مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

فحش‌نگاری کا نقصان

فحش‌نگاری کا نقصان

فحش‌نگاری کا نقصان

ہر طرح کا جنسی مواد ٹیلی‌ویژن،‏ فلموں،‏ گانوں اور انٹرنیٹ کے ذریعے بآسانی دستیاب ہے۔‏ کیا ایسے گندے ذہنی تصور پیدا کرنے والا مواد بےضرر ہو سکتا ہے جیساکہ بعض ہمیں یقین دلانا چاہتے ہیں؟‏ *

بالغوں پر فحش‌نگاری کے اثرات

اس کے حامی خواہ کچھ بھی کہیں،‏ فحش‌نگاری کے جنس کی بابت لوگوں کے نظریے اور رویے پر بہت بُرے اثرات پڑتے ہیں۔‏ ایک ادارے کے محققین نے یہ نتیجہ اخذ کِیا کہ ”‏فحش‌نگاری کا مشاہدہ کرنے والوں میں جنس کی بابت نہایت غلط رُجحانات پیدا ہو جاتے ہیں۔‏“‏ رپورٹ کے مطابق،‏ ”‏فحش‌نگاری کا مشاہدہ کرنے والے مردوں میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ عورتیں زنابالجبر پسند کرتی ہیں اور زنابالجبر کرنے والے ذہنی طور پر بالکل نارمل ہوتے ہیں۔‏“‏

بعض محققین کا کہنا ہے کہ فحش‌نگاری کا مشاہدہ کرنے سے عام ازدواجی تعلقات بھی متاثر ہوتے ہیں۔‏ جنسی جنون کا علاج کرنے والے ایک ڈاکٹر کے مطابق اگر فحش‌نگاری کا مشاہدہ کرنے کا سلسلہ ایک بار شروع ہو جائے توپھر جاری ہی رہتا ہے۔‏ اگر خیال نہ رکھا جائے تو اچانک یا کبھی‌کبھار نظر میں آنے والی فحش‌نگاری بالآخر نہایت سنگین اور بیہودہ مواد دیکھنے کی عادت بن جاتی ہے۔‏ اسی سے جنس کی بابت نظریہ بگڑ جاتا ہے۔‏ انسانی رویے پر تحقیق کرنے والے بھی اس بات سے متفق ہیں۔‏ اس ڈاکٹر کے مطابق،‏ ”‏اگر جنس کی بابت ایسی کجروی پیدا ہو جائے تو گہرا احساسِ‌خطا بھی اِسے ختم نہیں کر سکتا۔‏“‏ بالآخر،‏ دیکھنے والا ویسا ہی کرنے کی کوشش کرتا ہے جیسا دیکھتا ہے جس کے نتائج اکثر بہت بُرے ہوتے ہیں۔‏

یہ بتدریج اور پوشیدہ عمل ہو سکتا ہے۔‏ یہی ڈاکٹر مزید کہتا ہے:‏ ”‏کینسر کی طرح یہ بڑھتا اور پھیلتا رہتا ہے۔‏ یہ بمشکل ہی بند ہوتا ہے اور اس کا علاج بھی بہت مشکل سے ہی ہوتا ہے۔‏ مرد اکثر اس مسئلے کو قبول نہیں کرتے جوکہ عام ردِعمل ہے جس کی وجہ سے ازدواجی مسائل پیدا ہو جاتے ہیں،‏ شاید طلاق تک نوبت پہنچ جائے یا بعض‌اوقات ازدواجی تعلقات ختم ہو جائیں۔‏“‏

نوجوانوں کو نقصان

اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ۱۲ سے ۱۷ سال کی عمر کے لڑکے فحش‌نگاری زیادہ دیکھتے ہیں۔‏ دراصل،‏ بہتوں کے لئے فحش‌نگاری جنس کی بابت علم حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔‏ اس کے بہت ہی سنگین نتائج نکلتے ہیں۔‏ ایک رپورٹ بیان کرتی ہے کہ ”‏فحش‌نگاری میں حمل اور ایڈز جیسی جنسی طور پر لگنے والی بیماریوں کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔‏ یہ سوچ اس غلط نظریے کو فروغ دیتی ہے کہ فحش‌نگاری کے کوئی مُضر اثرات نہیں ہوتے۔‏“‏

