مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ہم سب کو دوستوں کی ضرورت ہے

ہم سب کو دوستوں کی ضرورت ہے

ہم سب کو دوستوں کی ضرورت ہے

‏”‏دوست وہ ہوتا ہے جس سے آپ جب چاہیں دل کھول کر بات کر سکتے ہیں۔‏“‏‏—‏یائل،‏ فرانس کی رہنے والی۔‏

‏”‏دوست ایک دوسرے کے دُکھ‌سُکھ کو سمجھتے ہیں اور ایک دوسرے کا درد اپنے دل میں محسوس کرتے ہیں۔‏“‏‏—‏گائل،‏ فرانس کی رہنے والی۔‏

‏”‏ایسا دوست بھی ہے جو بھائی سے زیادہ محبت رکھتا ہے۔‏“‏ (‏امثال ۱۸:‏۲۴‏)‏ یہ الفاظ تقریباً ۰۰۰،‏۳ سال پہلے لکھے گئے تھے۔‏ اُس وقت سے لے کر آج تک اِنسان کی فطرت میں تبدیلی نہیں آئی۔‏ انسان کیلئے دوستی اتنی ہی ضروری ہے جتنا کھاناپینا ضروری ہے۔‏ اسکے باوجود کئی لوگوں کو دوسروں سے دوستی کرنا بہت مشکل لگتا ہے۔‏ اسلئے بہتیرے لوگ تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں۔‏ انگریزی کتاب دوستی کی تلاش میں لوگوں میں بڑھتی ہوئی تنہائی کے وجوہات یوں بیان کئے گئے ہیں:‏ ”‏وہ باربار گھر بدلتے ہیں۔‏ جرائم میں اضافے کی وجہ سے لوگ گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں۔‏ اسکے علاوہ لوگ دوسروں کیساتھ میل‌جول رکھنے کی بجائے ٹیلی‌ویژن اور ویڈیو دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔‏“‏

ہمارے زمانے کی تیزرفتاری کی وجہ سے کئی لوگوں کے پاس دوسروں سے تعلقات بڑھانے کیلئے وقت ہی نہیں بچتا۔‏ انگریزی کتاب دوستوں کی محفل بیان کرتی ہے:‏ ”‏شہروں میں رہنے والے لوگ ایک ہفتے میں اُتنے ہی لوگوں سے ملتے ہیں جتنوں سے ۱۷ ویں صدی میں رہنے والا ایک شخص اپنی پوری زندگی میں ملتا تھا۔‏“‏ ہم سینکڑوں لوگوں کو جانتے تو ہیں لیکن شاید ہمیں اُنکے ساتھ گہری دوستی قائم کرنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔‏

ایسے علاقوں میں جہاں اتنی تیزرفتاری نہیں ہوتی تھی،‏ وہاں بھی ماحول بدل رہا ہے۔‏ اُلا نامی ایک لڑکی جو مشرقی یورپ کی رہنے والی ہے،‏ وہ کہتی ہے:‏ ”‏ایک زمانے میں ہم اپنے دوستوں کے بہت قریب ہوتے تھے۔‏ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ کام یا ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ہم اپنے دوستوں سے آہستہ آہستہ دُور ہوتے جا رہے ہیں۔‏“‏ اِس جدید دَور میں شاید ہمارے لئے بھی دوستی قائم رکھنا مشکل ہے۔‏

ان سب باتوں کے باوجود ہم سب کو دوستوں کی ضرورت ہے۔‏ خاص طور پر نوجوانوں کے بارے میں یہ بات سچ ہے۔‏ یائل کہتی ہے:‏ ”‏نوجوان چاہتے ہیں کہ لوگ اُنکو پسند کریں اور اُنکے دوست بنیں تاکہ اُنکو اپنائیت کا احساس ہو۔‏“‏ چاہے ہم بوڑھے ہوں یا جوان ہم سب کو اچھے دوستوں کی ضرورت ہے۔‏ آج کے دَور میں کیا قریبی دوست بنانا ممکن ہے؟‏ اور اگر ہاں تو پھر کیسے؟‏ مہربانی سے اگلے مضمون پر توجہ دیں۔‏