مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

میکائیل مقرب فرشتہ کون ہے؟‏

میکائیل مقرب فرشتہ کون ہے؟‏

بائبل کا نقطۂ‌نظر

میکائیل مقرب فرشتہ کون ہے؟‏

بائبل کے مطابق،‏ روحانی عالم کروڑوں فرشتوں پر مشتمل ہے۔‏ (‏دانی‌ایل ۷:‏۹،‏ ۱۰؛‏ مکاشفہ ۵:‏۱۱‏)‏ شروع سے آخر تک صحائف خدا کے وفادار فرشتوں کا سینکڑوں مرتبہ ذکر کرتے ہیں۔‏ لیکن اِن روحانی خلائق میں سے صرف دو کا بنام ذکر کِیا گیا ہے۔‏ ایک کا نام جبرائیل ہے جس نے ۶۰۰ کے عرصے میں تین مختلف اشخاص تک ذاتی طور پر خدا کے پیغام پہنچائے تھے۔‏ (‏دانی‌ایل ۹:‏۲۰-‏۲۲؛‏ لوقا ۱:‏۸-‏۱۹،‏ ۲۶-‏۲۸‏)‏ بائبل میں دوسرے فرشتے کا نام میکائیل بتایا گیا ہے۔‏

میکائیل بہت ہی خاص فرشتہ ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ دانی‌ایل کی کتاب میں بیان کِیا گیا ہے کہ میکائیل یہوواہ کے لوگوں کی خاطر شیاطین سے لڑتا ہے۔‏ (‏دانی‌ایل ۱۰:‏۱۳؛‏ ۱۲:‏۱‏)‏ یہوداہ کے الہامی خط میں میکائیل موسیٰ کی لاش کی بابت جھگڑے میں شیطان کا سامنا کرتا ہے۔‏ (‏یہوداہ ۹‏)‏ مکاشفہ کی کتاب ظاہر کرتی ہے کہ میکائیل شیطان اور اُس کے شیاطین کے ساتھ جنگ کرکے اُنہیں آسمان سے نیچے پھینک دیتا ہے۔‏ (‏مکاشفہ ۱۲:‏۷-‏۹‏)‏ کسی اَور فرشتے کو خدا کے دُشمنوں پر ایسی قدرت اور اختیار حاصل نہیں۔‏ پس،‏ اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں کہ بائبل موزوں طور پر میکائیل کو ”‏مقرب فرشتہ“‏ کہتی ہے،‏ مقرب ایک سابقہ ہے جس کا مطلب ”‏بڑا“‏ یا ”‏اعلیٰ“‏ ہے۔‏

میکائیل کی شناخت پر اختلافِ‌رائے

دُنیائےمسیحیت،‏ یہودیت اور اسلام میں فرشتوں کی بابت متضاد نظریات پائے جاتے ہیں۔‏ بعض تشریحات تو بالکل مبہم ہیں۔‏ مثلاً،‏ دی اینکر بائبل ڈکشنری بیان کرتی ہے:‏ ”‏ایک اعلیٰ مرتبے والا فرشتہ بھی ہو سکتا ہے یا مقرب فرشتوں کا (‏عموماً چار یا سات پر مشتمل)‏ ایک چھوٹا گروہ بھی ہو سکتا ہے۔‏“‏ دی امپیریل بائبل ڈکشنری کے مطابق،‏ میکائیل ”‏ایک مافوق‌البشر ہستی کا نام ہے جس کی بابت دو متضاد آراء پائی جاتی ہیں۔‏ وہ یا تو خدا کا بیٹا خداوند یسوع مسیح ہے یا اُن سات مشہور مقرب فرشتوں میں سے ایک ہے۔‏“‏

یہودی روایت کے مطابق سات مقرب فرشتوں کے نام جبرائیل،‏ یرمیل،‏ میکائیل،‏ راجوئیل،‏ رافیل،‏ سرائیل اور عرئیل ہیں۔‏ اس کے برعکس،‏ اسلام میں صرف چار مقرب فرشتوں کو مانا جاتا ہے جنکے نام جبرائیل،‏ میکائیل،‏ عزرائیل اور اسرافیل ہیں۔‏ کیتھولک مذہب بھی چار مقرب فرشتوں کو مانتا ہے:‏ میکائیل،‏ جبرائیل،‏ رافیل اور عرئیل۔‏ بائبل اس سلسلے میں کیا بیان کرتی ہے؟‏ کیا بہت سارے مقرب فرشتے ہیں؟‏

