مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ٹماٹر—‏کا وسیع استعمال

ٹماٹر—‏کا وسیع استعمال

ٹماٹر‏—‏کا وسیع استعمال

برطانیہ سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

اٹلی سے ایک خاتون نے بیان کِیا:‏ ”‏ٹماٹروں کے بغیر مَیں کیا کروں گی!‏“‏ پوری دُنیا میں کھانا پکانے والے بےشمار لوگ ایسا ہی محسوس کرتے ہیں۔‏ ٹماٹر بہت سی تہذیبوں میں کھانے کی ترکیبوں کا ایک حصہ ہیں۔‏ گھر کے باغیچوں میں یہ سب سے زیادہ کاشت کئے جاتے ہیں۔‏ لیکن کیا یہ پھل ہے یا سبزی؟‏

نباتاتی لحاظ سے ٹماٹر ایک پھل ہے کیونکہ یہ رسیلا اور بیج‌دار ہوتا ہے۔‏ بہتیرے لوگ اسے ایک سبزی خیال کرتے ہیں کیونکہ اسے عموماً کھانے کیساتھ استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ اس دلکش خوراک کا ماضی بہت دلچسپ ہے۔‏

دلچسپ پس‌منظر

میکسیکو میں آزٹکس نے خوراک کے طور پر ٹماٹروں کے استعمال کو فروغ دیا۔‏ سولہویں صدی کے آغاز میں،‏ ہسپانوی فاتح اسے سپین لے گئے اور نواتل لفظ ٹوماٹل کی مناسبت سے اسے ٹوماٹی کہا جانے لگا۔‏ جلد ہی اٹلی،‏ شمالی افریقہ اور مشرق‌وسطیٰ جنہیں سپین نے فتح کِیا تھا اس لذیذ خوراک سے لطف اُٹھانے لگے۔‏

بعدازاں،‏ سولہویں صدی کے وسط میں ٹماٹر شمالی یورپ پہنچ گیا۔‏ شروع میں اسے زہریلا سمجھا جاتا تھا اور گھر کے باغیچے میں سجاوٹ کیلئے کاشت کِیا جاتا تھا۔‏ سولانم جنس کے اس پودے کا پھل خوشبودار مضبوط پتوں اور زہریلے تنوں کی وجہ سے مکمل طور پر زہریلا دکھائی دیتا تھا۔‏

یورپ لائے جانے والے پہلے ٹماٹر زرد رنگ کے تھے۔‏ اسلئے اٹلی کے لوگ اسے پوموڈورو (‏سنہری سیب)‏ کہنے لگے۔‏ انگریز اسے ٹوماٹی اور بعد میں ٹوماٹو کہنے لگے لیکن اصطلاح ”‏محبت بھرا سیب“‏ بھی بہت مشہور تھی۔‏ یورپ سے ٹماٹر واپس اوقیانوس کے پار شمالی امریکہ پہنچا۔‏ جہاں ۱۹ ویں صدی میں یہ کھانوں کا ایک اہم حصہ بن گیا۔‏

نمایاں اقسام اور مقبولیت

اگر یہ پوچھا جائے کہ ٹماٹر کس رنگ کے ہوتے ہیں تو بیشتر لوگوں کا جواب ہوگا ”‏سرخ۔‏“‏ لیکن کیا آپ یہ جانتے تھے کہ یہ زرد،‏ نارنجی،‏ گلابی،‏ ارغوانی،‏ بھورے،‏ سفید یا سبز رنگ کے اور بعض تو دھاری‌دار بھی ہوتے ہیں؟‏ یہ گول،‏ چپٹے،‏ آلوبخارے یا ناشپاتی کی طرح ہوتے ہیں۔‏ کچھ مٹر کے دانوں کی طرح چھوٹے یا انسان کی مٹھی جتنے بھی ہو سکتے ہیں۔‏

اسے جنوب میں نیوزی‌لینڈ اور شمال میں آئس‌لینڈ تک کاشت کِیا جاتا ہے۔‏ اسکی سب سے زیادہ پیداوار امریکہ اور یورپی ممالک میں ہوتی ہے۔‏ اسکی پیداوار سرد موسم میں گرین‌ہاؤس میں ہوتی ہے اور خشک علاقوں میں انکی جڑیں زمین کی بجائے کیمیائی محلول میں ڈال دی جاتی ہیں۔‏

ٹماٹر باغبانی کے شوقین لوگوں میں بےحد مقبول ہے۔‏ اسے کاشت کرنا آسان ہے اور چند پودے ایک چھوٹے سے خاندان کیلئے کافی ٹماٹر فراہم کرتے ہیں۔‏ اگر آپکے پاس محدود جگہ ہے تو آپ گملے میں اُگنے والی اقسام کاشت کرنے کے متعلق سوچ سکتے ہیں۔‏

