مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

نوعمری میں ڈیٹنگ—‏کے نقصان؟‏

نوعمری میں ڈیٹنگ—‏کے نقصان؟‏

نوجوان لوگ پوچھتے ہیں ‏.‏ .‏ .‏

نوعمری میں ڈیٹنگ—‏کے نقصان؟‏

‏”‏میرے سکول کے کچھ لڑکے مجھے اپنے ساتھ گھومنے کیلئے لیجانا چاہتے ہیں اور مجھ سے دوستی کرنا چاہتے ہیں۔‏“‏—‏بیکی،‏ عمر ۱۱ سال۔‏ *

‏”‏ہمارے سکول کے بیشتر بچے ڈیٹنگ کرتے ہیں۔‏ دراصل،‏ لڑکے لڑکیاں اکثر برآمدوں میں بوس‌وکنار کرتے نظر آتے ہیں۔‏“‏—‏لیانا،‏ ۱۰ ویں جماعت کی طالبہ۔‏

بہتیرے نوعمری میں ہی ڈیٹنگ شروع کر دیتے ہیں۔‏ میڈیا اِسے ایسے انداز میں پیش کرتا ہے جیسے یہ کوئی عام اور بےضرر تفریح ہو۔‏ بارہ سالہ اونیڈا بیان کرتی ہے:‏ ”‏سکول میں تقریباً تمام لڑکے لڑکیوں کی آپس میں دوستی ہے۔‏“‏ ایک لڑکی جینی‌فر کہتی ہے:‏ ”‏مجھے یاد ہے کہ ۹ سال کے بچے بھی ڈیٹنگ کرتے تھے۔‏ جب مَیں ۱۱ سال کی ہوئی تو مجھے بھی ڈیٹنگ کے لئے ساتھیوں کے دباؤ کا سامنا ہونے لگا تھا۔‏“‏

یہ بات قابلِ‌فہم ہے کہ اگر آپ کسی کیساتھ ڈیٹنگ نہیں کرتے تو آپ کو تنہائی اور محرومیت کا احساس ہو سکتا ہے۔‏ آپ کو شاید تمسخر اور طنز کا بھی سامنا کرنا پڑے۔‏ جینی‌فر نے خود کو ڈیٹنگ کیلئے کم‌عمر خیال کرتے ہوئے لڑکوں کی تمام پیشکشوں کو مسترد کر دیا۔‏ اُنکا ردِعمل؟‏ جینی‌فر بیان کرتی ہے:‏ ”‏وہ میرا مذاق اُڑاتے اور طنز کرتے تھے۔‏“‏ کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ اُس کا تمسخر اُڑایا جائے۔‏ لیکن کیا آپکو محض دوسروں کی نقل میں ڈیٹنگ شروع کر دینی چاہئے؟‏ ڈیٹنگ کیا ہے؟‏ نیز اسکا مقصد کیا ہے؟‏

ڈیٹنگ کیا ہے؟‏

بہتیرے نوجوان کہتے ہیں کہ ’‏ہم ڈیٹنگ نہیں کرتے،‏ ہم تو محض دوست ہیں،‏‘‏ حالانکہ وہ مخالف جنس کیساتھ بہت زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔‏ آپ خواہ اسے کوئی بھی نام دیں—‏اکٹھے گھومنےپھرنے،‏ یا محض ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرنے کو ڈیٹنگ کہا جاتا ہے—‏جب لڑکی یا لڑکا ایک دوسرے کو خاص توجہ دینے لگیں اور اکٹھے وقت گزارنے لگیں تو عموماً اس میں دوستی سے زیادہ کچھ شامل ہوتا ہے۔‏ ڈیٹنگ کیلئے ملاقات بھی ضروری نہیں ہے۔‏ انٹرنیٹ پر چیٹ‌روم،‏ ٹیلیفون،‏ خطوط یا ای-‏میل پر بات‌چیت بھی ڈیٹنگ ہی کی مختلف قسمیں ہیں۔‏

