مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپکے بالوں کا قریبی جائزہ

آپکے بالوں کا قریبی جائزہ

آپکے بالوں کا قریبی جائزہ

ایک کتاب بیان کرتی ہے:‏ ”‏ہر دَور اور ثقافت میں بال انسان کی شخصیت کے آئینہ‌دار ہوتے ہیں۔‏“‏ لہٰذا،‏ بیشتر لوگوں کا اپنے بالوں کو صحتمند اور پُرکشش بنانے میں دلچسپی لینا کوئی عجیب بات نہیں ہے۔‏

جاگو!‏ نے چار تجربہ‌کار ہیرڈریسرز سے بالوں کی ساخت اور دیکھ‌بھال سے متعلق کچھ عام سوال پوچھے۔‏ ان کے جوابات سے پتہ چلتا ہے کہ بال درحقیقت جیسے دکھائی دیتے ہیں اُس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوتے ہیں۔‏

بالوں کا بڑھنا اور گِرنا

سوال:‏ بالوں کی ساخت کیا ہے؟‏

جواب:‏ بالوں میں لیفی پروٹین،‏ قراتن ہوتی ہے۔‏ بال کھال کے نیچے کے غدود سے اُگتے ہیں جسے شعری کیسہ کہتے ہیں۔‏ ہر شعری کیسہ کے نیچے ایک لیفی اُبھار ہوتا ہے جسکے اندر خاصی مقدار میں خون موجود ہوتا ہے۔‏ یہ اُبھار بالوں کے خلیے پیدا کرتا ہے جو شعری کیسہ میں یکجا ہو کر بال بناتے ہیں۔‏

سوال:‏ عام خیال یہ ہے کہ بال زیادہ کٹوانے سے تیزی کیساتھ بڑھتے ہیں۔‏ کیا یہ سچ ہے؟‏

جواب:‏ نہیں۔‏ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ جس طرح درخت کی شاخیں تنے سے اپنی غذا حاصل کرتی ہیں اُسی طرح بال بھی جسم سے اپنی غذا حاصل کرتے ہیں۔‏ لیکن ادمہ سے اُگ کر باہر نکلنے کے بعد بال مُردہ ہو جاتا ہے۔‏ لہٰذا،‏ بال کٹوانے سے انکی افزائش میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔‏

سوال:‏ بال سفید کیوں ہو جاتے ہیں؟‏

جواب:‏ بالوں کی اندرونی تہ میں ایک پگمنٹ (‏مواد)‏ ہوتا ہے جو ان کی رنگت کا ذمہ‌دار ہوتا ہے۔‏ جب پگمنٹ خلیے مر جاتے ہیں تو بال سفید ہو جاتے ہیں جو دراصل عمر ڈھلنے کے عمل کا ایک حصہ ہے۔‏ توارثی عناصر یا کسی بیماری کے باعث بڑھاپے سے پہلے ہی بال سفید ہو سکتے ہیں۔‏ تاہم،‏ یہ بات بالکل غلط ہے کہ بال راتوں‌رات سفید ہو سکتے ہیں۔‏ پگمنٹ کھال کے نیچے جمع ہوتا ہے۔‏ لہٰذا،‏ سفید بال اُگنے (‏ایک ماہ میں تقریباً ڈیڑھ انچ)‏ اور سر میں دکھائی دینے میں وقت لگتا ہے۔‏

سوال:‏ بال گِرنے کے اسباب کیا ہیں؟‏

جواب:‏ بال گِرنا ایک قدرتی امر ہے۔‏ اوسطاً ہر شخص کے ۵۰ تا ۸۰ بال روزانہ گِرتے ہیں۔‏ تاہم،‏ مردوں میں گنجاپن ایک موروثی بیماری ہے جو ہارمونز کے توازن میں خلل کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جس سے بال مستقل طور پر گِر جاتے ہیں۔‏ بالوں کا غیرطبعی طور پر گِرنا ایلوپی‌شیا (‏بالچر)‏ کہلاتا ہے۔‏ *

سوال:‏ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ بالوں سے کسی شخص کی صحت کا اندازہ ہوتا ہے۔‏ کیا آپکا بھی یہی خیال ہے؟‏

جواب:‏ جی‌ہاں۔‏ بالوں کو کھال کے اندر خون سے غذا حاصل ہوتی ہے۔‏ لہٰذا،‏ صحتمند بال خون کی وافر مقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔‏ تاہم،‏ ناقص غذا کھانے اور بہت زیادہ شراب پینے والے شخص کے بال پتلے اور کمزور ہو سکتے ہیں کیونکہ اُسکے خون سے بالوں کو موزوں غذائیت حاصل نہیں ہوتی۔‏ بالوں کا گِرنا یا کمزور ہونا کسی بیماری یا حمل کا پیش‌خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔‏

