جسے یہوواہ کا گواہ ہونے کی وجہ سے نازی حکومت نے وہاں بھیجا تھا۔ پوسٹکارڈ کی پُشت پر یہ مختصر سی عبارت درج تھی: ”قیدی ابھی تک ایک ضدی بائبل طالبعلم [جیسے کہ اُس وقت یہوواہ کے گواہ مشہور تھے] ہے . . . صرف اسی وجہ سے خطوکتابت کی دیگر قابلِاجازت مراعات اُس سے لے لی گئی ہیں۔“ اس پیغام نے مینا پر واضح کر دیا کہ پیٹر اپنے ایمان پر قائم تھا۔
پوسٹکارڈ جو کہ اب نہایت خستہ اور زرد ہو چکا ہے نیو یارک سٹی کے بیٹری پارک میں واقع میوزیم آف جیوایش ہیرےٹیج—دی لِونگ میموریل ٹو دی ہالوکاسٹ کو عاریتاً دیا گیا ہے۔ پوسٹکارڈ اور اس پر پیٹر ایش کی چھپی تصویر اُس بڑے انسانی المیے—ہالوکاسٹ—(قتلِعام) کی بابت بیان کرنے میں شریک ہیں جس میں چھ ملین یہودی مارے گئے تھے۔ میوزیم کی مرکزی نمائشگاہ میں ۰۰۰،۲ سے زائد تصاویر اور ۸۰۰ تاریخی اور ثقافتی مصنوعات رکھی ہیں جو ہالوکاسٹ سمیت ۱۸۸۰ کے عشروں سے لیکر آج تک یہودیوں کے تجربات کی تصویرکشی کرتی ہیں۔ پیٹر ایش کے خط کی نمائش کے لئے میوزیم آف جیوایش ہیرےٹیج ہی کیوں موزوں جگہ ہے؟
”میوزیم کا منشور یہودی تاریخ کی نمائندگی کرتا ہے،“ میوزیم کے مؤرخ ڈاکٹر جد نیوبورن نے وضاحت کی۔ ”یہوواہ کے گواہوں کو گواہ ہونے کی وجہ سے اذیت دی گئی تھی۔ گواہوں کو محض اُنکے مذہبی عقائد نیز نسلپرستی کے معتقد نہ ہونے، بدطینت دُنیاوی آمر کی اطاعت نہ کرنے کی وجہ سے اذیت دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ، وہ اُسکی طرف سے جنگ کرنے کیلئے بھی تیار نہیں تھے۔ . . . یہودیوں نے سخت مخالفت کے باوجود اپنی اقدار اور ایمان کو قائم رکھا۔ میوزیم ایسی روحانی مزاحمت کی قدر کرتا ہے۔ اسی وجہ سے، یہ ادارہ نازی دورِحکومت کے دوران یہوواہ کے گواہوں کے ایمان کا اعتراف اور اُنکی تعریف کرتا ہے۔“
میوزیم آف جیوایش ہیرےٹیج میں اپنے اس عارضی ٹھکانے میں، ایک سادہ سا خط ایک ایسے شخص کی جدوجہد کی تصویرکشی کرتا ہے جسکی یہوواہ کیلئے وفاداری کو آزمایا گیا تھا۔ پیٹر ایش نازی کیمپ میں اپنے ایمان پر قائم رہ کر اپنی کڑی آزمائش سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔
[صفحہ ۳۱ پر تصویر]
نیو یارک سٹی میں میوزیم آف جیوایش ہیرےٹیج
[صفحہ ۳۱ پر تصویریں]
اپنے عقائد سے دستبردار ہونے سے انکار کرنے کے جُرم میں، یہوواہ کے ایک گواہ، ایش کو ۱۹۳۸ سے ۱۹۴۵ تک قید میں رکھا گیا تھا