مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کانٹوں میں خوراک تلاش کرنا

کانٹوں میں خوراک تلاش کرنا

کانٹوں میں خوراک تلاش کرنا

جنوبی افریقہ سے جاگو!‏ کا رائٹر

میرے ساتھ جنوبی افریقہ کے اس علاقے کا دورہ کریں جو نورزویلڈ کہلاتا ہے۔‏ اس خشک علاقے کو یہ نام یہاں افراط سے اُگنے والے کانٹےدار رسیلے پودوں کی وجہ سے دیا گیا ہے جنہیں نورز کہتے ہیں۔‏ اس علاقے میں رہنے والے کسان بھیڑبکریاں پالتے ہیں۔‏ تصویر میں نظر آنے والی انگورا بکریاں اپنے سفید ریشمی بالوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔‏ اس سے مضبوط مگر باریک اُون تیار کی جاتی ہے جسے جدید کپڑوں سے لیکر قالین تک بنانے کیلئے استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ لیکن اس خشک علاقے میں یہ جانور کیسے زندہ رہتے ہیں؟‏

نورز کے پودوں کے جھنڈ جنکے درمیان آپ ان بکریوں کو گھومتے پھرتے دیکھ رہے ہیں یہی انکے زندہ رہنے کا اہم ذریعہ ہیں۔‏ سردیوں میں یہ پودے ۴۰ فیصد سے زیادہ بکریوں کیلئے خوراک فراہم کرتے ہیں۔‏ تاہم،‏ بکریوں کو ہوشیار رہنا پڑتا ہے کہ کہیں خود کو تیز کانٹوں سے زخمی نہ کر لیں۔‏ جب وہ اپنے سینگوں سے کانٹوں کو توڑنا سیکھ جاتی ہیں تو اُن کیلئے خوراک حاصل کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔‏

برسات کے بعد،‏ بکریاں اُن پودوں پر گزارا کرتی ہیں جو نورز کے جھنڈوں کے اردگرد اُگتے ہیں۔‏ لیکن یہاں چرنا بھی خطرے سے خالی نہیں ہے۔‏ نورزویلڈ کی بابت اپنی کتاب میں کسان یورگن کوری لکھتا ہے:‏ ”‏جب انگورا بکری اپنے خوبصورت گھنگرالے بالوں کیساتھ نرم‌ونازک پودوں کو کھانے کی کوشش کرتی ہے جو نورز کے جھنڈوں کے نیچے یا انکے آس‌پاس اُگے ہوتے ہیں تو وہ ان کانٹوں میں پھنس سکتی ہے۔‏“‏ اس سے اُسکی موت واقع ہو سکتی ہے۔‏ وہ مزید بیان کرتا ہے:‏ ”‏موسمِ‌گرما کی دھوپ میں یہ بکری دو گھنٹے سے زیادہ زندہ نہیں رہ سکتی۔‏“‏

اکثروبیشتر نورزویلڈ میں شدید قحط رہتا ہے۔‏ ایسے اوقات میں نورز کے پودے زندگی بچانے کا ذریعہ بنتے ہیں۔‏ کسان نورز کے کھیتوں میں مشینیں چلا کر پودوں کو تراش‌خراش دیتے ہیں۔‏ بکریوں کیلئے ان حصوں میں چرنا آسان ہو جاتا ہے۔‏ جنگلی جانور بھی اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہیں۔‏ کوری بیان کرتا ہے:‏ ”‏قحط‌سالی کے دوران کوڈو [‏بڑے بڑے چکارے]‏ بھی اس خوراک سے استفادہ کرتے ہیں۔‏ آپ انہیں اکثر سڑک کے کنارے ہی جہاں بھی نورز کی تراش‌خراش ہوئی ہے بِلاخوف‌وخطر چرتے دیکھ سکتے ہیں۔‏“‏

ایک اَور قسم کا نورز پودا بھی چھوٹا ہونے کے باوجود اسقدر کانٹوں سے بھرا ہوتا ہے کہ بیشتر جانور اسے نہیں کھا سکتے۔‏ کیونکہ یہ پودے قحط‌سالی کا مقابلہ کر سکتے ہیں اسلئے یہ بھی زندگی‌بخش ہیں۔‏ جب بارشیں نہیں ہوتیں تو کسان آگ کی مدد سے نورز کے ہر جھنڈ میں کانٹوں کو جلا دیتے ہیں۔‏ یہ بہت ہی تھکا دینے والا کام ہے۔‏ ایک کتاب بیان کرتی ہے:‏ ”‏جب کانٹے جل جاتے ہیں تو بھیڑبکریاں فوراً ہی یہاں چرنے لگتی ہیں۔‏ ایک اَور قسم کے چکارے بہت جلد ان جلے ہوئے نورز کے پودوں کو کھانا سیکھ لیتے ہیں اور اکثر چرنے میں اتنے مگن ہو جاتے ہیں کہ اُنہیں اپنے آس‌پاس کام کرنے والے انسانوں کی بھی پرواہ نہیں ہوتی۔‏“‏

جب ہم نورز کے پودوں کے درمیان بکریوں کو چرتے دیکھتے ہیں تو ہم یہوواہ کی مختلف مخلوق کو دیکھ کر واقعی دنگ رہ جاتے ہیں۔‏ نورز کے پودے بہت ہی خطرناک ہونے کے باوجود اس خشک علاقے میں زندگی بچانے کا کام دیتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۶ پر تصویر]‏

سردیوں میں نورز کے پودے ۴۰ فیصد سے زیادہ بکریوں کیلئے خوراک فراہم کرتے ہیں

‏[‏صفحہ ۱۷ پر تصویر]‏

پھولدار نورز کے پودوں اور خطرناک کانٹوں کی قریب سے لی گئی تصویر