سر کی کھال اور بالوں کی صحت کا راز

سوال:‏ ہمیں بالوں اور سر کی کھال کو شیمپو کرنے کا طریقہ بتائیں۔‏

جواب:‏ تجربے نے ظاہر کِیا ہے کہ زیادہ شیمپو استعمال کرنے والے لوگوں کے سر میں خشکی ہو جاتی ہے۔‏ بِلاشُبہ،‏ بالوں میں موجود چکنائی کی وجہ سے جمع ہونے والے مٹی کے ذرّات اور جِلدی شکستہ مادے شعری کیسہ کو جانے والی چکنائی‌دار نالیاں بند کر دیتے ہیں۔‏ اسلئے باقاعدگی سے شیمپو کرنا ضروری ہے۔‏ لیکن یہ قدرتی چکنائی جِلد کو نقصاندہ بیکٹیریا سے بچانے کے علاوہ درکار نمی کو بھی محفوظ رکھتی ہے۔‏ زیادہ شیمپو کرنے سے سر کی کھال کی حفاظتی پرت ختم ہو جاتی ہے اور خشکی جیسے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔‏ بیشتر ماہرین کا کہنا ہے کہ شیمپو صرف سر کی کھال یا بالوں کے گندا ہونے کی صورت میں ہی کرنا چاہئے۔‏ عام یا خشک بالوں والے لوگوں کی نسبت چکنے بالوں والے اشخاص کو زیادہ شیمپو کرنا چاہئے۔‏

شیمپو کرتے وقت اپنے سر کی کھال کی خوب مالش کریں۔‏ اس سے کھال پر موجود مُردہ خلیے دُھل جاتے ہیں اور بالوں کو غذا فراہم کرنے والے خون کی گردش بہتر ہو جاتی ہے۔‏ اچھی طرح سے بال دھونا بھی یاد رکھیں!‏ اگر آپ اپنے ہاتھوں پر صابن لگا کر اُنہیں اچھی طرح نہیں دھوتے تو جِلد خشک اور کھپریلی ہو جائیگی۔‏ اسی طرح،‏ اگر شیمپو کو اچھی طرح دھویا نہیں جاتا تو سر کی کھال بھی خشک اور کھپریلی ہو جائیگی۔‏

سوال:‏ سر کی خشکی کا علاج کیسے کیا جا سکتا ہے؟‏

جواب:‏ پانی زیادہ سے زیادہ پئیں اور غذائیت سے بھرپور کھانا کھائیں۔‏ اس سے جِلد کو نمی اور خون کی مناسب مقدار حاصل ہوتی ہے۔‏ ہلکے سے شیمپو کیساتھ سر کی کھال کو باقاعدگی سے دھوئیں۔‏ بعض لوگ سر کی کھال میں نمی قائم رکھنے کیلئے کنڈیشنرز اور لوشن استعمال کرتے ہیں۔‏

بالوں کے سٹائل بنانا

سوال:‏ ہیرڈریسر کے پاس جانے سے پہلے کسی شخص کو کونسی بات ذہن میں رکھنی چاہئے؟‏

جواب:‏ اگر آپ اپنے بالوں کا سٹائل بدلنا چاہتے ہیں تو جو سٹائل آپ بنوانا چاہتے ہیں اور جو سٹائل آپ نہیں بنوانا چاہتے اُن دونوں کی تصویر ساتھ لیکر جائیں۔‏ صاف‌صاف بتائیں کہ آپ کیا کروانا چاہتے ہیں اور ہر روز بالوں کی دیکھ‌بھال کے لئے کتنا وقت دے سکتے ہیں کیونکہ بعض ہیرسٹائل دوسروں سے زیادہ وقت اور توجہ کا تقاضا کرتے ہیں۔‏ یاد رکھیں کہ عموماً دو یا تین ملاقاتوں کے بعد ہی ہیرڈریسر آپ کے بالوں کو سمجھنے اور آپ کے ساتھ اچھا رابطہ اُستوار کرنے کے قابل ہوتا ہے۔‏ پس جلدی سے اُکتا کر اپنا ہیرڈریسر نہ بدلیں!‏

آپ کے بال کیا ظاہر کرتے ہیں

بالوں کی نگہداشت اور سٹائل ذاتی اظہار کا طریقہ ہے۔‏ جدید فیشن،‏ مذہبی اعتقادات اور سیاسی‌وسماجی مقاصد کی بِنا پر بالوں کو کاٹا یا بڑھایا جاتا ہے،‏ انہیں سیدھا یا گھنگریالہ بنایا جاتا ہے۔‏ انکے اَور بھی کئی سٹائل بنائے جاتے ہیں اور پھر اُنہیں رنگ بھی کِیا جاتا ہے۔‏ اپنے بالوں کا ذرا قریبی جائزہ لیجئے۔‏ یہ آپکی ذات کی بابت کیا ظاہر کرتے ہیں؟‏ صحتمند اور خوبصورت بال انسان کی زینت اور عزت کا باعث بنتے ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 12 مزید معلومات کیلئے اپریل ۲۲،‏ ۱۹۹۱ کے اویک!‏ میں مضمون ”‏بالچر کے باعث گوشہ‌نشینی“‏ پڑھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۲۶ پر تصویریں]‏

غذائیت‌بخش خوراک کھانا اور زیادہ پانی پینا خشکی کا علاج ہو سکتا ہے

‏[‏صفحہ ۲۶ پر تصویر]‏

بال سفید ہونا عمر ڈھلنے کے عمل کا حصہ ہے

‏[‏صفحہ ۲۶ پر تصویر]‏

زیادہ شیمپو کرنے سے سر کی کھال حفاظتی چکنائیوں سے محروم ہو جاتی ہے