مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سب کیلئے محفوظ خوراک

سب کیلئے محفوظ خوراک

سب کیلئے محفوظ خوراک

صحت بخش خوراک کھانا خوشی بخشتا ہے۔‏ لیکن جیسے ہم دیکھ چکے ہیں کہ ایسی خوراک کا حصول ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔‏ اس سے بھی بدتر صورتحال یہ ہے کہ لاکھوں لوگ ایسے ہیں جو اس بات سے بالکل بےخبر ہیں کہ آیا اُن کی خوراک محفوظ یا صحت‌بخش ہے یا نہیں۔‏ اُنہیں صرف زندہ رہنے کے لئے کافی خوراک حاصل کرنے کی فکر ہے۔‏ کیا خدا یہ چاہتا تھا کہ حالتیں اسی طرح سے واقع ہوں؟‏

ذرا سوچیں۔‏ جب خدا نے پہلے آدمی اور عورت کو زمین پر خلق کِیا تو کیا اُن کے پاس خوراک کی بابت پریشان ہونے کی کوئی وجہ تھی؟‏ ہرگز نہیں!‏ بائبل میں پیدایش کی کتاب بیان کرتی ہے:‏ ”‏خداوند خدا نے ہر درخت کو جو دیکھنے میں خوشنما اور کھانے کے لئے اچھا تھا زمین سے اُگایا۔‏“‏ (‏پیدایش ۲:‏۹‏)‏ لہٰذا آدم اور حوا کے لئے مختلف طرح کی پُرذائقہ خوراک وافر مقدار میں فراہم کی گئی تھی۔‏ جس خدا نے اُنہیں خلق کِیا تھا وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ اُنہیں کیسی غذا چاہئے اور وہ یہ بھی جانتا تھا کہ وہ اس سے ضرور لطف‌اندوز ہونگے۔‏ یہ سچ ہے کہ ہم اس وقت باغِ‌عدن میں نہیں ہیں۔‏ لیکن کیا خدا نے نسلِ‌انسانی اور زمین کے لئے اپنے ابتدائی مقصد کو بدل دیا ہے؟‏

ہمارے پاس یہ یقین رکھنے کی پُختہ وجہ ہے کہ بہت جلد زمین پر موجود انسان باافراط صحت‌بخش،‏ غذائیت سے بھرپور خوراک سے استفادہ کرینگے!‏ یہ یقین ہمیں آجکل محفوظ خوراک کی بابت متوازن میلان رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔‏ ایسی اُمید اگر یقینی اور قابلِ‌بھروسا ہے تو یہ ہمیں جنونی یا انتہاپسند نظریات قائم کرنے سے باز رکھے گی۔‏

ہم کیوں یہ یقین رکھ سکتے ہیں کہ بہت جلد زندگی بالکل بدل جائیگی؟‏ خدا کے کلام کے مستعد طالبعلم یہ جانتے ہیں کہ اس وقت ہم ”‏اخیر زمانے“‏ میں رہ رہے ہیں۔‏ موجودہ نظام انسانی حکمت کے تحت چل رہا ہے جو زندگی کے مختلف حلقوں میں غیریقینی کا شکار ہے اور سعی اور خطا پر قائم ہے۔‏ جب خوراک کو بہتر بنانے کی تکنیکوں کی بات آتی ہے تو اِن کے محفوظ یا پُرخطر ہونے کے سلسلے میں کافی زیادہ غیریقینی پائی جاتی ہے۔‏ ایسی غیریقینی خوف،‏ ناموافقت اور عدمِ‌اتفاق کو جنم دیتی ہے۔‏—‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵‏۔‏