بعض محققین کا کہنا ہے کہ فحش‌نگاری دیکھنا بچے کی ذہنی نشوونما پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔‏ اس سلسلے میں ایک ڈاکٹر بیان کرتا ہے:‏ ”‏فحش‌نگاری اور فحش‌کلامی کے لئے دماغ کا ردِعمل ظاہر کرتا ہے کہ دماغ انہیں فوراً جذب کر لیتا ہے جو عموماً بچوں کے کچے ذہن کے لئے نقصاندہ ہوتا ہے کیونکہ یہ اُنہیں حقیقت سے نظریں پھیر لینے کی طرف مائل کرتا ہے اور یوں اُن کی ذہنی اور جسمانی صحت،‏ فلاح‌وبہبود اور خوشی حاصل کرنے کے نصب‌اُلعین کو نقصان پہنچاتا ہے۔‏“‏

رشتوں پر اثر

فحش‌نگاری رویے کو بُری طرح متاثر کرتی ہے۔‏ اس کا پیغام نہایت لبھاتا ہے کیونکہ اسے تخیل ہونے کی وجہ سے حقیقت سے زیادہ تحریک‌انگیز بنا کر پیش کِیا جاتا ہے۔‏ (‏دیکھیں بکس ”‏آپ کونسا پیغام قبول کریں گے؟‏“‏)‏ ایک رپورٹ بیان کرتی ہے کہ ”‏فحش‌نگاری دیکھنے والے ایسی غیرحقیقی توقعات پیدا کرتے ہیں جو رشتوں میں دراڑ ڈال دیتی ہیں۔‏“‏

فحش‌نگاری اعتماد اور دیانتداری کو تباہ کر دیتی ہے حالانکہ ازدواجی بندھن کے لئے یہی خوبیاں ضروری ہوتی ہیں۔‏ چونکہ فحش‌نگاری چھپ کر دیکھی جاتی ہے اس لئے یہ جھوٹ اور دھوکے کا باعث بھی بنتی ہے۔‏ بیاہتا ساتھی اسے اپنے ساتھ دغا خیال کرتے ہیں۔‏ اُن کے لئے یہ سمجھنا مشکل ہوتا ہے کہ اُن کا بیاہتا ساتھی اب اُن میں دلچسپی کیوں نہیں لیتا۔‏

روحانی نقصان

فحش‌نگاری سنگین روحانی نقصان بھی پہنچاتی ہے۔‏ خدا کے ساتھ رشتہ اُستوار کرنے کے خواہشمند شخص کے لئے یہ بہت بڑی رکاوٹ ہو سکتی ہے۔‏ * بائبل جنسی اشتہا کو لالچ اور بُت‌پرستی سے منسلک کرتی ہے۔‏ (‏کلسیوں ۳:‏۵‏)‏ جب کوئی شخص کسی چیز کا لالچ کرتا ہے تو وہ اُس کی زندگی میں اسقدر اہمیت اختیار کر جاتی ہے کہ باقی سب کچھ ماند پڑ جاتا ہے۔‏ المختصر،‏ فحش‌نگاری دیکھنے کے عادی خدا سے زیادہ اپنی جنسی خواہش کو اہم سمجھتے ہیں۔‏ وہ اسے اپنا بُت بنا لیتے ہیں۔‏ یہوواہ خدا اس کی بابت حکم دیتا ہے:‏ ”‏میرے حضور تُو غیرمعبودوں کو نہ ماننا۔‏“‏—‏خروج ۲۰:‏۳‏۔‏

