مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

برطانوی چڑیوں کا معما

برطانوی چڑیوں کا معما

برطانوی چڑیوں کا معما

برطانیہ میں جاگو!‏ کا رائٹر

اپنی معروف چہچہاہٹ کیساتھ ہر جگہ پائی جانے والی چڑیا عرصۂ‌دراز سے برطانوی مناظر کی دلکشی کا حصہ رہی ہے۔‏ لیکن یہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ اب یہ اچانک ہی شہروں سے غائب کیوں ہوتی جا رہی ہے۔‏ لندن کے اخبار انڈیپینڈنٹ نے یہ اعلان کِیا ہے کہ جو بھی اس معمے کا حل تحریری ثبوت کیساتھ بھیجیگا اُسے ۰۰۰،‏۵ پاؤنڈ (‏۲۰۰،‏۷ ڈالر)‏ انعام میں دئے جائینگے۔‏ رائل سوسائٹی برائے تحفظ‌طیور اور برٹش ٹرسٹ برائے طیوریات منصفین کے فرائض انجام دینگے۔‏ توقع ہے کہ یہ پروجیکٹ کم‌ازکم دو سال میں مکمل ہو جائیگا۔‏

سروے آشکارا کرتے ہیں کہ پورے مُلک کے قصبوں اور شہروں میں چڑیوں کی تعداد بہت کم ہو گئی ہے۔‏ بعض علاقوں سے تو یہ بالکل غائب ہو گئی ہیں۔‏ تاہم،‏ پیرس اور میڈرڈ جیسے دیگر یورپی شہروں میں ابھی بھی خاصی تعداد میں چڑیاں پائی جاتی ہیں۔‏ چڑیوں کا عالمی ماہر،‏ ڈاکٹر ڈینس سمرز سمتھ کہتا ہے:‏ ’‏یہ معما گزشتہ ۵۰ برسوں کے دوران جنگلی حیات سے متعلق معموں کی نسبت سب سے زیادہ حیران‌کُن ثابت ہوا ہے۔‏‘‏

دیہی علاقہ‌جات میں بنیادی طور پر کھیتی‌باڑی کو چڑیوں کی تعداد میں ۶۵ فیصد کمی کا باعث قرار دیا جا سکتا ہے۔‏ دیہی علاقہ‌جات میں پرندوں کی دیگر اقسام میں بھی اسی طرح کی کمی واقع ہوئی ہے۔‏ تاہم یہ شہری علاقوں میں چڑیوں کی تعداد میں ۹۲ فیصد کمی کا جواز نہیں ہے۔‏ ماہرِماحولیات مائیکل میک‌کارتھی اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ چڑیوں کا ڈرامائی طور پر غائب ہو جانا ”‏اس بات کا یقینی ثبوت ہے کہ چڑیوں کے ماحول میں اور غالباً ہمارے اپنے ماحول میں بھی کوئی سنگین خرابی واقع ہوئی ہے۔‏“‏ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا خرابی واقع ہوئی ہے اور یہ کتنی سنگین ہے۔‏