صحت سے متعلق ہدایات اور مشورے

سرد درجۂ‌حرارت ٹماٹر کے ذائقے کو خراب کر دیتا ہے اسلئے انہیں ریفریجریٹر میں محفوظ نہ کریں۔‏ آپ انہیں جلد پکانے کیلئے دھوپ میں،‏ کمرے میں عام درجۂ‌حرارت پر ایک برتن میں پکے ہوئے ٹماٹر کیساتھ یا پھر چند دنوں کیلئے کسی خاکی لفافے میں رکھ سکتے ہیں۔‏

ٹماٹر آپکی صحت کیلئے مفید ہیں۔‏ ان میں وٹامن اے،‏ سی اور ای کیساتھ ساتھ پوٹاشیم،‏ کیلشیم اور نمکیات بھی شامل ہوتے ہیں۔‏ تحقیق‌دان دریافت کر رہے ہیں کہ یہ ایک طاقتور تکسیدی عامل لائیکوپینی کا عمدہ ذریعہ ہے جسے کینسر،‏ دل کی بیماریوں اور دیگر بیماریوں میں استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔‏ ٹماٹروں میں ۹۳ سے ۹۵ فیصد پانی ہوتا ہے۔‏ وہ لوگ جو وزن بڑھانا نہیں چاہتے یہ جان کر خوش ہوں گے کہ اس میں بہت کم کیلوریز ہوتی ہیں۔‏

لذیذ اور کثیرالاستعمال

ٹماٹر خریدتے وقت آپ اس کی کس قسم کا انتخاب کرتے ہیں؟‏ عام طور پر سرخ ٹماٹر سلاد،‏ سُوپ اور چٹنی میں استعمال کئے جاتے ہیں۔‏ چھوٹے چھوٹے سرخ،‏ نارنجی اور زرد ٹماٹر بہت میٹھے ہوتے ہیں اور کچے بھی بہت مزیدار لگتے ہیں۔‏ اگر آپ پیزا یا بغیر خمیر کے گندھے ہوئے آٹے کی کوئی چیز بناتے ہیں تو بیضوی شکل کے ٹماٹروں کا چھلکوں سمیت انتخاب اچھا ہوگا۔‏ اپنی مضبوط ساخت کے باعث بیف‌سٹک ٹماٹر بھر کر پکانے کے لئے بہترین ہیں۔‏ بعض‌اوقات منفرد دھاریوں والے سبز ٹماٹر عمدہ ذائقہ پیدا کرتے ہیں۔‏ بِلاشُبہ،‏ ٹماٹر مزیدار سبزی،‏ انڈے،‏ پنیر،‏ گوشت اور مچھلی میں اپنا امتیازی ذائقہ اور رنگ شامل کر دیتے ہیں۔‏ اگر آپ تازہ ٹماٹر حاصل نہیں کر سکتے تو اپنے مقامی سٹور سے اس کی بنی ہوئی مصنوعات لے سکتے ہیں۔‏

ٹماٹر بنانے کیلئے ہر ایک کھانا پکانے والے کی اپنی ترکیب ہوتی ہے لیکن یہاں چند مشورے دئے جا رہے ہیں جنہیں شاید آپ استعمال کرنا چاہیں۔‏

۱.‏ جلدی اور جاذبِ‌نظر بھوک بڑھانے والا کھانا تیار کرنے کیلئے ٹماٹر،‏ موزریلا (‏پنیر)‏ اور ناشپاتی کے ٹکڑے ایک دوسرے کے اُوپر رکھیں۔‏ اسکے اُوپر زیتون کے تیل کی چٹنی،‏ کالی مرچ اور نیازبو کے پتے ڈال کر اسکی سجاوٹ کر دیں۔‏

۲.‏ یونانی سلاد بنانے کیلئے ٹماٹر،‏ کھیرے،‏ پنیر،‏ پکے ہوئے زیتون اور لال پیاز کے ٹکڑوں کو ملا لیں۔‏ اسکے اُوپر نمک اور مرچ ڈالیں،‏ لیموں کے رس اور زیتون کے تیل کی چٹنی کیساتھ پیش کریں۔‏

۳.‏ میکسیکن سالسا بنانے کیلئے تازہ ٹماٹر،‏ پیاز،‏ سبز مرچ اور دھنیے کو تھوڑے سے لیموں کے رس میں ملا لیں۔‏

۴.‏ مزیدار ٹماٹر کی چٹنی بنانے کیلئے ٹماٹر،‏ تھوڑی سی چینی،‏ زیتون کا تیل،‏ پسا ہوا لہسن،‏ تھوڑے سے نیازبو کے پتے،‏ تیزپات اور دیگر مصالحہ‌جات ایک برتن میں ڈال دیں۔‏ اس آمیزے کو اُبالیں اور ۲۰ منٹ تک پکائیں یہانتک کہ چٹنی گاڑھی ہو جائے۔‏ اب اسے پیزا یا بغیر خمیر کے گندھے ہوئے آٹے کی کسی بھی چیز کیساتھ پیش کریں۔‏

کثیرالاستعمال ٹماٹر ہمارے استعمال کے لئے تیار کی گئی خوراک کی شاندار اقسام میں سے محض ایک مثال ہے۔‏