سوال یہ ہے کہ مخالف جنس کے صرف کسی ایک شخص کیساتھ وقت گزارنا کسقدر سنگین ہے؟‏

ڈیٹنگ کے خطرات

امثال ۳۰:‏۱۹ میں بائبل ’‏جوان عورت کیلئے مرد کی روش‘‏ کا ذکر کرتی ہے۔‏ اس اصطلاح کا مطلب ہے کہ مرد اور عورت کے تعلقات کا ایک مخصوص طریقۂ‌کار ہوتا ہے۔‏ جب دونوں پُختہ اور خدائی اخلاقیت کی پابندی کرتے ہیں تو ڈیٹنگ محبت اور بالآخر باعزت شادی پر منتج ہوتی ہے۔‏ بہرصورت،‏ خدا نے مرد اور عورت کو باہمی کشش کے ساتھ خلق کِیا تھا۔‏ لیکن اگر ابھی آپ شادی کے لائق نہیں توپھر کیا ہو سکتا ہے؟‏ کم‌عمری میں ڈیٹنگ شروع کرنے سے آپ خود کو بھاری نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‏

کیوں؟‏ اسلئےکہ اگر آپ کسی مخالف جنس کے ساتھ بہت زیادہ وقت صرف کرتے ہیں تو جذبات کا اُبھرنا فطرتی بات ہے۔‏ آپ ہر وقت اُس سے ملنے کی کوشش میں رہتے ہیں۔‏ جب آپ ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہوتے تو آپ اُس کی یادوں میں گم رہتے ہیں۔‏ تاہم یکطرفہ جذبات کی صورت میں دل ٹوٹنے کا خدشہ ہوتا ہے۔‏ تاہم باہمی جذبات بھی کسی ایک کے ناپُختہ اور نابالغ ہونے کی وجہ سے مایوسی اور دل‌شکستگی کا سبب بن سکتے ہیں۔‏ واقعی،‏ ایسے تعلق کا انجام اَور کیا ہو سکتا ہے؟‏ بائبل کی ایک مثل بیان کرتی ہے:‏ ”‏کیا ممکن ہے کہ آدمی اپنے سِینہ میں آگ رکھے اور اُس کے کپڑے نہ جلیں؟‏“‏—‏امثال ۶:‏۲۷‏۔‏

نینا نامی ایک نوجوان لڑکی کی بابت غور کریں۔‏ وہ بیان کرتی ہے:‏ ”‏انٹرنیٹ پر میری ملاقات ایک لڑکے سے ہوئی۔‏ ہم چیٹ‌روم میں ہر روز گھنٹوں باتیں کرتے رہتے تھے۔‏ وہ میری زندگی کا محور بن گیا اور مَیں اُسے بہت چاہنے لگی۔‏ لیکن ہمارا یہ رشتہ زیادہ دیر قائم نہ رہا۔‏ جب یہ ختم ہوا تو مَیں افسردگی کا شکار ہو گئی۔‏ پھر اُس نے مجھے بتایا کہ وہ اِس رشتے کے ٹوٹنے کی وجہ سے خودکُشی کرنے والا تھا۔‏ اس سے مَیں اَور بھی افسردہ ہو گئی۔‏“‏ نینا اپنے ماضی میں جھانکتے ہوئے بیان کرتی ہے:‏ ”‏اسکا کوئی فائدہ نہیں تھا!‏ یہ رشتہ دو سال پہلے ختم ہو گیا لیکن مَیں ابھی تک افسردگی کا شکار ہوں۔‏“‏ نینا کی عمر ابھی تک کسی کیساتھ جذباتی وابستگی کے لئے موزوں نہیں تھی۔‏

دلچسپی کی بات ہے کہ جب بائبل ’‏جوان عورت کے لئے مرد کی روش‘‏ کا ذکر کرتی ہے تو یہ جنسی تعلقات کی طرف اشارہ کرتی ہے۔‏ آجکل ڈیٹنگ دراصل جنسی تعلقات کا پیش‌خیمہ ہوتی ہے۔‏ اسکا آغاز بڑی معصومیت سے ہاتھ پکڑنے کیساتھ ہوتا ہے۔‏ لیکن اس کے فوراً بعد معاملہ بوس‌وکنار تک پہنچ جاتا ہے۔‏ ایسا صرف وہ بالغ اشخاص ہی کر سکتے ہیں جنہوں نے محبت کے ایسے اظہارات کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ سنجیدہ عہد کر رکھا ہے۔‏ لیکن جب شادی کی عمر نہ ہو تو ایسا طرزِعمل غیرضروری طور پر جنسی خواہش کو اُبھارتا ہے۔‏ یوں،‏ ”‏محبت“‏ نامناسب اور ناپاک صورت اختیار کر لیتی ہے۔‏ یہ حرامکاری پر بھی منتج ہو سکتا ہے۔‏ *