فحش‌نگاری پُرمحبت رشتوں کو تباہ کر دیتی ہے۔‏ پطرس رسول ایک شادی‌شُدہ شخص تھا اور اُس نے مسیحی شوہروں کو تاکید کی کہ اپنی بیویوں کی عزت کریں۔‏ جو شوہر ایسا کرنے میں ناکام رہتا ہے اُس کی دُعا خدا تک نہیں پہنچتی۔‏ (‏۱-‏پطرس ۳:‏۷‏)‏ چھپ کر کسی دوسری عورت کی گندی تصویریں دیکھنا کیا اپنی بیوی کی عزت کرنا ہوگا؟‏ اگر اُسے پتہ چل جائے تو وہ کیسا محسوس کرے گی؟‏ نیز خدا کیا سوچے گا جو ”‏ہر ایک فعل کو .‏ .‏ .‏ عدالت میں لائے گا“‏ اور جو ”‏روحوں کو جانچتا“‏ ہے؟‏ (‏واعظ ۱۲:‏۱۴؛‏ امثال ۱۶:‏۲‏)‏ کیا فحش‌نگاری دیکھنے والا یہ توقع کر سکتا ہے کہ خدا اُس کی دُعائیں سنے گا؟‏

ہر قیمت پر ذاتی تسکین فحش‌نگاری کا خاصہ ہے۔‏ لہٰذا،‏ فحش‌نگاری دیکھنا ایک غیرمشفقانہ عمل ہے۔‏ یہ خدا کے حضور پاکیزگی اور راست حیثیت برقرار رکھنے کے سلسلے میں کسی مسیحی کی کوشش کو کمزور کر سکتی ہے۔‏ پولس رسول نے لکھا:‏ ”‏چُنانچہ خدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو یعنی حرامکاری سے بچے رہو۔‏ اور ہر ایک تُم میں سے پاکیزگی اور عزت کے ساتھ اپنے ظرف کو حاصل کرنا جانے۔‏ نہ شہوت کے جوش سے .‏ .‏ .‏ اور کوئی شخص اپنے بھائی کے ساتھ اِس امر میں زیادتی اور دغا نہ کرے۔‏“‏—‏۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۳-‏۷‏۔‏

فحش‌نگاری عورتوں اور بچوں پر زیادہ بُرا اثر ڈالتی ہے۔‏ یہ اُن کی حقارت کرتی اور اُنہیں اُن کے وقار اور حقوق سے محروم کرتی ہے۔‏ فحش‌نگاری دیکھنے والا شخص اس میں شریک ہوتا اور اس کی حمایت کرتا ہے۔‏ محققین کا کہنا ہے کہ ”‏کوئی مرد خواہ کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو،‏ اُس کا فحش‌نگاری دیکھنا اور اس کی حمایت کرنا موافق اور ناموافق تمام حالات میں عورت کے لئے اُس کی نفرت کو ظاہر کرتا ہے حالانکہ وہ اس کی زیادہ پرواہ کرنے کا دعویٰ بھی کرتا ہے۔‏“‏

فحش‌نگاری دیکھنے کی عادت سے چھٹکارا پانا

اگر آپ اس وقت فحش‌نگاری دیکھنے کی عادت میں مبتلا ہیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏ کیا اس پر غالب آنے کے لئے کچھ کِیا جا سکتا ہے؟‏ بائبل اُمید فراہم کرتی ہے!‏ مسیح کو جاننے سے پہلے بعض ابتدائی مسیحی حرامکار،‏ زناکار اور لالچی تھے۔‏ پولس لکھتا ہے کہ ”‏تم دُھل گئے۔‏“‏ یہ کیسے ہوا تھا؟‏ وہ جواب دیتا ہے:‏ ”‏تم .‏ .‏ .‏ خدا کے روح سے .‏ .‏ .‏ پاک ہوئے۔‏“‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۶:‏۹-‏۱۱‏۔‏

