مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ماسکو میں کام تعریف کا سبب کیسے بنتا ہے

ماسکو میں کام تعریف کا سبب کیسے بنتا ہے

ماسکو میں کام تعریف کا سبب کیسے بنتا ہے

سن ۱۹۹۸ میں ماسکو کے ضلع گیلوونس‌کی کی بلدیاتی عدالت میں یہوواہ کے گواہوں کے کام پر پابندی عائد کرنے کیلئے مقدمہ دائر کِیا گیا تھا۔‏ لہٰذا آپکو شاید یہ بات مضحکہ‌خیز دکھائی دے کہ حال ہی میں ضلع گیلوونس‌کی کے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے مقامی افسروں نے گواہوں کی تعریف کی۔‏

ماسکو کے افسروں نے گواہوں کی تعریف کیوں کی جبکہ اسی شہر کے کچھ لوگ ان کا قلع‌قمع کرنے کی کوشش کر رہے تھے؟‏ گواہوں کی کارگزاری کا مختصر سا جائزہ اس سوال کا جواب فراہم کرتا ہے۔‏

ماسکو کے گواہ

سن ۱۹۵۰ کے وسط میں،‏ ماسکو دُنیا کے ایسے دارالحکومتوں میں سے ایک تھا جہاں ایک بھی یہوواہ کا گواہ موجود نہیں تھا۔‏ اسکی وجہ؟‏ اسلئےکہ سوویت یونین کے ہزاروں گواہوں کی طرح ماسکو کے گواہوں کو بھی جلاوطن کر دیا گیا تھا۔‏ اُنہیں کہاں بھیجا گیا تھا؟‏ ان میں سے بہتیروں کو سائبیریا کے بیگار کیمپوں میں ڈالا گیا تھا۔‏

کئی سال بیت جانے کے بعد ماسکو کے کچھ شہریوں نے گواہوں کی مطبوعات کی مدد سے بائبل کا مطالعہ شروع کِیا جن پر اُس وقت روس میں پابندی عائد تھی۔‏ سن ۱۹۷۰ کے وسط میں گواہ بننے والے چند اشخاص ماسکو کے ایک اپارٹمنٹ مورت شکی‌روو میں بائبل مطالعے کیلئے جمع ہونے لگے۔‏ اس چھوٹے سے گروہ کے ارکان سن ۱۹۸۰ کے دہے کے دوران کئی دوسرے اشخاص کی بائبل مطالعے میں دلچسپی پیدا کرنے کے قابل ہوئے۔‏

جب یہوواہ کے گواہوں کی کارگزاری کو مارچ ۱۹۹۱ میں قانونی حیثیت حاصل ہوئی تو ماسکو میں گواہوں کی ایک بڑی کلیسیا نے آزادی کیساتھ کام کرنا شروع کر دیا۔‏ ہزاروں لوگ یہ جاننے میں دلچسپی رکھتے تھے کہ گواہوں کو اذیت کا نشانہ کیوں بنایا گیا تھا۔‏ نیز وہ جاننا چاہتے تھے کہ بائبل درحقیقت کیا تعلیم دیتی ہے۔‏ لہٰذا جب اگست ۱۹۹۱ میں کےایو،‏ یوکرین میں ایک کنونشن منعقد کِیا گیا تو ماسکو سے ۰۰۰،‏۲ سے زائد اشخاص نے اس پر حاضر ہونے کیلئے ۸۹۰ کلومیٹر کا سفر طے کِیا۔‏ ان میں سے بیشتر ان ۸۴۳،‏۱ اشخاص میں شامل تھے جنہوں نے اس موقع پر بپتسمہ لیا۔‏

جب ۱۹۹۳ میں لوکوموٹیو سٹیڈیم میں یہوواہ کے گواہوں کا ایک بڑا بین‌الاقوامی کنونشن منعقد ہوا تو ۳۰ سے زائد ممالک سے ۷۴۳،‏۲۳ اشخاص اس پر حاضر ہوئے۔‏ اُس سال کے آخر تک ماسکو کے شہری علاقے میں کلیسیاؤں کی تعداد بڑھکر ۲۱ ہوگئی۔‏ آج تقریباً آٹھ سال بعد اس علاقے میں ۱۰۴ کلیسیائیں ہیں۔‏

