مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

انکی دیانتداری خدا کی بڑائی کا باعث بنی

انکی دیانتداری خدا کی بڑائی کا باعث بنی

انکی دیانتداری خدا کی بڑائی کا باعث بنی

یوکرائن سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

ملک یوکرائن میں چی‌بی‌سف نام کا ایک خاندان رہتا ہے۔‏ مذہب کے لحاظ سے وہ یہوواہ کے گواہ ہیں۔‏ ایک دن وہ ایک مسیحی اجلاس سے گھر واپس لوٹ رہے تھے کہ اُنہیں راستے میں ایک بٹوا ملا۔‏ بٹوے میں لائیسنس اور دیگر کاغذات کے علاوہ تقریباً ۰۰۰،‏۳۰ روپیہ کے برابر رقم بھی تھی۔‏ بھائی چی‌بی‌سف کے تین بچے ہیں اور اُنکی ماہانہ آمدنی صرف ۷۰۰،‏۳ روپیہ کے برابر ہے۔‏ اتنی بڑی رقم پا کر وہ اپنی چند ایک ضروریات کو پورا کر سکتے تھے۔‏ کیا اُنہوں نے یہ رقم رکھ لی؟‏

چی‌بی‌سف بھائی کی بیوی بتاتی ہیں:‏ ”‏لائیسنس سے ہمیں پتہ چل گیا کہ یہ بٹوا ایک خاتون کا ہے۔‏ ہماری دونوں بیٹیوں نے فوراً آپس میں اسکے بارے میں بات‌چیت شروع کر دی کہ یہ بٹوا جلد سے جلد اُس عورت کو کیسے پہنچا دیا جائے۔‏ یہ دیکھ کر میرے خاوند اور مَیں بہت خوش ہوئے کیونکہ لڑکیوں کا ضمیر اُنہیں دیانتداری سے کام لینے کی ہدایت دے رہا تھا۔‏ اگلی صبح مَیں نے اُس عورت کو فون کِیا جسکا بٹوا ہمیں ملا تھا۔‏ جب وہ اپنا بٹوا لینے آئی تو وہ مارے خوشی کے رو رہی تھی۔‏ اُس نے مجھے بتایا کہ وہ چند چھوٹی چھوٹی دُکانوں کی مالکن ہے اور بٹوے میں جو رقم تھی وہ اُن دُکانوں میں کام کرنے والوں کی تنخواہ تھی۔‏ اسکے علاوہ بٹوے میں دُکانوں کے حساب‌کتاب کے سلسلے میں ایک نہایت اہم دستاویز بھی تھی۔‏

‏”‏اُس خاتون نے ہم سے پوچھا کہ یہ بٹوا آپکو کہاں ملا تھا؟‏ ہم نے اُسے بتایا کہ ہم اپنے مسیحی اجلاس سے گھر واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں ہمیں یہ بٹوا مل گیا۔‏ پھر ہم نے اُس خاتون کو خدا کے کلام پر مبنی ایک کتاب پیش کی جو اُس نے بڑی خوشی سے قبول کر لی۔‏

‏”‏اس واقعے کے چند ہی ہفتوں بعد ہماری کلیسیا میں ایک بہن نے ہمیں ایک دلچسپ بات بتائی۔‏ ایک دن وہ لوگوں کو خدا کے کلام پر مبنی کتابچے پیش کر رہی تھی کہ ایک خاتون نے اُسے کہا:‏ ’‏یوں تو مَیں یہوواہ کے گواہوں کیساتھ بات کرنا پسند نہیں کرتی۔‏ لیکن اب مَیں آپ سے نہ صرف بات‌چیت کرنا چاہتی ہوں بلکہ یہ کتابچہ بھی ضرور پڑھوں گی،‏ کیونکہ کچھ دن پہلے میری بیٹی نے اپنا بٹوا کھو دیا تھا اور یہوواہ کے گواہوں کے ایک خاندان نے اُسے اُسکا بٹوا واپس کر دیا تھا۔‏‘‏“‏

‏[‏صفحہ ۱۴ پر تصویر]‏

بھائی چی‌بی‌سف اپنے بیوی بچوں کیساتھ