خدا کی روح‌القدس کی طاقت کو کبھی کم نہ سمجھیں۔‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ ”‏خدا سچا ہے۔‏ وہ تم کو تمہاری طاقت سے زیادہ آزمایش میں نہ پڑنے دے گا۔‏“‏ واقعی،‏ وہ آزمائش سے بچ نکلنے کی راہ بھی فراہم کرے گا۔‏ ‏(‏۱-‏کرنتھیوں ۱۰:‏۱۳‏)‏ دلی دُعا میں اپنا مسئلہ لگاتار خدا کے سامنے رکھنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔‏ اُس کا کلام حوصلہ‌افزائی کرتا ہے:‏ ”‏اپنا بوجھ [‏یہوواہ]‏ پر ڈالدے۔‏ وہ تجھے سنبھالیگا۔‏ وہ صادق کو کبھی جنبش نہ کھانے دے گا۔‏“‏—‏زبور ۵۵:‏۲۲‏۔‏

بِلاشُبہ،‏ آپ کو اپنی دُعاؤں کے مطابق عمل بھی کرنا پڑے گا۔‏ آپ کو فحش‌نگاری دیکھنے کی عادت کو ترک کرنے کے لئے دل سے پُختہ فیصلہ کرنا ہوگا۔‏ کوئی بااعتماد دوست یا خاندان کا کوئی رُکن اس فیصلے پر قائم رہنے کے لئے ضروری مدد اور حوصلہ‌افزائی فراہم کر سکتا ہے۔‏ (‏دیکھیں بکس ”‏مدد حاصل کرنا۔‏“‏)‏ یہ یاد رکھنا اپنی اس روش پر چلتے رہنے میں آپ کی مدد کرے گا کہ اس سے یہوواہ خوش ہوتا ہے۔‏ (‏امثال ۲۷:‏۱۱‏)‏ علاوہ‌ازیں،‏ یہ جان لینا کہ فحش‌نگاری دیکھنے سے یہوواہ ناراض ہوتا ہے،‏ آپ کو اسے ترک کرنے کی مزید تحریک دیتا ہے۔‏ (‏پیدایش ۵۶،‏ ۶)‏ یہ لڑائی آسان تو نہیں مگر جیتی ضرور جا سکتی ہے۔‏ فحش‌نگاری کی عادت پر غالب آنا ممکن ہے!‏

فحش‌نگاری کے خطرات حقیقی ہیں۔‏ یہ مُضر اور تباہ‌کُن ہے۔‏ فحش‌نگاری ایسا مواد تیار کرنے والوں اور اسے استعمال کرنے والوں دونوں کو خراب کرتی ہے۔‏ یہ مرد اور عورت کی توہین،‏ بچوں کے لئے خطرہ ہے اس لئے اس کی سخت مذمت کی جانی چاہئے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 2 انٹرنیٹ پر فحش‌نگاری کے خطرات پر مفصل گفتگو کے لئے براہِ‌مہربانی جون ۸،‏ ۲۰۰۰ کے اویک!‏ میں صفحہ ۳-‏۱۰ پر سلسلہ‌وار مضامین بعنوان ”‏انٹرنیٹ فحش‌نگاری—‏کیا نقصان پہنچا سکتی ہے؟‏“‏ کا مطالعہ کریں۔‏

^ پیراگراف 14 فحش‌نگاری کی بابت بائبل کا نظریہ جاننے کے لئے براہِ‌مہربانی جولائی ۸،‏ ۲۰۰۲ کے اویک!‏ میں صفحہ ۱۹-‏۲۱ کا مطالعہ کریں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر بکس/‏تصویر]‏

مدد حاصل کرنا

فحش‌نگاری کی عادت ترک کرنے کی جنگ آسان نہیں بلکہ بڑی مشکل ہے۔‏ جنسی جنون میں مبتلا لوگوں کا علاج کرنے والا ایک ڈاکٹر کہتا ہے:‏ ”‏اسے چھوڑنے کے وعدے اور اچھے محرکات کی کوئی وقعت نہیں ہوتی۔‏ جنسی جنون میں مبتلا شخص اکیلا اس عادت پر غالب نہیں آ سکتا۔‏“‏ اس ڈاکٹر کا مشورہ یہ ہے کہ اگر وہ شخص شادی‌شُدہ ہے تو اُس کیلئے سب سے پہلے اپنے بیاہتا ساتھی کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔‏ وہ کہتا ہے کہ ”‏اگر دونوں ملکر کوشش کریں تو جلد کامیابی حاصل ہو گی۔‏ دونوں کو زخم لگا ہے اسلئے دونوں کو مدد کی ضرورت ہے۔‏“‏