حرامکاری کے نتائج بڑے تلخ ہوتے ہیں۔‏ حرامکاری کرنے والے بعض اشخاص کو جنسی بیماریاں لگ جاتی ہیں۔‏ بعض کی عزتِ‌نفس اور ضمیر مجروح ہو جاتے ہیں۔‏ بعض نوعمر لڑکیاں حاملہ ہو جاتی ہیں۔‏ اسی لئے بائبل حکم دیتی ہے کہ ”‏حرامکاری سے بھاگو“‏!‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۶:‏۱۳،‏ ۱۸؛‏ ۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۳‏)‏ نوعمری میں ڈیٹنگ سے گریز کرنا اس حکم پر عمل کرنے میں مدد دیگا۔‏

ڈیٹنگ کا وقت

اسکا یہ مطلب نہیں کہ آپ کبھی بھی ڈیٹنگ نہیں کر سکیں گے۔‏ اگر آپ نوعمر ہیں تو بائبل کے مطابق ابھی آپ ’‏عالمِ‌شباب‘‏ میں ہیں۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۷:‏۳۶‏)‏ ابھی تو آپ نے جوانی میں قدم ہی رکھا ہے۔‏ اس عرصے میں آپکو جسمانی،‏ جذباتی اور روحانی پختگی تک پہنچنا ہے۔‏ اس وقت جنسی خواہشات سمیت آپکے احساسات عروج پر ہوتے ہیں۔‏ تاہم،‏ ایسے احساسات میں تیزی سے تبدیلی بھی واقع ہوتی ہے۔‏ اس لئے نوعمری کے معاشقے عارضی ہوتے ہیں۔‏ ایک نوعمر لڑکی بیان کرتی ہے،‏ ”‏مَیں ایک ہفتے ڈیٹنگ کرتی اور اگلے ہی ہفتے اُسے ختم کر دیتی تھی۔‏“‏

واقعی ’‏عالمِ‌شباب‘‏ میں ڈیٹنگ کرنا موزوں نہیں ہے۔‏ پس اپنی ذات،‏ پسند اور ناپسند اور نصب‌العین کا پتہ چل جانے تک انتظار کرنا بہتر ہوتا ہے۔‏ نیز،‏ آپ کو شادی کی ذمہ‌داریاں نبھانے کے لائق ہونا چاہئے۔‏ مثال کے طور پر،‏ یہوواہ ایک شوہر سے اپنے خاندان کی جسمانی،‏ مادی اور روحانی ضروریات پوری کرنے کی توقع کرتا ہے۔‏ اگر آپ نوعمر لڑکے ہیں تو کیا آپ اپنے بیوی بچوں کی کفالت کیلئے ملازمت حاصل کرنے کے لئے تیار ہیں؟‏ کیا آپ اُنکی روحانیت برقرار رکھنے میں مدد کر سکیں گے؟‏ اسی طرح،‏ اگر آپ ایک نوعمر لڑکی ہیں توپھر کیا ہوگا؟‏ بیوی سے اپنے شوہر کی عزت اور محبت کرنے کا تقاضا کِیا جاتا ہے اور اُسے اپنے شوہر کے فیصلوں کی حمایت بھی کرنی چاہئے۔‏ کیا آپ ہمیشہ کے لئے ایسا کر سکیں گی؟‏ کیا آپ اپنے گھرانے کی مسلسل خبرگیری یعنی کھانا تیار کرنے اور بچوں کی دیکھ‌بھال کرنے کے لئے تیار ہیں؟‏—‏افسیوں ۵:‏۲۲-‏۲۵،‏ ۲۸-‏۳۱؛‏ ۱-‏تیمتھیس ۵:‏۸‏۔‏

