مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

دل پر نقش ہو جانے والا فن

دل پر نقش ہو جانے والا فن

دل پر نقش ہو جانے والا فن

سپین سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

چوہتر سالہ وکٹر کی نظر اب کمزور ہو چکی ہے۔‏ مگر جب وہ بیدرسازی کی بابت گفتگو کرنے لگتا ہے تو اُس کی آنکھوں میں ایک چمک سی آ جاتی ہے۔‏ وکٹر ایک بیدرساز ہے اور پچھلے ۶۰ سالوں سے یہ کام کر رہا ہے۔‏ اُس نے یہ فن کم‌عمری میں سیکھا تھا۔‏ اپنے ہاتھوں میں ایک ہتھوڑی اور چھینی لئے وکٹر اپنے اس فن کی بابت کہتا ہے،‏ ”‏یہ نہ صرف میرا پیشہ ہے بلکہ میری زندگی ہے۔‏ مَیں تو دن رات اِسی میں لگا رہتا ہوں۔‏“‏

بیدرسازی کیا ہے؟‏

بیدرسازی کیا ہے؟‏ یہ ایک ایسا فن ہے جس میں سٹیل یا جست کے برتنوں پر زری یا چاندی کی تاروں سے خوبصورت نقش‌ونگار بنائے جاتے ہیں۔‏

یہ فن کہاں سے شروع ہوا؟‏ تاریخ‌دانوں نے بیدری کی دستکاریاں مُلک مصر کی پُرانی قبروں میں پائی ہیں۔‏ یہ فن شاید مُلک مصر یا چین سے شروع ہوا تھا۔‏ لیکن اس فن کو مُلک شام کے دارالحکومت دمشق میں بہت زیادہ فروغ ملا۔‏ اِسی شہر سے یہ فن دُوردراز ملکوں تک پھیل گیا۔‏ اِس لئے آج تک اِس فن کو انگریزی میں ڈامسن یعنی دمشقی کہا جاتا ہے۔‏ مغل زمانے میں ایرانی کاریگر اِس فن کو ہندوستان لے آئے اور بیدر شہر میں آباد ہو گئے۔‏ اِس لئے اِس فن کو بیدری کہا جانے لگا۔‏

سولہویں صدی میں یہ فن یورپ پہنچ گیا۔‏ خاص طور پر یہ مُلک سپین کے شہر تولیدو میں بہت مشہور ہو گیا۔‏ بیدرسازی نے یہاں پر تلواروں،‏ خنجروں،‏ بکتربندوں،‏ ڈھالوں اور کئی دیگر طرح کی چیزوں کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئے۔‏ آج بھی شہر تولیدو اِس فن کا ایک خاص مرکز ہے۔‏

خوبصورت نقش‌ونگار

سٹیل کی کالی پلیٹوں پر چمکتا سونا یا جگمگاتی چاندی واقعی آنکھوں کو خیرہ کر دیتی ہے۔‏ پلیٹوں اور برتنوں پر کس طرح کے نقش‌ونگار بنائے جاتے ہیں؟‏ اِن پر عربی حروف،‏ پیڑ،‏ پودے،‏ پرندے،‏ جانور،‏ پھول اور دیگر کئی قسم کے ڈیزائن تراشے جاتے ہیں۔‏ شہر تولیدو کا ایک خوبصورت منظر بھی تراشا جاتا ہے۔‏ آیئے اب دیکھیں کہ شہر تولیدو میں بیدرساز کیسے اپنا کام کرتے ہیں۔‏

شہر تولیدو کی تنگ بل‌کھاتی ہوئی سڑکوں پر جابجا بیدرساز اپنے کام میں مصروف نظر آتے ہیں۔‏ یہ فن اِن کاریگروں کا آبائی پیشہ ہے۔‏ دُکانوں میں بیدرسازی کی مختلف دستکاریاں موجود ہیں۔‏ جن میں گلے اور کانوں کے علاوہ دیگر قسم کے زیورات اور گھر کی آرائش کی چیزیں شامل ہیں۔‏

بیدرسازی کے مختلف مرحلے

پہلا مرحلہ:‏ سب سے پہلے کاریگر ایک نوکیلے اوزار کی مدد سے سٹیل کی پلیٹ کو اچھی طرح کُریدتا ہے۔‏ اب یہ پلیٹ تیار ہے تاکہ اس پر زری کا کام جڑا جائے۔‏ لیکن اس سے پہلے کاریگر اپنے اِسی اوزار کی مدد سے ڈیزائن بناتا ہے۔‏

دوسرا مرحلہ:‏ اب کاریگر پلیٹ کے ڈیزائن پر زری جڑنے کے لئے تیار ہے۔‏ وہ مضبوطی کے ساتھ پلیٹ کو لکڑی کے ٹکڑے پر رکھتا ہے۔‏ پھر ایک ہاتھ میں ہتھوڑی اور دوسرے میں سونے کی زری پکڑ لیتا ہے۔‏ زری کو ہلکی چوٹ لگا کر اپنے ڈیزائن کے مطابق پلیٹ پر جڑتا ہے۔‏ یوں پلیٹ پر نقش اُبھرنے لگتا ہے۔‏

تیسرا مرحلہ:‏ زری کو پلیٹ پر اچھی طرح بٹھانے کے لئے کاریگر اِسے خوب زور سے کوٹتا ہے۔‏ زری سٹیل کی پلیٹ پر اچھی طرح بیٹھ جاتی ہے۔‏

چوتھا مرحلہ:‏ پلیٹ کو کاسٹک سوڈے اور پوٹاشیئم نائٹریٹ کے گرم آمیزے میں ڈبو دیا جاتا ہے۔‏ ایسا کرنے سے پلیٹ ایک دم کالی ہو جاتی ہے۔‏ اب سونے سے بنایا گیا ڈیزائن اِس کالی پلیٹ پر بڑی خوبصورتی سے چمکتا ہوا نظر آتا ہے۔‏

پانچواں مرحلہ:‏ اس مرحلے میں کاریگر ڈیزائن میں مزید جان ڈالنے کے لئے ایک چھینی کے ساتھ بڑی باریکی سے تراش‌خراش کرتا ہے۔‏ اس کے بعد پلیٹ کو پالش کِیا جاتا ہے۔‏ اِس سے ڈیزائن کی چمک میں اَور بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔‏

جی‌ہاں،‏ بیدرسازی واقعی ایک انوکھا فن ہے۔‏ اِس میں بہت زیادہ محنت درکار ہوتی ہے۔‏ وکٹر جیسے کاریگروں نے اِس فن کو فروغ دیا ہے۔‏ آجکل ایسے کاریگروں کی بدولت ہی بیدرسازی کی دستکاریاں ہمارے دل موہ لیتی ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۴ پر تصویر]‏

تلوار

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

شہر تولیدو

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

گلے کا لاکٹ

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

زیورات کا ڈبہ

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

جھمکے

‏[‏صفحہ ۱۶ پر تصویر]‏

کُریدنا

جڑنا

بٹھانا

پلیٹ کو کالا بنانا

تراش‌خراش کرنا

پالش کرنا

‏[‏صفحہ ۱۴ پر تصویر کا حوالہ]‏

All photos: Agustín Sancho

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر کا حوالہ]‏

‏,Corners of page, pendant

and jewelry box: Agustín Sancho