اگر وہ شخص کنوارا ہے تو اکثر کوئی دوست یا خاندان کا رُکن ہمت بندھا سکتا ہے۔‏ مدد خواہ کسی سے بھی حاصل کی جائے بنیادی بات یہ ہے کہ ”‏مسئلے کی بابت کُھل کر بات کریں۔‏ کیونکہ اس مسئلے کو چھپا کر رکھنا انتہائی نقصاندہ ہو سکتا ہے۔‏ یہ شرمندگی اور احساسِ‌خطا کا باعث بھی بنتا ہے۔‏“‏

‏[‏صفحہ ۹ پر چارٹ]‏

آپ کونسا پیغام قبول کرینگے؟‏

فحش‌نگاری کا پیغام بائبل کا نظریہ

▪ کسی بھی وقت،‏ کسی بھی طریقے سے اور تمام طرح کے حالات میں کسی کے بھی ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنا صحیح ہے۔‏ اسکا کوئی نقصان نہیں۔‏ ▪ ”‏بیاہ کرنا سب میں عزت کی بات سمجھی جائے اور بستر بیداغ رہے کیونکہ خدا حرامکاروں اور زانیوں کی عدالت کریگا۔‏“‏—‏عبرانیوں ۱۳:‏۴‏۔‏ ”‏حرامکار اپنے بدن کا بھی گنہگار ہے۔‏“‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۶:‏۱۸‏؛‏ رومیوں ۲۶۱،‏ ۲۷ بھی دیکھیں۔‏

▪ شادی جنسی تسکین کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔‏ ▪ ”‏اپنی جوانی کی بیوی کیساتھ شاد رہ .‏ .‏ .‏ اُسکی محبت تجھے ہمیشہ فریفتہ رکھے۔‏“‏—‏امثال ۱۸۵،‏ ۱۹؛‏ پیدایش ۱:‏۲۸؛‏ ۲:‏۲۴؛‏ ۱-‏کرنتھیوں ۷:‏۳ بھی دیکھیں۔‏

▪ عورت کو صرف مرد کی جنسی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔‏ ▪ ”‏مَیں [‏یہوواہ خدا]‏ اُسکے لئے ایک مددگار اُسکی مانند بناؤنگا۔‏“‏—‏پیدایش ۲:‏۱۸؛‏ افسیوں ۵:‏۲۸ بھی دیکھیں۔‏

▪ مرد اور عورت اپنی جنسی ضرورت کے غلام ہیں۔‏ ▪ ”‏اپنے اُن اعضا کو مُردہ کرو جو زمین پر ہیں یعنی حرامکاری اور ناپاکی اور شہوت اور بُری خواہش اور لالچ کو جو بُت‌پرستی کے برابر ہے۔‏“‏—‏کلسیوں ۳:‏۵‏۔‏ ”‏ہر ایک تم میں سے پاکیزگی اور عزت کیساتھ اپنے ظرف کو حاصل کرنا جانے۔‏“‏—‏۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۴‏۔‏

‏”‏بڑی عمر والی عورتوں کو ماں .‏ .‏ .‏ اور جوان عورتوں کو کمال پاکیزگی سے بہن“‏ سمجھیں۔‏—‏۱-‏تیمتھیس ۱۵،‏ ۲؛‏ ۱-‏کرنتھیوں ۹:‏۲۷ بھی دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۷ پر تصویر]‏

بعض محققین کا کہنا ہے کہ فحش‌نگاری دیکھنا بچے کی فطری ذہنی نشوونما پر اثرانداز ہو سکتا ہے

‏[‏صفحہ ۸ پر تصویر]‏

فحش‌نگاری ازدواجی بندھن میں اعتماد اور دیانتداری کو تباہ کر سکتی ہے

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

مخلصانہ دُعا اچھے نتائج پیدا کریگی