پیاز کی مقبولیت
پیاز کی مقبولیت
میکسیکو سے جاگو! کا رائٹر
کیا پیاز کے بغیر باورچیخانے کا تصور کِیا جا سکتا ہے؟ مختلف طریقوں سے استعمال کی جانے والی یہ سبزی ہر طرح کی یخنی، سلاد، کھانوں اور ادویات کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہے۔ لیکن اسکی ایک خاص خوبی یہ ہے کہ پیاز ہمیں رُلا بھی سکتی ہے۔
خوبصورت پھولوں والے سوسن کے خاندان سے تعلق رکھنے والی سنہری پیاز، دُلہن پیاز اور سجاوٹی لہسن جیسے پھولدار پودوں کے علاوہ عام پیاز میں بھی خوبصورت پھول لگتے ہیں۔ اسکے علاوہ، دُنیا کے ہر باورچیخانے میں جو چیز لازمی پائی جاتی ہے وہ پیاز کی خوردنی گٹھی ہے جو بنیادی طور پر زمین کے اندر ہی بڑھتی ہے۔
یہ سبزی قدیمترین فصلوں میں سے ایک ہے۔ اسکا استعمال کتنا پُرانا ہے اسکا اندازہ بائبل ریکارڈ سے لگایا جا سکتا ہے۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ تقریباً ۱۵۱۳ ق.س.ع. میں، اسرائیلی اُس پیاز کو کھانے کی درخواست کر رہے تھے جو وہ مصری غلامی میں کھایا کرتے تھے۔—گنتی ۱۱:۵۔
مگر کس چیز نے پیاز کو دُنیا میں مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیلئے اسقدر مقبول اور ذائقےدار بنا دیا ہے؟ یقیناً یہ اس میں موجود گندھک کے مرکبات ہیں جو اسے مخصوص تیز بودار اور رُلانے والا بناتے ہیں۔
خوراک سے زیادہ کچھ
پیاز انسان کی صحت کیلئے بہت ضروری ہیں۔ ان میں کیلسیم، فاسفورس اور وٹامن سی جیسے اہم غذائی جُزو شامل ہیں۔ تاہم، شروع سے ہی پیاز اپنی ادویاتی خصوصیات کی وجہ سے بہت مقبول رہی ہے۔ آج بھی اسے نزلے زکام، سانس کی نالی میں سوزش، شریانوں میں سوزش کیساتھ لپائڈ مادہ کے جمع ہو جانے (اتھیروسکلروسس)، امراضِقلب، ذیابیطس اور دمے جیسی مختلف بیماریوں کا علاج کرنے کیلئے استعمال کِیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پیاز جراثیم کی روکتھام کرنے، خون میں چکنائی کم کرنے، سوزش کو کم کرنے، شریانوں میں خون کو جمنے سے روکنے اور کینسر کی کاٹ کرنے کی خصوصیات بھی رکھتی ہے۔
پیاز مختلف قسموں میں سفید، زرد، خاکستری، سبز، سُرخ اور جامنی رنگوں میں دستیاب ہے۔ آپ اسے کچا، پکا کر، ڈبے میں بند، پیاز کا اچار، خشک پیاز، پسی ہوئی پیاز یا پھر تلی ہوئی پیاز کے طور پر کھا سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ آپکو رُلاتی ہے توبھی کیا پیاز ایک مرغوب سبزی نہیں؟