مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

نمک کا ڈھیلا

نمک کا ڈھیلا

نمک کا ڈھیلا

زمبیا سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

نمک کا نام سنتے ہی آپکے ذہن میں اسکی کونسی قِسم آتی ہے؟‏ معدنی نمک،‏ سمندری نمک یا خوردنی نمک۔‏ کیا آپ نے کبھی سبوا نمک کے بارے میں سنا ہے؟‏ یہ نمک زمبیا کے شمالی علاقے میں پایا جاتا ہے۔‏ اس نمک میں کونسی خاص بات ہے؟‏ کبھی آپ نے گھاس سے نمک حاصل کرنے کے بارے میں سنا ہے؟‏ سبوا نمک کی یہی خاصیت ہے کہ اسے گھاس سے حاصل کِیا جاتا ہے۔‏

سبوا کے لوگ دریا کے کنارے اُگنے والی گھاس سے نمک حاصل کرتے ہیں۔‏ گھاس کی کٹائی اگست سے اکتوبر میں کی جاتی ہے۔‏ کٹائی برسات کا موسم شروع ہونے سے پہلے ہی کر لی جاتی ہے کیونکہ برسات کے بعد گھاس سے نمک حاصل نہیں کِیا جا سکتا۔‏

گھاس کو کاٹنے اور خشک کرنے کے بعد زہریلے مادّے دُور کرنے کیلئے اسے جلایا جاتا ہے۔‏ اس عمل کے دوران نمک جلنے کی بجائے راکھ کے ڈھیر میں باقی رہ جاتا ہے۔‏ اب اس راکھ کے ڈھیر کو لوکی یا کدو کے خول میں ڈال دیا جاتا ہے اور بعدازاں اُوپر سے آہستہ‌آہستہ پانی ڈالا جاتا ہے۔‏ لوکی کے چھوٹے چھوٹے سوراخوں کے ذریعے نمک کا یہ محلول پانی کیساتھ نیچے رکھے ہوئے برتن میں جمع ہوتا جاتا ہے۔‏ اب یہ محلول بخارات کے عمل کیلئے تیار ہے۔‏

بخارات کے اس عمل میں محلول کو تیز آنچ پر گرم کِیا جاتا ہے۔‏ یہ عمل تقریباً چھ گھنٹے کا ہوتا ہے۔‏ ایسا کرنے کیلئے محلول کو مٹی کے برتن میں ڈال کر خوب اُبالا جاتا ہے۔‏ جیسے جیسے یہ محلول گاڑھا ہوتا جاتا ہے اُوپر سے اس میں نیا محلول شامل کرتے جاتے ہیں۔‏ جس مٹی کے برتن میں یہ محلول ڈالا جاتا ہے وہی سانچے کا کام بھی دیتا ہے۔‏ جب مٹی کے اس برتن کو آگ سے اُتار کر توڑا جاتا ہے تو نمک کا ڈھیلا باہر آ جاتا ہے۔‏

کئی صدیوں سے دیہات میں رہنے والے یہ لوگ سبوا نمک اسی طرح تیار کر رہے ہیں۔‏ یہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ اس طریقے کو کس نے شروع کِیا تھا۔‏ یہ بہت ہی حیرت‌انگیز عمل ہے۔‏ شہروں سے کوسوں دُور زمبیا کے لوگ صدیوں سے یہ طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔‏ زمانۂ‌جدید میں بھی نمک حاصل کرنے کیلئے یہی طریقہ استعمال کِیا جاتا ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۳۰ پر تصویر]‏

لوکی کے خول میں پانی ڈالنے کا عمل

‏[‏صفحہ ۳۰ پر تصویر]‏

تیارشُدہ نمک

‏[‏صفحہ ۳۰ پر تصویر]‏

مٹی کا برتن