مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

زلزے،‏ بائبل پیشینگوئی اور آپ

زلزے،‏ بائبل پیشینگوئی اور آپ

زلزے،‏ بائبل پیشینگوئی اور آپ

اپنی موت سے پہلے یسوع نے ایسے واقعات اور حالتوں کی پیشینگوئی کی جو اِس ”‏دُنیا کے آخر“‏ کی نشاندہی کرینگی۔‏ اُس نے کہا کہ یہ وباؤں،‏ قحط اور بڑی جنگوں کا وقت ہوگا۔‏ اُس نے یہ بھی کہا کہ ”‏جگہ‌جگہ .‏ .‏ .‏ بھونچال آئینگے۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۳،‏ ۷؛‏ لوقا ۲۱:‏۱۰،‏ ۱۱‏)‏ کیا یسوع ہمارے زمانے کی طرف اشارہ کر رہا تھا؟‏

بہتیرے اس سے انکار کرتے ہیں۔‏ اُن کا کہنا ہے کہ حالیہ عشروں میں زلزلوں کی تعداد میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا ہے۔‏ درحقیقت،‏ یو.‏ایس.‏ نیشنل ارتھ‌کوئیک انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق،‏ ۲۰ ویں صدی کے دوران ۰.‏۷ اور اس سے زیادہ شدت سے آنے والے زلزلوں کی تعداد ”‏بڑی حد تک یکساں“‏ رہی ہے۔‏ *

تاہم،‏ غور کریں کہ یسوع کی پیشینگوئی کی تکمیل زلزلوں کی تعداد یا شدت پر منحصر نہیں ہے۔‏ یسوع نے محض یہ کہا تھا کہ جگہ‌جگہ زلزلے آئینگے۔‏ مزیدبرآں،‏ اُس نے بیان کِیا کہ یہ ”‏سب باتیں مصیبتوں کا شروع ہی ہونگی۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۸‏)‏ مصیبت کا اندازہ زلزلوں کی تعداد یا رِکٹر سکیل پر انکی شدت کی پیمائش کی بجائے لوگوں پر انکے اثرات سے لگایا جاتا ہے۔‏

واقعی،‏ ہمارے زمانے میں زلزلے بہت زیادہ مصیبت کا باعث بنے ہیں۔‏ دراصل،‏ ۲۰ ویں صدی کے دوران،‏ ایسی تباہی سے لاکھوں لوگ ہلاک یا بےگھر ہو گئے تھے۔‏ ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ اموات سے بچا جا سکتا تھا۔‏ بی‌بی‌سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق،‏ ”‏ترقی‌پذیر ممالک میں،‏ شہری طرزِزندگی اختیار کرنے کے بڑھتے ہوئے رُجحان پر پورا اُترنے کے لئے تیزی سے تعمیر کئے جانے والے گھروں کے سلسلے میں تعمیراتی معیاروضوابط کی بجائے ارزانی کو ترجیح دی جاتی ہے۔‏“‏ دو حالیہ المیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے،‏ شہروں میں واقع ہونے والی تباہ‌کاریوں کا ماہر،‏ بن وِس‌نر بیان کرتا ہے:‏ ”‏یہ لوگ زلزلوں سے ہلاک نہیں ہوئے۔‏ یہ انسانی غلطی،‏ بےاعتنائی،‏ بدعنوانی اور لالچ کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔‏“‏

مزیدبرآں،‏ بعض‌اوقات زلزلے کے مُہلک‌ترین عناصر انسانی خودغرضی اور غفلت ہوتے ہیں۔‏ دلچسپی کی بات ہے کہ ایسے خصائل کو ”‏اخیر زمانہ“‏ کی بابت بائبل کی ایک اَور پیشینگوئی میں نمایاں کِیا گیا ہے۔‏ بائبل کے مطابق اس دَور میں لوگ ’‏خودغرض،‏ زردوست اور سنگدل‘‏ ہونگے۔‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵‏)‏ دُنیا کے آخر کی بابت یسوع کے الفاظ کے علاوہ،‏ یہ پیشینگوئی بھی اس بات کا واضح ثبوت پیش کرتی ہے کہ ایسا وقت قریب آ رہا ہے جب خدا بڑے زلزلوں سمیت دُکھ اور تکلیف کا باعث بننے والے تمام اسباب کو دُور کرکے مصیبت‌زدہ انسانیت کو آرام بخشے گا۔‏—‏زبور ۳۷:‏۱۱‏۔‏

کیا آپ بائبل پر مبنی اس اُمید کی بابت مزید سیکھنا چاہیں گے؟‏ اس کے لئے مقامی طور پر یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کریں یاپھر صفحہ ۵ پر درج موزوں پتے پر لکھیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 بعض کے خیال میں زلزلوں کی تعداد میں اضافے کی رپورٹیں صرف جدید ٹیکنالوجی کا نتیجہ ہیں جسکی بدولت زیادہ زلزلوں کی شناخت ممکن ہو گئی ہے۔‏