اس سال جون اور جولائی کے دوران ۲۹۲،‏۱۸ اشخاص ماسکو میں یہوواہ کے گواہوں کے چار ڈسٹرکٹ کنونشنوں پر حاضر ہوئے اور ۵۴۶ نے بپتسمہ لیا۔‏ گواہوں کے ساتھ بائبل مطالعے کرنے والوں کی تعداد میں اس حیران‌کُن ترقی کے باعث رشئین آرتھوڈکس چرچ کے راہنماؤں نے ان کی کارگزاری پر پابندی عائد کرنے کے لئے ماسکو حکام کو قائل کرنے کی کوشش کی۔‏

سن ۱۹۹۸ کے اوائل میں گواہوں پر پابندی عائد کرنے کے لئے چلایا گیا مقدمہ گیلوونس‌کی کی عدالت میں پیش کِیا گیا۔‏ آخرکار فروری ۲۳،‏ ۲۰۰۱ میں جج نے گواہوں کو انکے خلاف لگائے گئے الزامات سے بری قرار دیا۔‏ تاہم جب دعویٰ دائر کرنے والوں نے ماسکو کی بڑی عدالت میں اپیل درج کرائی تو پہلی عدالت کو مقدمے پر دوبارہ غور کرنے کیلئے پابند کِیا گیا۔‏

تاہم،‏ بعض لوگوں کی گواہوں پر پابندی عائد کرنے کی کوششوں کے باوجود ماسکو گیلوونس‌کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے مقامی افسروں نے گواہوں کی تعریف کیوں کی تھی؟‏

اجلاس کی نئی جگہ کا عمل‌دخل

گواہوں نے دسمبر ۱۹۹۸ میں مائکی‌کووسکی پارک کے قریب ایک بڑی دو منزلہ عمارت خرید لی۔‏ یہ پہلے ایک ثقافتی مرکز تھا۔‏ گواہ کارکنوں نے کچھ دیر پہلے اس بڑی عمارت میں مرمت کا کام شروع کِیا تھا۔‏ اس میں پانچ کنگڈم ہال یا یہوواہ کے گواہوں کی ۲۲ کلیسیاؤں کیلئے اجلاسوں کی جگہ شامل ہے۔‏

گزشتہ اپریل ۱۵ کو ضلع گیلوونس‌کی کی ایک منتظم نے گواہوں سے اپریل ۲۱ کو مالکی‌کووسکی پارک کی صفائی کرنے کی درخواست کی۔‏ روس میں شہریوں اور محلے کے لوگوں کا پارکوں اور شاہراہوں کی سالانہ صفائی میں حصہ لینا عام بات ہے۔‏ گواہ اپریل ۱۷ کو اس کام کی منصوبہ‌سازی کیلئے اکٹھے ہوئے۔‏ اس اجلاس پر فیصلہ کِیا گیا کہ اس کام کیلئے ۷۰۰ کارندوں کی ضرورت پڑیگی۔‏

کام مکمل کرنا

اپریل ۱۸ کو جب گواہوں نے ضلع گیلوونس‌کی کے افسروں کو مطلع کِیا کہ صفائی کیلئے کتنے ریکس اور دیگر سازوسامان کی ضرورت پڑیگی تو انہیں یقین نہیں آیا کہ ۷۰۰ کارندے اس کام کے لئے راضی ہو جائینگے۔‏ تاہم اپریل ۲۱ کو صبح ۳۰:‏۹ بجے جب انتظامیہ کے کارکن پارک میں پہنچے تو وہاں بیشمار گواہ پہلے ہی موجود تھے اور انکے استعمال کیلئے صرف ۲۰۰ زرعی آلات دستیاب تھے۔‏ کچھ دیر بعد مزید ۲۰۰ ریکس حاصل کئے گئے۔‏ جن کے پاس آلات نہیں تھے اُنہوں نے اپنے ہاتھوں سے کوڑاکرکٹ اُٹھا کر پلاسٹک کی تھیلیوں میں بھرا۔‏ گواہ بڑے تالاب کی صفائی کیلئے پانی روک جوتے اور ایک چھوٹی کشتی بھی لائے تھے۔‏