نوعِ‌انسان کے خالق نے یہ وعدہ کِیا ہے کہ وہ موجودہ نظام‌اُلعمل کو ایک بالکل نئے نظام میں بدل دے گا۔‏ ساری زمین کو باغِ‌عدن جیسے فردوس میں بدلنے اور اسے خوشحال اور صحت‌مند انسانی خاندان سے آباد کرنے کا اُس کا ابتدائی مقصد ضرور پورا ہوگا۔‏ اُس وقت ساری زمین کامل خدائی حکمت کی متحد کرنے والی قوت سے معمور ہوگی۔‏ (‏یسعیاہ ۱۱:‏۹‏)‏ غیریقینی کا شکار انسانی حکمت ختم ہو جائے گی۔‏ خدا کا قائم‌کردہ نیا نظام ہماری خوراک کے محفوظ ہونے کی بابت پائے جانے والے تمام شکوک کو ختم کر دے گا۔‏ پس کیا یہ نتیجہ اخذ کرنا معقول نہیں کہ خدا جس نے تمام انسانوں کو خلق کِیا ہماری غذائی ضروریات کو بھی سمجھے گا؟‏

خالق کی طرف سے مکمل خوراک

بائبل میں آنے والے نئے نظام‌اُلعمل میں زندگی سے متعلق حالتوں کی بابت واضح پیشینگوئیاں موجود ہیں۔‏ یسعیاہ نبی نے لکھا:‏ ”‏تب وہ [‏خدا]‏ تیرے بیج کے لئے جو تو زمین میں بوئے بارش بھیجیگا اور زمین کی افزایش کی روٹی کا غلّہ عمدہ اور کثرت سے ہوگا۔‏ اُس وقت تیرے جانور وسیع چراگاہوں میں چرینگے۔‏ اور بیل اور جوان گدھے جن سے زمین جوتی جاتی ہے لذیذ چارا کھائیں گے جو بیلچہ اور چھاج سے پھٹکا گیا ہو۔‏“‏

یسعیاہ کی پیشینگوئی یہ بھی بیان کرتی ہے:‏ ”‏رب‌الافواج اِس پہاڑ پر سب قوموں کے لئے فربہ چیزوں سے ایک ضیافت تیار کریگا بلکہ ایک ضیافت تلچھٹ پر سے خوب نتھری ہوئی مے سے۔‏“‏ دی نیو امریکن بائبل اس آخری جملے کو یوں پیش کرتی ہے،‏ ”‏مرغن غذاؤں اور عمدہ مے،‏ مشروبات ہاں،‏ مرغن غذا اور خالص عمدہ مے سے۔‏“‏—‏یسعیاہ ۲۵:‏۶؛‏ ۳۰:‏۲۳،‏ ۲۴‏۔‏

کیا یہ باتیں آپکو دلکش لگتی ہیں؟‏ یسعیاہ کی پیشینگوئی ہمیں یہ یقین‌دہانی کراتی ہے کہ خدا کے نئے نظام میں رہنے والے ہر شخص کے پاس جسمانی خوراک افراط سے ہوگی۔‏ کیا یہ محفوظ بھی ہوگی؟‏ اس میں کوئی شک نہیں۔‏ ایک دوسری پیشینگوئی ہمیں یقین‌دہانی کراتی ہے کہ خدا کے لوگوں میں سے ”‏ہر ایک آدمی اپنی تاک اور اپنے انجیر کے درخت کے نیچے بیٹھیگا اور اُنکو کوئی نہ ڈرائیگا کیونکہ رب‌الافواج نے اپنے مُنہ سے یہ فرمایا ہے۔‏“‏ (‏میکاہ ۴:‏۴‏)‏ خدا کی مسیحائی بادشاہت جو مستقبل قریب میں ساری زمین پر حکمرانی کریگی ایسی مکمل سلامتی کی ضمانت دیگی۔‏—‏یسعیاہ ۹:‏۶،‏ ۷‏۔‏

اسکے بعد خوراک کے محفوظ ہونے کی بابت تمام شکوک ختم ہو جائینگے۔‏ اس کے برعکس،‏ ہم ایک دوسرے سے یہ کہہ کر خوش ہونگے:‏ ”‏کھاؤپیو اور خوش رہو۔‏“‏

‏[‏صفحہ ۱۲ پر عبارت]‏

جلد ہی زمین کا ہر شخص افراط سے صحت‌بخش اور غذائیت سے بھرپور خوراک سے استفادہ کریگا

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

خدا سب کیلئے محفوظ اور صحت‌بخش خوراک کا وعدہ کرتا ہے