مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

چیونٹی کے بھیس میں مکڑی

چیونٹی کے بھیس میں مکڑی

چیونٹی کے بھیس میں مکڑی

یہ ایک ایسی چھوٹی مکڑی ہے جو چیونٹی کی بستی میں گھس جاتی ہے اور اپنے دُشمنوں کے درمیان بہروپ دھارے رہتی ہے۔‏ پکڑے جانے کے ڈر سے یہ اپنی شکل اور طرزِعمل تبدیل کرتی رہتی ہے۔‏ یہ بہت ضروری ہے کیونکہ اگر چیونٹیوں کو چھیڑا جائے تو یہ بہت غصے میں آ جاتی ہیں۔‏ اب چونکہ مکڑی کا جسم چیونٹیوں سے بالکل مختلف ہوتا ہے لہٰذا اسے بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‏

چیونٹی کی چھ ٹانگیں اور دو محاسے ہوتے ہیں جبکہ مکڑی کی آٹھ ٹانگیں اور کوئی محاسہ نہیں ہوتا۔‏ پس مکڑی خود کو کیسے چیونٹی بناتی ہے؟‏ یہ چھ ٹانگوں پر چیونٹیوں کی بستی کی طرف بھاگتی ہے اور اپنی دو ٹانگوں کو محاسوں کی طرح کھڑا کر لیتی ہے۔‏

مزیدبرآں،‏ مکڑی اپنے دو نقلی محاسوں کو بھی حیرت‌انگیز طریقے سے حرکت دیتی ہے۔‏ وہ انہیں اتنی تیزی سے جنبش دیتی ہے کہ اُنہیں چیونٹی کے محاسے خیال کِیا جاتا ہے۔‏ بہروپ دھارنے کی ماہر یہ مکڑی چیونٹیوں کی طرح لڑکھڑا لڑکھڑا کر آڑاترچھا چلنے کی بھی خوب نقل اُتار سکتی ہے!‏

مکڑی ہر لحاظ سے چیونٹی کی نقل اُتارنے کی کوشش کرتی ہے کیونکہ چیونٹیوں کی بستی کا ایک فرد خیال کِیا جانا اُسکی بقا کیلئے اشد ضروری ہے۔‏ اس بستی کے اندر اُسے قدرتی دشمن سے تحفظ ملتا ہے جس میں بھڑیں بھی شامل ہیں۔‏ گانے والا پرندہ جو مکڑی کو اپنی من‌پسند خوارک خیال کرتا ہے وہ بھی اسے نہیں پہچان پاتا۔‏ دوسری مکڑیوں کو پکڑنے والے مکڑے بھی اس کے ”‏محاسوں“‏ سے دھوکا کھا جاتے ہیں۔‏

تاہم،‏ اگر کوئی پرندہ یا چھپکلی چیونٹیوں پر حملہ کرتی ہے تو مکڑی فوراً اپنا اصلی روپ دھار کر وہاں سے فرار ہو جاتی ہے۔‏ مکڑیوں کی نظر بھی چیونٹیوں سے بہتر ہوتی ہے نیز وہ چھلانگ لگا سکتی ہیں جبکہ چیونٹیاں ایسا نہیں کر سکتیں لہٰذا اُن کیلئے بھاگ جانا کافی آسان ہوتا ہے۔‏

دن کے دوران مکڑی چیونٹیوں کی بستی میں چھپے رہنے کی بھرپور کوشش کرتی ہے۔‏ تاہم،‏ رات کو یہ خوب سرگرم ہوتی ہے اور جس بستی میں یہ چھپی ہوتی ہے وہیں کی چیونٹیوں کو کھا جاتی ہے!‏ اگر مکڑی کی چال کامیاب نہیں ہوتی اور اسکا پتا چل جاتا ہے تو یہ اپنی آٹھوں ٹانگوں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے تیزی سے بھاگ جاتی ہے۔‏

چیونٹیوں کی بستی میں مکڑا بھی مکڑی کے ہمراہ جا سکتا ہے۔‏ وہ نہ صرف اپنے ساتھی کے لئے وفاداری ظاہر کرتی ہے بلکہ اپنے ساتھی کے لئے خلوصدلی کا بھی مظاہرہ کرتی ہے۔‏ وہ چیونٹیوں کے گھر میں محفوظ تانابانا بنتی ہے جو نہ صرف اُس کے ساتھی کو بلکہ اُس کے انڈوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔‏

بِلاشُبہ اس مکڑی کی بابت اَور بہت کچھ دریافت کرنا باقی ہے۔‏ لیکن زمین پر پائے جانے والے جانوروں کی دیگر اقسام کی بابت بھی یہی کہا جا سکتا ہے۔‏ مستقبل میں خدا کی حیران‌کُن مخلوق کی بابت سیکھنا کسقدر خوشی کا باعث ہوگا!‏

‏[‏صفحہ ۲۰ پر تصویر]‏

دو چیونٹیوں کے درمیان ایک مکڑی

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

Bill Beatty