مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ کبھی زولوٹس‌کوئینٹل سے ملے ہیں؟‏

کیا آپ کبھی زولوٹس‌کوئینٹل سے ملے ہیں؟‏

کیا آپ کبھی زولوٹس‌کوئینٹل سے ملے ہیں؟‏

میکسیکو سے جاگو!‏ کا رائٹر

جب مَیں نے زولوٹس‌کوئینٹل ‏—‏مختصراً زولو‏—‏کو پہلی مرتبہ چھوا تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی۔‏ اسکا سیاہ،‏ بےبال بدن مجھے نہایت ملائم اور گرم محسوس ہوا!‏ بہترین نسل کے کتوں کے ایک مقابلے کے دوران اس کتے کو وضع‌داری کیساتھ اپنے مالک کے پیچھے چلتا دیکھ کر ہمارے مُنہ سے بیساختہ واہ واہ نکل گیا۔‏ اسکے سیاہ ملائم بدن کے برعکس اس کی دُم کے کونے پر سفید بال غضب ڈھا رہے تھے۔‏

ہسپانیوں کی آمد سے قبل،‏ میسوامریکہ میں کتوں کو پالنے کا بڑا رواج تھا۔‏ بعض کو تو اُنکے مالکوں کیساتھ دفن بھی کر دیا جاتا تھا تاکہ ’‏موت کے بعد زندگی میں اُنکے ساتھی‘‏ بن سکیں۔‏ زولوز کو معاشرے میں خاص مقام حاصل تھا۔‏ ان سے کچھ طبّی فوائد بھی منسوب کئے گئے تھے۔‏ جوڑوں کے درد میں مبتلا مریضوں کیلئے اس گرم ننھے ساتھی کو جسم کے ساتھ لگا کر رکھنا مفید سمجھا جاتا تھا۔‏ بِلاشُبہ،‏ زولو سرد رات میں آپ کے پاؤں بھی گرم رکھ سکتا ہے!‏

آجکل،‏ بہتیرے لوگوں کے خیال میں زولو ایک لاثانی پالتو جانور ہے۔‏ دیگر متعدد نسلوں کی طرح،‏ زولو کو بھی سدھایا جا سکتا ہے اور اس کے مختلف سائز ہوتے ہیں—‏بعض تو بالکل کھلونے لگتے ہیں۔‏ سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ بال نہ ہونے کی وجہ سے اِنہیں پِسو بھی نہیں پڑتے اسی لئے جن لوگوں کو کتے کے بالوں سے الرجی ہوتی ہے اُن کیلئے زولو ترجیحی انتخاب ہے۔‏ زولو کی دیکھ‌بھال کرنا بہت آسان ہے۔‏ اس کتے کی جِلد کو نرم‌وملائم رکھنے کیلئے کبھی‌کبھار کسی کریم یا تیل کی مالش ہی کافی ہے۔‏ نسل‌کشی کا ماہر،‏ میگوئل آنکل مورینو زولو کے ایک اَور فائدے کی نشاندہی کرتا ہے:‏ ”‏اِسے نہلانے میں صرف ایک منٹ لگتا ہے اور دو منٹ میں فوراً خشک ہو جاتا ہے۔‏“‏ زولو کے طبّی فوائد کی بابت کیا خیال ہے؟‏ آجکل بھی بعض لوگ کہتے ہیں کہ اُنہوں نے زولو کو متاثرہ حصے کیساتھ لگائے رکھنے سے جوڑوں کی درد سے آرام پایا ہے۔‏ تاہم،‏ مورینو کی رائے میں زولو کی افادیت ”‏گرم پانی کی بوتل“‏ جتنی ہی ہے۔‏ *

کچھ عرصہ پہلے زولو کی نسل ختم ہو جانے کا خدشہ تھا جسکی وجہ سے اسکے تحفظ کے لئے خاص اقدام کئے گئے ہیں۔‏ آج،‏ زولوز میکسیکو کے علاوہ پیرو،‏ ریاستہائےمتحدہ اور دیگر کئی ممالک میں بھی پائے جاتے ہیں۔‏ پس،‏ کیا آپ زولوٹس‌کوئینٹل سے ملنا چاہینگے؟‏ اگر کبھی آپ کا اِس سے سامنا ہو گیا تو آپ اس منفرد کتے کو کبھی بھول نہیں پائینگے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 5 زولو کا درجۂ‌حرارت دوسرے کتوں سے زیادہ تو نہیں ہوتا مگر اِس کے بالوں کی کمی کی وجہ سے یہ زیادہ گرم محسوس ہوتا ہے۔‏