مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏”‏کینگرو کی طرح بچے کی نگہداشت“‏—‏زندگی کیلئے مُہلک مسائل کا حل؟‏

‏”‏کینگرو کی طرح بچے کی نگہداشت“‏—‏زندگی کیلئے مُہلک مسائل کا حل؟‏

‏”‏کینگرو کی طرح بچے کی نگہداشت“‏‏—‏زندگی کیلئے مُہلک مسائل کا حل؟‏

کولمبیا کے شہر بگوٹا کے ایک ہسپتال میں وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کی زندگی بچانا اکثر مشکل تھی۔‏ اسلئے سن ۱۹۷۹ میں،‏ وہاں کے ایک ڈاکٹر نے ایک نئی تجویز پیش کی کہ ”‏کینگرو کی طرح بچے کی نگہداشت کی جائے۔‏“‏

وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کی زندگی بچانا ڈاکٹروں کیلئے ایک چیلنج ہے۔‏ پیدائش کے وقت ایسے بچوں کا وزن کم ہوتا ہے جسکی وجہ سے اُنہیں اکثر اِن‌کیوبیٹر میں رکھا جاتا ہے۔‏ یہ ایک ایسی مشین ہے جو بچوں کو اُس وقت تک حرارت اور آکسیجن مہیا کرتی ہے جب تک اُن کا وزن بڑھ نہیں جاتا۔‏ تاہم،‏ ترقی‌پذیر ممالک کے ہسپتالوں میں مریضوں کی بہتات،‏ سازوسامان اور عملے کی کمی اور صفائی کے ناقص انتظام کی وجہ سے مختلف طرح کی خطرناک متعدی بیماریاں پھیلتی ہیں۔‏

کولمبیا کے ایک ڈاکٹر نے اِس مسئلے کا حل پیش کیا۔‏ وہ حل کیا ہے؟‏ قبل‌ازوقت پیدا ہونے والے بچے کو اُس کی حالت میں بہتری آنے تک اِن‌کیوبیٹر میں رکھا جاتا ہے۔‏ اِسی دوران ماں کو اپنے بچے کی نگہداشت کرنا سکھائی جاتی ہے۔‏ جب بچہ کچھ صحت پکڑتا ہے تو ماں اُس کیلئے ایک طرح کا جاندار اِن‌کیوبیٹر بن جاتی ہے۔‏ یہ کیسے ممکن ہے؟‏ ماں اپنے بچے کو اپنی چھاتیوں کے درمیان لپیٹ لیتی ہے۔‏ اس طرح بچہ کینگرو جیسی تھیلی میں گرم رہتا ہے اور ماں کا دودھ بھی آسانی سے پی سکتا ہے۔‏ یہ وہی طریقہ ہے جو ایک مادہ کینگرو اپنے بچے کی نگہداشت کے لئے استعمال کرتی ہے۔‏

اس طریقے کیلئے کوئی خاص سازوسامان کی ضرورت نہیں ہوتی۔‏ صرف یہ لازمی ہے کہ ماں کُھلے کپڑے یعنی کُرتہ یا قمیض پہنے اور بچے کو لپیٹنے کے لئے چادر استعمال کرے۔‏ جب بچے کا وزن کچھ بڑھتا ہے تو وہ اپنی ماں کے ساتھ گھر جا سکتا ہے،‏ لیکن پھر بھی اُس کو باقاعدگی سے ڈاکٹر سے معائنہ کرانا چاہئے۔‏

ابتدائی تحقیق کے مطابق کینگرو کی طرح دیکھ‌بھال کرنے کا یہ طریقہ مؤثر اور محفوظ ہے۔‏ اس کے علاوہ،‏ یہ بچے اور ماں کے مابین قربت کو بھی بڑھاتا ہے۔‏ اس میں حیرانی کی کوئی بات نہیں کہ بہت سے ممالک میں اِس طریقے کو استعمال کیا جاتا ہے۔‏ میکسیکو میں نہ صرف ماں کو بلکہ دوسرے رشتہ‌داروں کو بھی ایسے طریقے سکھائے جاتے ہیں۔‏ اس طرح جب ماں کو آرام کی ضرورت ہوتی ہے تو بچے کا باپ،‏ بہنیں،‏ نانی یا دادی اُس کو کینگرو کی مانند سینے سے لگا کر حرارت پہنچا سکتے ہیں۔‏ میکسیکو میں ایک ایسا پروگرام چلانے والی ڈاکٹر گواڈالُوپے سانتوس نے جاگو!‏ کے ئنن کو بتایا:‏ ”‏ہم اس طریقے پر ۱۹۹۲ سے عمل کر رہے ہیں اور ہم نے اِسے بڑا مؤثر پایا ہے۔‏ ہسپتال میں زیادہ اِن‌کیوبیٹرز استعمال نہیں ہوتے اور بچے بھی جلد ہی اپنے گھر چلے جاتے ہیں۔‏“‏