تمثیل:‏ مغربی ممالک میں نوجوان لوگ اپنی خاندانی کار چلانے کا خواب دیکھتے ہیں۔‏ لیکن اس سے پہلے کسی نوجوان کو کیا کرنا پڑتا ہے؟‏ بعض ممالک میں اُنہیں تربیت حاصل کرنے کے بعد لائسنس کے لئے ٹیسٹ پاس کرنا پڑتا ہے۔‏ کیوں؟‏ اسلئےکہ گاڑی چلانا ایک سنجیدہ ذمہ‌داری ہے۔‏ جب آپ گاڑی چلانے بیٹھتے ہیں تو دوسروں کی زندگیاں آپکے ہاتھ میں ہوتی ہیں۔‏ اسی طرح،‏ شادی بھی ایک سنجیدہ ذمہ‌داری ہے!‏ نوعمر کے طور پر آپ اس کیلئے تیار نہیں ہوتے۔‏ لہٰذا،‏ آپکو ڈیٹنگ کی آزمائش میں پڑنے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ ڈیٹنگ کا مقصد بیاہتا ساتھی تلاش کرنا ہوتا ہے۔‏ سادہ سی بات ہے کہ اگر آپ شادی کیلئے تیار نہیں تو آپکو ڈیٹنگ بھی نہیں کرنی چاہئے۔‏

اس سلسلے میں دانشمندانہ فیصلہ کرنے کے لئے آپ کو بائبل کے مطابق،‏ ”‏علم اور تمیز“‏ کی ضرورت ہے۔‏ (‏امثال ۱:‏۴‏)‏ کسی بڑی عمر والے شخص کے علم اور تجربے سے فائدہ اُٹھانا بھی اچھا ہوگا۔‏ مسیحی والدین عموماً سب سے زیادہ آپکی یہ سمجھنے میں مدد کر سکتے ہیں کہ آیا آپ شادی کے لئے تیار ہیں یا نہیں۔‏ چنانچہ آپ مسیحی کلیسیا کے پُختہ لوگوں سے بھی مشورہ لے سکتے ہیں۔‏ اگر آپ کے والدین یہ نہیں چاہتے کہ آپ ڈیٹنگ کریں تو آپکو اُن کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔‏ وہ آپ کو ”‏بدی“‏ سے بچانا چاہتے ہیں۔‏—‏واعظ ۱۱:‏۱۰‏۔‏

اگر وہ سمجھتے ہیں کہ آپ ڈیٹنگ کے لئے تیار نہیں تو وہ آپ کو مشورہ دے سکتے ہیں کہ آپ کو صرف ایک شخص پر توجہ مُرتکز رکھنے کی بجائے اپنا حلقہ‌احباب وسیع کرنا چاہئے۔‏ کنوارے اور شادی‌شُدہ،‏ بوڑھے اور جوان اور ہم‌عمروں کے ساتھ رفاقت آپ کی شخصیت کو مکمل کرنے کے علاوہ زندگی اور شادی کی بابت حقیقت‌پسندانہ نظریہ اپنانے میں بھی مدد کر سکتی ہے۔‏

ڈیٹنگ کیلئے تیار ہونے تک انتظار کرنا آسان نہیں ہوگا۔‏ لیکن انتظار کرنا سودمند ثابت ہوگا۔‏ ’‏عالمِ‌شباب‘‏ کو پختگی تک پہنچنے،‏ ذمہ‌دار بالغ بننے کے لئے استعمال کرنے سے آپ بیشمار مسائل سے بچ جائیں گے۔‏ آپ ایسے شخص بن جائینگے جو شادی کے دباؤ اور ذمہ‌داریاں اُٹھانے کے لائق ہوگا۔‏ آپ روحانی شخص بھی بن جائینگے۔‏ اس طرح جب آپ ڈیٹنگ کے لئے تیار ہو جائینگے تو دوسرے آپ کے ساتھ واقفیت پیدا کرنا واقعی مفید پائیں گے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 بعض نام بدل دئے گئے ہیں۔‏

^ پیراگراف 14 حرامکاری کیلئے اصلی یونانی لفظ پورنیا ہے۔‏ اس میں ازدواجی بندھن کی حدود سے باہر جنسی اعضا کا استعمال شامل ہے۔‏ اس میں جنسی اعضا کا غلط اور ذہنی استعمال بھی شامل ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۲۶ پر تصویر]‏

اُلفت کے اظہار اکثر مشکل کا سبب بنتے ہیں