بائبل کا جواب

بائبل میں میکائیل کے علاوہ کسی اَور مقرب فرشتے کا ذکر نہیں ملتا اور نہ ہی صحائف میں ”‏مقرب فرشتہ“‏ کی اصطلاح صیغۂ‌جمع میں استعمال کی گئی ہے۔‏ بائبل صرف میکائیل ہی کو مقرب فرشتہ کہتی ہے۔‏ لہٰذا،‏ یہ نتیجہ اخذ کرنا معقول ہوگا کہ یہوواہ خدا نے اپنی آسمانی خلائق میں سے صرف ایک ہی کو تمام فرشتگان پر مکمل اختیار بخشا ہے۔‏

خالق کے علاوہ،‏ صرف ایک ہی وفادار ہستی—‏یسوع مسیح کی بابت بتایا گیا ہے کہ فرشتے اُسکے تابع ہیں۔‏ (‏متی ۱۳:‏۴۱؛‏ ۱۶:‏۲۷؛‏ ۲۴:‏۳۱‏)‏ پولس رسول نے خاص طور پر ”‏خداوند یسوع“‏ اور اُس کے ”‏قوی فرشتوں“‏ کا ذکر کِیا تھا۔‏ (‏۲-‏تھسلنیکیوں ۱:‏۷‏)‏ نیز پطرس نے قیامت‌یافتہ یسوع کی بابت یوں بیان کِیا:‏ ”‏وہ آسمان پر جاکر خدا کی دہنی طرف بیٹھا ہے اور فرشتے اور اختیارات اور قدرتیں اُسکے تابع کی گئی ہیں۔‏“‏—‏۱-‏پطرس ۳:‏۲۲‏۔‏

اگرچہ بائبل میں یسوع کی بطور میکائیل براہِ‌راست شناخت کرانے والا کوئی بیان نہیں ملتا توبھی ایک صحیفہ مقرب فرشتے کے مرتبے کو یسوع سے منسوب کرتا ہے۔‏ تھسلنیکیوں کے نام اپنے خط میں پولس رسول نے پیشینگوئی کی:‏ ”‏خداوند خود آسمان سے للکار اور مقرب فرشتہ کی آواز اور خدا کے نرسنگے کے ساتھ اُتر آئیگا اور پہلے تو وہ جو مسیح میں موئے جی اُٹھینگے۔‏“‏ (‏۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۱۶‏)‏ اس صحیفے میں بتایا گیا ہے کہ یسوع خدا کے مسیحائی بادشاہ کے طور پر اختیار حاصل کرتا ہے۔‏ لیکن وہ ”‏مقرب فرشتہ کی آواز“‏ سے بولتا ہے۔‏ یہ بھی نوٹ کریں کہ اُسے مُردوں کو زندہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے۔‏

زمین پر انسانی زندگی کے دوران بھی یسوع نے مُردوں کو زندہ کِیا تھا۔‏ اس کیلئے وہ یقیناً زوردار آواز سے للکارا ہوگا۔‏ مثال کے طور پر،‏ نائین شہر کی ایک بیوہ کے بیٹے کو زندہ کرتے وقت اُس نے کہا:‏ ”‏اَے جوان مَیں تجھ سے کہتا ہوں اُٹھ۔‏“‏ (‏لوقا ۷:‏۱۴،‏ ۱۵‏)‏ بعدازاں،‏ اپنے دوست لعزر کو زندہ کرنے سے پہلے یسوع ”‏بلند آواز سے پکارا کہ اَے لعزؔر نکل آ۔‏“‏ (‏یوحنا ۱۱:‏۴۳‏)‏ لیکن ان موقعوں پر یسوع کی آواز ایک کامل انسان کی آواز تھی۔‏

اپنی قیامت کے بعد،‏ یسوع کو آسمان میں ایک روحانی مخلوق کے طور پر ”‏بہت سربلند“‏ کِیا گیا تھا۔‏ (‏فلپیوں ۲:‏۹‏)‏ اپنی قیامت کے بعد وہ انسان نہیں تھا اسلئے اُسکی آواز مقرب فرشتہ کی سی آواز تھی۔‏ لہٰذا جب خدا کا نرسنگا ”‏مسیح میں موئے“‏ ہوؤں کو آسمانی قیامت بخشنے کیلئے پھونکا گیا تو یسوع نے اس مرتبہ ”‏مقرب فرشتہ کی آواز“‏ کیساتھ ”‏للکارا۔‏“‏ یہ نتیجہ اخذ کرنا معقول ہے کہ صرف مقرب فرشتہ ہی ”‏مقرب فرشتہ کی آواز“‏ کیساتھ للکار سکتا ہے۔‏

یہ سچ ہے کہ سرافیم اور کروبیوں جیسے دیگر اعلیٰ درجے کے فرشتے بھی ہیں۔‏ (‏پیدایش ۳:‏۲۴؛‏ یسعیاہ ۶:‏۲‏)‏ تاہم،‏ صحائف قیامت‌یافتہ یسوع مسیح کی تمام فرشتوں کے سردار—‏مقرب فرشتے میکائیل—‏کے طور پر شناخت کراتے ہیں۔‏