مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

شکاری کی نظر سے چھپنے والے کیڑےمکوڑے

شکاری کی نظر سے چھپنے والے کیڑےمکوڑے

شکاری کی نظر سے چھپنے والے کیڑےمکوڑے

سپین میں جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

ایک کیڑے کی زندگی آسان نہیں ہوتی۔‏ اُسے خوراک کی تلاش میں بہت کوشش لگانی پڑتی ہے۔‏ اسکے ساتھ ساتھ وہ ہر لمحہ دوسرے جانوروں کی خوراک بننے کے خطرے میں ہوتا ہے۔‏ کیڑا جہاں بھی جاتا ہے کسی چڑیا،‏ مینڈک یا چھپکلی کا شکار بن سکتا ہے۔‏ اس پےدرپے خطرے سے بچنے کیلئے بہت سے کیڑےمکوڑے خود کو اپنے شکاریوں کی نظر سے چھپاتے ہیں۔‏

ایسا کرنے کیلئے بعض کیڑےمکوڑے انوکھے طریقے استعمال کرتے ہیں۔‏ اُنکا جسم اور رنگ ایسا ہوتا ہے کہ وہ اپنے گِردونواح میں بالکل گھل‌مل جاتے ہیں۔‏ اسطرح وہ اپنے شکاریوں کی نظروں سے چھپ جاتے ہیں۔‏ ذرا اسکی تین مثالوں پر غور کیجئے۔‏

تتلیوں کی ایک قسم ایک مُرجھائے ہوئے پتے کی طرح لگتی ہے۔‏ اُسکے پَر بھورے رنگ کے ہوتے ہیں اور اُن پر پتوں کی رگوں اور ڈالیوں کا نقشہ ہوتا ہے۔‏ جب یہ تتلی ہرے پتوں پر بیٹھ جاتی ہے تو ایسا لگتا ہے جیسے کہ ایک مُرجھایا ہوا پتا آ گِرا ہو۔‏

ٹڈیوں کی کچھ اقسام مُرجھائے ہوئے پتوں کی بجائے ہرے پتوں کی طرح لگتی ہیں۔‏ ایک کتاب یوں بیان کرتی ہے:‏ ”‏وہ نہ صرف روپ اور رنگ کے لحاظ سے ایک پتے سے ملتی‌جلتی ہیں بلکہ اُنکے پَروں پر پتوں کی رگیں بھی نظر آتی ہیں۔‏ یہانتک کہ ایسے چھوٹے سے داغ جو اکثر پتوں کی سطح پر پائے جاتے ہیں،‏ ان ٹڈیوں کے پَروں پر بھی دِکھائی دیتے ہیں۔‏“‏ اگلے صفحے پر ٹڈی کی تصویر کو دھیان سے دیکھنے سے آپکو یہ ننھےمنے داغ نظر آئیں گے۔‏

جھینگروں کی بعض اقسام کانٹوں کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔‏ اگر غور سے نہ دیکھا جائے تو ایسی شاخیں جن پر بہت سے جھینگر بیٹھے ہوتے ہیں،‏ بالکل کانٹے والی جھاڑیوں کی طرح لگتی ہیں۔‏ اسطرح جھینگر اپنے شکاریوں کی نظروں سے چھپے رہتے ہیں۔‏

کیڑےمکوڑوں کی بہت سی اَور بھی اقسام اپنے گِردونواح میں گھل‌مل جاتی ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ کوسٹا ریکا میں سُونڈی کی ایک قسم دیکھنے میں چڑیوں کے فضلے کی طرح لگتی ہے۔‏ ایسے بھی کیڑے ہوتے ہیں جو بالکل ڈالیوں سے ملتےجلتے ہیں۔‏ جنوبی افریقہ میں ٹڈیوں کی ایک قسم پتھر سی نظر آتی ہے۔‏ اور اسرائیل کا ایک کھٹمل اُس پھول کی طرح لگتا ہے جسے وہ کھاتا ہے۔‏

انہی طریقوں سے کیڑےمکوڑے خود کو اپنے شکاریوں کی نظروں سے چھپائے رکھتے ہیں۔‏ خدا کی اس انوکھی مخلوق پر غور کرکے کیا آپ دنگ نہیں رہ جاتے؟‏

‏[‏صفحہ ۳۰ پر تصویر]‏

ڈالی جیسا کیڑا

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

مُرجھائے ہوئے پتے جیسی تتلی

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

Zoo, Santillana del Mar, Cantabria, España

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

کانٹوں جیسے جھینگر

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

پتے جیسی ٹڈی

‏[‏صفحہ ۳۱ پر تصویر]‏

ایک سُونڈی جو چڑیوں کے فُضلے کی طرح لگتی ہے

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

Gregory G. Dimijian/Photo Researchers ©