انتظامیہ کے نمائندے کام ہوتا ہوا دیکھکر حیران رہ گئے۔‏ اُنہوں نے غور کِیا کہ لوگ خوشی اور جوش کیساتھ ایسی محنت کر رہے تھے کہ جیسے یہ جگہ اُنکی ذاتی ملکیت تھی۔‏ کُل ملا کر تقریباً ایک ہزار یہوواہ کے گواہوں نے مائکی‌کووسکی پارک کی صفائی میں حصہ لیا اور ۲۵۰ ٹن سے زیادہ کوڑاکرکٹ صاف کِیا گیا۔‏ اس علاقے میں رہنے والے لوگوں نے بیان کِیا کہ اُنہوں نے بہت عرصے کے بعد اس پارک کو اتنا صاف دیکھا تھا۔‏

جیساکہ شروع میں بیان کِیا گیا تھا سرکاری افسر اس کام سے متاثر ہوئے اور اسے بیحد سراہا۔‏ ضلع گیلوونس‌کی کے ایک افسر نے لکھا:‏ ”‏ماسکو کی نارتھ ایڈمنسٹریشن ریجن کی گیلوونس‌کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن مائکی‌کووسکی پارک کی صفائی میں حصہ لینے کیلئے یہوواہ کے گواہوں کے مذہبی گروہ کی شکرگزار ہے۔‏“‏ ایک ساتھی افسر نے قدردانی کے ایسے ہی اظہار کے اختتام پر کہا:‏ ”‏یہ قابلِ‌تعریف اور ضروری کام پارک میں آنے والے لوگوں کو فائدہ اور خوشی بخشتا ہے۔‏“‏

اگرچہ یہوواہ کے گواہ اپنے علاقے کے گردونواح کو خوشنما بنانے اور متذکرہ منصوبوں میں حصہ لینے سے خوشی حاصل کرتے ہیں توبھی آجکل اُنکا بنیادی کام لوگوں کو خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سنانا ہے،‏ ایسی حکومت جو پوری زمین پر فردوسی حالات لائیگی۔‏ (‏متی ۲۴:‏۱۴‏)‏ مالکی کووسکی پارک کی صفائی کے دوران کچھ گواہوں نے کہا کہ اس کام کے ذریعے وہ ہرمجدون کے بعد زمین کو خوشنما بنانے کے کام کیلئے اچھی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔‏—‏مکاشفہ ۱۶:‏۱۴،‏ ۱۶‏۔‏

واقعی،‏ بائبل سے محبت رکھنے والے تمام لوگ اُس وقت کے منتظر ہیں جب پہلے انسانی جوڑے کو خلق کرتے وقت خدا کے ٹھہرائے گئے مقصد کی مطابقت میں پوری زمین ایک باغ‌نما خوبصورت جگہ بن جائے گی۔‏—‏پیدایش ۱:‏۲۸؛‏ ۲:‏۸،‏ ۹،‏ ۱۵؛‏ مکاشفہ ۲۱:‏۳،‏ ۴‏۔‏

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

سن ۱۹۷۰ کے دہے میں مورت شکی‌روو کی عمارت میں جمع ہونے والوں کی دوبارہ ملاقات

‏[‏صفحہ ۱۶ پر تصویریں]‏

اس سابقہ ثقافتی مرکز کی تجدید کے بعد یہاں پانچ کنگڈم ہال بنائے گئے

‏[‏صفحہ ۱۷ پر تصویریں]‏

اس سال ماسکو میں منعقد ہونے والے چار کنونشنوں کی کُل حاضری ۲۹۲،‏۱۸ تھی

‏[‏صفحہ ۱۸ پر تصویریں]‏

۲۵۰ ٹن سے زیادہ کوڑاکرکٹ صاف کِیا گیا